Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب

    وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کابینہ کو کشمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیں گے اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا ، اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے ، کابینہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور پاک بھارت سرحد کی صورتحال کاجائزہ لیاجائےگا اور مقبوضہ کشمیر سےمتعلق خصوصی کمیٹی کی تجاویز پیش کی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کابینہ کو کشمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیں گے اور سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائےگا۔

    اجلاس میں کابینہ اراکین عوامی مفادات کے اقدامات سے متعلق تجاویز پیش کریں گے جبکہ وزارت مواصلات ایک سال کی کارکردگی پر کابینہ کو بریفنگ دے گی

    وفاقی کابینہ گزشتہ ای سی سی اور کمیٹی برائےنجکاری کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کم قیمت گھروں کےمنصوبہ کےلیے5ارب قرض کی منظوری اور پاک ترک اسٹرٹیجک اکنامک فریم ورک کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

    گھریلوتشدد سےتحفظ اور روک تھام کے بل کی منظوری ، کابینہ کرسچن شادی اورطلاق بل 2019 کی منظوری اور اینٹی ڈمپنگ ایپلیٹ ٹریبونل کے چئیرمین اور 2ممبران کی تعیناتی بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : فارن آفس میں کشمیر سیل قائم کرنے کا فیصلہ، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی

    یاد رہے 17 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی کمیٹی کا پہلا ان کیمرہ اجلاس ہوا تھا ، جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی تھی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے سیاسی اور عسکری پہلو ہیں، فیصلہ کیا ہے کہ سیاسی محاذ پر فارن آفس میں خصوصی کشمیر ڈیسک قائم کی جائے گی جبکہ عسکری محاذ پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی پر کشیدگی بڑھا رہا ہے ، خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔

  • مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی پروگرام کلین اینڈ گرین کے تحت مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز کے فرنٹ لان میں پھل دار پودا لگایا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد نے بھی کلین اینڈ گرین مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارلیمنٹ کے لان میں پودا لگایا، اس موقع پر وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہم راہ موجود تھے۔

    پاکستان ہارٹی کلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے سربراہ محمد اشرف نے ادارے کے زیر اہتمام ’پلانٹ اے فروٹ ٹری‘ سے مشیر تجارت کو آگاہ کیا۔

    اس موقع پر رزاق داؤد نے کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کے تحت شجر کاری مہم میں نیوٹریشن کا پہلو اہم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی تقریب وفاقی وزراء کا خطاب

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملک کو بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بچانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی شجر کاری مہم کے ذریعے مقابلہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کا مقصد عوام میں نان کمرشل فروٹ ٹری لگانے کا رجحان اجاگر کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو درختوں کی بہت ضرورت ہے، پانچ سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا، ایسا پاکستان چھوڑ کر جائیں گے کہ یقین ہی نہیں آئے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی مظفر آباد آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    وزیراعظم عمران خان کی مظفر آباد آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان مظفر آباد پہنچ گئے ہیں۔

    وزیر اعظم کو مظفر آباد میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ ان کا استقبال آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم نے کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان آج یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    ادھر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظفر آباد روانہ ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یوم آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    دوسری طرف مظفر آباد میں شہر بھر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، اور گھروں پر بڑی تعداد میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرا رہے ہیں۔

    قبل ازیں، آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی گئی، چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد ابراہیم ضیا نے پرچم بلند کیا۔

    خیال رہے کہ آج صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم آزادی اور یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر سرکاری پیغام میں کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

  • بھارتی اقدام سے کشمیریوں کی تحریک آزادی مزید تیز ہوگی: وزیر اعظم

    بھارتی اقدام سے کشمیریوں کی تحریک آزادی مزید تیز ہوگی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا اس بات کی منتظر ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے تاکہ وہ دیکھے کہ مظلوم کشمیریوں پر اس دوران کیا بیتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے تازہ ٹویٹ میں دنیا کو اس امر کی طرف متوجہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کرفیو نافذ ہے، وہ کشمیریوں پر کیا اثرات مرتب کر رہا ہوگا۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ دنیا منتظر ہے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے، تاکہ وہ دیکھے کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کیا ہوا۔

    عمران خان نے لکھا کہ کیا مودی سرکار سمجھتی ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف زیادہ فوجی طاقت استعمال کر کے تحریک آزادی کو کچل دے گی؟

    انھوں نے بی جے پی حکومت کو خبردار کیا کہ بھارتی اقدام سے کشمیریوں کی تحریک آزادی مزید تیز ہوگی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ جو یقینی ہے وہ یہ ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں اہل کشمیر کی نسل کشی کا بد ترین مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اہم سوال ہے کہ آیا ایک مرتبہ پھر ہمیں بی جے پی کی حکومت کی شکل میں فاشزم کی خوشامد دیکھنے کو ملے گی یا بین الاقوامی برادری اخلاقی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا راستہ روکے گی؟

