Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم عمران خان کا  لاکھوں بچوں کو اسکول واپسی پر خوش آمدید

    وزیر اعظم عمران خان کا لاکھوں بچوں کو اسکول واپسی پر خوش آمدید

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے لاکھوں بچوں کو اسکول واپسی پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہر بچےکابحفاظت اسکول جانا یقینی بنانا ہماری ترجیح اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ لاکھوں بچوں کواسکول واپسی پر خوش آمدید کہتےہیں، ہر بچےکا بحفاظت اسکول جانا یقینی بنانا ہماری ترجیح اوراجتماعی ذمہ داری ہے، ہم نے تدریسی سرگرمیوں کوصحت عامہ قواعد سےہم آہنگ بنانےکاخاص اہتمام کیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے کورونا کیسز میں کمی کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 15 ستمبر سے مرحلہ وار تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا تھا 13 مارچ کو اسکول کی بندش کا فیصلہ مشکل تھا، کرونا کے دوران بچوں کے امتحانات لینا بھی مشکل تھا، اسکول کھولنے سے متعلق مختلف فورمز پر مسلسل تحقیق کی گئی ہے، تعلیمی نقصان کو چند ماہ میں پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ستمبر سے یونی ورسٹیاں اور کالجز کھولے جائیں گے جبکہ ہائر ایجوکیشن کے انسٹی ٹیوشنز کھلیں گے، نویں، دسویں، گیارہویں، بارہویں کلاسوں کی بھی اجازت ہوگی، 7 دن دیکھیں گے پھر دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جائزے کے بعد 23 ستمبر کو چھٹی، ساتویں، 8 ویں جماعت کو اجازت دی جائے گی اور ایک ہفتہ مزید حالات کا جائزہ لیا جائے گا، جائزے کے بعد 30 ستمبر کو پرائمری اسکولز بھی کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔

    سلسلے میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کی تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہے، کرونا وبا سے متعلق صورت حال تسلی بخش نظر آ رہی ہیں، تاہم وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایک کلاس روم میں 40 میں سے 20 طلبہ کو بلایا جائے، 20 بچوں کی ایک دن کلاس رکھی جائے اور 20 بچوں کی اگلے دن۔

  • ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، افغان عوام اس دن کا انتظار کر رہے تھے: وزیر اعظم

    ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، افغان عوام اس دن کا انتظار کر رہے تھے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آخر کار ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، اس دن کا انتظار افغان عوام کئی سالوں سے کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان 40 سال سے تنازعات اور خوں ریزی سے دوچار رہا ہے، پاکستان نے بھی افغان تنازعات کا خمیازہ بھگتا، دہشت گردی، قیمتی جانوں کا ضیاع اور بھاری معاشی نقصان اٹھایا گیا۔

    انھوں نے بیان میں کہا کہ اب ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئی ہیں، انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے، افغان عوام کئی برسوں سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے، میں روز اوّل سے کہہ رہا ہوں کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، واحد راستہ مذاکرات اور سیاسی تصفیہ ہی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پاکستان نے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، اپنے حصے کی ذمہ داری کو پورا کرنے پر ہم خوشی محسوس کر رہے ہیں، اب افغان رہنما اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

    انھوں نے کہا افغان قیادت مل کر تعمیری انداز میں کام کریں، کوشش کریں کہ وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کو محفوظ بنایا جا سکے، افغان حکام کی زیر قیادت یہ مفاہمتی عمل افغانستان، علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا ہم امید کرتے ہیں تمام فریق اپنے اپنے وعدوں کا احترام کریں گے، فریقین کو تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا ہوگا، ہم مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے بلا جھجک پُر عزم رہیں گے، پاکستان امن اور ترقی کے اس نتیجہ خیز سفر میں اپنا کردار ادا کرے گا، ہم افغان عوام کے ساتھ مکمل حمایت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

  • وزیر اعظم کی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت

    کوئٹہ: وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج کوئٹہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، اسد عمر، شبلی فراز، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور صوبائی وزرا شریک ہوئے۔

    اجلاس میں سیلاب کے بعد کی صورت حال، ترقیاتی منصوبوں، کرونا سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی، چیف سیکریٹری بلوچستان نے بتایا کہ ریلیف کا بیش تر کام مکمل کر لیا گیا ہے، حالیہ بارشوں، سیلاب کے بعد ڈیموں کی صورت حال تسلی بخش ہے، اس وقت صوبے میں کرونا کے کل 886 ایکٹو کیسز ہیں۔

    وزیراعظم کی وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات، کارکردگی کی تعریف

    اجلاس میں بلوچستان میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے شرکا کو آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت کی جانب سے ریلیف اقدامات کو سراہا۔

