Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • اقتصادی زونز کے جلد قیام کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں: وزیر اعظم کی محکموں کو ہدایت

    اقتصادی زونز کے جلد قیام کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں: وزیر اعظم کی محکموں کو ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی محکموں کو اقتصادی زونز کے قیام کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب اور خیبر پختون خوا میں قایم اقتصادی زونز کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعظم کو دونوں صوبوں میں قایم اقتصادی زونز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان، عمر ایوب، عبد الرزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، صوبائی وزیر صنعت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مشیر تجارت آلات اور مشینری پر ٹیکس چھوٹ کی رپورٹ فراہم کریں۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو روزگار ملے گا۔

    قبل ازیں، اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد منصوبہ دسمبر تک مکمل کیا جائے گا، قائداعظم اپیرل پارک اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ مارچ 2020 تک مکمل ہوگا، رشکئی اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل ہوگا۔

    اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے کاٹیج بزنس ریذیڈنٹ پارکس کے قیام کی تجویز دی گئی، بریفنگ میں کہا گیا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ پنجاب کے 10 اضلاع سے شروع ہوگا، بتدریج اضافہ کر کے اس منصوبے کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ اس منصوبے سے مختلف شہروں کی مخصوص صنعتوں کو فرو غ حاصل ہوگا، خواتین کو اپنی ہی چھت تلے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم کو پنجاب میں ہیلتھ سٹی کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے اسپتالوں میں استعمال درآمد آلات پر ٹیکس چھوٹ کی تفصیلات طلب کر لیں۔

  • وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ملاقات: عثمان بزدار نے پولیس اصلاحات سے آگاہ کیا

    وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ملاقات: عثمان بزدار نے پولیس اصلاحات سے آگاہ کیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی ہے، جس میں پنجاب حکومت سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انھیں صوبے میں پولیس اصلاحات سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں پولیس کی کارکردگی سے سخت ناخوش تھے، جس پر انھوں نے وزیر اعلیٰ کو اسلام آباد طلب کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں پنجاب پولیس ریفارمز کے معاملے پر وزیراعظم کو ون آن ون ملاقات میں بریفنگ دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم پنجاب پولیس کی کارکردگی سے ناخوش ، وزیراعلیٰ پنجاب کواسلام آباد طلب کرلیا

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے پنجاب میں پولیس گردی کے واقعات پر شدید ناراضگی اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    یاد رہے پنجاب میں 8 ماہ میں پولیس کی حراست میں 17 ملزمان کی ہلاکتوں کا انکشاف ہوا تھا ، ذرایع کے مطابق 14 ہلاکتوں پر 84 پولیس افسران و اہل کاروں کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں، پنجاب پولیس ناقص کارکردگی کو بچانے کے لیے واقعات کو دبانے پر مصروف عمل ہے۔

    آج وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ پولیس تشدد اور ٹارچر کے لیے نہیں عوام کی خدمت کے لیے ہے، پنجاب پولیس میں کچھ اصلاحات فوری اور کچھ لانگ ٹرم میں لائیں گے، آیندہ کبھی ٹارچرسیل ملا تو ڈی ایس پی اور ڈی پی او پر مقدمہ ہوگا۔

  • کراچی کے مسائل پر خصوصی کمیٹی اپنی تجاویز ہفتے کو وزیر اعظم کو پیش کرے گی

    کراچی کے مسائل پر خصوصی کمیٹی اپنی تجاویز ہفتے کو وزیر اعظم کو پیش کرے گی

    کراچی: شہر قائد کے دیرینہ اور پریشان کن مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر قایم کی گئی اسٹریٹیجک کمیٹی اپنی تجاویز ہفتے کو عمران خان کے سامنے رکھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ سے شہر قائد کے مسائل پر فروغ نسیم کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے ملاقات کی، یہ کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بنائی۔

