Tag: وزیر اطلاعات

  • ’مافیاز اور بڑے بڑے ڈاکوؤں سے ملک کو پاک کیا ہے‘

    ’مافیاز اور بڑے بڑے ڈاکوؤں سے ملک کو پاک کیا ہے‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مافیاز اور بڑے بڑے ڈاکوؤں سے ملک کو پاک کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 4 سال میں الزامات کیوں ثابت نہیں کیے چور کیوں ثابت نہ کرسکے؟

    انہوں نے کہا کہ اب صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی 4 سال تمام طاقت میں ہونے کے باوجود ایک الزام ثابت نہیں کرسکے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب چیئرمین کو بلیک میل کرکے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب چیئرمین کو بلیک میل کرکے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈلاا گیا ہے پاکستان کی تمام عدالتوں نے آپ کے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور عدالت نے آپ کے الزامات مسترد کردیے ہیں بنی گالا میں عدالت لگائیں اور خود وکیل اور جج بھی بن جائیں۔

  • وزرا کے لیے مہنگی گاڑیوں کی خریداری: ’خبر جعلی ہے، قانونی کارروائی کریں گے‘

    وزرا کے لیے مہنگی گاڑیوں کی خریداری: ’خبر جعلی ہے، قانونی کارروائی کریں گے‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزرا اور مشیروں کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزرا اور مشیروں کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسی جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا یے۔ دو ٹوک اور بار بار کی تردید کے باوجود افواہیں پھیلانے پر قانونی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں کو خبریں بنا کر پیش نہ کرے۔

  • اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا بہترین ذریعہ ہے: فیاض چوہان

    اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا بہترین ذریعہ ہے: فیاض چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا بہترین ذریعہ ہے، سخت اور کرفیو اسٹائل لاک ڈاؤن معیشت اور غریب کے لیے زہر قاتل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر زور دے رہے ہیں، پنجاب میں عثمان بزدار وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق امور حکومت چلا رہے ہیں۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا بہترین ذریعہ ہے، سخت اور کرفیو اسٹائل لاک ڈاؤن معیشت اور غریب کے لیے زہر قاتل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں شدید اور سخت لاک ڈاؤن کے منفی اثرات سامنے ہیں، بھارت میں تقریباً 10 ہزار اموات ہورہی ہیں اور روزانہ 12 ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں۔ سخت لاک ڈاؤن سے بھارت کی 34 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے چلی گئی۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت میں 20 فیصد عوام کے پاس 2 ہفتے سے زائد کا راشن نہیں ہے، سخت لاک ڈاؤن سے نیویارک شہر بھی دیوالیہ ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 7 ہزار سے زائد کارروائیاں کر چکی، یہ کارروائیاں صنعتی یونٹس، دکانوں، مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ کے خلاف کی گئیں۔

    فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت تنقید کے بجائے متحد ہو کر کرونا وائرس کو شکست دینے کا ہے، عوام اور تاجر برادری سے گزارش ہے ایس او پیز پر مثبت کردار ادا کریں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں، جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکمران سوال گندم جواب چنا پالیسی پر عمل پیرا رہے، حکمرانی کے دقیانوسی طریقوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے، رائز پنجاب پروگرام اور کرونا ورکنگ گروپ کا قیام مثالیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے رائز پنجاب فریم ورک تشکیل دیا، رائز پنجاب بنیادی سہولتوں سے متعلق ہے، معاشی استحکام، رسک کمیونیکیشن اور رسک فنانسنگ رائز پنجاب کا حصہ ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ رائز پنجاب نجی سیکٹر اور سرکاری ماہرین کی مشترکہ کاوش ہے، کرونا کے اثرات اور پالیسی کے لیے ورکنگ گروپ بھی پیشرفت ہے، ورکنگ گروپ کرونا اسمارٹ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا پر سفارشات دے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ریسرچ، ٹیکنالوجی اور اسمارٹ گورننس کا ہے، عثمان بزدار مشکل حالات کا دانشمندی سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔

