Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم عمران خان سے طیب اردوان اور حسن روحانی کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے طیب اردوان اور حسن روحانی کی ملاقات

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان سے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ایرانی صدر حسن روحانی نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج نیویارک میں 74 ویں یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ترکی اور ایران کے صدور نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    ترک صدر اردوان اور عمران خان ملاقات میں تزویراتی معاشی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے ترک صدر کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر اعظم نے پاکستان اور ایران کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، اور کشمیر کی حمایت پر ایرانی سپریم لیڈر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم آج اقوام متحدہ کے74ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے افتتاح میں شرکت کریں گے

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ اقوام متحدہ میں آج کی مصروفیات کے شیڈول کے مطابق وزیر اعظم اقوام متحدہ کے 74 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    شیڈول کے مطابق وزیر اعظم مصر اور ایتھوپیا کے صدور سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈر آرڈن سے بھی ملاقات طے ہے۔

    وزیر اعظم یو این سیکریٹری جنرل کی جانب سے ظہرانے میں شریک ہوں گے، او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، امریکی صدر کی جانب سے استقبالیہ میں بھی شریک ہوں گے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی بورس جانسن سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر بات چیت

    وزیر اعظم عمران خان کی بورس جانسن سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر بات چیت

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں آج وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں انھوں نے بورس جانسن کو کشمیر پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

    ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کو ممکن بنایا جائے۔

    تازہ ترین:  عمران خان اور امریکی صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس کا احوال

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو سمیت تمام پابندیاں اٹھانے پر زور دیا۔

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ اس صورت حال سے آگاہ ہے اور خود کو آیندہ بھی آگاہ رکھے گا۔ دریں اثنا، دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

    ملاقات میں برطانوی شاہی جوڑے کے دورۂ پاکستان پر بھی بات ہوئی، علاوہ ازیں دو طرفہ معاملات، ایران سے تناؤ اور افغان امن عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔

    قبل ازیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم خطے کو جنگ کی آگ سے بچانے کے لیے امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں، ٹرمپ ثالثی کی پیش کش کرتے ہیں، اور بھارت فرار ہوتا ہے۔

    امریکی صدر نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سربراہان 3 دنوں میں ملنا چاہتے ہیں لیکن میں عمران خان سے ملنا چاہتا تھا، میں عمران خان پر بہت اعتماد کرتا ہوں وہ بہترین وزیر اعظم ہیں۔

  • عمران خان پر اعتماد ہے، مودی سے اچھے تعلقات ہیں، ثالثی کی پیش کش پر قائم ہوں: ٹرمپ

    عمران خان پر اعتماد ہے، مودی سے اچھے تعلقات ہیں، ثالثی کی پیش کش پر قائم ہوں: ٹرمپ

    نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ایک مرتبہ پھر ثالثی کی پیش کش کر دی ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے، طالبان اور افغانستان کی صورت حال پر بھی گفتگو ہو رہی ہے، پاکستان کے ساتھ تجارت کو بھی مزید بڑھایا جائے گا۔

    [bs-quote quote=”مجھ سے پہلے امریکی قیادت نے پاکستان سے برا سلوک کیا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ٹرمپ”][/bs-quote]

    امریکی صدر نے ثالثی سے متعلق سوال پر کہا کہ میں اپنی پیش کش پر قایم ہوں، اگر میری پیش کش سے مسئلہ حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں، کئی اہم معاملات میں ثالثی کی، جب بھی ثالثی کی ہمیشہ کام یاب رہا ہوں۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور مودی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، عمران خان پر بہت اعتماد کرتا ہوں، پاکستان کے عوام پر اعتماد ہے، ان کی پاکستان میں بہت عزت ہے، وہ بہترین وزیر اعظم اور اچھے دوست ہیں، عظیم لیڈر ہیں اور بڑے کام کرنا چاہتے ہیں۔

    تازہ ترین:  امریکا کو افغانستان میں امن کے لیے اپنی فوج نکالنا ہوگی: عمران خان

    انھوں نے کہا مجھ سے پہلے امریکی قیادت نے پاکستان سے برا سلوک کیا، پہلے امریکی قیادت کو معلوم نہیں تھا پاکستان سے کیسے تعلقات رکھیں، جس طرح میں دیکھتا ہوں اس طرح کبھی پاکستان کو مثبت نگاہ سے نہیں دیکھا گیا، امن کے لیے عمران خان جیسی قیادت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

    ٹرمپ نے مزید کہا اچھا ہوگا پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے قریب آئیں، دونوں ایک دوسرے کے قریب نہ آئے تو اچھے نتایج نہیں ہوں گے، میں نے سنا ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑے قدم اٹھائے، پہلے دن سے کہہ رہا ہوں پاکستان نہیں ایران خطے میں دہشت گردی کا مرکز ہے۔

