Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا

    وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئے گی، وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کو چیئرپرسن فیڈرل لینڈ کمیشن نامزد کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی تعلیمی اداروں میں ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا، ریلوے بورڈ میں پرائیویٹ ممبران کی تعیناتی کی منطوری دی جائے گی۔

    اجلاس میں پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی تعیناتی اور ریئل اسٹیٹ ریگولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ آرڈیننس 2019 کی منظوری دی جائے گی۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پہلے اسلامی کلینڈر کو حتمی شکل دینے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی جائے گی، کشمیر پر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو کابینہ اجلاس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

    وفاقی کابینہ اجلاس، کشمیر سمیت اہم ایشوز پر تبادلہ خیال

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت جاری وفاقی کابینہ کا اجلاس میں کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

  • عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں: سابق را چیف کا اعتراف

    عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں: سابق را چیف کا اعتراف

    نئی دہلی: را کے سابق چیف نے بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی صلاحیتوں کا اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق چیف اے ایس دولت نے ہندو سینٹر آف پالیٹکس کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں۔

    اے ایس دولت نے کہا کہ فیصلہ سازی، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کے اعتبار سے عمران خان بے مثال شخصیت ہیں۔

    سابق ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ چیف نے اعتراف کیا کہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ ہے، بھارت بھی مان چکا ہے، آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، عمران خان ہی وہ شخصیت ہیں جن سے بات ہو سکتی ہے۔

    بدحواسی میں مودی نے کس طرح مسئلہ کشمیر کے دو طرفہ ہونے کا اعتراف کیا؟

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور پاکستان آرمی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں تعلقات مثالی ہیں، اس لیے وہ بہترین فیصلہ کر سکتے ہیں، یہ مثالی تعلقات ہمارے لیے بہتر ہیں۔

    اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ عمران خان فیصلے خود کرتے ہیں، سہاروں کے محتاج نہیں ہوتے، مودی سرکار عمران خان سے بات نہیں کر سکتی تو سدھو کو بھیج دے۔ یاد رہے کہ سابق کرکٹر سدھو نے کہا تھا کہ 73 سال کے بعد ایک فرشتہ عمران خان آیا ہے۔

    واضح رہے کہ اے ایس دولت اٹل بہاری واجپائی کے دور میں را کے سربراہ رہے تھے، بعد ازاں وہ کشمیر پر ان کے مشیر کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔

  • پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، کوشش کریں گے سکھوں کو ایئر پورٹ پر ویزے کی سہولت ملے، پاکستان آنے والے سکھوں کو ملٹی پل ویزے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں منعقدہ سکھ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے ہم ہر قسم کی آسانی پیدا کریں گے، پاکستان میں موجود اقلیتی برادری برابر کے شہری ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہم ڈائیلاگ کے ذریعے حل کر سکتے تھے، افسوس ہے ہماری پیش کش پر بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا، جنگ سے مسئلے حل نہیں کیے جا سکتے، جیتنے والے کو بھی اتنا نقصان ہوتا ہے کہ واپس کھڑا ہونے میں کئی سال لگتے ہیں، بی جے پی حکومت اس نظریے پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان بنا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا بھارت میں بی جے پی حکومت صرف ہندو راج چاہ رہی ہے، وہاں کوئی گائے بھی لے کر جاتا ہے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے، کشمیر میں کرفیو لگا کر بھارت نے 80 لاکھ لوگوں کو 29 روز سے بند کر رکھا ہے، مسلمان اگر کسی بھی مذہب سے نا انصافی کرے تو یہ دین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہندو مت سمیت کوئی بھی مذہب انسانوں سے ایسے رویے کی اجازت نہیں دیتا، بھارت میں جو ماحول بن رہا ہے مجھے اس پر خوف آتا ہے، 20 کروڑ مسلمان ڈر ڈر کر زندگی گزار رہے ہیں، بھارت کو آر ایس ایس لے کر چل رہی ہے، اقلیتیں خطرے میں ہیں، آج مسلمان نشانہ ہیں کل دوسروں کی باری ہے، خود بھارت کو بھی آر ایس ایس نظریے سے خطرہ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں ٹینشن بڑھی تو دنیا کو خطرہ ہو جائے گا، پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، وزیراعظم لاہور میں پنجاب کابینہ کارکردگی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کو محرم کے دوران امن وامان کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات

