Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم عمران خان معاشی ٹیم کے ساتھ کل کراچی پہنچیں گے: گورنر سندھ

    وزیر اعظم عمران خان معاشی ٹیم کے ساتھ کل کراچی پہنچیں گے: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ کل کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے وزیر اعظم کے دورۂ کراچی کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کل پہنچیں گے، معاشی ٹیم بھی ان کے ہم راہ ہوگی۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم بزنس کمیونٹی سے خطاب کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے اور اس سلسلے میں ایک روڈ میپ کی تیاری پر گفتگو کی جائے گی۔

    گورنر سندھ نے ٹویٹر پر لکھا کہ کراچی پاکستان کا تجارتی حب اور اہمیت کا حامل ہے، حکومت معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے پُر عزم ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تاجروں پر ٹیکسز کے نفاذ کے اعلان کے بعد کراچی میں تاجر ایکشن کمیٹی نے شہر بھر میں 8 جولائی سے تین روز تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  گورنر سندھ کامیاب، تاجر ایکشن کمیٹی نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال واپس لے لی

    تاہم گورنر سندھ سے تاجر ایکشن کمیٹی کے وفد کی ملاقات میں عمران اسماعیل نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ 11 جولائی کو وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کرائیں گے۔

    تاجروں کا کہنا تھا کہ انھیں ٹیکس معاملات پر حکومت کی جانب سے اعتماد میں نہیں لیا گیا، ان کی پیش کردہ تجاویز پر عمل کیا گیا تو ٹیکس بھی ادا کیا جائے گا۔

    تاجروں سے ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے بھی رابطہ ہوا تھا، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر ایکشن کمیٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کسی بھی تاجر کے خلاف ایک ماہ تک کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی میں حصہ لے سکیں گے: وزیر اعظم

    نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی میں حصہ لے سکیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں سمندر پار پاکستانیوں کی شرکت یقینی بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ہاؤسنگ اسکیم پر عمل درآمد سے متعلق قانونی اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ منصوبے میں سمندر پار پاکستانیوں کی شرکت یقینی بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی بھی ملکی ترقی میں بھرپور طریقے سے حصہ لے سکیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ سب سے اہم پروگرام ہے، اس منصوبے سے گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، منصوبے سے معاشی عمل تیز، ہنر مندوں اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسٹیٹ بینک پالیسی کے تحت کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے دے گا: گورنر اسٹیٹ بینک

    انھوں نے اجلاس میں کہا کہ ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم آمدن افراد اور غریب خاندانوں کا ذاتی رہایش کا خواب پورا ہوگا۔

    اجلاس میں ہاؤسنگ منصوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دل چسپی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    خیال رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی اسکیم ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹس‘ کا بھی اجرا کیا جا چکا ہے، ان سرٹیفکیٹس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں بہتری کے لیے سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

  • احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے: وزیر اعظم

    احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے قومی گریجویشن پروگرام کا افتتاح کر کے خوش ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام کا افتتاح کر کے خوش ہوں، یہ پروگرام احساس پروگرام کا حصہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے، احساس پروگرام کا مقصد لاکھوں غریبوں کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ محروم طبقے کو وسائل، مخصوص فنڈز اور تربیت فراہمی کے ذریعے ان کو غربت سے نکالا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملکی صورت حال پر وزیراعظم عمران خان کا مصنفہ آئن رینڈ کی تحریر کا حوالہ

    خیال رہے کہ آج اس سے قبل وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں پاکستان کی موجودہ صورت حال پر روسی نژاد امریکن مصنفہ این رینڈ کی تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے 60 برس قبل جو لکھا وہ آج ہمارے حالات پر پورا اترتا ہے۔

