Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • پی ڈی ایم جلسے میں 500 روپے دے کر لوگوں کو لایا گیا: وزیر اعظم

    پی ڈی ایم جلسے میں 500 روپے دے کر لوگوں کو لایا گیا: وزیر اعظم

    وانا: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے میں لوگوں کو 500 روپے دے کر لایا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم جلسے میں 500 روپے دے کر لوگوں کو لایاگیا۔

    وزیر اعظم نے کہا اسلام کو سب سے زیادہ پاکستان میں فضل الرحمان نے نقصان پہنچایا، مولانا فضل الرحمان اقتدار کے عادی ہیں اس کے بغیر نہیں رہ سکتے۔

    فارن فنڈنگ کیس کے سلسلے میں ایک سوال پر انھوں نے کہا اپوزیشن کا شکر گزار ہوں کہ اس نے فارن فنڈنگ کا کیس اٹھایا، میں چاہتا ہوں اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، سب کا پتا چلنا چاہیے کہ کس پارٹی کو کس نے فندنگ کی ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا پی ٹی آئی ہو یا ن لیگ، پی پی ہو یا فضل الرحمان سب کا پتا چلنا چاہیے، ہمارے پاس 40 ہزار نام ہیں جن لوگوں نے پارٹی کو فنڈنگ کی ہے۔

    وزیر اعظم کا قبائلی علاقوں پر تمام دستیاب وسائل خرچ کرنے کا اعلان

    وزیر اعظم نے فارن فنڈنگ کیس کی پبلک ہیئرنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا فارن فنڈنگ کیس کی سماعت عوام کے سامنے ہونی چاہیے، عوام کو پتا چل جائے گا فارن فنڈنگ کس پارٹی کو کس طرح ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں اصلاحات کے لیے اکثریت ہونی چاہیے، اصلاحات تاخیر سے کرنے کی وجہ سے ہمیں مشکلات ہوئیں، کچھ فیصلے ایسے تھے جو اصلاحات کے بغیر ممکن نہیں تھے، اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے بھی اصلاحات میں مشکلات رہیں، اس کی وجہ سے بہت سے وسائل صوبوں کے پاس تھے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ اب کرونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، فیصل آباد میں فیکٹری ورکرز کی کمی ہوگئی ہے، آج ہماری معیشت دیکھیں اور بھارت کی معیشت دیکھیں۔

  • وزیر اعظم کا قبائلی علاقوں پر تمام دستیاب وسائل خرچ کرنے کا اعلان

    وزیر اعظم کا قبائلی علاقوں پر تمام دستیاب وسائل خرچ کرنے کا اعلان

    وزیرستان: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ باقی ملک سے پیچھے رہ جانے والے علاقوں پر ہماری سب سے زیادہ توجہ ہے، قبائلی علاقوں پر ہمارے جتنے بھی وسائل ہیں خرچ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج جنوبی وزیرستان کے علاقے مولا خان سرائے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام اپنے آپ کو غیر سیاسی نہ کہیں، ان علاقوں میں جرگہ نظام رائج ہے جس سے مشاورت کے ساتھ فیصلے ہوتے ہیں، یہ سیاسی نظام ہی کا حصہ ہے۔

    انھوں نے کہا قبائلی علاقے اور بلوچستان کے علاقے باقی پاکستان سے پیچھےرہ گئے، ہم ملک کو درست راستے پر لے کر آ رہے ہیں، اب پیچھے رہ جانے والے علاقوں پر ہماری سب سے زیادہ توجہ ہے، ان علاقوں پر تمام دستیاب وسائل خرچ کریں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا میں ہمیشہ اپنے عوام سے سچ بولوں گا، کوئی آپ سے بولے کہ سارے مسائل حل کر دوں گا تو وہ سچ نہیں ہوگا، میں آپ لوگوں سے کوئی ایسا وعدہ نہیں کروں گا جو پورا نہ کر سکوں۔

    انھوں نے کہا مطمئن ہو جائیں ملک کو مسائل سے نکالیں گے، قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرتا، عوام سمجھیں ہم ایک مشکل مرحلے سےگزر رہے ہیں، لوگ پوچھتے ہیں کہاں گیا نیا پاکستان، کہاں ہے مدینے کی ریاست؟ یہ ایک ہی دن میں نہیں بنی تھی، ہم ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، ہر ادارے میں ریفارمز لا رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے محسود قبائل کی تعریف کرتے ہوئے کہا محسود قبائل نے انگریزوں کے خلاف جنگ میں بھرپور حصہ لیا تھا، قبائلی علاقے کے عوام نے کشمیر کے لیے بھی جنگ لڑی تھی۔

