Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • حکومت کا چھوٹی صنعتوں کو ٹیکس مراعات دینے پر غور

    حکومت کا چھوٹی صنعتوں کو ٹیکس مراعات دینے پر غور

    اسلام آباد: حکومت نے چھوٹی صنعتوں اور تعمیراتی شعبے کے فروغ اور بحالی پر غور شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک ہفتے میں ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مکمل ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت بنی گالہ میں حکومت کی معاشی ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر خزانہ، مشیر تجارت، مشیر اصلاحات، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سمیت وفاقی وزرا نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے، اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو معاشی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تعمیرات سیکٹر اور صنعتوں کو جلد ٹیکس مراعات دیے جائیں گے۔ اجلاس میں اسٹیل اور سیمنٹ کی صنعتوں کے سیلز ٹیکس کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، وزیر اعظم نے مشیر خزانہ کو اگلے ہفتے تک لائحہ عمل سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ اور بحالی پر بھی مشاورت کی اور تعمیرات سیکٹر کو مراعات دینے کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اس دوران وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا گیا کہ 687 بند یونٹس کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کیے جا سکتے ہیں، پبلک پرا ئیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بحالی ممکن ہے۔

    وزیر اعظم نے بند یونٹس کی بحالی کے لیے 60 دن کے اندر منصوبہ بندی کی ہدایت کی، اور کہا یونٹس کی بحالی کے لیے قوانین اور انتظامی اصلاحات کو مکمل کیا جائے، اور پرائیویٹ سیکٹر کو ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے شامل کیا جائے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ سرمایہ کاروں کو دقت کا سامنا نہ ہو۔

    ان کا کہنا تھا ہمارا مقصد ہے کہ سرمایہ کار بغیر ہچکچاہٹ کے سرمایہ کاری کر سکیں، روزگار کے مواقع کے لیے مقامی چھوٹے صنعتی یونٹس کو ترجیح دی جائے۔

  • مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    بیجنگ: مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

    چین نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاک چین قیادت اس بات پر متفق تھی کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، چین نے کہا دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات تسلیم کرے۔

    پاکستان اور چین نے سی پیک کی جلد سے جلد تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا، چین نے اس حوالے سے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں صنعتی اور معاشی ترقی ہوگی، گوادر پورٹ بہتر سہولتوں کے بعد جلد خطے کا تجارتی مرکز بنے گا۔

    دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے مفادات پر مکمل تعاون کا عزم بھی کیا،وزیر اعظم عمران خان چین کا دورہ مکمل کر کے وطن روانہ ہو گئے ہیں۔

  • پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر اعظم نے پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، انھوں نے کہا پاک چین شراکت داری بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے، یہ شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوش حالی کا سبب ہے۔

    چینی وزیر اعظم لی کے چیانگ نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، اور معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال

    دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شان دار استقبال کیا گیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کو سی پیک منصوبوں اور گوادر کے ترقیاتی کاموں میں میں تیزی سے متعلق آگاہ کیا۔

    ملاقات میں معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوطی کے لیے مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے، دونوں رہنماؤں نے ریلویز، اسٹیل، آئل اینڈ گیس اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، دو طرفہ حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔

    دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کو تقویت دینے کےعزم کا بھی اظہار کیا گیا، دریں اثنا، چینی وزیر اعظم نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے، دو طرفہ مذاکرات کے بعد چینی وزیر اعظم نے گریٹ ہال میں ظہرانہ دیا۔ جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کے 70 ویں قومی دن پر مبارک باد پیش کی۔

  • 2005 کے زلزلے میں قوم نے قربانی کے مثالی جذبے کا مظاہرہ کیا: وزیر اعظم عمران خان

    2005 کے زلزلے میں قوم نے قربانی کے مثالی جذبے کا مظاہرہ کیا: وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آج 2005 کے زلزلے کے 14 سال مکمل ہونے پر زلزلے کی یاد میں پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس زلزلے میں قوم نے قربانی کے مثالی جذبے کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج دو ہزار پانچ کے تباہ کن زلزلے کو چودہ سال مکمل ہو گئے ہیں، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے پیغام جاری کیا، انھوں نے زلزلے میں پیاروں کو کھونے والے متاثرین سے اظہار تعزیت کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا زلزلے نے تباہی، درد اور غم کی ناقابل فراموش یادیں چھوڑیں، لیکن پاکستانی قوم نے بھی قربانی، انسان دوستی اور مثالی جذبے کا مظاہرہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا اس وقت جو نظام تھا وہ صورت حال سنبھالنے کے قابل نہ تھا، ہم نے پارلیمنٹ کے ذریعے مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کو قائم کیا، نظام کو مزید اصلاح اور مستحکم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

    تازہ ترین:  پاکستان کی تاریخ کے تباہ کن زلزلے کو 14 برس بیت گئے

    وزیر اعظم نے کہا حالیہ زلزلے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، متاثرہ علاقوں میں مکمل بحالی تک ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہیں گے، حکومت مؤثر تیاری سے تباہی سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