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کی سازش کر رہا ہے، انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی دیکھے گی، لیکن کیا وہ اسے ہونے سے بچانے کے لیے اخلاقی جرأت کا مظاہرہ بھی کرے گی یا روایتی خوشامد کا مظاہرہ کرے گی۔

  • اوورسیزپاکستانیوں کو اب پاکستان آمد پرقطار میں نہیں لگنا پڑےگا

    اوورسیزپاکستانیوں کو اب پاکستان آمد پرقطار میں نہیں لگنا پڑےگا

    کراچی: سمندر پار مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے سول ایوی ایشن نے اچھی خبر سنادی ، اب وطن آمد پر انہیں لمبی قطار میں نہیں لگنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر اووسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کردیے ہیں۔

    یہ خصوصی کاؤنٹر ز کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس پر قائم کیے گئے ہیں۔سمندر پار پاکستانی اپنا قومی اوورسیز شناختی کارڈ دکھا کر لمبی قطار میں لگنے کی زحمت سے بچ جائیں گے۔

    بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ کاؤنٹر دو طرفہ سہولت فراہم کریں گے یعنی ملک میں آتے ہوئے اور ملک سے جاتے ہوئے اوور سیز پاکستانی ان کاؤنٹرز کے ذریعے قطار میں لگنے کی زحمت سے بچ سکیں گے۔

    سول ایوی ایشن نے یہ سہولت وزیراعظم عمران کی خصوصی ہدایت پر مہیا کی ہے جس کا مقصد ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے والے سپوتوں کو وطن آمد پر سہولت فراہم کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر سہولیات کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری ہے ، حال ہی میں سی اے اے نے تین ایئرپورٹس پر جدید ڈیجیٹل ایئرپورٹ ٹرمینل انفارمیشن سسٹم نصب کیے تھے۔

    پہلے مرحلے میں کوئٹہ، سکھر، فیصل آباد ایئرپورٹ پر ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم نصب کئے گئے تھے، مذکورہ جدید سسٹم نصب کرنے سے کپتانوں کو لینڈنگ سے قبل موسم کی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

  • وزیر اعظم مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے

    وزیر اعظم مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدام پر بھی بات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اورکنٹرول لائن کی صورتحال پر غور کیلئےپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا، وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدام پر بھی بات ہو گی جبکہ وزیر اعظم عمران خان تازہ ترین صورتحال سمیت اپنے دورہ امریکہ پر اظہار خیال کریں گے۔

    خیال رہے بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    یاد رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پیش کیا، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں :   پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کردیا

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی ہے۔

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا تھا بھارت کا کوئی بھی یک طرفہ قدم کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم نہیں کر سکتا، بھارتی حکومت کا فیصلہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ڈیفنس چیف جنرل سرنکولس کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ڈیفنس چیف جنرل سرنکولس کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ڈیفنس چیف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل سر نکولس کارٹر نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    وزیر اعظم آفس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    خیال رہے آج وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون رابطہ کیا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال اور بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  عمران خان، طیب اردوان رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام خطے کے امن پر اثر انداز ہوگا، اس صورت حال میں پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

    ترک صدر نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    قبل ازیں وزیر اعظم نے ملیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے رابطہ کر کے کشمیر کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی تھی، وزیر اعظم نے کہا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

  • کلین کراچی مہم: حبیب بینک کا 5 کروڑ، کے الیکٹرک کا 2 کروڑ فنڈ دینے کا اعلان

    کلین کراچی مہم: حبیب بینک کا 5 کروڑ، کے الیکٹرک کا 2 کروڑ فنڈ دینے کا اعلان

    کراچی: وفاقی حکومت کی کلین کراچی مہم میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، حبیب بینک نے 5 کروڑ اور کے الیکٹرک نے 2 کروڑ روپے فنڈ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو کچرے سے صاف کرنے کی مہم میں قومی ادارے بھی اپنا حصہ ڈالنے لگے ہیں، اس سے قبل کرکٹ اور فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات نے بھی مہم کو سپورٹ کیا۔

    حبیب بینک لمیٹڈ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ وہ کراچی کلین اپ مہم میں سپورٹ کے لیے پچاس ملین روپے دے رہی ہے۔

    بینک کا کہنا تھا کہ کلین کراچی مہم میں حصہ لینا دراصل بینک کی معاشرے کی خدمت کی فلاسفی کے عین مطابق ہے۔