    انھوں نے کہا سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں اور روزانہ نئی باتیں کرتے ہیں، ایسے چور اکٹھے ہو جائیں تو سمجھ جائیں کہ معاشرے میں انقلاب آنا شروع ہو گیا ہے، چوروں کا ٹولہ ہر روز سڑکوں پر نکل آتا ہے، پاکستان میں انقلاب کی شروعات ہو چکی ہیں، ان چوروں کی وجہ سے بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ بنگلہ دیش پاکستان سے آگے نکل جائے گا، پرویز مشرف نے بھی ان ڈاکوؤں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے تھے۔

  • مارچ تک ویکسینز کی فراہمی، وزیر اعظم نے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی

    مارچ تک ویکسینز کی فراہمی، وزیر اعظم نے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مارچ تک کرونا ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ چند روز میں 2 ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی ہے، مارچ تک کرونا ویکسینز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    کرونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے قائم کابینہ کمیٹی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا چند دنوں میں 2 ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے، مزید ویکسینز کی منظوری کے لیے اقدامات کو فاسٹ ٹریک کیا جا رہا ہے، منظور شدہ 2 ویکسینز کے حصول کے لیے اقدامات بھی جاری ہیں۔

    کمیٹی ارکان نے بریفنگ میں کہا سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسینز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، وزیر اعظم نے منظور شدہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کرونا کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی، کرونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی۔

    وزیر اعظم نے کہا ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کیا جاتا تو بھیانک نتائج مرتب ہو سکتے تھے۔

    اجلاس میں وزیر صنعت حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل اور معاون خصوصی ثانیہ نشتر شریک تھے۔

  • پُرامن احتجاج کرنیوالوں کو نہ روکا جائے، وزیراعظم کی شیخ رشید کوہدایت

    پُرامن احتجاج کرنیوالوں کو نہ روکا جائے، وزیراعظم کی شیخ رشید کوہدایت

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو ہدایت کی ہے کہ پُرامن احتجاج کرنیوالوں کو نہ روکا جائے،   اپوزیشن جماعتیں آج الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پی ڈی ایم کےاحتجاج پر بات چیت کی گئی اور وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کوسیکیورٹی سےمتعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہے۔

    وزیراعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ پُرامن احتجاج کرنیوالوں کو نہ روکا جائے۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کے ہمراہ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کنٹرول روم میں سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے صورتحال خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ شہر میں امن وامان بحال رکھنےکیلئےہر چیز پر نظر رکھی جائے گی اور کیمروں سے داخلی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کی اجازت ہے ، شاہراہ دستور پر پہلی دفعہ اجازت دی گئی ہے ، امید ہے پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر امن رکھے گی۔

    خیال رہے اپوزیشن جماعتیں آج الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کریں گی ، جس میں پی ڈی ایم فارن فنڈنگ کیس جلد نمٹانے کا مطالبہ کرے گی اور قائدین الیکشن کمیشن کویادداشت پیش کریں گے۔

    مظاہرےکی قیادت پی ڈی ایم سربراہ مولانافضل الرحمان کریں گے جبکہ مریم نواز،شاہدخاقان،پرویزاشرف،احسن اقبال ، عبدالغفورحیدری،اکرم درانی، محمود اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ یاں افتخار،میرکبیر،شاہ اویس نورانی،ساجدمیرودیگر بھی شرکت کریں گے۔

  • دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں مہنگائی میں نمایاں کمی

    دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں مہنگائی میں نمایاں کمی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، عوام کی مشکلات ختم ہونے کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دسمبر 2019 کے مقابلے میں 2020 کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی، مہنگائی کی شرح بارہ اعشاریہ چھ سےکم ہو کر سات اعشاریہ نو ہوگئی۔

    مہنگائی میں کمی کے ساتھ معاشی اعشاریے مزید بہتر ہو گئے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق کرونا وبا کے مضراثرات کے باوجود دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی۔

    ٹیکس وصولی اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، 2019 کے آخری مہینے میں مہنگائی 12.6 فی صد تھی، دسمبر 2020 میں کم ہو کر 7.9 فی صد رہ گئی۔

    ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں بھی اضافہ ہوا، دسمبر 2019 میں ٹیکس وصولی 469 ارب، دسمبر 2020 میں 508 ارب ہوئی، ملک کو ترقی دینے والی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، دسمبر 2019 میں برآمدات 1993 ملین ڈالر تھیں، دسمبر 2020 میں بڑھ کر 2357 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

