Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • اگلے برس زیارت میں ایل پی جی پلانٹ لگانے کی کوشش کریں گے، بادشاہ نہیں ہوں، وزیر خزانہ سے بات کرنی پڑتی ہے

    اگلے برس زیارت میں ایل پی جی پلانٹ لگانے کی کوشش کریں گے، بادشاہ نہیں ہوں، وزیر خزانہ سے بات کرنی پڑتی ہے

    زیارت: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتنی ٹھنڈ دنیا کے کم علاقوں میں دیکھی جتنی بلوچستان میں دیکھی ہے، زیارت میں ایل پی جی کا پلانٹ لگانا زیادہ بہتر ہوگا، پوری کوشش کریں گے کہ اگلے سال زیارت میں ایل پی جی کا پلانٹ لگائیں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ بلوچستان کے شہر زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی میں تقریب سے خطاب کے دوران کر رہے تھے، انھوں نے کہا میں بادشاہ نہیں وزیر اعظم ہوں، مجھے وزیر خزانہ سے بات کرنا پڑتی ہے، دیکھنا پڑتا ہے کہ کتنا پیسہ ہے، پہلے ہی کے پی اور پنجاب شور مچا رہے ہیں کہ بلوچستان کو بہت پیسہ دے دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا بلوچستان کو 700 ارب روپے کا سب سے بڑا پیکج دیا ہے، اب سڑکوں کا بھی پیکج دے رہے ہیں، جتنی بھی گنجائش ہوگی ہم بلوچستان کے لیے خرچ کریں گے، بلوچستان کے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان پر توجہ دے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا زیارت سیاحت کا حب بن سکتا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا اور غربت کم ہوگی، ہم نے بھرپور کوشش کر کے کے پی میں بھی سیاحت کو فروغ دیا، پہلے لوگ پشاور چھوڑ کر اسلام آباد میں گھر لے رہے تھے، اب یواین ڈی پی رپورٹ ہے کہ سب سے زیادہ غربت میں کمی کے پی میں ہوئی۔

    عمران خان نے کہا ہم نے کے پی کی آدھی آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیا، جس سے غریب خاندان 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکتا ہے، اس سال کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کے پاس بھی ہیلتھ کارڈ ہوگا، یہ صرف ہیلتھ کارڈ نہیں بلکہ پورا ہیلتھ سسٹم ہے، جام کمال صاحب سے کہتا ہوں لوگوں کی خدمت کرنی ہے تو ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیں، کیوں کہ غریب گھرانے میں بیماری آ جائے تو ان کا پورا بجٹ خراب ہو جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا بلوچستان کے ایم پی ایز اور وزیروں کو ایک چیز سمجھاناچاہتا ہوں، میں اگر اقتدار میں ہوں تو یا اپنے لیے یا قوم کے لیے پیسہ بنا سکتا ہوں، مہاتیر محمد کا کوئی لندن میں فلیٹ نہیں، سنگاپور کے وزیر اعظم کی بھی مئے فیئر لندن میں جائیدادیں نہیں، یہ ہوتا ہی نہیں ایک آدمی پیسہ چوری کر کے باہر لے جائے اور سمجھے کہ ملک ترقی کرے گا، ہماری اگلی حکومت میں بلوچستان مزید ترقی کرے گا۔

  • پانی کی قلت پر قابو پانے کے لئے 10 ڈیم بنائے جارہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

    پانی کی قلت پر قابو پانے کے لئے 10 ڈیم بنائے جارہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آج ہم وہ چیزیں کررہےہیں جوہمیں 50سال پہلےکرنی چاہیےتھی ، پانی کی قلت پر قابو پانے کے لئے 10 ڈیم بنائے جارہے ہیں، صرف الیکشن سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کریں تو ملک آگے نہیں جاسکےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گرین یوروکےباضابطہ اجراکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گرین یورو کے باضابطہ اجراپرمبارکباد دیتاہوں، پاکستان کی سب سے بڑی کمزوری عملدرآمد کی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہمند اور بھاشا ڈیم منصوبے پرپیشرفت پر خراج تحسین پیش کرتاہوں، آج ہم وہ چیزیں کررہےہیں جوہمیں 50سال پہلےکرنی چاہیےتھی ، 60کی دہائی میں پاکستان میں لانگ ٹرم پلاننگ ہورہی تھیں، ہم جب بڑے ہورہےتھے تو یہ تمام ایشین ٹائیگرزہم سے پیچھےتھے، ہم منصوبے شروع کردیتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد سست ہوتاہے۔