    وزیر اعظم نے کہا بلوچستان میں نئے ڈیموں سے زرعی شعبے میں ترقی کے امکانات روشن ہیں، انھوں نے کچی کینال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا پانی کے مسئلے کی وجہ سے کچی کینال انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

    انھوں نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے ویلتھ کری ایشن ہوگی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور پس ماندہ علاقے ترقی کر سکیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور معاونت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا حکومت پسے ہوئے طبقات کی فلاح اور پس ماندہ علاقوں کی ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

  • وزیر اعظم کا معصوم بچی مروہ  اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کا نوٹس ، رپورٹ طلب

    وزیر اعظم کا معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کا نوٹس ، رپورٹ طلب

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی اور ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے مختلف واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ آئی جیز سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، کسی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی اور حیوانیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے واقعات ہماری سماجی اقدار کے منافی اور سوسائٹی پر بدنما داغ ہیں۔

    وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم جاری کردیا۔

    عمران خان نے معصوم بچوں اور خواتین سے زیادتی کے واقعات کے تدارک کے حوالے سے قوانین کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

    یاد رہے اس سے قبل وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ننھی مروا اور گزشتہ رات خاتون کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ اٹھایا، جس پر وزیراعظم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات شرمناک ہیں، انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • 16 معاونین کی تقرریاں، وزیر اعظم عمران خان نے عدالت میں  جواب جمع کرا دیا

    16 معاونین کی تقرریاں، وزیر اعظم عمران خان نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے 16 معاونین کی تقرریوں کے خلاف درخواست پر جواب عدالت میں جمع کرادیا ، جس میں کہا آئین کے آرٹیکل 93 کے تحت 5 معاون خصوصی رکھ سکتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وزیراعظم عمران خان کے 16 معاونین کی تقرریوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت وزیر اعظم عمران خان، وفاقی حکومت، وزرات قانون، شہزاد ارباب، مرزا شہزاد اکبر اور شہزاد قاسم نے جواب جمع کرا دیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 93 کے تحت 5 معاون خصوصی رکھ سکتے ہیں ،رولز آف بزنس کی شق 6 سب شق 4 کے تحت مجھے اختیار ہے کہ مشیر خاص تعینات کر سکوں۔

    جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون یہ بھی اختیار دیتا ہے کہ معاونین کی تنخواہیں اور الاونسز مقرر کر سکوں، تمام معاونین خصوصی اور مشیران خاص کی تقرریاں آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔

    کارروائی مکمل ہونے پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

  • عوامی شکایات کا ازالہ، وزیر اعظم  کو  وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی رپورٹ پیش

    عوامی شکایات کا ازالہ، وزیر اعظم کو وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی رپورٹ پیش

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کو وفاقی وزارت تعلیم کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی ، جس میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی کو ناقص قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اداروں میں عوامی شکایات کے حل کے معاملے پراداروں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال جاری ہے اور وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ متحرک ہیں۔

    وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی اور عوامی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی ہے۔

    18رپورٹ میں بتایا گیا کہ 18 افسران کے ڈیش بورڈز پر 542 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی ناقص قرار دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ ناقص کارکردگی پر سابق ڈی جی فیڈرل ایجوکیشن ، ڈپٹی ڈائریکٹرفیڈرل ایجوکیشن،پرنسپل ایف جی کالج ہوم اکنامکس سےوضاحت طلب کرلی گئی ہے۔

    وزیراعظم آفس نے کہا کہ ہدایت کےبرعکس افسران نےشکایات کےحل میں کوتاہی کی، افسران شکایات کے حل ،رائے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

    رپورٹ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے۔

  • وزیر اعظم کا پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق نیا فیصلہ

    وزیر اعظم کا پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق نیا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل تک عوامی رسائی بڑھانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سٹیزن پورٹل ویب سروس تیار کر لی گئی ہے، معاون خصوصی زلفی بخاری نے سٹیزن پورٹل ویب سروس کا افتتاح کر دیا۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل کی توسیع سے مزید 8 کروڑ پاکستانی مستفید ہوں گے، اس سے قبل یہ سہولت 3 کروڑ 50 لاکھ پاکستانیوں کو میسر تھی، اس ویب سروس سے عوام کی 8600 اداروں تک شکایات کے اندراج کے لیے رسائی ممکن ہوگی۔

    سٹیزن پورٹل ایپ کو آئندہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں بھی پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم آفس نے کہا ہے کہ پورٹل ایپ پر اب تک 28 لاکھ لوگوں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28لاکھ تک جا پہنچی

