Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم کا مصروف سیاحتی مقامات سے سیاحوں کو دیگر مقامات کی جانب بھیجنے کے لیے اہم فیصلہ

    وزیر اعظم کا مصروف سیاحتی مقامات سے سیاحوں کو دیگر مقامات کی جانب بھیجنے کے لیے اہم فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مصروف سیاحتی مقامات سے سیاحوں کو دیگر مقامات کی جانب بھیجنے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا، معاون خصوصی کو نئے سیاحتی مقامات بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو وزیر اعظم سے معاون خصوصی سیاحت اعظم جلیل نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاحت کے فروغ سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران معاون خصوصی برائے سیاحت اعظم جلیل کو ہدایت کی کہ سیاحوں کے لیے نئے سیاحتی مقامات ڈویلپ کیے جائیں۔

    یہ فیصلہ مصروف سیاحتی مقامات سے سیاحوں کو دیگر مقامات کی جانب بھیجنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ سیاح سردیوں کے موسم میں مصروف سیاحتی مقامات کی بجائے دوسرے مقامات کا بھی دورہ کریں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ خوب صورتی پائی جاتی ہے، سیاحتی مقامات پر سہولیات کو بڑھا کر اس خوب صورتی سے فائدہ اٹھائیں، اور خوب صورت مقامات پر انفرا اسٹرکچر بہتر بنایا جائے۔

    وزیر اعظم نے گورنر ہاؤس نتھیا گلی کو بطور سیاحتی مرکز فعال بنانے کا بھی حکم دیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ریاستی مہمانوں کے لیے ایسے مقامات کو بہتر بنایا جائے۔

    سرمایہ کاری کے سلسلے میں انھوں نے ہدایت کی کہ نئے سیاحتی مقامات کی تعمیر کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے مدد لی جائے۔

  • وزیر اعظم کا قانونی اصلاحات قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا قانونی اصلاحات قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قانونی اصلاحات کو قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قانونی اصلاحات سے متعلق اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے، وزیر اعظم ہاؤس میں کل تقریب میں نئے قوانین کا اعلان کیا جائے گا، وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ قانونی اصلاحات کو قوم کے سامنے رکھا جائے۔

    یہ تقریب کل صبح 11 بجے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں ہوگی، وزیر اعظم خطاب میں اہم قوانین کی تفصیلات بتائیں گے، جب کہ وزیر قانون فروغ نسیم اور پارلیمانی سیکریٹری ملیکہ بخاری بریفنگ دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی و سماجی شخصیات، وکلا اور صحافیوں سمیت اہم افراد کو اس تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔

    فوجداری مقدمات کے قانون اور قانون شہادت کو تبدیل کیا جائے گا، پولیس سے متعلق اہم قوانین کو بھی تبدیل کیا جائے گا، وزیر اعظم نے فوجداری سمیت 600 سے زائد قوانین کی تبدیلی کی منظوری دی تھی۔

    یہ تمام قوانین کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش ہوں گے۔

    اس سلسلے میں آج ایک اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا حکومت سول اور فوجداری نظامِ عدل کے قوانین میں ضروری تبدیلیوں سے ملک میں انصاف کے نظام کو مؤثر اور اِس تک غریب کی رسائی کو یقینی بنا رہی ہے، 1908 کے بعد پہلی دفعہ کوئی حکومت سول قانون میں تبدیلی لے کر آ رہی ہے، ایک صدی پرانے قوانین میں اصلاحاتی تبدیلی کے حوالے سے ماضی میں کسی حکومت نے نہیں سوچا.

  • کیا وزیر اعظم مشیر احتساب سے ناراض تھے؟ شہزاد اکبر سے استعفیٰ مانگا گیا؟ ذرائع کا انکشاف

    کیا وزیر اعظم مشیر احتساب سے ناراض تھے؟ شہزاد اکبر سے استعفیٰ مانگا گیا؟ ذرائع کا انکشاف

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب نے آج اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو دیا تو اسے فوراً منظور کر لیا گیا، اس سلسلے میں اندرونی کہانی تک اے آر وائی نیوز نے رسائی حاصل کر لی ہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مشیر احتساب شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیر اعظم کی ناراضگی تھی، کچھ روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر سے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیلات مانگی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم ان سے ناراض ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے جو تفصیلات وزیر اعظم کو دی وہ نا مکمل تھیں، وزیر اعظم کو دی جانے والی بریفنگ اور دستاویزات میں واضح فرق پایا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کر لیا

    ذرائع نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو بتائی گئی مقدمات کی ٹائم لائنز میں بھی فرق تھا، مقدمات کی موجودہ صورت حال اور وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں بھی تضاد موجود تھا۔

