Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی این جی اوز، وزیر اعظم کیا فیصلہ کریں گے؟

    غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی این جی اوز، وزیر اعظم کیا فیصلہ کریں گے؟

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ انھیں بھی غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی این جی اوز سے متعلق رپورٹس ملی ہیں، وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم کو تجویز دی ہے کہ ایسی این جی اوز کے خلاف سخت کارروائی کے فیصلے کا وقت آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، کابینہ ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ای یو ڈس انفو لیب کے انکشافات زیر بحث آئے۔

    اجلاس میں کابینہ نے وزیر اعظم کو بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی تجویز دی، وزیر اعظم نے کہا مجھے بھی غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی این جی اوز سے متعلق رپورٹس ملی ہیں۔

    کابینہ ذرایع کے مطابق وفاقی وزرا نے اجلاس میں وزیر اعظم سے کہا کہ یہ فیصلے کا وقت ہے، اس معاملے پر سخت کارروائی کرنی چاہیے، پاکستان میں بہت سی این جی اوز بغیر رجسٹریشن کام کرتی ہیں اور غیر ملکی فنڈنگ لیتی ہیں۔

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی غیر رجسٹرڈ این جی اوز ملک کے اندر اپنا ایجنڈا چلا رہی ہیں۔ اجلاس میں تجویز کے بعد وزیر اعظم نے ایسی این جی اوز پر اہم اجلاس کل طلب کر لیا۔

    اجلاس میں وزیر اقتصادی امور، وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات، مشیر قومی سلامتی و دیگر وفاقی وزرا شریک ہوں گے، کابینہ ذرایع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے غیر رجسٹرڈ این جی اوز کی فنڈنگ اور رجسٹریشن کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ والی غیر رجسٹرڈ این جی اوز کے خلاف وزارت داخلہ کو حال ہی میں شکایات ملی تھیں۔

  • ہمارے سپاہیوں کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے کا سامنا ہے: وزیر اعظم

    ہمارے سپاہیوں کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے کا سامنا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گردوں کے حملے میں 7 بہادر سپاہیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سپاہیوں کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی پوسٹ پر حملے میں 7 اہل کاروں کی شہادت کے واقعے پر وزیر اعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں شہدا کو خراج عقیدت اور لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہمارے بہادر سپاہیوں کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہماری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارت کی طویل منصوبہ بندی سامنے آ چکی ہے، تاہم پاکستان کی افواج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔

    دہشت گردوں کا بزدلانہ وار، ایف سی کے 7 اہلکار شہید، آئی ایس پی آر

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا دہشت گردی کو شکست دینے میں پاکستان کو کامیابی ملی ہے، بھارت کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں کے خلاف قوم کو متحد ہونا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی پوسٹ پر فائرنگ کی تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات کے واقعے میں شدید فائرنگ سے 7 اہل کار شہید ہو گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے فرار ہو گئے تھے جنھیں پکڑنے کے لیے علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا گیا، ڈی جی نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں، سیکورٹی فورسز دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی۔

  • عمران خان حکومت کی معاشی کارکردگی، تجارتی خسارہ سرپلس میں تبدیل

    عمران خان حکومت کی معاشی کارکردگی، تجارتی خسارہ سرپلس میں تبدیل

    اسلام آباد: عمران خان کی حکومت نے معاشی کارکردگی میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جب کہ تجارتی خسارہ بھی سرپلس میں تبدیل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث ملک کے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، دوسری طرف تجارتی خسارے میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ لگاتار پانچویں مہینے بھی سرپلس رہا، نومبر میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 447 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا، جب کہ جولائی تا نومبر کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کا حجم ایک ارب 64 کروڑ ڈالر سے زائد رہا، گزشتہ مالی سال تقریباً پونے 2 ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا۔

    پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بھی 3 سال کی بلند ترین سطح پر آ گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ سال 2020 جہاں کرونا وبا کے باعث دنیا بھر کے لیے غیر یقینی ثابت ہوا وہیں پاکستان کے لیے معاشی سست روی کے باوجود کئی خوش خبریاں لایا، ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، اور غیر ملکی سرمایہ کاری 9 فیصد بڑھ گئی، جب کہ کرنٹ اکاؤنٹ 17 سال بعد سرپلس میں آگیا۔

    تجارتی خسارہ بھی سرپلس میں تبدیل ہو گیا ہے، معاشی اعتبار سے ہر جانب سے حکومتی اقدامات کے بہترین نتائج سامنے آئے، کرونا کی پہلی لہر پر قابو پاتے ہی معیشت میں بحالی آئی، صنعتوں، برآمدی سیکٹر کے لیے حکومتی مراعات سے بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔

    بڑے پیمانے پر برآمدی آرڈر کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر مکمل استعداد پر کام کر رہا ہے، سیمنٹ سیکٹر میں 20 فی صد اضافہ ہوا، بڑے پیمانے کی صنعتوں کی پیداوار ساڑھے 4 فی صد بڑھ گئی۔

    موڈیز نے پاکستان کا معاشی آؤٹ لک مستحکم قرار دیا، عالمی بینک کے ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں بھی پاکستان کی رینکنگ 147 سے بڑھ کر 108 پر آ گئی۔

  • ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا، وزیراعظم کی یقین دہانی

    ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا، وزیراعظم کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے وفد کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا لاپتہ کارکنان اور ایف آئی آرسےمتعلق معاملہ وزارت داخلہ دیکھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سےایم کیو ایم کےاعلیٰ سطح وفدکی ملاقات ہوئی ، وفدمیں خالدمقبول صدیقی،امین الحق اورحیدرعباس رضوی شامل تھے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسدعمر،علی زیدی، گورنرسندھ بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک اور صوبہ سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت کراچی پیکیج و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سینیٹ انتخابات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، ایم کیوایم کےاراکین نے سینیٹ انتخابات میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

    ایم کیوایم نےملاقات میں وزیراعظم کےسامنےتحفظات بھی رکھے اور سیاسی دفاترکی واپسی،لاپتہ کارکنوں،ترقیاتی کاموں میں تاخیرکامعاملہ اٹھاتے ہوئے کہا آزادانہ سیاست اوردفاترملناآئینی حق ہے، وزیراعظم اپناکرداراداکریں اور لاپتہ کارکنان، جھوٹی ایف آئی آرکےاندراج پروزیراعظم نوٹس لیں۔

    وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا اور کراچی کے منصوبوں پر مشاورت میں ایم اکیوایم کو شامل رکھا جائے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاپتہ کارکنان اور ایف آئی آر سے متعلق معاملہ وزارت داخلہ دیکھے، وزارت داخلہ آئین وقانون کے تحت معاملے پر کردار ادا کرے۔

  • کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے: وزیر اعظم

    کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج موسمیاتی تبدیلیوں پر پیرس معاہدے کی پانچویں سال گرہ پر بین الاقوامی ورچوئل سمٹ سے خطاب کر رہے تھے۔

    انھوں نے کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے، کوئلے سے چلنے والے پلانٹ کی جگہ ہائیڈرو پاور پلانٹ لگائیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا پاکستان نے 2030 تک مجموعی توانائی کے 60 فی صد کو کلین انرجی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ایک فی صد سے بھی کم ہے، جب کہ بدقسمتی سے پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے دنیا میں پانچواں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان کلین انرجی کی جانب گامزن ہے، 2030 تک 30 فی صدگاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا ہم نیشنل پارک کی تعداد 30 سے بڑھا کر 45 کر رہے ہیں، اگلے 3 سال میں 10 ارب پودے بھی لگائیں گے۔

  • راوی سٹی پاکستان کا سب سے منفرد اور بڑا منصوبہ ہے: وزیر اعظم

    راوی سٹی پاکستان کا سب سے منفرد اور بڑا منصوبہ ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی سٹی پاکستان کا سب سے منفرد اور بڑا منصوبہ ہے، جس سے لاہور کے بڑھتے ہوئے مسائل کا حل فراہم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی، اور آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ چینی حکومت اور کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی دل چسپی ظاہر کی ہے، 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں کسی قسم کا قرض شامل نہیں ہوگا، اے این جی سی سی کی جانب سے بھی 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیش کش کی گئی ہے۔

    اجلاس میں راوی سٹی منصوبے پر پیش رفت کو مزید تیز کرنے کے لیے بورڈ کی تشکیل بھی عمل میں لائی گئی۔

    ملک بھر میں سڑکیں اور قومی شاہراہوں کا جال بچھانے کی تیاری

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ راوی سٹی منصوبے پر جنوری سے کام شروع ہو رہا ہے، وزیر اعظم نے کہا راوی سٹی پاکستان کا سب سے منفرد اور بڑا منصوبہ ہے، جو لاہور کے بڑھتے ہوئے مسائل کاحل فراہم کرے گا۔

    انھوں نے کہا لاہور کے شہریوں کو اس منصوبے سے پینے کے صاف پانی کی سہولت ملے گی، اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، معیشت خاص طور پر صنعتوں کو ترقی ملے گی۔

