Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم کے سامنے پاکستان میں تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ

    وزیر اعظم کے سامنے پاکستان میں تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے سامنے پاکستان میں تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ کیا گیا، وزیر اعظم نے مشین کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر سائنس فواد چوہدری نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی، ان کے سامنے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابی عمل کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

    فواد چوہدری نے ووٹنگ کے طریقہ کار اور مشین کے مختلف فیچرز پر آگاہی دی، انھوں نے کہا ابھی مشین کو محدود پیمانے پر ٹیسٹ کیا گیا ہے لیکن نہایت حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے، اس مشین کی مدد سے ووٹنگ کا عمل مکمل شفاف اور غیر جانب دار ہو جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشین کی وجہ سے انتخابی عمل کے نتائج مکمل طور پر محفوظ اور فوری طور پر میسر آ سکیں گے، اس مشین کی تیاری میں ماضی میں اٹھائے جانے والے مسائل کا حل یقینی بنایا گیا ہے۔

    بریفنگ کے مطابق یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین وزرات سائنس، کامسیٹس اور این آئی ای کی مشترکہ کاوش سے تیار ہوئی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے مشین کے نمونے کی ورکنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور کامسیٹس کی کاوشوں کو سراہا۔

    انھوں نے کہا بد قسمتی سے ماضی میں ہونے والے تقریباً ہر الیکشن پر سوالات اٹھائے گئے، اس سے نہ صرف انتخابی و جمہوری عمل متاثر ہوا، بلکہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی، ملکی جمہوری اور انتخابی عمل اب مزید کسی ایسے نظام کا متحمل نہیں ہو سکتا، ماضی کے تجربے کی روشنی میں انتخابی عمل کو ہر ممکن شفاف بنائیں گے، شفاف الیکشن کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانا ملکی مفاد میں ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ الیکٹرانک مشین کو جدید سیکیورٹی فیچرز سے مزین کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں، اس حوالے سے ترقی یافتہ ملکوں کے تجربے کو بھی سامنے رکھا جائے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا مودی کو خط

    وزیر اعظم عمران خان کا مودی کو خط

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو جوابی خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے یوم پاکستان پر مبارک باد دینے پر بھارتی وزیر اعظم کو جوابی خط لکھ کر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    خط میں وزیر اعظم نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سے پُر امن تعلقات چاہتے ہیں، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے تمام تنازعات کا حل ضروری ہے۔

    وزیر اعظم عمران نے لکھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہونا ضروری ہے۔

    یوم پاکستان پرپاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، مودی

    وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ میں کرونا وبا کے خلاف بھارت کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی کے نام ایک خط بھیجا ‏تھا، جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ میں یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔

    مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    نریندر مودی نے لکھا تھا کہ ہم پاکستان کے عوام کے ساتھ خوش گوار تعلقات چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعتماد پر مبنی ‏دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول اہم ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ کرونا چیلنج سے نمٹنے پر آپ کو اور پاکستانی عوام کو مکمل ‏حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر ندیم بابر نے معاون خصوصی برائے پٹرولیم کا قلم دان چھوڑ دیا

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ندیم بابر نے معاون خصوصی برائے پٹرولیم کا قلم دان چھوڑ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ندیم بابر نے معاون خصوصی برائے پٹرولیم کا قلم دان چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے آج نیوز کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ سال پٹرولیم بحران پر وزیر اعظم نے ندیم بابر کو قلم دان چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، پٹرولیم بحران پر سیکریٹری پٹرولیم کو بھی واپس بھیجا جا رہا ہے، کمیٹی نے ندیم بابر اور سیکریٹری پٹرولیم کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

    اسد عمر نے کہا گزشتہ سال جون میں پٹرول بحران سامنے آیا تھا، جس پر ایف آئی اے کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فرانزک آڈٹ کا ٹاسک دیا گیا ہے، حکومت نے فیصلہ کیا کہ جون میں پٹرول بحران کی تحقیقات کی جائے، بحران میں ملوث سرکاری افسران کی بھی نشان دہی کرنی ہے۔