    اسٹریٹیجک کمیٹی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو شہر کے مسائل کے حل سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر گورنر سندھ نے بھی مسائل کے حل کے لیے کمیٹی کو اہم تجاویز دیں۔

    ملاقات میں وفاق کے تحت کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی، فراہمی اور نکاسیٔ آب، ماس ٹرانزٹ اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیل یہاں پڑھیں: کراچی کو تباہی سے بچانا ہے تو ۔۔۔۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق اسٹریٹیجک کمیٹی کراچی کے مسائل پر تجاویز ہفتے کو وزیر اعظم کے سامنے رکھے گی۔

    یاد رہے دو دن قبل کراچی میں مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت اسٹریٹیجک کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔

    اس اجلاس میں شہر میں صفائی اور دیگر اہم مسائل سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں فروغ نسیم نے بتایا کہ وزیر اعظم کی بنائی گئی کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں 6 ممبران ایم کیو ایم اور 6 پی ٹی آئی کے ہوں گے، حکومت کی یہ کمیٹی کراچی میں انتظامی مسائل کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

  • وزیراعظم کا مظفر آباد میں  جلسے کا اعلان ،  شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی

    وزیراعظم کا مظفر آباد میں جلسے کا اعلان ، شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے مظفر آباد جلسہ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی، مظفر آباد میں جلسہ 13 ستمبر کو نماز جمعہ کے بعد شروع ہوگا اور وزیراعظم جمعہ کو دوپہر 3 بجے کے بعد مظفرآباد جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مظفر آباد جلسے سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے مشاورت شروع کردی ہے اور جلسہ گاہ ، ریلیوں کی آمد، جلسے کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مظفر آباد جلسہ کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی ، جس کے مطابق مظفر آبادمیں جلسہ13 ستمبر کونماز جمعہ کےبعدشروع ہوگا ، وزیر اعظم عمران خان نماز جمعہ سے قبل مظفر آبادروانہ ہوں گے اور جمعہ کو دوپہر 3 بجے کے بعد مظفرآباد جلسے سے خطاب کریں گے۔

    مظفرآبادجلسےسے آزاد کشمیر کےرہنمابھی خطاب کریں گے جبکہ مانسہرہ سمیت  مختلف شہروں سے قافلے مظفر آباد پہنچیں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کا 13 ستمبر کو مظفرآباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 13 ستمبر کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ دنیا کو بتاؤں گا کہ وادی کشمیر پر بھارتی فوج کا قبضہ ہے، کشمیروں کو یقین دلاؤں گا کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    خیال رہے کہ 6 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تھا اور وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ پاکستان حق خود ارادیت دلانے کے لیے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر کے نہتے شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا اور مقبوضہ کشمیر میں طویل محاصرہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہے، ہماری افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ اور اسٹیٹ کونسلر وانگ ئی نے وفد کے ہم راہ ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ئی نے نائب وزیر خارجہ لو زاہوئی، پاکستان میں چینی سفیر یاو جِنگ اور دیگر سینئر چینی حکام کے ہم راہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر پلاننگ خسرو بختیاراور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے، ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کی مضبوطی سمیت علاقائی امور زیر بحث آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان، افغانستان اور چین کا انسداد دہشت گردی کے لئے مشترکہ اقدامات کا اعلان

    واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان اور چین نے مل کر انسداد دہشت گردی کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سہ ملکی مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔

    مذاکرات کے تیسرے دور کو حکومت نے مفید قرار دیا، جس میں باہمی تعلقات اور افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اور آیندہ سہ فریقی مذاکرات بیجنگ میں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات میں سیکورٹی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی، کہا چین ہمارا دوست اور بہترین ہم سایہ ہے، خطے میں استحکام کے لیے افغان امن عمل ناگزیر ہے، افغان امن عمل کی کام یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی نہایت مخدوش صورت حال سے متعلق ایک اہم ٹویٹ کر کے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا۔