    اجلاس میں آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ اس پر ماسٹر پلان کی اسٹڈیز کا آغاز جنوری سے ہوگا، این جی اوز کے ساتھ شراکت میں ماہی گیروں کے لیے پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم نے بنڈل آئی لینڈ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا اس منصوبے کی کامیابی کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کام کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر اعظم عمران خان کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس میں پاکستان میں کرونا کی صورت حال اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو فون کر کے صحت اور معیشت پر وبائی امراض کے مضر اثرات کو قابو کرنے پر بات چیت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے بل گیٹس کو وبائی مرض سے متعلق پاکستان کی پالیسی سے آگاہ کیا، اور پاکستان کی قومی مربوط کوششوں پر بھی اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے کرونا کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومتی عزم کا اظہار بھی کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا اسمارٹ لاک ڈاؤن سے لوگوں کو کرونا اور بھوک سے بچایا گیا، اس بار ایس او پیز پر عمل درآمد زیادہ مشکل ہے۔

    دونوں شخصیات کے درمیان احساس پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے ویکسین کی فراہمی کے لیے وکالت کی تعریف کی۔

    انھوں نے کہا ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی ایک اولین ترجیح ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے انتظامی مدد پرگیٹس فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں، ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کیا جا رہا ہے، ہماری صحت ٹیم پولیو کے خاتمے کے لیے فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

    بل گیٹس نے وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، اور کہا پاکستان نے اقتصادی سرگرمیوں کو بحال رکھ کر وبائی مرض کا مقابلہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان اور بل گیٹس نے پولیو اور وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے کوششوں پر اتفاق کیا۔

  • اپوزیشن سے زیادہ پُر اعتماد ہوں، انھوں نے استعفے دیے تو الیکشن کرا دیں گے: وزیر اعظم

    اپوزیشن سے زیادہ پُر اعتماد ہوں، انھوں نے استعفے دیے تو الیکشن کرا دیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے اداروں میں اصلاحات کرنے میں دیر کر دی، فوری اصلاحات نہ کرنے سے ملک کو نقصان ہوا، میں اپوزیشن سے زیادہ پُر اعتماد ہوں، اپوزیشن نے استعفے دیے تو ہم الیکشن کرا دیں گے، اگر ان کو این آر او دیا تو یہ ملک کے ساتھ غداری ہوگی، آج ان کے مطالبات مان لوں تو یہ ہر احتجاج ختم کر دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینئر کالم نگاروں سے ملاقات میں کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے حکومت طاقت کا استعمال کرے، لیکن حکومت اپوزیشن کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کرے گی، حکومتی رٹ کم زور نہیں عدالتی فیصلے کا احترام کریں گے، مجھے معلوم ہے جیت میری ہوگی۔

    وزیر اعظم نے کہا اپوزیشن عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہے، کچھ ممالک بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو، اپوزیشن کا احتجاج بھی ایک خاص سمت میں ہو رہا ہے، کچھ ممالک پاکستان کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتے، اپوزیشن سے بات کریں تو اپنی بات لے کر بیٹھ جاتی ہے، وہ نیب کا خاتمہ چاہتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم نے اداروں میں اصلاحات کرنے میں دیر کر دی، فوری اصلاحات نہ کرنے سے ملک کو نقصان ہوا، آئی ایم ایف بجلی کی قیمتیں بڑھانا چاہتا ہے ہم رکاوٹ ہیں، بیوروکریسی کی پرانی سیاسی وابستگی کی وجہ سے پنجاب میں مسائل ہیں، ہر پالیسی پر پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے، نیب کیس کی وجہ سے حفیظ شیخ کو ہٹانا پڑا تو آپشن موجود ہے، معیشت درست سمت میں چل پڑی ہے۔ وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ آئی ایم ایف کے پاس بر وقت نہ جانا بڑی غلطی تھی۔

    انھوں نے کہا آئندہ سال سینیٹ الیکشن کے بعد بلدیاتی الیکشن کرائیں گے، بلدیاتی انتخابات میں کرونا کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا مجھے پتا ہے مشکل وقت ہے مگر مجھے یہ بھی پتا ہے کہ جیت میری ہوگی، ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چند ملکی اتحاد پاکستان کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتا، عراق میں جو کچھ ہوا وہ اسی طرح کیا گیا، عراق اور ایران کو لڑوا کر دونوں ملکوں کو کم زور کرنے کی کوشش کی گئی۔

    انھوں نے کہا سعودی عرب اور ایران کو لڑوانے کی سازش کر کے کم زور کیا جا رہا ہے، اس سارے عمل کے پیچھے ایک پلان ہے، پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے پیچھے بھی ایک سورس ہے، کرونا کو عوام اور اپوزیشن دونوں سنجیدہ نہیں لے رہے، ملک گیر لاک ڈاؤن پاکستان جیسے ملک کے لیے تباہی ہوگا۔

