Tag: وزیر اعظم شہباز شریف

  • آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اہم  اجلاس آج جاتی امرا میں طلب

    آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اہم اجلاس آج جاتی امرا میں طلب

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اجلاس آج جاتی امرا میں طلب کر لیا، جس میں شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ میں اقدامات کے احکامات دیئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اہم اجلاس آج طلب کرلیا، شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس جاتی عمرہ میں بلایا گیا ہے۔

    حکومتی معاشی ٹیم کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کردی گئی ہے ، اجلاس میں آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا، معاشی ٹیم وزیر اعظم کو بجٹ تجاویز پر بریفنگ دے گی۔

    وزیراعظم حکومتی معاشی ٹیم کو بجٹ سے متعلق اہم ہدایات جاری کریں گے، جس میں شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ میں اقدامات کے احکامات دیں گے۔

    اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وزیر پیٹرولیم مصدق ملک،وزیر پاور اویس لغاری اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ شرکت کریں گے جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی شرکت بھی متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ وزیرتجارت جام کمال اوروزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    یاد رہے آئی ایم ایف نے وفاقی بجٹ 2024-25 کے اہداف کا جائزہ لیا اور کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان کی درآمدات میں پانچ ارب اکیاون کروڑ سترلاکھ ڈالرزاضافےکا تخمینہ ہے اور برآمدات میں ایک ارب پینتیس کروڑ بیس لاکھ ڈالرزاضافےکا امکان ہے۔

    آئی ایم ایف نے نئے مالی سال درآمدات کاحجم ساٹھ ارب اڑتالیس کروڑ ڈالرز ، جبکہ برآمدات بتیس ارب چھپن کروڑ ڈالرز رہنے کا تخمینہ دیا ہے۔

    آئندہ بجٹ میں سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق نان فائلر کاروباری افراد کی سپلائی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ ٹائلز سیکٹرمیں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کی تجویز ہے اور پوائنٹ آف سیلزمیں ایف بی آرکی ہر رسید پر فیس بڑھانے کا امکان ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی

    وزیر اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ پیپلز پارٹی وفد کی ملاقات پی پی ہی کی درخواست پر ہوئی تھی۔

    ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پی پی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے آئندہ بجٹ کے سلسلے میں ملاقات کی درخواست کی تھی، اور ان سے عوام دوست بجٹ دینے کا مطالبہ کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی وفد کو آئندہ وفاقی بجٹ پر بریفنگ دی، جب کہ پی پی نے وفاقی بجٹ سے متعلق اپنے مطالبات پیش کیے، اس ملاقات میں پیپلز پارٹی نے سندھ کا مقدمہ لڑا، اور مطالبہ کیا کہ وفاقی بجٹ میں سندھ کے لیے مختص فنڈ بڑھایا جائے۔

    پیپلز پارٹی نے بجٹ میں سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تعداد بڑھانے، اور سندھ سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا، پی پی کا مؤقف تھا کہ گزشتہ سال سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز کم رکھے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے وفد کو مطالبات پر مشاورت کی یقین دہانی کرائی۔

  • صدر مملکت، وزیر اعظم ودیگر کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد

    صدر مملکت، وزیر اعظم ودیگر کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف زدراری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کر دیا ہے۔

    اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، اس سلسلے میں گرجا گھروں میں عبادات کا اہتمام کیا گیا۔

    اس موقعے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے، مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، انہوں نے ملکی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں، آئین تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت سیاسی، سماجی، معاشی حقوق حاصل ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر پیار، رواداری اور عفوودر گزر کی اقدار اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، ان اقدار کو اپنا کر تنازعات سے بھری دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان، ملکی ترقی میں مسیحی برادری کے اہم کردار پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مسیحی برادری ملکی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی، ہمیں فخر ہے پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کا تہوار خوشیاں تقسیم کرنے کا دن ہے، مسیحی برادری امن پسند اور  قابلِ احترام ہے، پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل ستائش ہے۔

    اس کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسٹر کا امید، تجدید کا پیغام سیاسی میدان میں بھی اہمیت کا حامل ہے، مسیحی برادری کی غیر متزلزل حب الوطنی پر فخر ہے، ان کی مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات ہیں۔

  • پاکستانی عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے: آرمی چیف

    پاکستانی عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے: آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جرنل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان، عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر بشام میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وفاقی وزراء، چیف آف آرمی اسٹاف، وزرائے اعلیٰ، متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز آف پولیس نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے حملے کے بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

    وزیراعظم نے کہا اس وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے کہا دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے جسے پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی اور ترقی کو روکنے کے لیے آلہ کار بنایا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر دونوں آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔

    اجلاس کے شرکاء نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا شرکاء نے سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