    انھوں نے لکھا کہ دنیا اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی جیسا کہ 1938 میں میونخ میں ہوا، مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے، آج مودی کی بھارتی فورسز کا مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا 32 واں دن ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت عالمی اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، دنیا ان بھارتی مظالم پر کیوں خاموش ہے، کیا عالمی برادری میں انسانیت مر چکی ہے، عالمی برادری ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں کو دنیا میں کیا پیغام دے رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا کے عزائم دنیا پر آشکار ہو چکے ہیں، بھارتی ریاست آسام میں بھی ہندوتوا کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے، بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو قتل کیا، پیلٹ گنز سے زخمی کیا، کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، لوگوں کو گرفتار کر کے بھارت کی جیلوں میں ڈال دیا گیا۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اسپتالوں میں دوائیں ختم ہو گئی ہیں، بنیادی ضرورت کی چیزوں کی کمی ہو چکی ہے، جب کہ بلیک آؤٹ کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا سے چھپ گئے ہیں لیکن خوف ناک صورت حال کے باوجود عالمی میڈیا مظالم سامنے لا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دوسری طرف عالمی برادری وادی میں جاری ان مظالم پر خاموش ہے۔ وزیر اعظم نے سوال کیا کہ جب مسلمانوں پر ستم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں تو کیا اقوام عالم کی انسانیت دم توڑ دیتی ہے؟

  • چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر نے وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں اگست تک 579 ارب ریونیو اکٹھا کیا جا چکا ہے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 14.65 فی صد زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف بی آر کی کارکردگی اور اب تک ہونے والی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ رواں سال فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ 83 ہزار افراد کا اضافہ ہوا، 2017 میں یہ تعداد 1514817 تھی جواب 2561099 ہو گئی، ڈومیسٹک ٹیکس کلیکشن میں 28 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

    بریفنگ میں چیئرمین نے کہا کہ ایف بی آر اہل کاروں سے شخصی رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ختم کی جا رہی ہے، اور رجسٹریشن، ٹیکس سرٹیفکیٹ اجرا، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے معاملات کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے، آڈٹ سمیت دیگر مراحل کو بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔

    چیئرمین نے کہا کہ نادرا کی شراکت سے ’سہولت‘ ویب پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے، ایف بی آر کو موصول مالی تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی، شکایات کے ازالے کے لیے آن لائن نظام کو مزید مؤثر بنایا جا چکا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سالوں سے زیر التوا 16 ارب روپے ری فنڈز واپس کیے جا چکے ہیں، دکان داروں اور ریٹیلرز کے لیے ٹیکس سسٹم کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے، ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لیے ’ٹیکس آسان‘ کے نام سے موبائل ایپ کا اجرا کر دیا، ٹیکس کے فارمز کا اردو میں ترجمہ بھی کیا جا چکا ہے، ایف بی آر کی ویب سائٹ کو بھی اردو میں بنانے پر کام جاری ہے۔

    چیئرمین نے مزید بتایا کہ متحرک ٹیکس گزاروں کی فہرست کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، ایف بی آر تجارت میں سہولت کاری کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے، برآمدات آسان اسکیم کے تحت برآمدات کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مختلف کسٹم اسٹیشنز پر اسکینرز نصب کر دیے گئے ہیں، طور خم بارڈر پر کسٹم کی سہولت 24 گھنٹے فراہم کر دی گئی ہے، کرتارپور راہداری پر کسٹم آپریشنز آیندہ چند ہفتے میں شروع کر دیے جائیں گے، موبائل اسمگلنگ روک تھام سے متعلق اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈیکلیئر سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔

  • مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی

    مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی

    اسلام آباد: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی، دونوں ممالک نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی اور یو اے ای وزرائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور شیخ عبد اللہ بن زاید بن سلطان النہیان نے وزیر اعظم آفس میں عمران خان سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آؤٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے، نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا، انھوں نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر زور دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  امارات اور سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    انھوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی اقدامات کو واپس کرنے کے لیے دباؤ ڈالے، بھارت کی جارحانہ پالیسی کو ختم کرنے کے لیے بھی دباؤ ڈالا جائے، سعودی عرب، یو اے ای اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات یو این سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت کشمیر سے دنیا کی نظریں ہٹانے کے لیے جھوٹا آپریشن بھی کر سکتا ہے، بھارتی اقدامات خطے میں امن اور سیکورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔

    دریں اثنا، سعودی اور یو اے ای وزرائے نے کہا کہ وہ اپنی قیادت کی ہدایات کے مطابق پاکستان آئے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی، انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ملاقات میں خطے میں امن کے ماحول اور کشیدگی میں کمی کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • ایئر پورٹس پر بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولت

    ایئر پورٹس پر بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولت

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سول ایوی ایشن نے بزرگ ،خواتین اور خصوصی افراد کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کی خاطر اقدامات شروع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے باقائدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے ایئر پورٹس پر بزرگ افراد، نو مولود بچوں کے ہمرا ہ خواتین اور خصوصی افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    سول ایوی ایشن کی جانب سے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس کے لیے 9 نکاتی ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ حکم نامے کے تحت عمر رسیدہ، خصوصی افراد، اور خواتین جن کے ساتھ دو سال سے کم عمر بچے ہوں ، ان کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس مقصد کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر اعزازی سہولت کے کاونٹر بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے ایس ایف ،کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری ہے کہ تلاشی کے دوران مذکورہ بالا افراد کے سامان کا خیال رکھا جائے۔

    ساتھ ہی ساتھ عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کراچی سمیت مختلف ایئرپورٹس پر ملازمین اپنی سرکاری فرائض کی ادائیگی کے دوران موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کوئی بھی ملازم پان ،گٹکا یا نسوار کھاتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پاکستانی ہوا بازی کی مثبت شناخت اجاگر کرنے کے لیے عملے کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد اور روانگی کے کاونٹر پر ان سے خوش اخلاقی سے پیش آئے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ اور معاشرے کے مذکورہ بالا طبقات یعنی بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے ایئر پورٹس پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں جن پر عمل در آمد شروع ہوگیا ہے۔

  • وزیر اعظم نے نئے سٹیزن پورٹل متعارف کرانے سے گریز کی ہدایت کر دی

    وزیر اعظم نے نئے سٹیزن پورٹل متعارف کرانے سے گریز کی ہدایت کر دی

    پشاور: وزیر اعظم آفس کی جانب سے 41 محکمہ جات کو ہدایت نامہ ارسال کر کے نئے سٹیزن پورٹل کو متعارف کرانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے نئے سٹیزن پورٹل متعارف کرانے سے گریز کی ہدایت کر دی ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم آفس سے متعدد محکمہ جات کو ہدایت نامہ جاری کیا گیا۔

    ہدایت نامے کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم سٹیزن پورٹل ہی سے شہریوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں، محکمے 21 دن میں ضرورت کے مطابق پورٹل سے متعلق تجاویز دیں۔

    ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل 8 ہزار مختلف سرکاری محکموں سے منسلک ہے، اس پورٹل کے توسط سے اب تک 987140 شہریوں کی شکایات حل ہوئی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سول ایوی ایشن تھارٹی: سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی گئی

    واضح رہے کہ 23 اگست کو سِول ایوی ایشن اتھارٹی نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں مسافروں کی شکایات کے ازالے کے لیے سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دی تھی۔

    گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تھی، وزیر اعظم آفس کی جانب سے وزارتوں، محکموں اور ڈویژن کو مراسلہ جاری کر کے کہا گیا کہ سٹیزن پورٹل کی سہولت سے لوگوں کی بڑی تعداد ناواقف ہے، اس لیے عوام کو اس سلسلے میں بہتر طور پر آگاہ کیا جائے۔