Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • کتنے ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا، وزیر اعظم نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں واضح کر دیا

    کتنے ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا، وزیر اعظم نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں واضح کر دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد کی سینیٹ نشست ہارنے کے حوالے سے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کہا ’ میں سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا ہے۔‘

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس منعقدا ہوا، جس میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان شریک ہوئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ارکان سے کہا جس کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ کھل کر اظہار کرے، سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا، میں اگر آپ کی نظر میں غلط ہوں تو بے شک میرا ساتھ چھوڑ دیں۔

    وزیر اعظم نے کہا میں نے ایک مقصد لے کر سیاست شروع کی ہے، میں جمہوریت اور آزادئ رائے پر یقین رکھتا ہوں، مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات نہیں منوا سکا۔

    اعتماد کا ووٹ: پی ٹی آئی کارکنان کل عمران خان سے اظہاریکجہتی کیلئے ڈی چوک پر جمع ہوں گے

    انھوں نے ارکان کو مخاطب کر کے کہا آپ کو عوام نے ووٹ کی امانت دے کر ایوان میں بھیجا ہے، آپ ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں، پیسے لے کر ووٹ دینا بد دیانتی ہے۔

    دریں اثنا، پی ٹی آئی ارکان نے اجلاس میں وزیر اعظم کے حق میں نعرے لگائے، خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے ارکان جذباتی ہوگئے، ارکان اسمبلی نے کہا وزیر اعظم صاحب، حلقہ ہم سنبھالیں گے آپ اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں۔

  • ایم کیو ایم نے وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا

    ایم کیو ایم نے وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا

    اسلام آباد : ایم کیو ایم نے وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے مکمل یقین دہانی موجودہ گورننس نظام پرتحفظات ہیں مگر وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات ہوئی ، جس میں خالدمقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے تمام ارکان اسمبلی امین الحق،کشورزہرا و دیگر شریک ہوئے جبکہ حکومتی ارکان شاہ محمود قریشی،شفقت محمود،اسد عمر،پرویز خٹک بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    ایم کیوایم نے شکوہ کیا کہ چیئرمین سینیٹ امیدوارکے نام پرمشاورت کی جاتی تواچھاہوتا اور تجویز دی چیئرمین سینیٹ کا نام اتحادی جماعت سے مشاورت کے بعد طے کیا جائے ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار اتحادی جماعت سے موزوں رہے گا۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے جی بی حکومت میں مشیر دینے کا وعدہ بھی وزیراعظم کو یاددلاتے ہوئے سندھ میں نوکریوں کی بندربانٹ، میرٹ کے قتل ، جعلی ڈومیسائل، اراکین،رہنماؤں کی سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق شکایت بھی کی۔

    وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے اور جی بی میں مشیرجلد لگانے کا وعدہ بھی پورا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایم کیو ایم اہم اتحادی ہے، مشاورت سےملکرساتھ چلیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا اور کہا موجودہ گورننس نظام پرتحفظات ہیں مگر وزیر اعظم کے ساتھ ہیں، یقین ہےعمران خان کرپشن نہ کرتےہیں اورنہ اسے پسندکرتےہیں۔

    ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم نظام میں تبدیلی چاہتےہیں تاکہ عوام کوڈلیورکرسکیں، کوئی ڈیمانڈنہیں مگرکراچی،سندھ کی مشاورت میں شامل کیاجائے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے ایم کیو ایم کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔

    ایم کیو ایم نے مزید کہا 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات کا مسئلہ ہے، بلدیاتی نظام میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتےہیں، جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ میرامقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی فلاح ہے، شفاف نظام کی تبدیلی کے لیے کوشش کر رہا ہوں، اداروں کی مضبوطی، شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

  • وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد بتا دیا، وزرا اجلاس کی اندرونی کہانی

    وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد بتا دیا، وزرا اجلاس کی اندرونی کہانی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی وزرا اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اجلاس میں وزیر اعظم کو سینیٹ انتخابات کے نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جب کہ وزیر اعظم نے اجلاس کے شروع ہی میں اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