    وزیر اعظم نے کہا اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا، سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہیں۔

  • اپوزیشن جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلا رہی ہے: وزیر اعظم

    اپوزیشن جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلا رہی ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جلسوں کے ذریعے کرونا پھیلا رہی ہے، کرپشن چھپانے کے لیے جلسوں کا سہارا لیا جا رہا ہے، کرونا سے نمٹنے کے لیے لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کرونا سے متعلق کابینہ میں طویل بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے خود بھی بات کی۔

    انھوں نے کہا کرونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہو رہی ہے، وبا سے اموات بڑھنا تشویش ناک ہے، جلسوں میں جانے سے لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے، پہلے سے زیادہ احتیاط برتی جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی یقینی بنائی جائے، اسپتالوں میں پہلے سے بھی بہتر انتظامات کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر اسد عمر کو بھی دوبارہ روزانہ بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔

    اجلاس میں معاونین خصوصی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فرانس سے تعلقات منقطع کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کی پٹیشن بھی زیر بحث آئی، وزیر اعظم نے وزیر خارجہ کو دوبارہ اسلامی ممالک سے رابطوں کا ٹاسک سونپ دیا۔

    اجلاس میں او آئی سی میں اسلامو فوبیا پر قرارداد کی منظوری کو پاکستان کی کامیابی قرار دیا گیا، ارکان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا پر قرارداد کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، وزیر اعظم نے توقع سے زائد امت مسلمہ کی ترجمانی کی، اور دنیا کے ہر فورم پر مقدس ہستیوں کے احترام پر زور دیا۔

    وفاقی کابینہ نے انسداد منشیات سے متعلق خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، جس میں اعظم سواتی، وزیر اعلیٰ کے پی، کور کمانڈر کے پی، ڈاکٹر فیصل سلطان شامل کیے گئے، وزیر اعظم نے انسداد منشیات کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات کی، کہا ملک میں 68 لاکھ لوگوں کا منشیات استعمال کرنا قابل تشویش ہے۔ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ یہ کمیٹی ڈریپ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

    زلفی بخاری نے بھی بریفنگ دی، کہا کہ پاکستان کا مستقبل سیاحتی ترقی سے جڑا ہے، پی ٹی ڈی سی میں تربیت یافتہ لوگوں کی ضرورت ہے، تاہم وفاقی کابینہ نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی تقرری کا معاملہ مؤخر کر دیا۔

  • وزیر اعظم کی ایک اور کامیابی، اقوام متحدہ میں اہم قرارداد منظور

    وزیر اعظم کی ایک اور کامیابی، اقوام متحدہ میں اہم قرارداد منظور

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے سلسلے میں ایک اور کامیابی حاصل کر لی ہے، اقوام متحدہ میں اس سلسلے میں ایک قرارداد منظور ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں بین المذاہب اور بین الثقافتی مذاکرات کے فروغ پر پاکستان کی قرارداد منظور کر لی گئی، پاکستان نے اقوام متحدہ سے مذہبی منافرت کے خلاف کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے توہین رسالت کو قابل مذمت قرار دینے سے متعلق اقوام متحدہ کو ایک قرارداد پیش کی تھی، جسے جنرل اسمبلی نے منظوری دے دی۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے آج ایک ٹویٹ میں اس حوالے سے وزیر اعظم کو اسلامو فوبیا کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے پر مبارک باد دی۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ یو این جنرل اسمبلی نے مذہبی علامت سے متعلق پاکستان کی قرارداد منظور کر لی، جنرل اسمبلی نے آزادی اظہار کے نام پر توہین رسال کو قابل مذمت قرار دے دیا۔

    یاد رہے کہ اکتوبر میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے مذموم بیان پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ فرانسیسی صدر کے بیان سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، فرانسیسی صدر نے جان بوجھ کر اسلام پر حملہ کر کے اسلامو فوبیا کی حمایت کی۔

    فرانسیسی صدر مسلمانوں کیلئے مزید سخت قوانین متعارف کروانے کے لیے سرگرم

    وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ میں گستاخانہ خاکوں کے سلسلے میں فرانسیسی صدر کے بیان پر رد عمل میں کہا کہ فرانسیسی صدر انتہا پسندی مسترد کرنے کی بجائے تقسیم کو بڑھاوا دے رہے ہیں، جہالت پر مبنی بیانات انتہا پسندی کو مزید فروغ دیتے ہیں، دنیا مزید تقسیم کی متحمل نہیں ہو سکتی، لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ انسانوں کو متحد کرتا ہے، جیسے نیلسن منڈیلا نے تقسیم کی بجائے لوگوں کومتحد کیا۔