    واضح رہے کہ 13 اگست کو وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی جانب سے سٹیزن پورٹل کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کو عوام میں مسلسل پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ تک جا پہنچی ہے جب کہ لاکھوں شہریوں نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف ملنے کی تصدیق کی۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کی تعداد 23 لاکھ ہے جب کہ پورٹل پر حل شدہ شکایات کی تعداد 22 لاکھ تک جا پہنچی ہے، اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کی 1038351 میں سے 976482 شکایات حل ہو چکی ہیں، وفاق کی 875026 میں سے 781094 شکایات اختتام کو پہنچیں جب کہ کے پی کی 266276، سندھ میں 149898 شکایات اور بلوچستان کی 20031 شکایات حل کی گئیں۔

  • وزیر اعظم کا ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ، بے گھر افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا

    وزیر اعظم کا ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ، بے گھر افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا، انھوں نے پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا اور وہاں مقیم افراد سے بات چیت کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد میں ترلائی کے علاقے ڈماڈل میں پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر مکمل ہو گیا ہے، وزیر اعظم نے شیلٹر ہوم کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا، اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی پہچان امیر لوگوں کے طرز زندگی سے نہیں ہوتی، قوم اپنے غریب طبقے کے طرز زندگی سے پہچانی جاتی ہے، مہذب معاشروں کا تصور صرف امیر ہونے میں نہیں، دیکھا جاتا ہے کہ قوم غریبوں اور کم زوروں کو کیسے تحفظ دیتی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا شوکت خانم بنایا تو 70 فی صد غریبوں کے مفت علاج کا ارادہ کیا، ایسا ہی تصور پاکستان کے لیے سوچتا ہوں، غریب آدمی کی عزت اور ضروریات کا خیال رکھنا ہماری ترجیح ہے، پورے پاکستان میں غریبوں کو ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں۔

    گزشتہ ماہ وزیر اعظم کی اسلام آباد میں قائم پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہ بنانے کی ہدایت کے بعد یہ پہلا شیلٹر ہوم ہے جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بہتر انفرا اسٹرکچر، کیٹرنگ اور رہائشی معیار کے ساتھ دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے معیاری خدمات انجام دے رہا ہے۔

    آئندہ تین ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام 5 پناہ گاہوں کو ری ماڈل کیا جائے گا اور بعد میں بتدریج پورے ملک میں پناہ گاہوں کو ری ماڈلڈ پناہ گاہوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

    حکومت کا اہم قدم، وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ مکمل

    معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمٰن نے وزیر اعظم کو پناہ گاہ میں انتظامی امور اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم نے دورے کے دوران پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا، پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی، اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔

    وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے مواصلات مراد سعید، مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز اور دیگر اعلیٰ عہدے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  • ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے فلڈز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انھیں چیئرمین این ڈی ایم اے، میٹرلوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، انھوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختون خواہ میں نقصانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو مزید بہتر اور نقصانات کا ازالہ کرنے کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر حکمت عملی تشکیل دے سکیں۔

    میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ حالیہ مون سون کے نتیجے میں اس سال ملک کے اکثر حصوں اور خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں ماضی کی نسبت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، دریاؤں کی صورت حال کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس وقت تمام دریاؤں میں درمیانے درجے کا بہاؤ ہے۔

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے تمام ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر چکے ہیں جس کی بدولت پانی کی دستیابی کی صورت حال تسلی بخش رہے گی۔

    متعلقہ حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ قوی امید ہے کہ مون سون کا دورانیہ وسط ستمبر تک رہے گا، تاہم مزید سیلابی صورت حال کے پیدا ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔

  • حکومت کا اہم قدم، وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ مکمل

    حکومت کا اہم قدم، وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ مکمل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر مکمل ہو گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج ترلائی میں ڈماڈل پناہ گاہ کا دورہ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ قائم کر لی گئی، یہ پناہ گاہ ترلائی اسلام آباد کے علاقے ڈماڈل میں واقع ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج ترلائی اسلام آباد میں ڈماڈل پناہ گاہ کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کو پناہ گاہ کے انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ترلائی میں پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر ہوم ایک ماہ سے بھی کم وقت میں تیار کیا گیا ہے۔

    رواں ماہ 3 ستمبر کو معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے ترلائی اسلام آباد میں واقع پناہ گاہ کا دورہ کیا تھا، انھوں نے پناہ گاہ میں تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا، ان کا کہنا تھا یہ سارا کام احساس کی چھتری تلے پاکستان بیت المال کی زیر نگرانی کیا گیا ہے تاکہ مزدوروں کو با وقار انداز میں بہترین کھانا اور رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    وزیراعظم کی اسلام آباد کی پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہیں بنانے کی ہدایت

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے اسلام آباد کی پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہیں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماڈل پناہ گاہوں کا دائرہ کار دوسرے صوبوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی بے گھر افراد اور مزدوروں کو پناہ گاہوں میں معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، پناہ گاہوں میں عملے کی تربیت اور سہولیات کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے۔