Tag: وزیر اعظم شہباز شریف

  • ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کے سیاہ دور کو یاد رکھیں: وزیر اعظم

    ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کے سیاہ دور کو یاد رکھیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے ووٹرز کو راغب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کے سیاہ دور کو یاد رکھیں۔

    شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت ہے، ووٹ کی اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر دیں۔

    وزیر اعظم نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ایک شخص کی انا، انداز سیاست، نا اہلی نے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کر کے رکھ دیا، پنجاب کی جو حالت کی گئی وہ پنجاب کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں ہے۔

    انھوں نے لکھا اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ڈالیں، مجھے آپ کے قوت انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا، شہریوں کو مفت ادویات اور طلبہ کو وظائف سے محروم کیا گیا، اور سرکاری اسامیوں اور تبادلوں کی کھلےعام خرید و فروخت کی گئی، شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لا قانونیت عروج پر رہی۔

    شہباز شریف نے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان پی ٹی آئی کے دور میں اپنی منزل سے دور ہو گیا، اس کا اظہار آپ نے اپنے ووٹ سے کرنا ہے۔

  • سستی شمسی توانائی کے حصول کے لیے آج جامع منصوبہ بنانے جا رہے ہیں: وزیر اعظم

    سستی شمسی توانائی کے حصول کے لیے آج جامع منصوبہ بنانے جا رہے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے گرین لائن اور بلیو لائن میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا، وزیر اعظم نے کہا سستی شمسی توانائی کے حصول کے لیے آج جامع منصوبہ بنانے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں گرین لائن، بلیو لائن میٹرو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا اس منصوبے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام مستفید ہوں گے۔

    انھوں نے کہا پوری دنیا میں تیل اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اب تیل اور گیس کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا اس منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، تمام ترقیاتی کام بروقت مکمل ہونے چاہیئں، اسلام آباد، راولپنڈی کے عوام ایک اور سفری سہولت سے مستفید ہوں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 20 ارب ڈالر سالانہ تیل اور گیس پاکستان میں امپورٹ کی جاتی ہے، بجلی بہت مہنگی بن رہی ہے، کل رات تیل کی قیمت 100 ڈالر سے کم ہوئی ہے، جتنی جلد تیل کی قیمت کم ہوگی اسی طریقے سے بجلی اور گیس سستی بنے گی۔

    انھوں نے کہا ہم آج ایک جامع منصوبہ بنا رہے ہیں، سستی شمسی توانائی منصوبوں کا جال بچھانا چاہتے ہیں، آج کی میٹنگ میں شمسی توانائی کے حوالے سے فیصلے کریں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا منصوبے کے لیے واجب الاادا رقم ادا کرنے پر شہباز شریف کے مشکور ہیں، عام آدمی پٹرول کی قیمت بڑھنے سے متاثر ہے، اس بس سروس سے اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقے کے افراد کو فائدہ ہوگا۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے عید کا تحفہ

    وزیر اعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے عید کا تحفہ

    لاہور : وزیر اعظم شہباز شریف نے عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا ، جس کے بعد حکومت نے اضافی تیل اور گیس کا انتظام کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا ، جس کے بعد وزارت توانائی نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اضافی تیل گیس کا انتظام کر لیا ، بجلی کی طلب کے مطابق پاور پلانٹس چلائیں جائیں گے۔

    اس سلسلے میں وزارت توانائی نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز سے ڈیٹا مالگ لیا ، ذرائع وزارت توانائی نے کہا ہے کہ ڈسکوز کو پورا کوٹہ دیا جائے گا۔

    وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ عید پر کسی علاقے میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ، وافر تیل گیس پانی سے شارٹ فال پورا کیا جائے گا، ڈسکوز میں بجلی کی مسلسل فراہمی متعلقہ چیف ایگزیکٹوز کی ذمہ داری ہو گی۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ عید پر دفاتر فیکٹریاں دکانیں بند ہونے سے طلب میں بھی کمی ہوگی۔

    یاد رہے گذشتہ روز وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے قوم کو عید الضحیٰ پر لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے کی نوید سناتے ہوئے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو سکتی لیکن واضح کمی آئے گی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 720 میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے 29 جون سے اپنا کام شروع کر دیا ہے ، نئے میگا پراجیکٹ سے اگلے سال گرمی میں بجلی کی پریشانی نہیں ہوگی، بجلی کا بحران ملک کے ساتھ بڑی ڈکیتی کرنے والوں کی وجہ سے آیا تھا، وقت پر ایندھن نہ خریدنے کی مجرمانہ غفلت کی گئی۔