    تازہ ترین:  گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فی صد سے بھی کم ہے: وزیر اعظم

    امریکی صدر نے کہا مجھے نوبل پرائز بہت سی مزید چیزوں سے مل سکتا ہے، بہت سربراہان 3 دنوں میں ملنا چاہتے ہیں لیکن میں عمران خان سے ملنا چاہتا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ امریکی صدر سے افغانستان کی صورت حال پر بات چیت ہوئی ہے، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گفتگو ہوئی، ٹرمپ دنیا کے سب سے طاقت ور ملک کے سربراہ ہیں، ہم خطے کو جنگ کی آگ سے بچانے کے لیے امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ ٹرمپ ثالثی کی پیش کش کرتے ہیں، اور بھارت فرار ہوتا ہے، امریکی صدر سے مسئلہ کشمیر پر مزید بات چیت کریں گے۔

  • گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فی صد سے بھی کم ہے: وزیر اعظم

    گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فی صد سے بھی کم ہے: وزیر اعظم

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی پر کوئی ملک اکیلے کچھ نہیں کر سکتا، گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فی صد سے بھی کم ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی موسمیاتی تبدیلی پر ساری دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثرہ ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے موسمیاتی ہجرت وجود میں آ رہی ہے، گلوبل وارمنگ سے جو ممالک متاثر نہیں وہ مسئلے کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔

    تازہ ترین:  امریکا کو افغانستان میں امن کے لیے اپنی فوج نکالنا ہوگی: عمران خان

    عمران خان نے کہا آج بہت سے ملک معاملے کی سنجیدگی کو نہیں سمجھ رہے، دنیا کو سوچنا ہوگا گلوبل وارمنگ انفرادی نہیں اجتماعی مسئلہ ہے۔

    انھوں نے کہا میں آج طاقت ور ملکوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں، یہ انسانی صلاحیت ہے کہ جب وہ کسی چیلنج کو قبول کرتا ہے تو وہ اسے پورا کر لیتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا ہمارے دریاؤں کا 80 فی صد پانی گلیشیئرز سے آتا ہے، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے 5 ہزار نئی جھیلیں وجود میں آ چکی ہیں، ہمارے گلیشیئرز انتہائی تیزی سے پگھل رہے ہیں، اسی لیے ہم نے بلین ٹری منصوبہ شروع کیا۔

    انھوں نے مزید کہا پاکستان نے گزشتہ 5 سال میں ڈیڑھ ارب درخت لگائے، آیندہ 10 سالوں میں مزید 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے۔

  • امریکا کو افغانستان میں امن کے لیے اپنی فوج نکالنا ہوگی: عمران خان

    امریکا کو افغانستان میں امن کے لیے اپنی فوج نکالنا ہوگی: عمران خان

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد پاکستان کا دہشت گردی کی جنگ کا حصہ بننا تاریخی غلطی تھی، 2008 میں امریکا آ کر کہا تھا افغانستان کا کوئی جنگی حل نہیں، امریکا کو افغانستان میں امن کے لیے اپنی فوج نکالنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان نیو یارک میں فارن ریلیشن کونسل میں اظہار خیال کر رہے تھے، انھوں نے افغانستان اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق پاک امریکا تعلقات پر گہری نگاہ ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دہشت گردی کی جنگ کا حصہ بننا بڑی غلطی تھی، روس کے خلاف جنگ میں جہادیوں کو ہیرو بنایا گیا تھا، نائن الیون کے بعد پھر ہماری ضرورت پڑی، ہمیں کہا گیا جہادیوں کے خلاف جنگ کریں۔

    انھوں نے کہا کہ سوویت یونین کے خلاف جہاد کے لیے مجاہدین گروپس کو یک جا کیا، جنگ ختم ہونے پر امریکا نے اُن گروہوں کو پاکستان پر چھوڑ دیا، نائن الیون کے بعد امریکی جنگ کا حصہ بننا پاکستان کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے گروہوں کو پہلے یہ بتایا غیر ملکی طاقتوں سے لڑنا جہاد ہے، اب امریکا کہتا ہے غیر ملکیوں سے نہ لڑنا جہاد ہے۔