    ترسیلات زر تقریباً 2 ارب ڈالر ماہانہ رہیں، زر مبادلہ کے ذخائر 20.254 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، دسمبر 2019 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 319 ملین ڈالر تھا، دسمبر 2020 میں کرنٹ اکاؤنٹ 447 ملین ڈالر سرپلس ہوگیا۔

  • وزیر اعظم کا الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ تحقیقات پبلک کرنے کا مطالبہ

    وزیر اعظم کا الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ تحقیقات پبلک کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ تحقیقات پبلک کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انکشاف کیا کہ انھیں 2 ممالک سے فنڈنگ کی آفر ہوئی تھی۔

    انھوں نے کہا جنھوں نے مجھے آفر کی ان ممالک نے ان کو بھی فنڈنگ کی، فنڈنگ کی آفر کرنے والے ممالک کے نام نہیں بتا سکتا، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ تحقیقات پبلک کرے۔

    وزیر اعظم نے کہا پی ٹی آئی کو چینی والا، پاپڑ والا نے فنڈنگ نہیں کی، پی ٹی آئی کو فنڈنگ کرنے والے 40 ہزار افراد کی تفصیلات موجود ہیں، اس لیے ن لیگ، پی ٹی آئی، پی پی کی فارن فنڈنگ تحقیقات کو پبلک کیا جائے، فضل الرحمان کی پارٹی کی بھی تحقیقات کی جائیں، میں چیلنج کرتا ہوں کہ ان دونوں پارٹیوں کو بڑی بھاری فنڈنگ ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا حکومت براڈ شیٹ سے مکمل معلومات مانگے گی کہ کون کب ان سے ملا، براڈ شیٹ کے کاوے موسوی سے رابطہ کر رہے ہیں، ظفر علی نامی شخص نے مجھ سے ملاقات کی تھی، اس نے بیرون ملک پڑے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی بات کی، اور اس کے بدلے کچھ فی صد لینے کا کہا تھا، تاہم اس نے اپنا تعلق براڈ شیٹ سے نہیں بتایا تھا۔ کاوے موسوی الزام لگا رہے ہیں تو ثبوت بھی دیں۔

    وزیر اعظم نے کہا مجھے علم نہیں تھا کہ علی ظفر کا تعلق براڈ شیٹ سے ہے، این آر او دینے کی وجہ سے براڈ شیٹ کو اربوں روپے دینے پڑے، زرداری نے اسمبلی میں کہا سرے محل میرا نہیں، سرے محل پر ایک ارب روپے حکومت نے وکلا پر خرچ کیے، اس کی فروخت سے پیسا پاکستان کو ملنا تھا، لیکن پرویز مشرف نے ان لوگوں کو این آر او دے دیا۔

    این آر او سے متعلق انھوں نے کہا یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت چلانی ہے تو این آر او دیں، انھوں نے تحریری طور پر مجھ سے این آر او مانگا، ایف اے ٹی ایف میں 34 ترامیم کے ذریعے این آر او مانگا گیا، پی ڈی ایم میں ملک کے نامور چور اور ڈاکو موجود ہیں، اس کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا۔

    وزیر اعظم نے ترجمان ندیم افضل چن سے استعفیٰ مانگنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی وزیر کابینہ کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتا تو وہ استعفیٰ دے، دنیا بھر میں جمہوری کابینہ میں ایسا ہی ہوتا ہے، ندیم افضل چن غلط بیانی کر رہے ہیں، ان سے کسی نے استعفیٰ نہیں مانگا۔

  • سینیٹ الیکشن: وزیر اعظم اور چوہدری پرویز الہٰی میں فون پر رابطہ

    سینیٹ الیکشن: وزیر اعظم اور چوہدری پرویز الہٰی میں فون پر رابطہ

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان اور چوہدری پرویز الہٰی میں آج سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور پرویز الہٰی کے درمیان فون پر رابطہ ہوا ہے، جس میں وزیر اعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور پرویز الہٰی کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے پرویز الہٰی سے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب آپ سے رابطہ کریں گے، ہم سینیٹ الیکشن مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر لڑنا چاہتے ہیں۔

    پرویز الہٰی نے وزیر اعظم سے گفتگو میں سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کی ہامی بھری، انھوں نے کہا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں اور آپ کا پورا ساتھ دیں گے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سینیٹ انتخابات سے قبل متحرک ہو چکے ہیں، انھوں نے ارکان اسمبلی سے رابطے اور ملاقاتیں بھی کی ہیں، وزیر اعلیٰ نے وزرا کو گروپ بنا کر ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    عثمان بزدار نے آج ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ممبرز صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کی، اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کی خیریت دریافت کی۔