    اجلاس کے دوران آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے کہا قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلہ کو کم سمجھا ہے، ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیر ملکی شہری خصوصاً چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہے۔ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔

    اس کے علاوہ شرکاء نے ریاست کو دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی سے جامع طور پر نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • پاکستان کے دوستوں میں اضافہ اور مخالفین میں کمی لائیں گے، شہباز شریف

    پاکستان کے دوستوں میں اضافہ اور مخالفین میں کمی لائیں گے، شہباز شریف

    اسلام آباد: پاکستان کے مجموعی طور پر 33 ویں جب کہ 24 ویں منتخب وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی میں کسی گریٹ گیم کے حصہ دار نہیں ہیں، پاکستان کے دوستوں میں اضافہ اور مخالفین میں کمی لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف قومی اسمبلی کے سولہویں قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں، شہباز شریف نے عمر ایوب کے 92 ووٹوں کے مقابلے میں 201 ووٹ حاصل کیے، وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہم 2030 میں جی 20 کی رکنیت کا حصول ہدف بنائیں گے، اور باہمی تجارت، فلاح و بہبود کے لیے خارجہ پالیسی کو استعمال کریں گے۔

    انھوں نے کہا بڑے بڑے چیلنجز ہیں جو قوم کو کانٹوں کی طرح چبھ رہے ہیں، ہمیں پہلے اس بات کا ادراک ہو جائے کہ چیلنجز اور مشکلات ہیں کیا، بجٹ کے اس دورانیے میں کل محصولات کا اندازہ ہے وہ 12 ہزار 300 ارب ہے، صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت تقسیم کے بعد صرف 7 ہزار 300 ارب بچتے ہیں، اس میں صرف سود کی مد میں 8 ہزار ارب ہے، گزشتہ کئی سالوں سے یہ سب قرض در قرض لے کر دیا جا رہا ہے، آج 25 کروڑعوام کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے۔

    شہباز شریف پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم منتخب

    شہباز شریف نے کہا ہمیں ٹیکنالوجی جہاں سے بھی ملے لیں گے، مارکیٹیں تلاش کریں گے، اتحادیوں کا ساتھ رہا تو 2030 میں جی 20 کی رکنیت حاصل کر لیں گے، امریکا کے ساتھ تاریخی تعلقات کو پہلے مرمت اور پھر استوار کریں گے، ٹریڈ کوریڈور کے لیے بلاول بھٹو نے بہت کاوشیں کی تھیں، سی پیک نواز شریف کے دور میں آیا اسے مزید آگے بڑھائیں گے۔

    انھوں نے کہا کیا پاکستان ایسا ملک ہے جہاں بیرونی سرمایہ کار آنکھیں بند کر کے چلے آئیں، بد قسمتی سے اس کا جواب مثبت میں نہیں ہے، ہم بڑے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان ویزا فری کر دیں گے، ہم نے ٹریڈ کوریڈور بھی کھولنے ہیں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایکسپورٹ زونز کا جال پھیلائیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ جن کا ٹیکس ریٹرن واجب الادا ہے انھیں فوری گھر پہنچایا جائے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو ایف بی آر کو میں جوابدہ بناؤں گا، بینکوں کو سختی سے پابند کروں گا کہ قرضوں کا کچھ فی صد ان نوجوانوں کو دیں جو کاروبار چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو بینک صرف ٹی بل میں انویسٹ کر کے سوتے ہیں وہ گھر جا کر سوئیں، اگر قوم کی خدمت کرنی ہے تو انھیں بڑا شیئر دینا پڑے گا۔

    نو منتخب وزیر اعظم پاکستان نے خطاطی والے لباس کے واقعے کے حوالے سے کہا کہ خواتین کو مساوی حقوق مہیا کریں گے، آبادی کا 50 فی صد حصہ خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کی ہراسگی کا ماحول ناقابل قبول ہے، قوم کی نڈر بیٹی شہر بانو نے جان ہتھیلی پر رکھ کر خاتون کی جان بچائی، خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ تنخواہیں بھی ملنی چاہیئں، قوم کی بیٹیوں کے بغیر ترقی کا سفر ادھورا ہوگا۔

  • نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کیلئے پی ڈی ایم اور اتحادی قائدین کے رابطوں میں تیزی، اہم اجلاس طلب

    نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کیلئے پی ڈی ایم اور اتحادی قائدین کے رابطوں میں تیزی، اہم اجلاس طلب