  • پنجاب میں کون سے کاروبار کے کیا اوقات ہیں؟

    پنجاب میں کون سے کاروبار کے کیا اوقات ہیں؟

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے لاک ڈاؤن میں غریب عوام کی سہولت کو مد نظر رکھا، پھیری لگانے والے پھل و سبزی فروش اور ریڑھی بان اس سے مستثنیٰ ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ہر طبقے اور کاروبار کو عوامی ضرورت کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی، بیکری، کریانہ، سپر اسٹور، بیج، کھاد کی دکانوں، آٹو ورکشاپ، چکن، مچھلی، گوشت اور دودھ کی دکانوں کو بھی استثنیٰ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مستثنیٰ کاروبار صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے، اسپیئر پارٹس، ورکشاپ، پیٹرول پمپ، پھل و سبزی کی دکانیں، آٹا چکی، پوسٹل سروس، تندور اور ہوم ڈیلیوری رات 8 بجے کے بعد بھی کھلارکھنے کی اجازت ہے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ دودھ، کریانہ اسٹور اور تندور صبح 2 سے شام سوا 4 بجے تک کھلے رہیں گے، عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

  • اگلے 3 سے 4 ہفتے کرونا وائرس کے حوالے سے اہم ہیں: فیاض چوہان

    اگلے 3 سے 4 ہفتے کرونا وائرس کے حوالے سے اہم ہیں: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اگلے 3 سے 4 ہفتے کرونا کے حوالے سے اہم ہیں، ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن سے کرونا کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مسیحی بھائیوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری سماجی دوری رکھتے ہوئے ایسٹر کی خوشیاں منائے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ کرونا سے اپنے پیاروں کو بچانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے، بزدار حکومت حالات کو دیکھتے ہوئے انتظامی فیصلے کر رہی ہے، وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق کلسٹر لاک ڈاؤن پالیسی پر عمل ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب تک پنجاب میں 216 ہاٹ اسپاٹ ایریاز کو سیل کیا گیا، گوجرانوالہ اور گجرات میں پہلے سے سیل 4 ایریاز کو ڈی سیل کیا جا چکا ہے، ڈی سیل کیے گئے علاقوں کے تمام مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن سے کرونا کا مقابلہ کیا جا رہا ہے، عوام سے گزارش ہے اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ آئندہ 3 سے 4 ہفتے کرونا کے حوالے سے اہم ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا: فیاض الحسن چوہان

    مقبوضہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں نواز شریف نے دہشت گرد کلبھوشن کا نام تک نہ لیا، مقبوضہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم بنتے ہی مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کی، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کرتے ہیں، کشمیریوں کی اس طرح حمایت کریں گے کہ پوری دنیا جانے گی۔ اقوام متحدہ میں نواز شریف نے دہشت گرد کلبھوشن کا نام تک نہ لیا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا بھر میں کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھا کر اپنا حق ادا کیا، کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ایسی پارٹیاں بھی ہیں جو وزیر اعظم کی جدوجہد ماننے کو تیار نہیں، حقیقت تو یہ ہے پاکستان میں مودی کو اپنے گھروں میں بلایا گیا۔ ہمارا عزم ہے کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہمارا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مودی نے ظالموں کو پال رکھا ہے، یہ ان کی بھول ہے کہ پاکستان کے عوام اور وزیر اعظم کو ڈرا لیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اس ملک کے ہیرو ہیں۔ مودی کو غلط فہمی ہے کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ لڑنے سے رکے گا۔ مقبوضہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا۔

  • دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے: فیاض الحسن چوہان

    دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کا امیج خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہے، دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر بلاوجہ طوفان کھڑا کیا گیا۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کا ہیڈ عادل گیلانی ہے۔ عادل گیلانی نواز دور میں پی ایم آفس میں معاون کے طور پر مراعات لیتا رہا۔ یہ رپورٹ اس وقت آئی جب وزیر اعظم ورلڈ اکنامک فورم میں نمائندگی کر رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مندرجات آپس میں متصادم ہیں۔ ایک طرف 153 ارب کی ریکوری پر نیب کی تعریف کی گئی، دوسری طرف کرپشن بڑھنے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور شاہی جوڑے کی آمد سب کے سامنے ہے۔ دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں دانستہ گزشتہ ادوارکی کرپشن اور میگا اسکینڈلز کو نظر انداز رکھا گیا، آل شریف دور میں سب کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں تھا۔

    فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ حکومت کا امیج خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہے، رپورٹ کو کوئی پکوڑے بیچنے والا ردی کے طور پر بھی استعمال نہیں کرے گا۔

  • حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے: فیاض چوہان

    حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے: فیاض چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت میں قانون سب کے لیے یکساں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے مریم نواز کو 100 ارب کے سرکاری خزانے پر بٹھا دیا تھا۔ مریم نواز کو پی ایچ ڈی ظاہر کیا پھر ایم اے ان پنجابی کا پتہ چلا۔ نواز شریف کی رپورٹ دینے کے 2، 3 دن قبل تک صورتحال کچھ اور ہوتی ہے، رپورٹ دینے کے ایک ہفتے بعد مہنگے برگر کھائے جا رہے ہوتے ہیں۔

    فیاض چوہان نے کہا کہ ہنر مند نوجوان پروگرام میں وزیر اعلیٰ کا بھائی یا رشتہ دار انچارج نہیں۔ تحریک انصاف کا وژن اقربا پروری سے پاک ہے۔

    پی آئی سی حملے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیس میں 54 کے قریب ملزمان گرفتار ہیں، اسپتال کے تمام انفرا اسٹرکچر کی تزئین و آرائش کردی گئی ہے۔ اسپتالوں اور عملے کے تحفظ کے لیے بل لے کر آرہے ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ حسان نیازی وزیر اعظم کا بھانجا بعد میں پہلےحفیظ اللہ نیازی کا بیٹا ہے، حفیظ اللہ نیازی سارا دن ٹی وی پر بیٹھ کر عمران خان پر تنقید کرتے ہیں، حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ حسان نیازی ہر حال میں گرفتار ہوں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں قانون سب کے لیے یکساں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نےمعاشرے میں حکومت کی رٹ قائم کرنی ہے، وکلا کمیونٹی ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہے۔ میں نے اپنی جان مشکل میں ڈال کر 10 سے 12 وکلا کو بچایا۔ ہماری کسی سے دشمنی نہیں۔ سیاستدان بھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں پر ایک حد میں رہ کر، ڈاکٹر کمیونٹی سے گزارش ہے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کریں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وکلا کمیونٹی کے 90 فیصد سے زائد رہنما سمجھتے ہیں جو ہوا وہ معاشرے کے لیے اچھا نہیں۔ وکلا، ڈاکٹرز اور عدلیہ آن بورڈ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ پنجاب میں نہ وفاق میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔ جنوبی پنجاب کے حوالے سے ہم نے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ پہلی بار بجٹ میں 35 فیصد جنوبی پنجاب کے لیے رکھا گیا ہے۔ شہباز شریف دور میں ہر سال جنوبی پنجاب کا فنڈ کہیں اور لگ جاتا تھا۔ جنوبی پنجاب کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں 72 سال میں پہلی بار کام ہو رہا ہے۔

  • شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، ڈیلی میل کا ڈیوڈ روس روز آپ سے پوچھ رہا ہے کہ آپ کب لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل کا ڈیوڈ روس روز آپ سے کچھ پوچھ رہا ہے، وہ پوچھ رہا ہے آپ کب لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میں پراپرٹی بیچ کر شہباز شریف کو مہنگا وکیل کروا کر دینے کو تیار ہوں، شہباز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر بھی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، شہباز شریف کی کرپشن کا کچا چٹھہ شہزاد اکبر نے 18 سوالات میں کھول دیا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نثار گل اور علی احمد کو اعلیٰ عہدے دے کر انہوں نے وزیر اعلیٰ آفس کے وقار کو مجروح کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے کیش بوائز کے ذریعے اربوں کی منی لانڈرنگ کی۔ حساب کا وقت آیا تو شہباز شریف ملک سے بھاگ گئے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 10 برس میں ن لیگ نے پنجاب میں جی بھر کر کرپشن کی اور پنجاب کو 12 سو ارب کا مقروض کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف 6 سے 7 وعدہ معاف گواہ موجود ہیں، شہباز شریف بے گناہی کے بڑے دعوے کر رہے ہیں جبکہ فرنٹ مین اربوں کی کرپشن کا اعتراف کر چکے، 56 کمپنیوں کے ذریعے لوٹ مار کر کے صوبہ خسارے میں دیا۔