    اسد عمر نے وضاحت کی کہ ندیم بابر اور سیکریٹری پٹرولیم پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا، یہ مطلب بھی نہیں ہے کہ کوئی غیر قانونی اقدام نظر آیا ہے، پوری چَین کی انویسٹی گیشن ہونی ہے اس لیے وزیر اعظم نے ان دونوں کو آزادانہ تحقیقات کے لیے وزارت سے الگ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا پٹرول بحران کے سلسلے میں جو بھی مجرمانہ کام ہوئے ہیں، ایف آئی اے اس کی تحقیقات کرے گی، ادارے کو ثبوت سامنے لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے، ایف آئی اے 90 روز میں فرانزک کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ انھوں نے مزید کہا پٹرولیم بحران پر 3 حتمی سفارشات دی گئی ہیں، ان میں ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش بھی شامل ہے، سسٹم میں کمزوریوں کی بھی نشان دہی کی گئی ہے، بحران کی وجہ کون سی کم زوریاں بنیں، اس کی تحقیقات ہوں گی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا یہ دیکھا جائے گا کہ جو فروخت ہوئی تھی، وہ واقعی تھی یا صرف کاغذی کارروائی کی گئی تھی، اس کی تحقیقات کی جائے گی کہ کیا پراڈکٹ کی ذخیرہ اندوزی ہوئی اور اگر ہوئی تو کس نے کی۔

    وفاقی وزیر نے اقرار کیا کہ کوئی شک نہیں جن اداروں کو ذمہ داری دی گئی تھی وہ ناکام رہے، ہمیں دیکھنا ہے کہ ذمہ داری کیوں ادا نہیں کی گئی، فرانزک اس لیے کرایا جا رہا ہے کہ جو ذمہ دار ہیں انھیں ہتھکڑی لگے، اور شفاف تحقیق کے لیے لازم ہے کہ وہ شخص اس جگہ پر نہ ہو جو فیصلے کر رہا تھا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا قانون کے تحت سزاؤں اور جرمانوں کو بھی سخت کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم کے تمام فیصلے عوام کو بہتر سے بہتر سہولت کے لیے ہیں، اسی لیے ملک کے مافیاز اور کارٹیلز کے خلاف اقدامات لیےگئے ہیں، وزیر اعظم چاہتے تھے کہ گہرائی تک جایا جائے تاکہ ایک اسٹیٹس سامنے آئے۔

  • دنیا بھر سے سفیروں کے وزیر اعظم پاکستان کی جلد شفا یابی کے ٹوئٹس

    دنیا بھر سے سفیروں کے وزیر اعظم پاکستان کی جلد شفا یابی کے ٹوئٹس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نہ صرف پاکستان میں بے حد مقبول ہیں بلکہ دنیا بھر کے رہنماؤں میں پسندیدہ شخصیت کا اعزاز رکھتے ہیں، آج ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس پر دنیا بھر کے سفرا کی جانب سے ان کی جلد شفا یابی کے لیے ٹوئٹس سامنے آنے لگے ہیں۔

    پاکستان کے لیے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے ٹوئٹ کیا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی اور اچھی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے ٹوئٹ کیا، ہم وزیر اعظم عمران خان کی صحت یابی اور شفا کے لیے دعا گو ہیں۔

    پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے نے پیغام جاری کیا کہ پاکستانی وزیر اعظم کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے بھی پیغام دیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    جرمن سفیر برنہارڈ شلاگیک نے ٹوئٹ کیا وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، میری نیک تمنائیں وزیر اعظم اور اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    سری لنکن وزیر نمل راجا پکسکا نے ٹوئٹ کیا میری دعائیں اور نیک خواہشات وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہیں، دعا ہے وزیر اعظم عمران خان جلد صحت یاب ہوں۔

    پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لِس روزن ہوم نے ٹوئٹ کیا کہ کرونا وبا ایک جنگ ہے جو ہم سب لڑ رہے ہیں، وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

    واضح رہے کہ پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کیا ہے، انھوں نے ٹوئٹ میں وزیر اعظم پاکستان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    نئی دہلی: وزیر اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بھارتی وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم پاکستان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    مودی نے ٹوئٹ کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کامیاب احساس کیش پروگرام شیئر کرنے کی پیش کش کی تھی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا تھا لاک ڈاؤن سے بھارت میں 34 فی صدگھرانے شدید متاثر ہیں، اور ان کی آمدنی کم ہوگئی ہے، بھارت میں ہر 3 میں سے ایک شہری ہفتے سے زیادہ اپنا خرچ نہیں اٹھا سکتا۔