    ادھر بجلی کی تقسیم کار کمپنی کراچی الیکٹرک نے بھی کراچی کلین اپ مہم میں بیس ملین روپے فنڈ کا اعلان کیا ہے، اور کہا ہے کہ کے ای کراچی کی ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے، جو شہر کی خوش حالی میں مختلف سماجی امدادی مہمات کے ذریعے شامل ہوتی رہتی ہے۔

    واضح رہے کہ کلین کراچی مہم کی نگرانی وفاقی وزیر علی زیدی کر رہے ہیں، جس کے تحت وزیر اعظم کی ہدایت پر 2 ہفتے کی صفائی مہم شروع ہو گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کلین کراچی مہم، وسیم اکرم بھی حمایت میں کھڑے ہوگئے

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی کلین کراچی مہم کی حمایت میں سامنے آ چکے ہیں، انھوں نے ٹویٹ کیا کہ علی زیدی کمال کی کوشش کر رہے ہیں، کراچی سب کا گھر ہے، وقت آ گیا ہے کہ اپنی ساری محبتیں اس شہر پر نچھاور کر دی جائیں۔

    معروف اداکارہ مہوش حیات نے وفاقی وزیر علی زیدی کے اقدام کو سراہتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ اپنے زبردست شہر کی صفائی کی ذمہ داری اٹھانے کا وقت آ گیا ہے، کراچی کو صاف کرو، کیا ہم واقعی گندگی کے ڈھیر میں جینا چاہیں گے۔

  • قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی شرکت کی، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

    اجلاس میں بھارتی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورت حال کا جائزہ لیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی، اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ہر طرح کا اخلاقی اختیار کھو چکا ہے، کشمیر میں فوج کی غیر معمولی نقل و حرکت جلتی پر تیل کا کام کرے گی، پاکستان افغان امن عمل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، ایسے وقت میں بھارتی جارحیت قابل افسوس ہے۔

    اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، بھارتی ہٹ دھرمی سے خطے کا امن سبوتاژ ہو رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، عالمی رہنماؤں کی توجہ بھارتی مظالم کی طرف دلانا ہوگی۔

  • وزیر اعظم  کی سٹیزن پورٹل سےمتعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی سٹیزن پورٹل سےمتعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل سےمتعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اداروں کو براہ راست عوامی فلاح کے لیے بہتر فعال کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے سٹیزن پورٹل سےمتعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کر دی اور کہا اداروں کو براہ راست عوامی فلاح کے لیے بہتر فعال کیا جائے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے وزارتوں، محکموں اور ڈویژن کو مراسلہ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ سیٹیزن پورٹل کی سہولت سےلوگوں کی بڑی تعداد ناواقف ہے ، ریاستی اداروں کےملازمین کی بھی اس نظام کی جانب توجہ قابل ذکر نہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا وزارتیں اور محکمے ماتحت اداروں کے ذریعے پورٹل آگاہی مہم شروع کریں جبکہ وزراتوں اور ڈویژن کو بھی متعلقہ محکموں میں بھی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دفاتر اورعوامی انتظار گاہوں کےباہر پورٹل سےمتعلق بینرزلگائے جائیں جبکہ نادرا، موٹرویز، اسٹیشنز، اسپتالوں سمیت دیگر اداروں کے باہر بھی بینر آویزاں کئے جائیں اور فلاحی اداروں،موبائل کمپنیوں اورسوشل میڈیا کے ذریعے بھی آگاہی دی جائے۔

    مزید پڑھیں :  وزیراعظم کا پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبائی محکموں کی کارکردگی پرمایوسی کا اظہار

    وزیر اعظم آفس کی مراسلے پر عمل درآمدکرکے30 دن میں رپورٹ جمع کرانے اور وزارت آئی ٹی کو 30 دن میں سرکاری ویب سائٹس پر پورٹل کابینر آویزاں کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ چیف سیکرٹریز،آئی جیز اورڈی سی اوز کوبھی آگاہی مہم چلانے سے متعلق اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کو پاکستان سٹیزن پورٹل پرصوبوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی تھی، شہریوں کے شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سرفہرست تھے۔

    رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارتوں اوراداروں نے تین لاکھ چونسٹھ ہزار سےزائد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سےنواسی فیصد شکایات حل کی گئیں۔

    شہریوں کی شکایات حل کےحوالے سےسندھ حکومت سب سے پیچھے ہے، سندھ کےصوبائی محکمے اب تک صرف تیس فیصد شکایات حل کرسکے۔

    وزیراعظم عمران خان نےصوبائی محکموں کی کارکردگی پرمایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا حکومت سندھ کی جانب سے عدم تعاون کا نقصان شہریوں کو ہو رہا ہے۔

    وزیراعظم نے سندھ کےچیف سیکرٹری کوخط لکھنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