  • دورہ کراچی : وزیر اعظم شہباز شریف آج  ایم کیو ایم  کے وفد سے اہم ملاقات کریں گے

    دورہ کراچی : وزیر اعظم شہباز شریف آج ایم کیو ایم کے وفد سے اہم ملاقات کریں گے

    کراچی : وزیر اعظم شہباز شریف آج ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کریں گے ، جس میں ن لیگ سے معاہدے سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ، دورے کے دوران شہباز شریف کی ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کےوفدمیں خالدمقبول صدیقی،امین الحق،وسیم اخترشامل ہوں گے ، ملاقات میں ن لیگ سے معاہدے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا ایم کیوایم معاہدے سے متعلق پیشرفت، مردم شماری سمیت دیگر تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے گی اور بلدیاتی انتخابات میں انتخابی اتحاد، مستقبل میں ورکنگ ریلیشن پر بھی بات چیت ہوگی۔

    دوسری جانب دورہ کراچی کے بعد وزیر اعظم شہید بے نظیرآبادنوابشاہ بھی جائیں گے، جہاں وہ آصف زرداری سےان کی والدہ کی وفات پرتعزیت کریں گے اور مرحومہ کےایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کریں گے۔

  • آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل کی تفصیلات جلد سامنے لائیں گے: وزیر اعظم

    آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل کی تفصیلات جلد سامنے لائیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل کی تفصیلات جلد سامنے لائیں گے، اور عوام کو اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے تازہ ٹویٹس میں پاکستان تحریک انصاف اور آئی ایم ایف کے درمیان پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے سلسلے میں کیے جانے والے تباہ کن معاہدے کی تفصیلات سامنے لانے کا عندیہ دیا ہے۔

    انھوں نے لکھا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

    حکومت نے عوام پر تیسرا پیٹرول بم گرادیا

    وزیر اعظم نے لکھا آئی ایم ایف معاہدے پر پی ٹی آئی حکومت نے دستخط کیے تھے، اس ڈیل کی تفصیلات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے، اور ان شاء اللہ ہم ان معاشی مشکلات سے نکل آئیں گے۔

    شہباز شریف نے مزید لکھا کہ میں حیران ہوں کہ جن لوگوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ اب تک کا بدترین معاہدہ کیا اور واضح طور پر برے معاشی فیصلے کیے، ان میں سچ کا سامنا کرنے کا ضمیر ہے یا نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کرنے والے کیسے بے گناہ ہونے کا بہانہ کر سکتے ہیں جب کہ قوم جس کرب سے گزر رہی ہے وہ صاف ظاہر ہے۔

  • معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے: وزیر اعظم

    معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں چھوٹی مدت کے منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں، معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی بھی دیں گے۔

    اینکر کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ آپ کی بات چل رہی ہے، آپ گزشتہ حکومت سے کیا مختلف کریں گے؟ وزیر اعظم شہباز نے کہا ہم پٹرول کی قیمت بڑھائیں گے لیکن سبسڈی بھی دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے سبسڈی ختم کرنے کے لیے کہا ہے۔

    انھوں نے کہا ترک صدر کے ساتھ بات چیت کا دور بہت مثبت رہا، ترکی کے دوست پاکستان کے دوست، ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، مسلمانان برصغیر نے روز اول سے تحریک خلافت کی حمایت کی، پاکستان اور ترکی کی دوستی دو دہائیوں پر محیط ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنا چاہتے ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ، خطے کی ترقی کے لیے اہم منصوبہ ہے، پاکستان، چین، ترکی اینڈ روڈ منصوبے میں شراکت داری سے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہم پاکستان میں متبادل توانائی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں، پن بجلی کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

    انٹرویو میں انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں، فلسطینیوں کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، انھوں نے پاکستان کے مؤقف کو دہرایا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے عوام کو حقوق نہیں مل جاتے امن ممکن نہیں۔

    شہباز شریف نے کہا ہمسایہ ممالک کے ساتھ معاملات بات چیت سے حل کرنے کے خواہاں ہیں، یوکرین تنازع کو بھی مذاکرات سے حل کرنے کے خواہش مند ہیں۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف آج ترکی کے دورے پر روانہ ہوں گے