    معروف مصنفہ نے لکھا تھا کہ جب کوئی شے بنانے کے لیے ان لوگوں سے اجازت لینی پڑے جو خود کچھ نہ بناتے ہوں، جب پیسا ان کے پاس جا رہا ہو جو بہتری کی بجائے ذاتی مفاد کے لیے کام کرتے ہوں، جب قانون بھی آپ کے خلاف انھیں تحفظ دے، جب بد عنوانی کو ایوارڈ دیا جائے اور دیانت داری ذات کی قربانی بن جائے تو آپ کو سمجھ جانا چاہیے کہ آپ کا معاشرہ تباہ ہو چکا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان فیملی کے ہمراہ 2 دن  نتھیا گلی میں گزاریں گے

    وزیر اعظم عمران خان فیملی کے ہمراہ 2 دن نتھیا گلی میں گزاریں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان فیملی کے ہمراہ دو دن پُرفضا سیاحتی مقام نتھیا گلی میں گزاریں گے ، وزیر اعظم نتھیا گلی کے سرکاری گیسٹ ہاؤس بھی گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان گرمی کی شدت میں ٹھنڈے سیاحتی مقام نتھیا گلی پہنچ گئے، جہاں وہ اہل خانہ کے ہمراہ دو دن گزاریں گے ۔

    ذرائع کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر نتھیا گلی کے بجائے کالا باغ ائیر بیس پر لینڈ کیا،کالا باغ ائیر بیس سے وزیراعظم بذریعہ سڑک نتھیا گلی پہنچے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ بھی عید الفطر کے موقع پر فیملی کےساتھ نجی دورے پرنتھیاگلی پہنچے تھے، جہاں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان گورنرہاؤس نتھیاگلی بھی گئے تھے، جہاں گورنر ہاؤس کے اسٹاف کی وزیر اعظم کےساتھ تصویرسامنے آئیں تھیں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی فیملی کے ہمراہ پر فضا سیاحتی مقام نتھیا گلی آمد

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے نتھیا گلی، ایوبیہ سمیت گلیات کو ملک کا بڑا سیاحتی مرکز بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے پرکشش سیاحتی مقامات کی تلاش کے لئے سروے کی ہدایت کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا وزیراعظم نے تھری اسٹار ہوٹل، فوڈ اسٹریٹ، سینما اور نئی پارکنگز کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا نجی سیکٹر کے اشترک سے تمام نئی تعمیرات کی جائیں گی اور گلیات میں ریزارٹس،چیئرلفٹ ،نئے پوائنٹس بنائے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزرا کو ہدایت کی نتھیا گلی سمیت گلیات میں مزیدپرکشش سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی جائے گی۔

  • رانا ثنا کی گرفتاری سے حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں: وزیر اعظم عمران خان

    رانا ثنا کی گرفتاری سے حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں: وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، ذرایع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم نے اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر مشاورت کی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں دورانِ بجٹ اپوزیشن کی تنقید کا جواب دینے پر ترجمانوں کی تعریف کی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا، سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا کی گرفتاری سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا اس سے لینا دینا نہیں، انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں اب ادارے اور عدالتیں آزاد ہیں، جن پر مقدمات ہیں وہ عدالتوں میں ان کی صفائی دیں، حکومت پر الزام لگا کر اپوزیشن اپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو پورا موقع دیا گیا، اب ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔

    انھوں نے دورۂ امریکا سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ اس دورے سے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتِ حال میں بہتری آئے گی۔

  • دس سال میں قوم مقروض زرداری، شریف خاندان ارب پتی بن گیا: وزیر اعظم

    دس سال میں قوم مقروض زرداری، شریف خاندان ارب پتی بن گیا: وزیر اعظم

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کرپشن کی وجہ سے غریب ہوتا ہے، کرپشن کا مطلب ہے، عوام کا پیسہ چوری کرنا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرسید ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر کیا. وزیر اعظم نے کہا کہ کرپشن غریب کو غریب اورچھوٹے طبقے کو امیر کردیتی ہے، ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے، 10 سال میں 2 حکومتوں نے ملک کا قرضہ 30 ہزار ارب تک پہنچا دیا.

     شریفوں اور زرداری کے گھرانے دیکھیں، تو یہ کتنے امیر ہیں، ان دو خاندانوں کے بچوں کے بچے بھی امیر بن گئے. انتقامی کارروائی تو میرے خلاف کی گئی تھی، لندن میں اربوں روپے کے محلات پکڑے گئے، تو مجھ پر مقدمات بنا دیے.

