Tag: وزیر اعظم

  • انسانی غلطی کا ازالہ نہ کیا تو یہ آفت دوبارہ آسکتی ہے، وزیر اعظم، بونیر سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم

    انسانی غلطی کا ازالہ نہ کیا تو یہ آفت دوبارہ آسکتی ہے، وزیر اعظم، بونیر سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم

    بونیر (20 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کے پی میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ضلع بونیر کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ضلع بونیر میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور جاں بحق افراد کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کے پی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ صوابی،شانگلہ، بونیر، سوات، جنوبی وزیرستان، مانسہرہ میں واقعات ہوئے۔سینکڑوں اب بھی لاپتہ اور زخمی ہیں جب کہ ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 700 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہارے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ 2022 میں بھی اسی طرح شدید آسمانی آفت کے پی اور سندھ میں آئی تھی اور آج ہم پھر اس طوفان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ اگر ہم نے ماحولیاتی آلودگی کو سنجیدگی سے لیا ہوتا اور درختوں کی بے دریغ کٹائی نہ کرتے اور وہ اپنی جگہ موجودہوتے تو وہ پانی کے دباؤ کو روکتے اور تو آج یہ سب نہ دیکھنا پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ کے پی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات فیلڈ مارشل کے ساتھ ملک کر دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔ میں علی امین گنڈاپور کا بھی مشکور ہوں۔ پاکستان ایک گھر ہے، چاروں صوبوں نےمل کر اس کو سنوارنا ہے۔ جو بھی ہمارے وسائل ہیں عوام کی خدمت میں نچھاور کرینگے۔ تمام اداروں کو ہدایت کر دی ہے کہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں۔

    اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کے پی میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کیلیے تمام دستیاب قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں سے بات چیت کی اور انہیں ہدایت کی کہ سیلاب زدہ خاندانوں کی بحالی کیلیے فیلڈ فارمیشنز پوری تندہی سے کام جاری رکھیں۔ ہم وطنوں کے تحفظ اور بحالی کیلیے فوجی دستے سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کریں۔

  • یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر ملک کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کا عزم دہرایا ہے۔

    صدر مملکت نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک قابل اعتماد اورکم از کم دفاعی صلاحیت پر مبنی ہے جو امن کا ضامن ہے جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کا خواہاں نہیں ہے اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے سامنے بھرپور تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی سفر کو سراہا اور ملک کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کیلئے اتحاد اور پختہ عزم کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیراعظم نے اس سال یوم تکبیر کو پاکستان کی اس حالیہ کامیابی کے ساتھ منسلک قرار دیا جس میں پاکستان نے بھارت کی طرف سے مسلط کی گئی بلاجواز جنگ کے خلاف کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔

    انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم تکبیر کے ملکی دفاع کے جذبے کو معاشی ترقی کے سفر میں بھی برقرار رکھیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 27 برس بیت گئے، آج سے 27سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی جسے یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔

    بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے جوہری قوت ہونے کا تاریخی اعلان کیا۔

    ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو ”یوم تکبیر”کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

    پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

    پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ1998 میں 3، 3ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے سنہ 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔

    یوم تکبیر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

    مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوگیا۔

  • شاہد آفریدی کی وزیر اعظم سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد

    شاہد آفریدی کی وزیر اعظم سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد

    سابق کپتان شاہد آفریدی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے اور انہیں بھارت کے خلاف فتح پر مبارکباد دیا ہے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی تصاویر شیئر کی ہے۔

    تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا "آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، وزیراعظم اور دلیر افواج کو آپریشن "بنیان المرصوص” کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ آپریشن بُنیان مرصوص کے تحت پاکستان نے بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ائیربیس، پٹھان کوٹ ائیربیس اور سرسہ ائیربیس کے علاوہ سورت گڑھ ائیرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

    بھارت کی جانب سے 7 مئی کی رات پاکستان پر جب فضائی حملہ کیا گیا تو پاکستان نے بروقت اور مؤثر جواب دیتے ہوئے رات کی تاریکی میں میزائل حملوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے پاک فضائیہ نے مار گرائے جس میں جدید طرز کا فرانسیسی جنگی طیارہ رافیل بھی شامل تھا۔

    16 مئی کو بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یو م تشکر منایا گیا۔

    یوم تشکر کے موقع پر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

  • پاکستان کی مارکیٹ نئی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، وزیر اعظم

    پاکستان کی مارکیٹ نئی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، وزیر اعظم