    یاد رہے کہ 18 جولائی کو وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں وزیر اعظم کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے وزیر اعظم کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور وزرا کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں وزیر اعظم اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کی بھی ملاقات ہوئی تھی۔

  • احساس پروگرام : عمران خان ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہیں، عمران اسماعیل

    احساس پروگرام : عمران خان ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہیں، عمران اسماعیل

    کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ احساس پروگرام ریاست مدینہ کی جانب پہلا قدم ہے، وزیر اعظم عمران خان کو فکر لاحق رہتی ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ ہو۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ احساس پروگرام سندھ سے شروع ہو۔

    یہ پروگرام مکمل طور پر شفاف بنایا گیا ہے، بلاتفریق سب کو احساس پروگرام میں شامل کیا جائے گا، صحت کارڈ پر ساڑھے7لاکھ روپے تک کی امداد مل سکے گی۔

    گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ احساس پروگرام ریاست مدینہ کی جانب پہلا قدم ہے، وزیراعظم کو فکر لاحق رہتی ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ جلد ہو، احساس پروگرام شروع کرنے پروزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، صحت احساس پروگرام کے حوالے سے سندھ حکومت کو بھی اعتمادمیں لیا گیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں جلد5بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، شہر قائد میں کوئی ایک اتھارٹی نہیں یہ کئی حصوں میں بٹا ہوا ہے، کراچی میں سب سے پہلے ایک اتھارٹی بنانی ہوگی۔

    مسائل کے حل کیلئے شہری اور سندھ حکومت کو مل کر بیٹھنا ہوگا، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرزکو مل کر کام کرنا ہوگا، دنیا بھرمیں بلدیاتی نمائندے بااختیار ہوتے ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن کراچی کیلئےسب کو کام کرنا ہوگا۔

  • نکلو کشمیر کی خاطر: آج وزیر اعظم کی اپیل پر قوم یک زبان ہوگی

    نکلو کشمیر کی خاطر: آج وزیر اعظم کی اپیل پر قوم یک زبان ہوگی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر آج ملک بھر کے عوام کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے گھروں سے نکلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دوپہر بارہ سے ساڑھے بارہ بجے تک کراچی سے خیبر اور بولان سے بلتستان تک پوری قوم یک جان اور ہم آواز ہوگی اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائے گی۔

    آج وزیر اعظم کی اپیل پر لوگ گھروں سے باہر نکلیں گے، دن 12 بجے سائرن بجیں گے، قومی ترانے کے بعد کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔

    اسلام آباد کے تمام ٹریفک سگنل آدھے گھنٹے تک سرخ رہیں گے، ٹریفک رُکی رہے گی، اشاروں اور شاہ راہوں پر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی عوام سے کل باہر نکلنے کی اپیل

    اس سلسلے میں مرکزی اجتماع ڈی چوک پر ہوگا، سرکاری دفاتر کا عملہ جمع ہو کر اظہار یک جہتی کرے گا، پی ٹی آئی کے وزرا اور مقامی قائدین بھی ڈی چوک پرجمع ہوں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان آج دوپہر بارہ بجے سینیٹ لان جائیں گے، جہاں ارکان پارلیمنٹ بھی کشمیریوں سے یک جہتی کے لیےاحتجاج کریں گے۔

    عمران خان کہتے ہیں ہم آج باہر نکل کر کشمیری بھائیوں کو پیغام دیں گے، پوری قوم بھارتی سفاکیت، غیر انسانی کرفیو، تشدد، کشمیریوں کی نسل کشی کے ایجنڈے اور جنت نظیر وادی پر غیر قانونی قبضے کے خلاف متحد اور ایک ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کا منصوبہ جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔

  • وزیراعظم کا ذخیرہ اندوزی اورگراں فروشی کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا ذخیرہ اندوزی اورگراں فروشی کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزی اورگراں فروشی کےخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مہنگائی کے معاملے پر آج اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزی اورگراں فروشی کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور مہنگائی کے معاملے پر آج دوپہر اعلیٰ سطح اجلاس بلالیا۔

    اجلاس میں صوبوں کےچیف سیکریٹریز اوردیگرحکام شریک ہوں گے جبکہ پنجاب اورخیبر پختونخواکےوزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کےخلاف قانون کےتحت کارروائی یا آپریشن کا طریقہ طےہوگا اور وفاقی اورصوبائی حکام مہنگائی کنٹرول کرنے سےمتعلق  رپورٹ پیش کریں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی مہنگائی میں اضافے کے خلاف خصوصی مہم کی ہدایت

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافےکا نوٹس لیتے ہوئے مصنوعی مہنگائی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے خلاف خصوصی مہم کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافے پرکارروائی کی حکمت عملی اپنائی جائے، ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، پرائس کنٹرول کمیٹیز باقاعدگی سے قیمتوں کی فہرستیں جاری کریں۔

  • وزیر اعظم سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات

    وزیر اعظم سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکورٹی اور قیام امن سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یہ ملاقات وزیر اعظم آفس میں ہوئی، ملاقات میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی سمیت سول اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

    یاد رہے گزشتہ روز وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن چین جنرل ژو کلیانگ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی، اس دوران پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی تھی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت اہم معاملات پر چین کی حمایت کو سراہا۔ چینی جنرل نے اس موقع پر کہا تھا کہ ہم پاکستان سے اپنے مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    ادھر آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیلجیم کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے انھیں آگاہ کیا، بیلجیم کے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

  • وزیر اعظم نے بڑی یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی

    وزیر اعظم نے بڑی یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بڑی یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی، انھوں نے ہدایت کی کہ یونی ورسٹیاں تحقیقی کام کی بنیاد پر کاروباری منصوبوں کا آغاز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں بننے والی یونی ورسٹی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور ڈاکٹر عطا الرحمان و دیگر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ امرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اور نیشنل سینٹرز آف ریسرچ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔

    فواد چوہدری اور عطا الرحمان نے سائنسی و تحقیقی تعلیم سمیت نالج اکانومی پر اجلاس کو بریفنگ دی، اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سائنسی و تحقیقی تعلیم میں وزارت سائنس ٹیکنالوجی کی کاوشوں کی تعریف کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے زراعت کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق مضامین کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

    دریں اثنا، فواد چوہدری اور چیئرمین ایچ ای سی نے 15 یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دیے جانے کی سفارش کی جسے وزیر اعظم نے منظور کر لیا۔

    اجلاس میں قومی سطح کی اسکالر شپ اسکیم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ اسکالر شپ اسکیموں کو احساس پروگرام کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے، اسکالر شپس سے مستحق اور قابل طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تحقیقی و ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

  • نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری

    نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مزید متحرک ہو گئے ہیں، انھوں نے مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری شروع ہو گئی ہے، مودی کی امریکا آمد پر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے پارٹی کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو تیاریوں کی ہدایت کر دی۔

    ڈاکٹر عبد اللہ ریاڑ کی وزیر اعظم سے ملاقات

    اس سلسلے میں آج وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان سے پارٹی کے سیکریٹری او آئی سی ڈاکٹر عبد اللہ ریاڑ نے خصوصی ملاقات کی، اس ملاقات میں انھوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے تیاریوں پر مشاورت کی۔

    اس موقع پر عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف بھرپور احتجاج کی ہدایت کی اور کہا کہ بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کو روند ڈالا ہے، مودی حکومت کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادیں اور دو طرفہ معاہدے موجود ہیں، بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بہ طور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے حالیہ دورۂ امریکا کے بعد کی صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