Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز، اجلاس میں آرمی چیف کی بھی شرکت

    پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز، اجلاس میں آرمی چیف کی بھی شرکت

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ساؤتھ ایشین گیمز سے متعلق اجلاس میں شرکت کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ساؤتھ ایشین گیمز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی، وزیر اعظم نے ساؤتھ ایشین گیمز کے پاکستان میں انعقاد کے انتظامات کی ہدایت کی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم نے ساؤتھ ایشین گیمز سے متعلق ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی، انھوں نے وزیر اعظم آفس اور تمام متعلقہ اداروں کو گیمز کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون کے لیے کہا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال بہترین ہے، کسی ملک کو پاکستان میں آ کر کھیلنے میں مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے گراؤنڈز سمیت تمام انفرا اسٹرکچر بہتر کیا جائے، اور وزارت بین الصوبائی رابطہ اس سلسلے میں اپنی تیاری کر لے۔

  • لیدر کی صنعت: وزیر اعظم نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی

    لیدر کی صنعت: وزیر اعظم نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی

    اسلام آباد: لیدر کی صنعت کے فروغ کے لیے وزیر اعظم نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی، ان کا کہنا تھا کہ لیدر کی صنعت کو پوری صلاحیت پر چلانے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیرِ اعظم کو پاکستانی لیدر کی دنیا میں بڑھتی طلب سے آگاہ کیا گیا۔

    ملاقات میں وفاقی وزیر حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر نے شرکت کی، وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستانی لیدر اعلیٰ معیار ہونے اور کم لاگت کی بدولت دنیا بھر میں مقبول ہے، پاکستانی لیدر مقبول برانڈز کو برآمد کر کے اربوں ڈالرز زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں بھیڑ، بکری، گائے اور بھینس کا چمڑا اعلی معیار اور وافر مقدار میں تیار ہوتا ہے، تاہم کرونا وبا اور دیگر وجوہ پر صنعت کو اپنے اہداف پورے کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

    وزیر اعظم نے وفد سے کہا کہ ایسی صنعتیں جو ویلیو ایڈڈ برآمدات کا ذریعہ ہیں، ان کو فروغ دیا جائے گا، لیدر کی صنعت کو پوری صلاحیت پر چلانے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، صنعتوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہے۔

  • وزیر اعظم نے ہمالیائی بھورے ریچھ کی ویڈیو شیئر کر دی

    وزیر اعظم نے ہمالیائی بھورے ریچھ کی ویڈیو شیئر کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ہمالیائی بھورے ریچھ کی دل چسپ ویڈیو شیئر کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ہمالیہ کے بھورے ریچھ کو قراقرم نیشنل پارک میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا قراقرم نیشنل پارک میں برفانی چیتے، مارکو پولو بھیڑ بھی ہیں، یہ بھورے ریچھ، برفانی چیتے، او ر مارکو پولو بھیڑ معدومیت سے دوچار انواع ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹ میں ایک دل چسپ ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں ہمالیائی بھورا ریچھ اٹھکیلیاں کھیلتا دکھائی دیتا ہے۔ وزیر اعظم نے بھی اس پر یوں سرخی جمائی ’حال ہی میں پاکستان کے اعلان کردہ قراقرم نیشنل پارک میں موجود ایک ہمالیائی بھورے ریچھ کی اٹھکیلیاں!‘

    وزیر اعظم عمران خان نے مزید لکھا ’اس نیشنل پارک میں نایاب جانوروں کی جن دیگر انواع کا تحفظ کیا جائے گا ان میں برفانی چیتا اور پُرشِکوہ مارکو پولو بھیڑ شامل ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کہیں تو ایون فیلڈ کی تحقیقات کریں گے: چیف براڈ شیٹ کمپنی

    وزیر اعظم عمران خان کہیں تو ایون فیلڈ کی تحقیقات کریں گے: چیف براڈ شیٹ کمپنی

    لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لندن میں موجود فلیٹس ایون فیلڈ کے حوالے سے برطانیہ کی براڈ شیٹ کمپنی کے چیف کیوے مُوسوی نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب کے خلاف ہرجانے کا کیس جیتنے والی کمپنی براڈ شیٹ کے چیف کیوے مُوسوی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ نواز شریف نے براڈ شیٹ عدالتی فیصلے سے متعلق سراسر جھوٹ بولا، نواز شریف کہتے ہیں وہ الزامات سے بری ہو گئے، یہ بالکل جھوٹ ہے۔

    مُوسوی نے بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ براڈ شیٹ سے جان چھڑانے کی وجہ بھی شریف فیملی تھی، غیر قانونی اثاثوں کی تحقیقات سے پیچھے ہٹنے کے لیے رشوت کی پیش کش کی گئی، خود کو نواز شریف کا بھتیجا بتانے والے نے رشوت کی آفر کی تھی۔