    ذرائع کے مطابق دو روز قبل وزیر اعظم نے شہزاد اکبر پر اظہار ناراضگی کیا، تاہم وزیر اعظم آفس کی جانب سے آج شہزاد اکبر سے استعفیٰ دینے کا کہا گیا، جس کی شہزاد اکبر نے تعمیل کی اور استعفیٰ دے دیا، جسے فوراً منظور کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے مشیر برائے داخلہ و احتساب کے عہدے کے لیے 2 ناموں پر مشاورت بھی شروع کر دی ہے، ان دو ناموں میں سے ایک نام نیب کے سابق عہدے دار کا بھی ہے، حتمی نام کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کر لیا

    وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کر لیا، اور مشیر برائے داخلہ و احتساب کے عہدے کے لیے 2 ناموں پر مشاورت شروع کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دو ناموں میں سے ایک نام نیب کے سابق عہدے دار کا بھی ہے، اس سلسلے میں حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔

    واضح رہے کہ شہزاد اکبر نے کچھ دیر پہلے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، شہزاد اکبر نے ٹویٹ کیا کہ استعفیٰ وزیر اعظم کو بھیج دیا، امید ہے عمران خان کی قیادت میں احتساب کا عمل جاری رہے گا، میں پارٹی سے منسلک رہوں گا، اور قانونی خدمات دیتا رہوں گا۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر عہدے سے مستعفی

  • وزیراعظم  کی عالمی برادری  سے افغانستان کے لیے فوری امداد کی اپیل

    وزیراعظم کی عالمی برادری سے افغانستان کے لیے فوری امداد کی اپیل

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ بھوک کے دہانے پر لاکھوں افغانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گارجین کا آرٹیکل شئیر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو ہنگامی طور پر افغانستان کی مدد کرنا ہوگی ، افغانستان کی مدد کرنا اقوا م متحدہ کےاصولوں کے مطابق فرض ہے ، بھوک کے دہانے پر لاکھوں افغانوں کوفوری امدادفراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

    گارجین کے آرٹیکل میں سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن کے برطانوی سیکریٹری خارجہ کو خط کا ذکر کیا گیا ہے ، جس میں افغانستان کےلیےفنڈز جمع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

    سابق برطانوی وزیراعظم نے خط میں بتایا2کروڑ 30 لاکھ افغان بھوک اور افلاس سے متاثر ہیں۔

  • وزیر اعظم کا تاریخی فیصلہ، فوجداری مقدمات کا قانون بدلنے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم کا تاریخی فیصلہ، فوجداری مقدمات کا قانون بدلنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے امریکا، برطانیہ طرز کا آزاد پراسیکیوشن سروس کا نیا قانون لانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم نے اہم اجلاس میں فوجداری مقدمات میں ترمیم، اور نئے قوانین لانے کی منظوری دے دی۔

    وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے بتایا کہ فوجداری قوانین میں تبدیلی سے پولیس اور عدالتی نظام میں انقلابی تبدیلی آئے گی، آرڈیننس نہیں لا رہے، اس سے عام آدمی کا فائدہ ہوگا، اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے۔

    اجلاس میں وزیر قانون فروغ نسیم نے 600 سے زیادہ نکات میں ترمیم پر بریفنگ دی جو آئندہ ہفتے منظوری کے لیے کابینہ میں پیش ہوں گی اور بدھ کو پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں گی، انھوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایس ایچ اوز، سب انسپکٹرز کے لیے گریجوایشن کی ڈگری لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

    فروغ نسیم نے کہا کہ ایف آئی آر درج نہ کرنے پر ایس پی کو درخواست دی جا سکے گی، اور ایس پی عمل درآمد کا پابند ہوگا۔

    ترامیم کے تحت 9 ماہ میں مقدمات کا فیصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے، ورنہ متعلقہ ججز ہائیکورٹ کو جواب دہ ہوں گے، 9 ماہ میں ٹرائل مکمل نہ کرنے پر ججز کے خلاف ہائیکورٹ انضباطی کارروائی کرے گا۔

    تھانوں کو اسٹیشنری، ٹرانسپورٹ، ضروری اخراجات کے فندز ملیں گے، سچا ثابت کرنے کے لیے آگ، کوئلے پر چلنا جیسی روایات قابل سزا ہوں گی، عام جرائم کے مقدمات میں 5 سال تک سزا کے لیے پلی بارگین ہو سکے گی، عام جرائم کی سزا 5 سال سے کم ہو کر صرف 6 ماہ رہ جائے گی۔

    قتل، زیادتی، دہشت گردی، غداری، سنگین مقدمات میں پلی بارگین نہیں ہوگی، موبائل فوٹیجز، تصاویر، آواز ریکارڈنگز کو بطور شہادت قبول کیا جا سکے گا، ماڈرن ڈیوائسز کو بھی بطور شہادت قبول کیا جا سکے گا، فارنزک لیبارٹری سے ٹیسٹ کی سہولت دی جائے گی۔

  • وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کی خواہش، عدالت نے درخواست گزار کو جرمانہ کر دیا

    وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کی خواہش، عدالت نے درخواست گزار کو جرمانہ کر دیا