    عمران خان نے کہا 60 کی دہائی میں پاکستان میں جواعتماد تھا وہ آہستہ آہستہ نیچےجاتا رہا، پاکستان 1985کے بعد نیچے جانا شروع ہوا،بھارت آگے نکل گیا، پچھلے 30سال بنگلادیش بھی پاکستان سےآگے نکل گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ اگلے 10سال میں 10ڈیمز بن رہےہیں، ان ڈیمز کےذریعے کلین بجلی پیدا ہوگی، ہمیں آج سے ہی آنیوالی نسلوں کیلئے سوچنا چاہیے، صرف الیکشن سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کریں تو ملک آگے نہیں جاسکےگا، مستقبل کےلئے آپ کو لانگ ٹرم پلاننگ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کےپی میں 5سالوں میں ایک ارب درخت لگائے تھے،2018سے اب تک ملک میں اب تک ایک ارب درخت لگ چکے ہیں, پورااعتماد ہے کہ 2023 تک ہم 10ملین ٹری پروگرام مکمل کرلیں گے اور10ارب درخ لگنےسے آلودگی میں کمی اور سیاحت کو فروغ ملےگا۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم 15نئے نیشنل پارکس بنارہےہیں جس کیلئے اقدامات جاری ہیں، ہمارے شہروں میں آلودگی میں اضافہ ہورہاہے۔

    یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تعلیم کےلئے ایک نصاب لیکر آرہے ہیں، ملک میں تعلیم کے 3مختلف کلچر سے بہت بڑے اثرات پڑرہے ہیں، دینی مدارس کو پہلی بار قومی دھارے میں لارہےہیں، اسٹیک ہولڈرز کی مشارت سے تعلیم کا یکساں نصاب لارہےہیں۔

    ہیلتھ کارڈ سے متعلق وزیراعظم نے کہا پنجاب میں سال کےآخر تک تمام خاندانوں کےپاس ہیلتھ کارڈ ہوگا،ہیلتھ کارڈ سے پرائیوٹ سیکٹرز کے اسپتالوں کا جال بچھے گا، یہ صرف ہیلتھ کارڈ نہیں بلکہ ہیلتھ سسٹم ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ قرضے اس وقت اتریں گے جب ہماری آمدنی بڑھےگی، راوی منصوبہ ،لاہوربزنس سینٹر،بنڈل آئی لینڈ کراچی بڑےاہم منصوبےہیں، زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اس میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا، پاکستان میں اتنی گائے بھینسیں ہیں مگر ہم دودھ امپورٹ کرتے ہیں،حکومت کی ساری چیزیں لانگ ٹرم کی طرف جارہی ہیں۔

  • وزیر اعظم نے سندھ میں بڑھتے ہوئے جرائم پر نوٹس لے لیا، شیخ رشید کو خصوصی ہدایت

    وزیر اعظم نے سندھ میں بڑھتے ہوئے جرائم پر نوٹس لے لیا، شیخ رشید کو خصوصی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ سندھ میں بڑھتے ہوئے جرائم پر نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو سندھ دورے کی ہدایت کر دی ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر پلاننگ اسد عمر سے سندھ کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی۔

    گورنر سندھ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے وزیر اعظم عمران خان کو سندھ میں انتظامی طور پر ابتری، بالخصوص امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم نے ان معلومات پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کو ہدایت کی کہ وہ سندھ کا دورہ کریں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس صورت حال پر حکمت عملی طے کریں۔