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مارکیٹ نئی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تیار سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں امریکی چیمبر آف کامرس کی امریکا-پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

    اس ملاقات میں امریکی بزنس کونسل کے وفد نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ملک ہے۔ ہم سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ نئی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ ایس آئی ایف سی کے ذریعہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔پاکستان میں 80 فیصد سے زائد امریکی کمپنیوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہےت کہ یہ ملک کاروبار اور سرکایہ کاری کے حوالے سے محفوظ اور منافع بخش ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، اسٹریٹجک شراکت داری کی طویل تاریخ ہے۔ امریکی حکومت اور کاروباری اداروں کے ساتھ دہائیوں پر محیط تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔ تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط بڑھا کر کاروبار کے لیے باہمی فائدہ مند مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت، کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کیساتھ تعمیری شراکت داری کے خواہاں ہیں۔ مقصد دو طرفہ تجارت اور آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھانا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیرف کے معاملے پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید ہے کہ اس مسئلے کا باہمی طور پر مفید حل تلاش کر لیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم کل ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے

    وزیر اعظم کل ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے

    وزیر اعظم شہباز شریف کل ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے وہ انقرہ میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات بھی کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر کل ترکیہ روانہ ہوں گے۔ وہ انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت ہو گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ قریبی اتحادی اور اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک میں اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل قائم ہے۔ اس کونسل کا ساتواں اجلاس رواں برس 12 اور 13 فروری کو اسلام آباد میں ترک صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی مشترکہ صدارت میں ہوا تھا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ہے۔

  • ’پیپلزپارٹی چاہے تو بلاول کل وزیراعظم بن سکتے ہیں‘

    ’پیپلزپارٹی چاہے تو بلاول کل وزیراعظم بن سکتے ہیں‘

    لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر پیپلزپارٹی چاہے تو بلاول بھٹو کل وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو بھیک مانگ کر 70 ووٹوں پر کمزور وزیراعظم نہیں بنیں گے، ملکی مسائل کی خاطر پیپلزپارٹی ن لیگ کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم پر پیپلزپارٹی  نے کبھی سمجھوتا نہیں کیا۔

    اس سے قبل خورشید شاہ نے سکھر میں صحافیوں کے وفد سے غیر رسمی گفتگو کی اس دوران ان سے سوال کیا گیا تھا کہ سنا ہے فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل جارہے ہیں۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ کرے فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل چلے جائیں تو ہم سہولت کار بنیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو اور تصویر جاری ہو، ملاقات ہوگی اور تصویر جاری ہوگی تو یہ نوجوانوں کے لیے اچھا پیغام ہوگا۔

    پی پی رہنما نے کہا تھا کہ سب جانتے ہیں بانی پی ٹی آئی اپنی تقاریر میں مولانا کے لیے کیا کہتے تھے۔

    خورشید شاہ نے کہا تھا کہ ٹرمپ کی کامیابی اچھی بات ہے امید ہے امریکا اور پاکستان کے تعلقات بہتر ہوں گے، پاکستان خود مختار ملک ہے نہ ہم نے کبھی مداخلت کی نہ امریکا کرے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق فیصلہ پاکستان کی عدالتیں کریں گی۔

  • بیلاروس کے ساتھ معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، وزیر اعظم

    بیلاروس کے ساتھ معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، وزیر اعظم

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیلاروس کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور یادداشتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں بیلاروس کے ساتھ متعدد معاہدوں اور یادداشتوں کے تبادلے کے بعد بیلاروسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیلاروس صدر کے ساتھ آج ہونیوالی ملاقات مثبت رہی اور ان کا یہ دورہ پاکستان کے عوام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ مفادات اور تعاون کے معاہدوں کیساتھ مستقبل کے روڈ میپ پر بات کرینگے اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر پیش رفت کیلیے 2 ہفتے بعد وفود کی سطح پر بیلاروس میں ملاقات کرینگے۔

    انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر سے ملاقات میں غزہ میں کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور کشمیری عوام کی اپنی آزادی اور خودمختاری کے لیے جدوجہد کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن سے ہی خطے میں امن آئے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-and-belarus-several-important-agreements/

     