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادیوں اور پی ڈی ایم جماعتوں کا اہم اجلاس بلالیا، جس میں شہباز شریف اتحادیوں سے نگران وزیر کے ناموں پر اہم مشاورت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کیلئے رابطوں میں تیزی آگئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی ،پی ڈی ایم جماعتوں کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم آج رات اتحادی ،پی ڈی ایم رہنماؤں کےاعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے ، آصف زرداری، بلاول بھٹو ، مولانا فضل الرحمان کو دعوت بھجوا دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی،خالد مگسی، ساجد میر، اویس نورانی کو بھی دعوت پر بلا لیا جبکہ ایمل ولی خان،عبدالملک بلوچ، آفتاب شیرپاؤبھی اجلاس، عشائیہ میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق فضل الرحمان وزیر اعظم سے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ الوداعی ملاقات بھی کریں گے ، ملاقات میں جمعیت علمااسلام کے ارکان پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔

    اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اتحادیوں سے نگران وزیر کے ناموں پر اہم مشاورت بھی کریں گے ، اتحادیوں کے مشاورت کے بعد وزیر اعظم اپوزیشن لیڈر کو اعتماد میں لیں گے۔

  • وزیراعظم کا حمزہ خان کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک

    وزیراعظم کا حمزہ خان کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف  نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان کو حوصلہ افزائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے ملاقات کی جہاں وزیراعظم نے حمزہ خان کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک دیا۔

    ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کےتعاون کی تعریف کی اس موقع پر وزیراعظم  شہباز شریف نے حمزہ کے والدین سے پشتو میں گفتگو بھی کی۔

    وزیر اعظم نے آسٹریلیا میں عالمی جونیئر چیمپئن شپ جیتنے پر حمزہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آپ جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور قومی سرمایہ ہیں، اسکواش کا اتنا بڑا ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اسکواش ایک بہترین کھیل ہے، ماضی میں میں بھی اسکواش کھیلتا رہا ہوں، امید ہے آپ جلد ہی اپنی محنت اور لگن سے اسکواش کا سینئر عالمی ٹائٹل بھی جیتیں گے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ آپ پاکستان کے دیگر نوجوانوں اور کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل ہیں، ہمیشہ کوشش رہی نوجوانوں کو کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کی جائیں جس کے لیے حال ہی میں کھیلوں کے فروغ اورکھلاڑیوں کی ترقی کیلئے قومی اسپورٹس اقدامات کا اجرا کیا۔

  • سی پیک چینی صدر کے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے: وزیراعظم

    سی پیک چینی صدر کے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک چینی صدر کے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی راہداری منصوبے کی دسویں سالگرہ پر وزیر اعظم شہباز شریف نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کا بے حد مشکور ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ چینی صدر نے سی پیک  کے 10سال مکمل ہونے پر  پاکستان سے حمایت، یکجہتی کا پیغام دیا انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے سی پیک کو اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈروڈ آپریشن کا ایک مثالی منصوبہ بنایا۔

    اقتصادی راہداری منصوبے کی 10 ویں سالگرہ: چینی صدر کا پاکستان کے لیے اہم اعلان

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک چینی صدر کے پاکستانی عوام کی فلاح وبہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، سی پیک نے 10 سال میں سماجی واقتصادی، توانائی شعبوں میں کئی سنگ میل عبور کئے۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک نواز شریف کی قیادت میں تبدیلی کا اہم موڑ ہے، پاکستان اس منصوبے کی کامیابی کو دوستوں، شراکت داروں کیساتھ بانٹنے کو تیار ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندی پر لیجانے میں چینی صدر کا کردار قابل تعریف ہے،  سی پیک دوسرے مرحلےکی کامیابی اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

    وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

    کراچی : وزیرِ اعظم شہباز شریف آج کراچی پہنچیں گے ، جہاں وہ پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز طارق کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے ، وفاقی وزرا بھی شہبازشریف کے ہمراہ کراچی جائیں گے۔

    دورے میں وزیرِ اعظم کراچی میں پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز طارق کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    پی این ایس طارق ملجم کلاس کارویٹ جنگی جہاز ان چار بحری جہازوں میں سے ایک ہے، جو ترکیہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدے کے تحت ترکیہ اور پاکستانی انجنئرز مل کر بنا رہے ہیں۔

    تقریب میں ترک نائب صدر جودت یلماز بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کراچی میں ترک نائب صدر کی ملاقات بھی ہوگی ، پاکستان اور ترکی میں دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔

    شہباز شریف کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندہ وفد سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • وزیر اعظم کا بابو سر ٹاپ حادثے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار

    وزیر اعظم کا بابو سر ٹاپ حادثے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے بابو سر ٹاپ حادثے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بابو سر ٹاپ حادثے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔

    شہبازشریف نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئےبھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    یاد رہے گلگت بلتستان کے شہر چلاس میں ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور 09 زخمی ہوگئے تھے، جھلس کر مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ٹکراؤ کے بعد مسافروں سے بھری ہائی روف گہری کھائی میں جاگری اور گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی، حادثے کا شکار ہونے والی ہائی روف میں سیاح سوار تھے۔