    فواد چوہدری کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید اس دورے کے بعد اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کریں گے۔

    وزیر اعظم نے سندھ میں رینجرز کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے، وزیر داخلہ کراچی میں رینجرز کو متحرک کرنے کا حکم دیں گے، گورنر اور اسد عمر نے کراچی کے خراب حالات پر بھی وزیر اعظم کو شکایت کی تھی۔

  • ایک اور سنگ میل، وزیر اعظم کی زیر صدارت اپنی نوعیت کا پہلا کابینہ اجلاس

    ایک اور سنگ میل، وزیر اعظم کی زیر صدارت اپنی نوعیت کا پہلا کابینہ اجلاس

    اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت نے ایک اور سنگ میل طے کر لیا، آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اپنی نوعیت کا پہلا کابینہ اجلاس ہوا جس میں ڈیجیٹیل آٹومیشن کی طرف ایک بڑا قدم اٹھایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا پیپر لیس اجلاس منعقد ہوا ہے، اس اجلاس میں کسی قسم کے پیپر کا استعمال نہیں کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پہلی بار کابینہ اجلاس ڈیجیٹل ٹیبلٹ کا استعمال کر کے منعقد کیا گیا ہے، کابینہ سرگرمیوں کو ڈیجٹیلائز کرنے کی جانب یہ بڑا قدم ہے۔

    آج کی کابینہ اجلاس سے آغاز کے بعد اب ہر اجلاس اور متعلقہ کام ڈیجیٹل طور پر کیا جائے گا، حکام کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف لاگت میں کمی آئے گی بلکہ وقت کی بچت بھی ہوگی۔

    ادھر آج ایک تقریب میں نیشنل بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ نیشنل بینک پلاسٹک منی ڈیجیٹل منی میں منتقلی پر بڑے پیمانے پر کام کر رہا ہے، صدر این بی پی نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ اب اے ٹی ایم کارڈز کا اجرا نیشنل بینک نے بند کر دیا ہے۔

  • وزیر اعظم نے آئندہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص رقم بڑھانے کا عندیہ دے دیا

    وزیر اعظم نے آئندہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص رقم بڑھانے کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص رقم بڑھانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر شفقت محمود اور ڈاکٹر عطا الرحمان شریک ہوئے، اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کو درکار وسائل پر بریفنگ دی گئی، اور اعلیٰ تعلیم کے لیے وسائل بڑھانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا اعلیٰ تعلیم کا فروغ ہی ملک کی ترقی کا زینہ ثابت ہوگا، آئندہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص رقم کو بڑھانے کا مصمم ارادہ ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا ترقی یافتہ ممالک اپنی جی ڈی پی کا کثیر حصہ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، اس لیے اس سلسلے میں متعلقہ وزارتیں صوبوں سے مشاورت کریں۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور وزارت تعلیم کو صوبوں سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے وسائل بڑھانے کی نشان دہی کر کے انھیں جلد رپورٹ پیش کی جائے۔

  • وزیراعظم نے سعودیہ سمیت مختلف ممالک سے کئی منصوبے آگے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی

    وزیراعظم نے سعودیہ سمیت مختلف ممالک سے کئی منصوبے آگے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے بارے میں رہنماوں کا اعتماد میں لے لیا اور سعودیہ سمیت مختلف ممالک سےکئی منصوبے آگے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سعودی عرب کے دورہ سے متعلق اجلاس ہوا، ، جس میں وفاقی وزرا، معاونین اور وزارت خارجہ کے حکام شریک ہوئے، اجلاس میں وزیر اعظم نے دورہ سعودی عرب کے بارے میں رہنماوں کا اعتماد میں لیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں معاہدوں کا جائزہ لیا گیا، اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیر اعظم کو سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور قیدیوں کی سزاؤں کی مدت،جرمانوں کی تفصیل،واپس لانےسے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    معاون خصوصی ملک امین اسلم نے وزیر اعظم کو بلین ٹری سونامی منصوبہ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ، جس کے بعد وزیر اعظم نے سعودیہ سمیت مختلف ممالک سےکئی منصوبے آگے بڑھانے پر بھی مشاورت مکمل کرلی۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت سےاہم ملاقاتیں کی جبکہ اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