    انھوں نے مزید کہا 8 اکتوبر کا دن تیاری، حفاظت، خود انحصاری کے پیغام کو بھی عام کرے گا، امید ہے عوام ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ میں زیادہ معلومات لیں گے۔

    واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2005 کو آزاد کشمیر اور خیبر پختون خوا میں آنے والے تباہ کن زلزلے کو آج 14 برس بیت گئے۔ اس اندوہ ناک سانحے میں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، اس قیامت صغریٰ میں بلند و بالا عمارتیں مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی تھیں، 7.6 شدت کے زلزلے نے کئی شہروں کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیا تھا۔

  • کراچی کے جزائر، اسلام آباد میں بلند عمارتوں کی تعمیر پر جائزہ اجلاس

    کراچی کے جزائر، اسلام آباد میں بلند عمارتوں کی تعمیر پر جائزہ اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد اور کراچی میں نئے مقامات پر تعمیرات کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کراچی کے بندال جزیرے اور اسلام آباد نیو بلیو ایریا کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جزائر اور اسلام آباد میں نئی بلند عمارتوں کی تعمیر کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں علی زیدی، فردوس عاشق اعوان، زبیر گیلانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پورٹ قاسم کراچی کی حدود میں موجود جزائر کی تعمیر کے لیے جامع پلان پر غور کیا گیا، کراچی کے مضافاتی علاقوں کی تعمیر پر پلان وزیر اعظم کو پیش کیا گیا، بتایا گیا کہ یہ پلان معیاری ہاؤسنگ منصوبے اور سرمایہ کاری میں دل چسپی رکھنے والوں کو سہولت دے گا۔

    اجلاس میں اسلام آباد میں بلیو ایریا کی ترقی سے متعلق بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گھروں کی ضرورت پوری کرنے کے لیے بلند عمارتوں کی تعمیر ترجیح ہونی چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم کا کہنا تھا بڑھتی آبادی کے پیش نظر بلند عمارتوں کی تعمیر ضروری ہے، اس سلسلے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک اجلاس میں تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی اصولی منظوری دی تھی، اجلاس میں تعمیرات سے متعلق اجازت ناموں اور این او سیز کی شرائط کم کرنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ کثیر المنزلہ عمارات کے لیے سی اے اے کی اجازت کی شرط بھی ختم کر دی گئی تھی۔

  • سعودی ولی عہد نے پاکستان سے ثالثی کی درخواست نہیں کی، حکومتی ترجمان

    سعودی ولی عہد نے پاکستان سے ثالثی کی درخواست نہیں کی، حکومتی ترجمان

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہدنےپاکستان سےثالثی کی درخواست نہیں کی،وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر مقامی ہفتہ وارمیگزین کی رپورٹ بےبنیادہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان،سعودی عرب کی قیادت کےتعلقات انتہائی خوشگواراوربرادرانہ ہیں، رپورٹ پاک سعودی تعلقات سبوتاژ کرنےکی کوشش ظاہرہوتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے لیے سعودی ولی عہدکاطیارہ واپس کینیڈایانیو یارک واپس نہیں بلایاگیاتھا۔ ساتھ ہی ساتھ ترک،ملائیشین رہنماؤں سےوزیراعظم کی ملاقات پرپیش کردہ نظریہ بھی بےبنیادہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہرپورٹ میں وزیراعظم کی کامیاب ملاقاتیں کمزورکرنےکی کوشش کی گئی ہے ،امریکی ہفت روزہ میں شائع خبرمیں کوئی صداقت نہیں،امریکی ہفت روزہ میں شائع خبربےبنیاد،ذاتی خواہشات پرمبنی ہے۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہفتہ وار میگزین کی یہ خبروزیراعظم کی ترک،ملائیشین رہنماؤں سےملاقات کےتناظرمیں بنائی گئی ہے ، پاکستان،سعودی عرب کےقریبی اوربرادرانہ تعلقات ہیں۔لوگ ذاتی مفادکے لیے ایسی بےبنیاد،من گھڑت خبریں دیتےہیں جن کا مقصد دونوں برادرممالک میں تفریق پیداکرناہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کی تھیں اور دنیا کے سامنے پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا تھا۔

    وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے اختتام پر عالمی میڈیا نے وزیر اعظم پاکستان کے دورہ کو خصوصی اہمیت دی تھی بالخصوص ان کی اقوام متحدہ کے اجلاس میں تقریر کے بے پناہ سراہا گیا تھا۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی، شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس نے کابینہ میں پیش کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار جاری کر دیے، شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے۔

    وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زاید شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فی صد شکایات حل کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فی صد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فی صد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

    تازہ ترین:  سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    خیبر پختون خوا حکومت نے 87 فی صد اور پنجاب نے 88 فی صد شکایات حل کیں، بلوچستان 79 فی صد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فی صد شکایات حل کیں۔