    عمران خان نے کہا افغانستان کے حالات بہتر کرنا ہے، باڑ روکنا ہے تو 27 لاکھ مہاجرین واپس لے، افغان امن ڈیل پر دستخط ہونے والے تھے کہ ٹرمپ کے فیصلہ بدلنے کا پتا چلا، جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا، امریکا کو افغانستان میں امن کے لیے اپنی فوج نکالنا ہوگی، افغانستان 40 سال سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے، اب امن کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن افغانوں کا حق ہے، طالبان آج 2010 سے زیادہ مضبوط ہیں، جب رچرڈ ہالبروک سے مذاکرات ہوئے تھے، دنیا کو معلوم ہونا چاہیے آج کے طالبان 2001 والے طالبان نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا واحد حل جنگ بندی اور مذاکرات ہیں، میرا نہیں خیال طالبان پورے افغانستان پر قبضہ کر سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا طالبان سے مذاکرات کی بحالی کے لیے ٹرمپ سے بات کروں گا، افغان ڈیل پر دستخط ہوتے تو میں طالبان قیادت اور افغان حکومت کی ملاقات کراتا، خواہش ہے امریکا کی جانب سے طالبان ڈیل ختم کرنے سے پہلے ہم سے مشاورت کر لی جاتی،  ہو سکتا ہے صدر ٹرمپ نے دہشت گرد حملے کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا ہو، جب جنگ اور مذاکرات ساتھ ساتھ ہوں تو ایسے واقعات کا خدشہ رہتا ہے۔

    عمران خان نے کہا واضح کرنا چاہتا ہوں اسلام دو نہیں ایک ہے، انتہا پسند یا معتدل اسلام جیسی اصطلاحوں کو مسترد کرتا ہوں، اسلام اقلیتوں کو تحفظ دیتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سایوں کے ساتھ امن پالیسی میں فوج کی حمایت حاصل رہی ہے، ہم کرتارپور کھول رہے ہیں، فوج ہمارے خلاف ہوتی تو مزاحمت کرتی، میں اشرف غنی سے بات اور مذاکرات کرتا ہوں، فوج کو کوئی اعتراض نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 200 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا۔

    عمران خان نے کہا فوج نے سیکورٹی ایشوز کے باوجود حکومتی اقدامات کی حمایت کی، میں نے سادگی اختیار کی، پاک فوج نے اپنے بجٹ میں کٹوتی کی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فوج نے دفاعی بجٹ میں کمی کا اعلان کیا۔

    ان کا کہنا تھا جمہوری حکومتوں میں اخلاقیات کی بنیاد پر حکمرانی ہوتی ہے، جمہوریت اخلاقی اقدار چھوڑ دے تو اختیار فوج کی جانب چلا جاتا ہے، جمہوری اقدار کے کرپٹ حکمرانوں کے باعث انھوں نے حق حکمرانی کھویا۔

    وزیر اعظم نے کہا چین نے 450 حکومتی اہل کاروں کو کرپشن پر جیل میں ڈالا، میری خواہش ہے میں بھی پاکستان میں ایساہی کرتا، کاش کرپٹ حکمرانوں کے ساتھ وہ کر سکتا جس طرح چین نے کیا، 30 سالوں میں 70 کروڑ افراد کو چین نے غربت سے نکالا، چین کا اصل فوکس تجارت پر ہے، چین نے ایسی کوئی ڈیمانڈ نہیں رکھی جس سے ہماری سالمیت کو خطرہ ہو، چین نے کبھی ہماری خارجہ پالیسی اور داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کی۔

  • وزیر اعظم کا سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ ہونے پر ساتھ کھڑے ہونے کا عزم

    وزیر اعظم کا سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ ہونے پر ساتھ کھڑے ہونے کا عزم

    جدہ: وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں وزیر اعظم پاکستان نے سعودی فرماں روا سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کے ساتھ باہمی دل چسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سعودی تیل کی رسدگاہوں پر حملے کی مذمت کی اور سلامتی کو خطرے پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم دہرایا۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے شاہ سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ لیکن تشویش ناک صورت حال سے بھی آگاہ کیا، جس پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسئلہ کشمیر پر دیرینہ حمایت اور یک جہتی کا اظہار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  عمران خان، محمد بن سلمان ملاقات، وزیر اعظم نے کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا

    اس اہم ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور زلفی بخاری و دیگر بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر گئے تھے، آج وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔

    گزشتہ روز انھوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، اور انھیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا، وزیر اعظم نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کی بھی شدید مذمت کی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے سلسلے میں 18 دو طرفہ ملاقاتوں کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان امریکی دورے کے موقع پر متعدد اہم ملاقاتیں کریں گے، اس سلسلے میں تفصیلی شیڈول تیار کر لیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کل سعودی عرب سے امریکا روانہ ہوں گے، ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم 10 سے زاید ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شیڈول کے مطابق وزیر اعظم کی امریکا میں ورلڈ بینک کے صدر سے اہم ملاقات ہوگی، وہ مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس سے بھی ملاقات کریں گے۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ذرایع نے شیڈول سے متعلق بتایا تھا کہ وزیر اعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 2 ملاقاتیں طے ہیں، امریکی صدر سے پہلی ملاقات ظہرانے کے بعد جب کہ دوسری ملاقات ہائی ٹی کے موقع پر ہوگی۔