    انھوں نے کہا اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے، فیصلہ کیا ہے اسی ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کروں گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا میں چوہوں کی طرح حکومت نہیں کر سکتا، جس کو مجھ پر اعتماد نہیں سامنے آ کر اظہار کرے، اقتدار عزیز ہوتا تو خاموش ہو کر بیٹھ جاتا، وزیر اعظم کا عہدہ اہم نہیں نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، اگر عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر سامنے آئیں۔

    سینیٹ‌ انتخابات میں‌ اپ سیٹ، وزیراعظم عمران خان کا ایوان سے متعلق اہم فیصلہ

    انھوں نے کہا آج میرے مؤقف کو مکمل طور پر تقویت ملی ہے، ووٹ بیچنے اور خریدنے والوں کو بے نقاب کروں گا، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شفافیت کے لیے ہر فورم پر جائیں گے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے اعتماد کے ووٹ کے حصول کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ آج اسلام آباد میں سینیٹ کی اہم نشست ہارنے کے بعد کیا گیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے بھی عندیہ دیا گیا تھا کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔

  • وزیر اعظم ہار مان کر استعفیٰ دے دیں، ورنہ تحریک عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کریں گے: بلاول

    وزیر اعظم ہار مان کر استعفیٰ دے دیں، ورنہ تحریک عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کریں گے: بلاول

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد وزیر اعظم کے استعفے کی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، ہم ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کریں گے۔

    سینیٹ الیکشن کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا عمران خان کو ہار مان لینی چاہیے اور چیلنج کرنے کے نخرے نہیں کرنے چاہئیں، وہ ایوان میں ہار چکے ہیں اور قومی اسمبلی میں پورے پاکستان کے نمائندے ہوتے ہیں، یوسف رضاگیلانی کی کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔

    انھوں نے کہا پی ڈی ایم نے سینیٹ انتخابات کے بعد لانگ مارچ کا سوچ لیا تھا، اب ہم تحریک عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کریں گے، میں سمجھتا ہوں پی ڈی ایم کا مستقبل روشن ہے، موجودہ حکومت کوگھر بھیجنے کے دن قریب آ گئے۔

    سینیٹ الیکشن میں بڑا اپ سیٹ، یوسف رضاگیلانی کامیاب

    بلاول کا کہنا تھا کہ آج حکومت اپنے ہی پارلیمان سے ہار چکی ہے، جمہوریت کی آواز بلند ہو گئی، پارلیمنٹ کے وقار میں اضافہ ہوا، پیپلز پارٹی کا ہمیشہ مؤقف رہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بھی منتخب کرائیں گے، آج کی شکست کے بعد عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا عمران خان کو اپنی پارلیمنٹ سے شکست دلوانا پی ڈی ایم کی تاریخی فتح ہے، حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا نتیجہ آج سب نے دیکھا، یہ موجودہ وزیر خزانہ کی بھی ناکامی ہے، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف پیکیج بھی رد کر دیا گیا ہے۔

    سینیٹ کی نشست جیتنے والے یوسف رضا گیلانی نے کہا وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کا ہتھیار کب استعمال کرنا ہے، یہ فیصلہ مشاورت سے کریں گے، اسمبلیاں توڑنے کے دعوے دار وزیر اعظم ہمت کریں اور اسمبلیاں توڑ دیں، وزیر اعظم کی معاشی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں، انھیں اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔

  • اسٹیٹس کو اور مافیا کو شکست دینی ہے ، فتح ہماری ہوگی، وزیراعظم عمران خان

    اسٹیٹس کو اور مافیا کو شکست دینی ہے ، فتح ہماری ہوگی، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانے میں کہا  ہے کہ اسٹیٹس کو اور مافیا کو شکست دینی ہے، فتح ہماری ہوگی اور حفیظ شیخ کامیاب ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات 2021 میں امیدواروں کی کامیابی کے لیے وزیر اعظم عمران خان متحرک ہیں‌، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا ، ظہرانے میں سینیٹ کے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ سمیت تمام اتحادی جماعتوں نے شرکت کی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایک طرف پورا مافیا کھڑا ہے ، ہم نظام میں تبدیلی لا رہے ہیں اور لوٹ مار کا بازار ختم کر کے غریب کےحالات بہترکرناچاہتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ ہو یا قومی اسمبلی ترجیح عوامی مفاد ہے، ہمارا مشن فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہے ۔ اسٹیٹس کو اور مافیا کو شکست دینی ہے، سینیٹ ہماری آواز ہے، حفیظ شیخ کامیاب ہوں گے اور فتح ہماری ہوگی، اس بار سینیٹ میں ہماری تعداد زیادہ ہوگی۔