    دوسری طرف شہریوں کی شکایات پر متعدد سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی گئی، سٹیزن پورٹل کے ذریعے شکایت پر سی ڈی اے (کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی) کے ڈی جی کو معطل کیا گیا، پنجاب میں پولیس افسران کی معطلی سمیت 2 ڈی سیز کو شو کاز دیے گئے، پنجاب کے 3 ڈپٹی کمشنرز اور 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو معطل کیا گیا، 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی دیوالیہ ہونے پر سعودی عرب میں پھنسنے والی لڑکی کو بھی واپس لایا گیا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے سٹیزن پورٹل کی کارکردگی کو سراہا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سٹیزن پورٹل سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے، اس پورٹل کا مقصد عوام اور حکومت کا براہ راست رابطہ قایم کرنا ہے۔

  • وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    اسلام آباد: ملک میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے نا خوش گوار واقعات کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کر لیا، انھوں نے میرا بچہ الرٹ نامی ایپلی کیشن کی تیاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کے اغوا اور گم شدگی کیسز کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے ایک خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن 2 ہفتے میں تیار کر لی جائے گی، اس ایپلی کیشن کی مدد سے گم شدہ بچے کے درج کوائف فوری طور پر پولیس تک پہنچ جائیں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ میرا بچہ الرٹ ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی، اس اقدام سے کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس پر پیش رفت کے سلسلے میں نظر رکھی جا سکے گی۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی، نا خوش گوار واقعات کی تحقیقات میں بڑی کام یابی ملی ہے، اس کام یابی سے ایسے مکروہ فعل میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ بچوں سے متعلق واقعات کو معاشرتی وجوہ کے سبب سامنے نہیں لایا جاتا، تاہم موجودہ حکومت معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔

    انھوں نے کہا ایسے مکروہ اور بھیانک جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

  • معاشی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    معاشی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے، پیداوار کے حامل منصوبوں کو رکاوٹیں دور کر کے جلد مکمل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت رزاق داؤد، وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار سمیت فردوس عاشق اور چیئرمین این ڈی ایم اے شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کاروباری برادری کو تحفظ فراہم کیے بغیر معیشت پنپ نہیں سکتی، تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اعتماد بڑھانا ہوگا، خواتین کو بھی اقتصادی ترقی میں شراکت داری کے لیے مراعات دی جائیں۔

    دریں اثنا، اجلاس میں پائیدار نمو اور ملکی معاشی استحکام کے لیے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور پیداواری صلاحیت میں اضافے، کاروبار میں آسانی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے پر مشاورت کی گئی۔

    وزیر اعظم کو اجلاس میں موجودہ اور ممکنہ سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہی دی گئی، غربت کےخاتمے، انفرا اسٹرکچر، مواصلاتی نظام کی ترقی کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور منصوبوں کی بر وقت تکمیل پر بھی مشاورت کی گئی۔

    اس دوران شرکا کو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم نے غریب طبقات کو احساس پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی، اور ملک کی متوازن معاشی ترقی میں خواتین کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

    معاشی ٹیم نے وزیر اعظم کو پاکستان اسٹیل ملز کے مجوزہ لیز پلان پر بھی بریفنگ دی اور انھیں لیز پلان میں روسی اور چینی کمپنیوں کی دل چسپی کے بارے میں آگاہ کیا، وزیر اعظم نے اسٹیل مل کے مجوزہ لیز پلان سے متعلق جامع منصوبہ تیار کرنے اور ایک ہفتے میں رپورٹ دینے کی ہدایت کی۔

  • سیاسی مخالفین بھی وزیر اعظم کے خطاب کی تعریف پر مجبور

    سیاسی مخالفین بھی وزیر اعظم کے خطاب کی تعریف پر مجبور

    نارووال: مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی غیاث الدین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کی تعریف کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے تو اپنے مخالفین بھی عمران خان کے یو این میں خطاب کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں، ن لیگی ایم پی اے غیاث الدین نے بھی تقریر کی تعریف کر دی۔

    غیاث الدین نے کہا اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان نے عالمی قوتوں کے ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔

    ن لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان نے مودی کا چہرہ بے نقاب کر دیا، وزیر اعظم نے کشمیریوں کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    ایم پی اے غیاث الدین نے اعتراف کیا کہ وزیر اعظم عمران خان اسلامی دنیا کے لیڈر بن گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں دنیا پر واضح کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر بد ترین مظالم ڈھا رہا ہے، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا پڑے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ صرف ایک اسلام ہے، مغربی رہنماؤں نے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا، اسلامو فوبیا سے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی، اللہ کے رسول ہمارے دلوں میں رہتے ہیں، ہولوکاسٹ کے بارے میں احتیاط کی جاتی ہے کہ یہودیوں کو تکلیف ہوتی ہے، ہم بھی چاہتے ہیں اللہ کے رسول کی عزت کی جائے، توہین رسالت سے مسلمانوں کے دلوں میں تکلیف ہوتی ہے۔