    خیال رہے کہ دورہ امریکا کی تیاریوں کے سلسلے میں اس بات پر بھی مشاورت کی گئی تھی کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

    اس کے علاوہ نریندر مودی کے خلاف جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران شدید احتجاج کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں ہیں، دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

  • تعلقات میں پیش رفت، پاک افغان بارڈر 24 گھنٹے کھلا رہے گا

    تعلقات میں پیش رفت، پاک افغان بارڈر 24 گھنٹے کھلا رہے گا

    اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ملکوں نے پاک افغان بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان بارڈر 24 گھنٹے کھلا رہے گا، دونوں ممالک میں دو طرفہ تجارت ہفتے میں ساتوں دن 24 گھنٹے ہوگی۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان آج طور خم بارڈر کا افتتاح کریں گے، وزیر اعظم بارڈر کو 24 گھنٹے کے لیے کھولنے کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سرحد پار افغان حکام بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے، طور خم بارڈر کو 24 گھنٹے تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھلا رکھا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے طور خم بارڈر کا ہنگامی دورہ کر کے وہاں سرحد کو 24 گھنٹے کھولنے سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک افغان سرحد 24 گھنٹے آمد و رفت کے لیے کھلی رکھنے کے لیے انتظامات

    کہا جا رہا ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی اور وسطی ایشیا تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

    خیال رہے کہ درّہ خیبر کا مقام اس خطے میں صدیوں سے تجارتی مرکز رہا ہے، پاک افغان سرحد کھولنے سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔

    سرحد کھلی رکھنے کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 79 ملین روپے فراہم کیے گئے تھے۔

    دونوں اطراف کاؤنٹرز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 24 کر دی گئی ہے، ایمیگریشن اور کسٹم حکام کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے، عوام کے لیے پیدل راہ داری پر بھی کام کیا گیا۔

  • اداروں کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے، وزیراعظم

    اداروں کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اداروں کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے، عوام کو حکومتی پالیسی اور ان اقدامات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں مشیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے، وزیر منصوبہ بندی، وزیر اقتصادی امور، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    معاشی ٹیم کے اجلاس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی، معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو معیشت کی بتہری کے لیے اقدامات کے اثرات پر بریفنگ دی، معاشی ٹیم نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

    وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، برآمدات اور درآمدات کی مد میں تجارتی خسارے میں 38 فیصد کمی ہوئی ہے، ٹیکسوں کی وصولیوں میں بہتری، ٹیکس نیٹ میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، نجی کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزارتیں سہ ماہی اہداف، کامیابیوں کے جانچ کے لیے طریقہ کار وضع کریں، طے شدہ اہداف کی تکمیل مقرر کردہ وقت میں مکمل کی جائیں، زراعت کے شعبے سے وابستہ افراد پالیسیوں سے استفادہ کریں۔

    عمران خان نے کہا کہ چھوٹی، درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے، حکومت ایس ایم ایز کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے، بند کارخانوں اور صنعتی یونٹس کی بحالی شروع کی جائے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل بینک، اسٹیٹ بینک ودیگر متعلقہ اداروں میں رابطوں کو بہتر کیا جائے، بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے لے فوری لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

  • رشین بینک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش، ڈائریکٹر کی وزیر اعظم سے ملاقات

    رشین بینک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش، ڈائریکٹر کی وزیر اعظم سے ملاقات

    اسلام آباد: روس کے بینک ایکسپو بینک رشیا نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کر دیا، ڈائریکٹر بینک نے وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان سے ایکسپو بینک رشیا کے ڈائریکٹر ایگور ولادیمیرووِچ کِم نے ملاقات کی، یہ ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم آفس میں ہوئی۔

    ملاقات میں وفاقی وزیر نج کاری محمد میاں سومرو، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

    روسی بینک کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا، وزیر اعظم عمران خان نے سرمایہ کاری کی خواہش کا خیر مقدم کیا۔

    وزیر اعظم نے رشین بینک ڈائریکٹر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی

    واضح رہے کہ آج تعمیراتی شعبے سے متعلق اجلاس وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعمیرات کے شعبے میں کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گی، اس سلسلے میں پالیسی، قوانین اور قواعد کو آسان بنایا جا رہا ہے، مطلوبہ اجازت ناموں کا حصول آسان ہو جائے گا۔

    زوننگ اور تعمیرات کے ذیلی قوانین پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں بڑے شہروں اور سرکاری اراضی کار یکارڈ ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، لانگ ٹرم پلان میں ملک بھر میں اراضی کا ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جائے گا۔