    وزیراعظم نے خوشگوار ماحول میں اتحادیوں سے بھی گفتگو کی ، تمام اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا اور تمام ارکان نے حفیظ شیخ کو ووٹ دینے پر اتفاق کیا۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ارکان پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئےہر حربہ استعمال کررہی ہیں، میں اسی لیے شفاف انتخابات کےلیے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا، اراکین سے رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں، اپوزیشن کی جانب سے پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہوں گے۔

  • وزیر اعظم  کی ایم کیو ایم  کو  پارٹی دفاتر کھولنے کے حوالے سے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی

    وزیر اعظم کی ایم کیو ایم کو پارٹی دفاتر کھولنے کے حوالے سے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کو پارٹی دفاترکھولنے کے حوالے سے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے سندھ کی ترقی کی لیے ملکر ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ایم کیو ایم وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ وفد میں وفاقی وزیر امین الحق سمیت ایم کیو ایم اراکین قومی اسمبلی موجود تھے۔

    ملاقات میں سینیٹ الیکشن، ورکنگ ریلیشن شپ ، کراچی پیکج اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفد نے پارٹی دفاترنہ کھلنے اور لاپتہ کارکنان کا معاملہ اٹھایا جبکہ سندھ سینیٹ الیکشن کےدوران دھمکانے ، ہارس ٹریڈنگ سے بھی آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے پارٹی افیسسز کھولنے سمیت تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کراچی کی ترقی اولین ترجیح ہے، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرکے عوام کو ریلیف دیں گے۔

    وزیراعظم کا ایم کیو ایم کے وفد سے گفتگو میں سندھ کی ترقی کی لیے ملکر ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اندرون سندھ نوکریوں ودیگر مسائل پر کام کررہے ہیں، سندھ میں جلدثمرات نظر آئیں گے۔

    ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کی بھرپور حمایت تحریک انصاف کیساتھ ہے ،چاہتے ہیں کراچی کے لئےکئےگئے وعدے جلد پورے ہوں۔

  • سینیٹ انتخابات : پی ڈی ایم کے امیدوار نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ووٹ مانگ لیا

    سینیٹ انتخابات : پی ڈی ایم کے امیدوار نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ووٹ مانگ لیا

    اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان سے ووٹ مانگ لیا اور کہا ہمیں آج یکجہتی کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ، جس میں سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ مانگتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا، بطور اسپیکر حکومتی، اپوزیشن اراکین میں تفریق نہیں کی اور بطور وزیراعظم دفتر کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے رہے، ہمیں آج یکجہتی کی ضرورت ہے۔

    اس سے قبل سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے ارکان قومی اسمبلی کو خط لکھ کر سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ مانگا تھا اور کہا کہ ارکان قومی اسمبلی سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ دیں ، آج کئے گئے فیصلےمستقبل کی سمت طے کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کےتقدس کےلیےاکٹھےہوناہے، سیاسی ونظریاتی اختلاف جمہوریت کاحسن ہے، الیکشن اپنی انا کی تسکین یا کسی حکومت کے خلاف نہیں لڑرہا، امید ہے 3 مارچ کو میری زندگی اور کردار کو مدنظر رکھ کر ارکان فیصلہ کریں گے۔

    خیال رہے سینیٹ انتخابات کےلیے یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے اور دونوں جانب سے اراکین سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سینیٹ انتخابات، وزیر اعظم عمران خان کا اہم فیصلہ

    سینیٹ انتخابات، وزیر اعظم عمران خان کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: سینیٹ انتخابات 2021 کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان بھی متحرک ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے آئندہ 3 روز پارلیمنٹ چیمبر میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اگلے 2 روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ملاقاتوں میں ارکان اسمبلی کے مسائل سنیں گے اور ان کے خدشات دور کریں گے۔

    دریں اثنا، سینیٹ انتخابات کے باعث ہفتہ وار کابینہ اجلاس بھی مؤخر ہونے کا امکان ہے۔