    چیف براڈ شیٹ کیوے مُوسوی کا کہنا تھا میں نے انھیں دو ٹوک بتایا بدمعاشوں سے مذاکرات نہیں کرتے، وزیر اعظم عمران خان کہیں تو ایون فیلڈ کی تحقیقات کریں گے، سب کچھ صاف ہو جائے گا، ہمارے پاس ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے متعلق کافی شواہد ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے لندن ہی نہیں دنیا بھر میں اثاثے ہیں، سابق صدر پرویز مشرف نے بتایا تھا کہ عدالت نے الیکشن کا حکم دیا ہے، بدمعاش پھر طاقت میں آ رہے ہیں۔

    کیوے مُوسوی نے کہا سابق صدر پرویز مشرف نے نواز شریف، آصف زرداری، بے نظیر بھٹو اور دیگر کے اثاثوں کا پتا لگانے کے لیے براڈ شیٹ کی خدمات حاصل کی تھیں، نواز شریف کی جلا وطنی اور انتخابات کے بعد 2003 میں حکومت نے کمپنی سے معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔

    انھوں نے نواز شریف کی جانب سے بھتیجے کے ذریعے رابطے کا انکشاف بھی کیا، براڈ شیٹ کے چیف نے عمران خان کو پیش کش کی کہ وہ ایون فیلڈ کی تحقیقات کا فیصلہ کریں تو سب صاف ہو جائے گا۔

  • ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ:  وزیر اعظم  اوورسیز پاکستانیوں کے شکر گزار

    ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ: وزیر اعظم اوورسیز پاکستانیوں کے شکر گزار

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے دسمبر میں ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ماشاء اللہ پہلی مرتبہ پاکستان کی ترسیلات مسلسل 6 ماہ تک 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے پیغام میں کہا کہ دسمبر میں ریکارڈ ترسیلات زر پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکر گزار  ہوں، دسمبرمیں ریکارڈ2.4بلین ڈالرزکی ترسیلات ہوئیں، یہ پہلی بار ہےکہ 6ماہ میں مسلسل ترسیلات 2بلین ڈالر سے اوپر ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مجموعی طورپر6ماہ میں 14.2بلین ڈالرز کی ترسیلات ہوئیں، یہ پچھلے سال کے مقابلے24.9فیصد زیادہ ہیں، ماشاء اللہ پہلی مرتبہ پاکستان کی ترسیلات مسلسل 6 ماہ تک 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔

    یاد رہے دسمبر میں وزیر اعظم عمران خان نے مسلسل چھ ماہ تک ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کی نوید سناتے ہوئے کہا تھا کہ نومبر میں ترسیلات زر دو ارب 34 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو مسلسل 6 ماہ تک دو ارب ڈالر سے زائد رہیں گیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں ترسیلات زر میں 2اعشاریہ چار فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں اس سال ترسیلات زر 28.4 فیصد بڑھیں۔

  • حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب، ورثا نے شہدا کے تدفین کی اجازت دے دی

    حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب، ورثا نے شہدا کے تدفین کی اجازت دے دی

    کوئٹہ: ہزارہ برادری کے دھرنے میں منتظمین سے حکومتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی، منتظمین نے پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی وفد اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات میں دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی ہے، حکومتی ارکان اور لواحقین نے تحریری معاہدے کو حتمی شکل دے دی۔

     حکومتی وفد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہزارہ برادری سے کیا ہوا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ شہدا کے لواحقین نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں وزیر اعظم آ کر مظلوموں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

    مذاکرات وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور شہدا کمیٹی کے درمیان ہوئے، جس میں قاسم سوری اور وفاقی وزیر علی زیدی اور زلفی بخاری بھی شریک تھے، جب کہ شہدا لواحقین کمیٹی کی طرف سے آغا رضا، علامہ حسنین اور دیگر مذاکرات میں موجود تھے۔

    لواحقین تدفین کریں، گارنٹی دیتا ہوں آج ہی کوئٹہ آؤں گا، وزیراعظم

    دھرنا منتظمین نے کہا کہ ہمارے مطالبات مان لیےگئے ہیں، حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزرا کے شکر گزار ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مذاکرات کے بعد خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لواحقین کے پاس آئیں گے اور ان کے مسائل سنیں گے، آرمی چیف بھی جلد ہزارہ برادری سے ملاقات کریں گے، اور بلوچستان میں سیکورٹی کی بہتری کے لیے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ انصاف فراہم کرنا معاشرے کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے، چیزوں کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے، میں اعلان کرتا ہوں کہ ہزارہ برادری کے مسائل حل کریں گے، جہاں غفلت ہو اس جگہ کی نشان دہی ہونی چاہیے تاکہ مسائل نہ ہوں۔

    ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، شہدا کی تدفین ہوتے ہی وزیر اعظم اور آرمی چیف کوئٹہ روانہ ہوں گے۔