    اس دوران دونوں ممالک کے درمیان منشیات اور سائیکوٹر وپک مادہ کی اسمگلنگ روکنے کیلئے یاداشتوں ، پاکستان میں توانائی، ہائیڈرو پاور جنریشن، انفرا اسٹرکچر  ، مواصلات اورآبی وسائل کےشعبےمیں ترقی کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ، دونوں ممالک میں سزایافتہ قیدیوں کےتبادلےسےمتعلق بھی معاہدہ ہوا۔

  • وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ، دورے کے دوران وہ سعودی ولی عہد سمیت اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ روضہ رسول پر حاضری اور عمرے کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں، خاتون اول بشریٰ بی بی وزیراعظم عمران خان کےہمراہ ہیں، گورنرسندھ،گورنر کے پی،وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ بھی ساتھ ہیں، اس کے علاوہ سینیٹر فیصل جاویداور صوبائی وزیر خوراک پنجاب علیم خان بھی وزیراعظم کےہمراہ ہیں۔

    دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری اور عمرے کی سعادت حاصل کریں گے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے وزیراعظم کی دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم آج شام جدہ پہنچیں گے، ان کی مصروفیات میں سعودی ولی سے ملاقات سمیت مفاہمت کی یاداشتوں پردستخط اور وفود کی ملاقاتیں شامل ہیں۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کل روضہ رسولﷺپرحاضری دیں گے اور انشاءاللہ اتوارکےدن عمرہ اداکریں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم دورہ سعودی عرب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہےہیں، رواں ماہ کے آغاز میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو فون کرکے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی تھی، جس پر عمران خان نے سعودی ولی عہد کی دعوت قبول کر لی تھی۔

    ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کی جانب سے اعلان کیے گئے ’گرین سعودی اقدام‘ کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کے’ 10 بلین ٹری سونامی‘ پراجیکٹ پر روشنی ڈالی اور کہا تھا کہ یہ ایکو سسٹم کو بحال کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • وزیر اعظم عمران خان 7 مئی کو سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر روانہ ہوں گے

    وزیر اعظم عمران خان 7 مئی کو سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : معاون خصوصی طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 7 مئی کو سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر روانہ ہوں گے، دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی ولی عہد اور مذہبی و سیاسی قیادت سمیت پاکستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی طاہر اشرفی نے سعودی عرب روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات ایمان اور عقیدے کے تعلقات ہیں، موجودہ حکومت کا ویژن اور سوچ واضح ہے ، تجارت،معیشت ، اقتصاد، سیاحت و ثقافت ،دینی امور میں تعاون بڑھایا جائے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ جسم اور روح کی طرح ہے، پاکستان سعودی عرب کا امن ، سلامتی و استحکام ، دفاع ایک ہے، پاکستانی قیادت واضح کر چکی ارض حرمین شریفین کی سلامتی پر سمجھوتہ ممکن نہیں۔

    طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم 7 مئی کو سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر روانہ ہوں گے ، عمران خان کوسعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان نےدورہ کی دعوت دی تھی، دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی ولی عہد اور مذہبی و سیاسی قیادت سمیت پاکستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کےدورےکی سعودی عرب میں بھی بھرپورتیاری ہے، سعودی عرب کےدورے کےدوران مختلف دیگرمعاہدوں پردستخط ہوں گے، وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان محبت اور اخوت کا رشتہ ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی سعودی عرب میں موجود ہیں، آرمی چیف بھی وزیر اعظم کیساتھ سعودی عرب کی قیادت سے ملیں گے۔

    طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی قیادت عالم اسلام اورمسلمانوں کی خدمت کررہی ہے، دورہ سعودی عرب میں دہشتگردی، اسلامک فوبیا ، توہین ناموس پرلائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، پاکستان عالم اسلام ،مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے مسلم امہ کااتحاد چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم امت مسلمہ کا متفقہ فورم ہے، اسلامی تعاون تنظیم کی قیادت سعودی عرب کےپاس ہے، اسلامی تعاون تنظیم مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں، پاکستان نے کبھی اوآئی سی کے متبادل کسی فورم کی تشکیل کی حمایت نہیں کی۔

  • وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا افتتاح کردیا

     جنوبی پنجاب کے احساس محرومی ختم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان نے آج ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، تاریخی منصوبے پر 3 ارب 54 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر ملتان پہنچے، جہاں انہوں نے ملتان کیلئے خصوصی ڈیولپمنٹ پیکیج سمیت جنوبی پنجاب کیلئےعلیحدہ سیکریٹریٹ کاافتتاح کیا،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پانچ سو کنال اراضی پر مشتمل ہوگا جبکہ اس کی عمارت پانچ منزلہ ہوگی، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی عمارت متی تل میں تعمیر کی جائے گی۔

    وزیراعظم نے دورہ ملتان کے دوران مدر اینڈ چائلڈ اسپتال وہاڑی روڈ کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ لیبر کالونی فیز ون کا بھی افتتاح کیا، عمران خان نے 10واٹر فلٹریشن پلانٹس کا سنگ بنیاد، شلٹر ہوم اور ای خدمت مرکز کا بھی افتتاح کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کے دورہ ملتان کے حوالے سے بتایا کہ بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا اور ملتان میں فلاح عامہ کےمنصوبوں کیلئےاربوں کا پیکیج دیاجائے گا۔

    اس سے قبل عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں کوکسان کارڈکاآج ملتان سےاجراکررہی ہیں،کسان کارڈ سے کاشت کارو ں کو بے پناہ ریلیف ملے گا، جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف کوعام انتخابات میں شاندارکامیابی ملی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ماضی میں گمراہ کن اعدادوشمارسےجنوبی پنجاب کے عوام کودھوکہ دیا گیا، وزیراعظم کی قیادت میں جنوبی پنجاب کےعوام کوان کاحق واپس کررہےہیں، آج ملتان اور جنوبی پنجاب کے لئے ایک تاریخی دن ہے ، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ،ملتان ڈیولپمنٹ پیکیج کی خودنگرانی کروں گا۔

  • وزیر اعظم نے کوئٹہ دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی، وزیر داخلہ کو معاملے کی تہ تک پہنچنے کی ہدایت

    وزیر اعظم نے کوئٹہ دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی، وزیر داخلہ کو معاملے کی تہ تک پہنچنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کوئٹہ کے سرینا چوک پر واقع ایک ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، وزیر اعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا اس معاملے کی تہ تک پہنچا جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم رات گئے تک معاملات کی خود نگرانی کرتے رہے، انھوں نے واقعے کی سخت مذمت بھی کی، اور وزیر داخلہ کو ہر پہلو سے تفتیش کرنے کا حکم دیا، وزیر اعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، آج سول اسپتال میں ایک اور زخمی چل بسا جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے، کوئٹہ کے ڈی آئی جی اظہر اکرم کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک پولیس سپاہی بھی جاں بحق ہوئے۔

    وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے خطے میں دہشت گردی کی لہر ہے، واقعے سے قبل کوئی تھریٹس موجود نہیں تھے، انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات پاکستان اور امن دشمنوں نے بلوچستان میں ایک اور بزدلانہ وار کیا، کوئٹہ میں سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق، دس زخمی ہوئے، زور دار دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ بھی لگ گئی، ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب تھا، انھوں نے دھماکے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیا، کہا، ہم تحقیقات کر رہے ہیں جلد پیش رفت سامنے آئے گی۔

    ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان کہا ہے کہ دھماکے میں ہونے والی شہادتوں پر دل گرفتہ ہوں، دشمن نے ملک میں امن و استحکام تباہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے، ملک دشمن عناصر کبھی مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