    ادھر سابق صدر آصف علی زرداری بھی کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ذرائع نے کہا ہے کہ آصف زرداری سینیٹ انتخابات تک اسلام آباد میں قیام کریں گے، اور سینیٹ الیکشن پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

    ‘سیاست انگڑائیاں لے رہی، حکومتی صفوں میں کھلبلی مچی ہے’

    ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سینیٹ الیکشن کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے، سابق صدر نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کے لیے امید کا اظہار بھی کیا۔

    آصف زرداری کی مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کا امکان ہے، وہ اسلام آباد میں طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔

    آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی تھی، بلاول کے ہمراہ یوسف رضاگیلانی اور فرحت اللہ بابر بھی تھے۔ اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال ہوا۔

  • سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں: عمران خان

    سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں: عمران خان

    کولمبو: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں، سری لنکا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کے ذریعے اپنے اقتصادی و علاقائی روابط کو فروغ دے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سری لنکا میں سری لنکن وزیر اعظم مہندرا راجا پکسا سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں باہمی دل چسپی کے امور اور خطے کی صورت حال پر بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

    قبل ازیں، کولمبو ایئر پورٹ پر وزیر اعظم عمران خان کا شان دار استقبال کیا گیا، سری لنکا کے وزیر اعظم نے انھیں خوش آمدید کہا، اور سری لنکن فوج کے دستوں نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔

    ون آن ون ملاقات کے بعد کولمبو میں وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا سری لنکا کے دورے کی دعوت اور شان دار میزبانی پر میں وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا جب کرکٹ کیریئر شروع کیا، سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دلانے میں کردار آج بھی یاد ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا پاکستان سی پیک کا اہم جزو ہے جو علاقائی روابط کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا، سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں، سری لنکا کو دعوت دیتا ہوں وہ پاکستان کے ذریعے اپنے اقتصادی و علاقائی روابط کو فروغ دے۔

    وزیراعظم عمران خان کی سری لنکا آمد پر شانداراستقبال ، توپوں کی سلامی پیش

    انھوں نے کہا پاکستان 10 سال بد ترین دہشت گردی کا شکار رہا، 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، سری لنکا بھی بد ترین دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا کی بہت مدد کی، پاکستان اور سری لنکا مل کر تجارتی و اقتصادی ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جنھیں مواقع میں بدلنا ہے، کرونا کی صورت حال میں پاکستان، سری لنکا جیسے ترقی پذیر ملکوں کے لیے ایک بڑا چیلنج سامنے آیا ہے، وزیر اعظم مہندرا راجا پکسا کے ساتھ مل کر وبا سے نمٹنے سے متعلق بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعظم نے کہا پاکستان دنیا میں کئی قدیم تہذیبوں کا امین ملک ہے، گندھارا کی صورت میں ہمارے پاس انتہائی قدیم بدھ مت کی تہذیب موجود ہے، وزیر اعظم مہندا راجا پکسا کو بدھ مت کے تاریخی مقامات کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔

    پریس کانفرس سے خطاب میں سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجا پکسا نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور سری لنکا میں آزادانہ تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

    راجا پکسا کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان سے جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق ہوا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے سمیت علاقائی امن کے لیے مشترکہ کاوشوں پر بھی اتفاق ہوا۔

    سری لنکن وزیر اعظم نے کہا کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے تعاون پر مشکور ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا سری لنکا میں تجارت اور سرمایہ کاری فورم سے خطاب اہم پیش رفت ہے، اس خطاب سے دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

  • وزیراعظم کا حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار

    وزیراعظم کا حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں زیر حراست اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کو حلیم عادل شیخ پرپولیس تحویل میں تشدد اور غیر انسانی برتاؤ کی تفصیل سےآگاہ کرتے ہوئے شکایت کی سندھ پولیس آئی جی کی سربراہی میں جانبداری کامظاہرہ کر رہی ہے، آئی جی سندھ سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

    بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 4بجے اہم پریس کانفرنس طلب کرلی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس میں حلیم عادل شیخ پر تشدد ، آئی جی سندھ کے رویے پر بات ہوگی۔

    اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کیساتھ نارواسلوک کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ معزز رکن سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر ہیں ، ان کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور ان کو ضروری طبی سہولتیں مہیا کی جائیں۔