    قبل ازیں ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ  تدفین کا عمل مکمل ہوتے ہی وزیر اعظم کوئٹہ پہنچ جائیں گے، ہماری پہلی ترجیح ہے کہ میتوں کی تدفین ہو تاکہ تقدس پامال نہ ہو۔

  • فلسطین کا مسئلہ تنازعۂ کشمیر جیسا ہے، اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے: ترک ٹی وی کو انٹرویو

    فلسطین کا مسئلہ تنازعۂ کشمیر جیسا ہے، اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے: ترک ٹی وی کو انٹرویو

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ تنازعۂ کشمیر جیسا ہے، اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے، نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے سامنے بھی مسئلہ کشمیر اٹھاؤں گا، فرانس میں اسلاموفوبیا کے مسئلے سے درست طریقے سے نہیں نمٹا جا رہا۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ترک ٹی وی اے نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا دو وجوہ کی بنا پر ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے، پہلی وجہ فلسطین کا مسئلہ تنازعہ کشمیر سے مماثلت رکھتا ہے، اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر طاقت سے قبضہ کیا جب کہ بھارت مقبوضہ وادی پر قابض ہے، دوم پاکستانی عوام مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر یکساں جذبات رکھتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا فرانس میں اسلاموفوبیا کے مسئلے سے درست طریقے سے نہیں نمٹا جا رہا، جب آپ کسی مذہب کو دہشت گردی سے جوڑتے ہیں توا س کے دور رس اثرات ہوتے ہیں، لبرل یا انتہا پسند اسلام کی اصطلاحات غلط ہیں، اسلام ایک ہی ہے جس کی ترویج ہمارے نبی کریم ﷺ نے کی، فرانس میں حجاب پر پابندی عائد کی گئی، مساجد پر چھاپے مارےگئے۔

    انھوں نے کہا بھارت میں موجودہ نسل پرستی کے ماحول کا ذمہ دار نریندر مودی ہے، مودی کو اس کے ماضی کے حوالے سے دیکھا جانا چاہیے، وہ دعویٰ کرتا ہے کہ بھات صرف ہندوؤں کا ہے، بھارت پر ماضی میں مسلمانوں اور عیسائیوں نے سینکڑوں سال حکمرانی کی، میں بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے لیے جاتا رہا ہوں، اقتدار میں آنے کے بعد بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی، لیکن مودی نے اپنے دونوں انتخابات پاکستان دشمنی پر لڑے۔

    عمران خان نے نازی جرمنی اور آر ایس ایس کو مماثل قرار دیا، اور کہا کہ مودی نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے برخلاف مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، لاکھوں کشمیری محصور ہو چکے ہیں، مغربی ملک یہ سمجھتے ہیں کہ کشمیری عوام کہیں ہوا میں غائب ہو جائیں گے تو یہ ممکن نہیں، صدر ٹرمپ سے دو بار ملاقات میں کشمیر کا مسئلہ اٹھایا، نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے سامنے بھی مسئلہ کشمیر اٹھاؤں گا، مقبوضہ کشمیر میں کوئی بھی بھارت نواز سیاسی جماعت وجود برقرار نہیں رکھ سکتی۔

    وزیر اعظم نے کہا ماضی میں پاکستان نے امریکا کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے افغان جہاد میں صف اول کے ملک کا کردار ادا کیا، امریکا سمیت مغربی دنیا کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے، افغان جہاد کے بعد امریکا نے بھارت کو تنہا چھوڑ دیا تھا۔

    انھوں نے کہا کرونا وبا سے سری لنکا اور مصر جیسے سیاحتی ملکوں میں سیاحت کو نقصان پہنچا، ہم نے 8 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا، وبا سے امیر ممالک کی نسبت غریب ممالک زیادہ متاثر ہوئے، غریب ممالک میں حکومتوں کے ٹیکسوں میں کمی آئی۔

    وزیر اعظم نے کہا میں مغرب میں رہ چکا ہوں اس لیے مغربی معاشرے میں اسلاموفوبیا سے واقف ہوں، مغربی اور مشرقی ممالک میں مذہب سے متعلق فرق کو سمجھنا چاہیے، یہودیوں نے یورپ کو ہولوکاسٹ سے متعلق آگاہ کیا، اب وہاں اس پر بات کرنے کو قابل سزا جرم سمجھا جاتا ہے، لیکن بد قسمتی سے ایسی کوششیں اسلامی رہنماؤں کی جانب سے نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے مغرب مشرق میں فرق بڑھتا گیا۔