  • قوم کو جلد بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی، وزیر اعظم

    قوم کو جلد بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی، وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو چند دنوں میں بجلی کی قیمت کم کرنے کی خوش خبری دوں گا، بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت و زراعت ترقی نہیں کرسکتیں، چند دن بعد پانچ سالہ معاشی پلان بھی پیش کروں گا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے بڑی قربانیاں دیں تب کہیں جاکر پاکستان وجود میں آیا، غازیان اور شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ہم پر خدا کا بے پناہ کرم ہے کہ اس نے ہمیں آزادی عطا فرمائی۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر یہاں سب اچھا نہیں ہے تو سب کچھ برا بھی نہیں ہے ایسے لوگ بھی پیدا ہوئے جنہوں نے وطن کو ایٹمی طاقت بنایا، دشمنوں نے پیش گوئی کی کہ یہ وطن تین سال سے زائد نہیں چلے گا اور آج وطن 77 سال بعد بھی وطن قائم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے بلوں سے عوام پریشان ہیں، ہم یہاں تک کیوں پہنچے اس کا جواب بھی ہمیں تلاش کرنا ہوگا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بدقستمی سے معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بھی زوال آتا رہا اور ہم ہچکولے کھاتے رہے آج ہم سب کو محاسبے کی ضرورت ہے اور اس سے سبق حاصل کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 سال میں ہمارا سفر بحیثیت قوم قابل رشک نہ ہوسکا، اس میں کئی حادثات ہوئے، قومی وجود پر کئی کاری ضربیں لگیں، اقتدار کی کشمکش، اندرونی و بیرونی سازشیں ہماری اپنی غلطیاں اور مفاد پرستی جیسے عناصر سب اس میں شامل تھے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی پلان تو ملک میں بے شمار آئے لیکن قوموں کی تقدیر شبانہ محنت سے بدلتی ہے، میں مہنگائی میں کمی اور بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے دن رات ایک کردوں گا۔ میں چند دنوں میں قوم سے خطاب کرکے آئندہ پانچ سال کا معاشی پلان پیش کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہمیں زندگی مانگ کر اور کشکول کے سہارے گزارنی ہوگی یا قائداعظم کے فرمودات پر چلنا ہوگا، جہاں ہمارے حصے میں ناکامیاں آئیں وہیں قربانیوں کے عوض کامیابیاں بھی ملیں۔

    یوم آزادی، مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد

    انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے پوری یکسوئی کے ساتھ کام کررہی ہے اس حوالے سے آئندہ چند دنوں میں قوم کو خوش خبری دیں گے کیوں کہ اس کے بغیر ملکی معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی۔ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت و زراعت ترقی نہیں کرسکتیں، گھریلو صارفین کو سہولت نہیں مل سکتی۔

  • صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی پر پیغام

    صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی پر پیغام

    اسلام آباد: پاکستان کا 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا اس موقع پر کہنا ہے کہ عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے آباؤ اجداد اور تحریک پاکستان کے ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے کروڑوں مسلمانوں کیلئے آزاد مملکت کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، یوم آزادی پر مسلح افواج کے مشکور ہیں جو ہماری سرحدوں اور خود مختاری کی حفاطت کرتے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں، یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، جوسات دہائیوں سے حق خودارادیت کیلئے لڑ رہے ہیں اور بدترین بھارتی ظلم وستم کا سامنا کر رہے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ پاکستان صہیونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینیوں کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے۔

    صدر آصف علی زرداری کا پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کاقیام تاریخ کاایک بے مثال باب ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد،سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پر عزم ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح وبہبود کیلئے وسائل کوبروئے کار لائیں، قوم کو ہم سے بہت توقعات ہیں، عوامی امنگوں پرپورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

    صدر زرداری نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کااعادہ کرتے ہیں، جشن آزادی پرعہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو خوشحال بنائیں گے۔

  • 1999 سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں: وزیر اعظم

    1999 سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے موسم بہار کی ملک گیر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا، انہوں نے پودا لگا کرشجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں پودا لگا کر ملک بھر میں موسم بہار کی شجر کاری کا افتتاح کیا ہے، ہماری گزشتہ حکومت کا ہدف 24 کروڑ درخت لگانے کا تھا ہم اس سال درخت لگانے کی تعداد دگنی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کل رقبے کے تناسب میں جنگلات صرف 5 فیصد ہیں، پاکستان دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ موسمیاتی خطرات کا شکار ملک ہے، 1999 سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہواہے اس لیے ضروری ہے تعلیمی اداروں میں اس خطرے کی آگاہی کو یقینی بنایا جائے  اور شجرکاری مہم پورے پاکستان میں پھیلانے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں شجرکاری مہم کا حصہ بنیں، قوم موسمیاتی خطرات سے بچانے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