    وزیر اعظم شہباز شریف آج ترکی کے دورے پر روانہ ہوں گے

    اسلام‌آباد : وزیر اعظم شہباز شریف آج ترکی کے دورے پر روانہ ہوں گے، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج ترکی کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دورے میں وزیر اعظم کیساتھ وزرا، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جبکہ پاکستان کا مختلف کمپنیوں کے نمائندگان پر مشتمل وفد بھی الگ سے ترکی کا دورہ کرے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہو گا جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو پہلے سے ترکی میں موجود ہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنماوں کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔

    دونوں رہنما ملاقاتوں کے بعد مشترکہ پریس پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جبکہ ترک صدر وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

    دورے دوران پاک ترک سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر لوگوکی رونمائی بھی ہوگی ، جس میں دونوں رہنما شرکت کریں گے۔

  • اومی کرون  کی نئی قسم کا پہلا کیس ، وزیراعظم کا این سی اوسی کو فوری بحال کرنے  کا حکم

    اومی کرون کی نئی قسم کا پہلا کیس ، وزیراعظم کا این سی اوسی کو فوری بحال کرنے کا حکم

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے اومی کرون وائرس کی نئی قسم کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر این سی اوسی کی فوری طور پر بحالی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اومی کرون وائرس کی نئی قسم کے بڑھتے کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے این سی اوسی کو فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم نے وزارت قومی صحت سے موجودہ صورتحال پر رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    گذشتہ روز قومی ادارہ صحت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملک میں اومی کرون کے نئے سب ویرینٹ کورونا کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اومی کرون سب ویرینٹ بی اےٹوبارہ ون کاپہلاکیس سامنےآگیا ہے ، نئی قسم کے ویرینٹ سے مختلف ممالک میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کا حل احتیاطی تدابیر اور ویکسی نیشن کراناہے، شہری کورونا بوسٹرڈوز ترجیحی بنیادوں پر لگوائیں۔

    خیال رہے پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 375 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 31 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 28 ہزار 802 ہوگئی ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے عید کا تحفہ

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے یکم مئی سے ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوام کو گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مشکلات میں مبتلا نہیں کر سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے زیر صدارت بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا ، جس مین وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، شاہد خاقان عباسی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں جانیوالےفیڈرزسےمتعلق بھی آگاہ کیا گیا ، جس پر وزیر اعظم نے 30 اپریل تک تمام مسائل کا سد باب کرنے اور یکم مئی سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مشکلات میں مبتلا نہیں کر سکتے، ایندھن کے مربوط ، مستقل نظام کی تشکیل ، آئندہ ماہ کی منصوبہ بندی کریں۔

    اجلاس میں تقسیم کارکمپنیوں کے فیڈرز کے خسارے ختم کرنے کی مؤثر منصوبہ بندی طلب کرلی گئی۔

    دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال سےبندپڑے27بجلی گھروں میں سے20کوفعال کردیاگیا، 20بجلی گھروں کےدوبارہ چلنے سے بجلی کی پیداوارمیں اضافہ ہوا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ گزشتہ حکومت نے4سال میں بجلی گھروں کیلئےایندھن نہیں خریدا، موجودہ حکومت نےصرف 2ہفتےمیں ایندھن کا انتظام کیا، بجلی گھروں سےپیداواربڑھاکرلوڈ شیڈنگ کاسدباب کیاجا رہاہے۔

    اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوارتقریباً18500میگاواٹ ہے، طلب کےلحاظ سےبجلی کاشارٹ فال500سے2ہزارمیگاواٹ ہے، بجلی گھروں کی بروقت مرمت،دیکھ بھال میں مجرمانہ غفلت ہے۔

  • وزیر اعظم نے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا

    وزیر اعظم نے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا۔

    وزیر اعظم نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی میں چین سے نہیں بیٹھوں گا، اس عذاب سے نجات تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سابق حکومت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی کوشش کریں، تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے، نواز شریف نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی، عمران نے ہمارے سستی اور تیز بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کیے، اور مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کیے گئے، اس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب کی شکل میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا 6 ارب میں ایل این جی کا ایک جہاز مل رہا تھا، اب ایل این جی جہاز قوم کو 20 ارب میں پڑ رہا ہے، عمران کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی شعبے کو تباہ کر کے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