    وزیر اعظم نے کہا میں مدد کی پیش کش کرنے اور اپنا کامیاب احساس کیش پروگرام بھارت سے شیئر کرنے کے لیے تیار ہوں، جس کی شفافیت کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر تعریف کی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت کرونا وائرس سے متاثر دنیا کے 219 ممالک میں سے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے، جہاں مجموعی کیسز ایک کروڑ سے تجاوز کر چکے ہیں، جب کہ اموات 1 لاکھ 59 ہزار 700 سے زیادہ ہیں۔

  • وزیر اعظم کو کرونا، ویکسین کب کار آمد ہوگی؟ ترجمان سندھ حکومت کا بیان

    وزیر اعظم کو کرونا، ویکسین کب کار آمد ہوگی؟ ترجمان سندھ حکومت کا بیان

    کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے دعا کی ہے کہ اللہ وزیر اعظم کو صحت دے، ہم اس معاملے پر سیاست نہیں کریں گے۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان کو کرونا ویکسین کا ایک ڈوز لگا تھا، جب دونوں ڈوز لگیں گے تب ویکسین کار آمد ہوگی۔

    ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاست نہیں کی جائے گی، کرونا ویکسین دونوں ڈوز لگنے کے بعد ہی کار آمد ہوتی ہے، جب کہ عمران خان کو ایک ڈوز لگا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں، ان کا کرونا ٹیسٹ آج مثبت آیا، جس پر انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    ویکسین کے بعد وزیراعظم میں کورونا کی تشخیص ، وزارت صحت کا اہم بیان آگیا

    وزارت قومی صحت نے ٹوئٹر پیغام میں وضاحت کی کہ وزیر اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ جب مثبت آیا تو اس وقت ان کی ویکسی نیشن مکمل نہیں ہوئی تھی، وزیر اعظم کو ویکسین کا پہلا ٹیکا لگے صرف 2 دن ہوئے ہیں، جو کسی بھی ویکسین کے کار آمد ہونے کے لیے بہت کم وقت ہے۔

    وزارت قومی صحت کے مطابق اینٹی باڈیز ویکسین کا دوسرا ٹیکا لگنے کے 2 سے 3 ہفتوں کے بعد بننا شروع ہوتی ہیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔

  • وزیر اعظم نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی

    اسلام آباد وزیر اعظم عمران خان نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی اور کابینہ کی منظوری کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نےسول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا ڈرون ٹیکنالوجی کمرشل،ایگرکلچر اورپرامن مقاصد میں لاناوقت کی ضرورت ہے، اتھارٹی کے قیام سےٹیکنالوجی سے متعلق قانون نہ ہونے کے خلا کو پر کیا جا سکے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا لپ اتھارٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملکی پیداوار میں بھی اہم کردار ادا کرے گی اور ڈرون سے وسائل کا موثر استعمال اورسروس ڈیلیوری میں بہتری میں مدد ملے گی۔

    عمران خان نے ہدایت کی اتھارٹی کے قیام سے متعلق قانون سازی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور کابینہ کی منظوری کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔

    اتھارٹی کا مقصد ڈرون ٹیکنالوجی کا فروغ اور اہم شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہے ، اتھارٹی لائسنس کا اجراءدرآمداورملک میں پیداوار کی اجازت دینے کی مجاز اور ڈرونز کی پیداوار، آپریشنز، ٹریننگ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی ذمے دار ہوگی جبکہ جرمانے ،سزا، لائسنسوں کی تنسیخ اور قانونی چارہ جوئی کااختیار حاصل ہوگا۔

    سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن اتھارٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں ائیرفورس،سی اےاے، دفاعی پیداوار ، داخلہ اور وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلی ٰ حکام شامل ہوں گے۔

    وفاقی اکائیوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا جبکہ شعبے کے 3ماہرین بھی اتھارٹی کا حصہ ہوں گے۔

  • وزیر اعظم نے القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کر دیا

    وزیر اعظم نے القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کر دیا

    جہلم: وزیر اعظم عمران خان نے سوہاوہ ضلع جہلم میں القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سوہاوہ میں سیرت النبی ﷺ اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے تعمیر کی جانے والی القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کیا۔