    ادھر آج چوہدری پرویز الہٰی مسلم لیگ ق پنجاب کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ ق لیگ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور ضامن جماعت ہے، ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اداروں کی پشت پر موجود ہیں۔

  • پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کے لیے بہت محنت کرنی ہوگی: وزیر اعظم

    پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کے لیے بہت محنت کرنی ہوگی: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے، آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج دورہ لاہور کے موقع پر وزیر اعظم کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی، محکمے میں بہتری کے لیے اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کا تحفظ یقینی کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور عوامی مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عمل داری کی جائے، انصاف کی فراہمی میں حائل اہل کاروں کو کڑی سزا دی جائے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیوں کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے، لوگ تب مطمئن ہوں گے جب سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، اور پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ تھانوں کے دورے کریں، اہم پوزیشنز پر ایمان دار افسران تعینات کیے جائیں، اس کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے، پنجاب میں تعیناتیاں صرف میرٹ اور کارکردگی پر کی جائیں، لوگوں کی انصاف تک حقیقی رسائی ممکن بنائی جائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بڑے جرائم پیشہ کو پکڑیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لیے سبق ہوگا۔

    واضح رہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے، قبل ازیں، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی، جس میں انھوں نے قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات پر پنجاب حکومت کی تعریف کی۔

    ملاقات میں پنجاب کی مجموعی صورت حال اور ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی، عثمان بزدار نے امن عامہ کی مجموعی صورت حال اور انتظامی امور پر بریفنگ دی، اور پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 2 سال کے دوران 31 ارب مالیت کی زمین واگزار کرائی گئی۔

    وزیر اعظم نے کہا قبضہ مافیا سے متعلق پنجاب حکومت اچھا کام کر رہی ہے، قبضہ مافیا کو کسی صورت معافی نہ دی جائے۔

  • ترکی کے ساتھ تعلقات مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    ترکی کے ساتھ تعلقات مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ترکی کے ساتھ تعلقات مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان سے ترکی کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رہنماؤں نے پاک ترکی دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر اعظم نے سیاسی تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے پر زور دیا، انھوں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیمی اور ثقافتی تعاون میں فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

    وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر ترکی کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے امن کو بھارتی اقدامات سے درپیش خطرات پر روشنی ڈالی۔

    ‌دورہ پاکستان پر آئے ترک وزیر خارجہ کیلئے ‘ہلالِ پاکستان’ کا اعزاز

    وزیر اعظم نے افغانستان میں تنازع کے پُر امن حل کے لیے مثبت کردار پر بات کی اور کہا کہ فریقین کو جنگ بندی کے خاتمے کے لیے سمجھوتوں کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے بھی کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا حضورﷺ کے لیے عقیدت کو بہتر طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

  • مدارس کے بچوں کی جلسوں میں شرکت، وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو اہم ٹاسک سونپ دیا

    مدارس کے بچوں کی جلسوں میں شرکت، وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو اہم ٹاسک سونپ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو اہم ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مدارس کے بچوں کو پی ڈی ایم احتجاج میں شرکت سے روکا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شیخ رشید نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے، جس میں پی ڈی ایم کے جلسوں میں مدارس کے بچوں کی شرکت کے حوالے سے عمران خان کی جانب سے انھیں خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ مدارس کے بچوں کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسوں میں شرکت سے روکا جائے، اس سلسلے میں وزیر داخلہ شیخ رشید کل علمائے کرام کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

    وزیر داخلہ کی جانب سے ملاقات میں علمائے کرام کو حکومتی ترجیحات سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔

    ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم مذہب کی آڑ میں کسی کو سیاسی مفادات حاصل نہیں کرنے دیں گے، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، جسے ہم نبھائیں گے۔

    امن وامان کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم

    دریں اثنا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے کل اہم اجلاس طلب کر لیا، جس میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں علمائے کرام سے مذاکرات کا لائحہ عمل بھی بنایا جائے گا۔

    آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق بھی ایک اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی، عمران خان نے ہدایت کی کہ وزرات داخلہ امن و امان کی بہتری یقینی بنائے، امن و امان کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جلوسوں کے دوران امن و امان کی صورت حال کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اس کمیٹی کے کنونیئر ہیں جب کہ وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کمیٹی میں شامل ہیں۔