    انھوں نے کہا بانی پاکستان قائد اعظم ریسرچ اور ایجوکیشن کی بنیاد پر مبنی ریاست چاہتے تھے، جو اسلام کے بنیادی اصولوں پر مبنی ہو، یہ وہی سنہرے اصول تھے جن کی بنیاد پر ریاست مدینہ قائم کی گئی، ریاست مدینہ میں اقلیتی برادری کو برابری کے حقوق حاصل تھے، بلوچستان میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کی شہادت پر انتہائی افسوس ہے، یہ واقعہ بھی فرقہ وارانہ دہشت گردگروپ کی کارروائی ہے، ہم نے کرک میں مندر جلانے کے واقعے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی۔

  • اپوزیشن کا احتجاج، وزیر اعظم نے اہم فیصلہ کر لیا

    اپوزیشن کا احتجاج، وزیر اعظم نے اہم فیصلہ کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے احتجاج کے لیے اپوزیشن کو کھلی چھوٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کھلی چھوٹ دی جائے گی، ان کا کہنا تھا کسی کو احتجاج کا شوق ہے تو اسے پورا کر لے۔

    آج وزیر اعظم سے وزیر قانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی شہزاد اکبر نے ملاقات کی، جس میں قانونی اور آئینی امور سمیت ملکی مسائل کے حل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی حکمت عملی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔

    فروغ نسیم نے وزیر اعظم کو وزارت قانون کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی، انھوں نے بتایا کہ وزارت کو ملنے والے 99.5 فی صد کیسز نمٹا دیے گئے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر 100 سے زائد کیسز کو نمٹایا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دی جائے، تاہم قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

    وزیر اعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو بھی ہدایت کر دی کہ پی ڈی ایم کے احتجاج کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

    پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا معاملہ، اہم اجلاس طلب

    واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے حکومت مخالف جلسوں اور ریلیوں کے علاوہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کے احتجاج سے متعلق لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

  • وزیر اعظم نے یو این اور ممبر ممالک کو کشمیریوں سے کیا ادھورا وعدہ یاد دلا دیا

    وزیر اعظم نے یو این اور ممبر ممالک کو کشمیریوں سے کیا ادھورا وعدہ یاد دلا دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پانچ جنوری کے حوالے سے  اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہم اقوام متحدہ اور ممبر ممالک کو کشمیریوں سے کیے ادھورے وعدے کی یاد دلاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت دی تھی، آج ہم انھیں اس وعدے کی یاد دلا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج کنٹرو ل لائن کی دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم حق خود ارادیت منائیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا یو این نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت دی تھی لیکن کشمیری 73 برس سے وحشیانہ بھارتی قبضے کا سامنا کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کشمیری عوام آج بھی حق خود ارادیت کے مطالبے پر قائم ہیں، اور ظالمانہ، غیر انسانی، غیر قانونی قبضے کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں، آزادی کی اس جدوجہد میں پاکستان بھی کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔

    انھوں نے کہا عالمی برادری بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر ایکشن لے، اور یقینی بنائے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت حاصل ہو، یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادیں اس حق خود ارادیت کی ضمانت ہیں۔

  • اعشاریے ثابت کرتے ہیں ادارے آزاد ہوں تو بہتر احتساب ہوتا ہے: وزیر اعظم

    اعشاریے ثابت کرتے ہیں ادارے آزاد ہوں تو بہتر احتساب ہوتا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعشاریے ثابت کرتے ہیں ادارے آزاد ہوں تو بہتر احتساب ہوتا ہے، اور سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ کام کی اجازت ہو تو قوم کو فائدہ ہوتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں اور حکومتی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم نے ایک بار پھر اس نکتے پر زور دیا کہ اپوزیشن کی تحریک این آر او کے لیے ہے اور حکومت کو پی ڈی ایم تحریک سے کوئی خطرہ نہیں۔

    انھوں نے کہا کوئی بھی معاشرہ احتساب کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، کچھ بھی ہو جائے احتساب کا عمل جاری رہے گا، سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ کام کی اجازت ہو تو قوم کو فائدہ ہوتا ہے، نیب نے ہمارے دور میں 389 ارب روپے کی وصولی کی، پنجاب اینٹی کرپشن نے ہماری حکومت میں 206 ارب ریکور کیے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کی، سینیٹ اجلاس اور انتخابات میں اپوزیشن کو بھرپور جواب دینے پر اجلاس میں اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا اپوزیشن نے کرونا وبا میں عوام کی زندگی سے کھیلنے کی کوشش کی، اپوزیشن کا احتساب شروع ہوا تو سب اکٹھے ہو گئے ہیں، ماضی کی حکومتیں قومی خزانے کو لوٹتی رہیں۔

    انھوں نے مزید کہا حکومت ترقی کی طرف گامزن ہے، کم زور معیشت کو درست ٹریک پر لگا دیا ہے، تمام معاشی اعشاریے درست سمت میں ہیں، نئے سال میں کارکردگی مزید بہتر کرنے اور ڈیلیوری پر توجہ ہوگی۔