    وزیر اعظم نے القادر یونی ورسٹی میں شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا، اور یونی ورسٹی کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے، کوئی بھی قوم علم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔

    وزیر اعظم نے کہا جانور اور انسان میں پہچان صرف علم کے باعث ہوتی ہے، ہم القادر یونی ورسٹی کو جامعہ الازہر کی طرز پر اعلیٰ ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ القادر یونی ورسٹی کو نوجوانوں کے لیے رول ماڈل بنائیں گے، یہ یونی ورسٹی لوگوں کی سوچ میں بہتری لائے گی۔

    انھوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں بکرا منڈی کی طرح لیڈر شپ کی خرید و فروخت ہوئی، اور اس پر انصاف کے نظام نے بھی ایکشن نہیں لیا۔

  • ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پی ٹی آئی امیدوار کون؟ اتحادیوں کا اہم فیصلہ

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پی ٹی آئی امیدوار کون؟ اتحادیوں کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: اتحادیوں نے وزیر اعظم عمران خان کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار کی نامزدگی کا اختیار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر زبیدہ جلال، ایم این اے خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزرا پرویز خٹک، شفقت محمود، شبلی فراز، اسد عمر اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔

    اس ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار کی نامزدگی، اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے وزیر اعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کی، جی ڈی اے رہنما بعض مصروفیات کی وجہ سے مشاورت میں شریک نہ ہو سکے، جس پر وزیر اعظم نے جی ڈی اے قیادت سے ٹیلی فون پر مشاورت کی۔

    اتحادی قیادت نے ایوان بالا میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سے متعلق وزیر اعظم کے فیصلے کی حمایت کا اعادہ کیا، اور ملک کی بہتری کے لیے وزیر اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا گیا۔

    اتحادیوں نے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بھرپور انداز سے لڑنے کا فیصلہ کیا، اتحادی قیادت نے کہا وزیر اعظم ڈپٹی چیئرمین کے لیے جسے بھی نامزد کریں گے، وہ فیصلہ ہمیں قبول ہوگا۔

    ملاقات کے بعد ایک اتحادی رکن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے وزیر اعظم کو ڈپٹی چیئرمین کی نامزدگی کا اختیار دے دیا ہے۔

  • 3 کروڑ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی سے متعلق وزیر اعظم کا بڑا اعلان

    3 کروڑ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی سے متعلق وزیر اعظم کا بڑا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت 3 کروڑ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دی جائے گی، کسانوں کے لیے بھی براہ راست سبسڈی کا پروگرام لا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج اسلام آباد پناہ گاہ کا دورہ کر کے ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘پروگرام کا آغاز کر دیا، انھوں نے مزدوروں کے لیے قائم پناہ گاہوں کو نعمت قرار دیتے ہوئے کہا پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام فلاحی ریاست کا آغاز ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا 3 کروڑ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی کا آغاز جون سے ہوگا، 3 کروڑ خاندانوں کا مطلب آدھی سے زائد آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔

    انھوں نے کہا ملک میں کئی جگہیں ایسی ہیں جہاں لوگوں کو 2 وقت کا کھانا نہیں ملتا، جہاں سب سے زیادہ بھوک ہے وہاں کھانا فراہم کیا جائے گا، کھانا فراہم کرنے والے موبائل ٹرک پورے پاکستان میں جائیں گے، پاکستان میں جہاں جہاں غریب ہیں وہاں یہ موبائل ٹرک جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا پناہ گاہیں ان علاقوں میں ہوں گی جہاں مزدور ہوں، بہت سارے مخیر حضرات اس پروگرام میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں، کے پی، پنجاب اور گلگت بلتستان میں صحت کارڈ بھی جاری ہوں گے، جس سے عوام کسی بھی اسپتال سے 10 لاکھ روپے کا علاج کرا سکتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام فلاحی ریاست کا آغاز ہے، ماضی میں اس طرح کا کوئی پروگرام نہیں لایا گیا، احساس پروگرام کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ پناہ گاہیں محنت کش لوگوں کے لیے بنائی گئی ہیں، جہاں وہ باعزت طریقے سے کھانا کھا سکتے ہیں۔