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی بہ طور رکن قومی اسمبلی نااہلیت کے لیے دائر درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیر اعظم کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ذاتی طور پر پیش ہوا، تاہم پیش کی گئی درخواست پر غور کے لیے کوئی جائز بنیاد نہیں اٹھائی گئی، استدعا سے واضح ہے کہ عرضی گزار غلط انکوائری کا مطالبہ کر رہا ہے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ قانونی چارہ جوئی اور عدالتی فورمز کو غیر ضروری سیاسی مواد سے پاک کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے یہ عدالت اس پٹیشن کوفضول قرار دیتی ہے۔

    عدالت نے فضول درخواست دائر کرنے پر عرض گزار کے خلاف 10 ہزار جرمانہ بھی عائد کر دیا، عدالتی حکم میں کہا گیا کہ درخواست گزار جرمانہ 3 دن کے اندر ادا کرے۔

    حکم نامے کے مطابق جرمانے کی رقم عدالت کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائی جائے گی، اور یہ رقم مجاز اتھارٹی فنڈ میں منتقل کی جائے گی۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، وزیراعظم نے  نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، وزیراعظم نے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو متاثرین کو امداد پہنچانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں بارشوں سےنقصانات کی رپورٹ طلب کرلی ، رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان سے طلب کی گئی ہے۔

    وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو متاثرین کو امداد پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے۔

    خیال رہے بلوچستان میں بارش اور برفباری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نظام زندگی مفلوج ہے۔

    بلوچستان میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر پاک فوج اور نیوی بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہے۔

    متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور نیوی کا ریلیف آپریشن جاری ہے، جس میں خوراک، پینے کا پانی اوردیگرضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا جارہا ہے۔

  • آپ کا برانڈ میں ہوں، جو چور ڈاکو نہیں: وزیر اعظم کا ترجمانوں سے خطاب

    آپ کا برانڈ میں ہوں، جو چور ڈاکو نہیں: وزیر اعظم کا ترجمانوں سے خطاب

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک کی معاشی اور اقتصادی صورت حال پر حکومتی ترجمانوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ آپ کا برانڈ وزیر اعظم ہے جو چور ڈاکو نہیں، اپوزیشن چور ڈاکو اور کرپٹ رہنماؤں کو تحفظ دیتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج پیر کو حکومتی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم اور وزیر خزانہ نے شرکا کو فنانس بل پر بریفنگ دی اور وزیر اعظم نے ترجمانوں کو فنانس بل سے متعلق ابہام دور کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ فنانس بل کو عوامی سطح پر مؤثر طریقے سے نہیں پیش کیا جا سکا۔

    وزیر اعظم نے اس موقع پر وزیر خزانہ سے کہا آپ کہتے ہیں اکانومی بہتر ہے، لیکن اپوزیشن اکانومی کے خلاف حکومت پر تنقید کرتی ہے، اپوزیشن کو کسی صورت اثر انداز اور حاوی نہ ہونے دیں، انھیں آئینہ دکھائیں اور عوام کو حقائق بتائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی اور معاشی صورت حال پر بریفنگ میں کہا نومبر کی نسبت دسمبر میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، آئندہ مہینے مہنگائی مزید کم ہوگی، کیوں کہ عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں اکانومی کی صورت حال میں بہتری آنے پر اظہار اطمینان کیا، اور کہا معاشی صورت حال عوام کے سامنے رکھ کر اکانومی کے اعداد و شمار شیئر کیے جائیں، اکانومی ہمیں تباہ کن حال میں ملی تھی جسے کافی حد تک بہتر کیا جا چکا ہے۔

    وزیر خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے 2 ارب روپے کے ٹیکسز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جس پر وزیر اعظم نے کہا ری فنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے، عوامی سطح پر بتایا جائے کہ ڈاکومنٹڈ اکانومی ملکی مفاد میں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا ایگریکلچر گروتھ، اور ملکی ایکسپورٹس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، ملکی ذخائر 25 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے جس پر بات نہیں ہو رہی، اپوزیشن کے جعلی بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔

  • وزیر اعظم کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے

    وزیر اعظم کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے

    اسلام آباد: ہر شہری کو صحت کی سروسز بلاامتیاز اور مفت فراہمی کا وزیر اعظم کا خواب حقیقت بن گیا ہے، وزیر اعظم کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے طے پا گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت، پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے ہوئے ہیں، اور اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

    معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل، یاسمین راشد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر اعظم نے رواں سال پنجاب میں صحت سہولت پروگرام کا اعلان کیا تھا۔

    یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام شہریوں کو اسپتال میں داخل ہونے پر مفت علاج ملے گا، ہر خاندان کو سالانہ 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس مفت فراہم کی جائے گی۔

    صحت کارڈز سے اوپن ہارٹ سرجری، انجیوپلاسٹی، کینسر کا علاج مفت ممکن ہوگا، نیورو سرجری، جلنے، حادثہ یا ڈائیلاسز کے لیے ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج ہوگا۔

    انتہائی نگہداشت، ڈیلیوری، زچگی آپریشن،گردے کی پیوندکاری و دیگر علاج بھی مفت کیا جائے گا۔