    دس سال میں قوم مقروض زرداری، شریف خاندان ارب پتی بن گئے، شریف اور زرداری خاندان آدھا پیسہ بھی واپس لائے تو روپیہ اوپر  جائے گا، ڈالر گر جائے گا، کبھی بڑ ٍے ڈاکوؤں پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا، کبھی ایسے لوگوں کا احتساب نہیں ہوا، جیلوں میں جائیں تو صرف غریب لوگ ملتے ہیں.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی ادارہ جاتی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے

    ڈاکوؤں کو جیلوں میں وی آئی پی کھانا، اے سی، ٹی وی چاہیے، وزیر قانون سے کہہ دیا ہے کہ جیلوں میں سب کے لئے قانون ایک ہونا چاہیے، کیوں کہ یہ لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ڈاکا مارو، تو بڑا ڈاکا مارو، جیلوں میں سہولیات دینے کا مطلب بڑے ڈاکے مارنےکی اجازت ہے.

    وزیراعظم نے کہا کہ عام افراد ایڑھیاں رگڑتے رہتے ہیں، مگر انصاف نہیں ملتا، ملک کا دیوالیہ کسی چھوٹے نے نہیں، انھیں بڑےلوگوں نےنکالا ہے.

    اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سرسید ایکسپریس کے افتتاح پر شیخ رشید کو مبارک باد دیتا ہوں، مہذب معاشرے میں ریلوے پر زیادہ زوردیا جاتا ہے، ریلوے کا36ارب سے خسارہ کم ہوکر 32ارب پر آگیا ہے، دیانت داری سے کام کرکے شیخ رشید نے واضح کیا کہ اداروں میں کرپشن ہے.

  • نیا ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچرمنظور، ڈیپارٹمنٹس کی اجارہ داری کا خاتمہ

    نیا ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچرمنظور، ڈیپارٹمنٹس کی اجارہ داری کا خاتمہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کی منظوری دے دی، 45 سال بعد کرکٹ سے ڈیپارٹمنٹس کے اجارہ داری ختم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیا ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آسٹریلوی طر ز پر تیار کیا گیا ہے جس میں پورے ملک سے چھ ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں گی۔

    نو منظور شدہ کرکٹ اسٹرکچر کے تحت پنجاب پنجاب کی 2 ،سندھ،بلوچستان،کےپی اورفیڈرل کی ایک،ایک ٹیم ہوگی،گراس روٹ لیول کرکٹ کومضبوط بنانےکے لیے اقدامات کئےجائیں گے۔

    وزیراعظم نےبطورپیٹرن انچیف پی سی بی نئےاسٹرکچرکی منظوری دی ہے اور اس اسٹرکچر کے منظور ہونے سے 45سال بعدپاکستانی کرکٹ سےڈیپارٹمنٹل کرکٹ کاکردارختم کردیاگیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارمنٹس کو ہدایت کی ہے کہ نئےنظام سےمتعلق پی سی بی سےتعاون کریں۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پی سی بی نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات سے متعلق ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کا مسودہ تیار کیا تھا۔اس مسودے کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8 رکھی گئی تھی تاہم عمران خان نے اس مسودے کو مسترد کردیا تھا۔

    وزیراعظم نے پی سی بی کو ہدایت کی تھی کہ وہ آسٹریلین کرکٹ کے طرز کا فرسٹ کلاس ماڈل تیار کریں جس میں صرف 6 ٹیمیں شامل ہوں۔

    نئے سسٹم کے تحت پاکستان کا فرسٹ کلاس سیزن 15 ستمبر سے 15 اپریل تک کھیلا جائے گا، جس کا آغاز ون ڈے کپ سے ہو گا۔ون ڈے کپ دو راؤنڈز پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 15 سمتبر جبکہ اختتام 5 اکتوبر کو ہوگا، جہاں ہر ٹیم 10، 10 میچز کھیلے گی۔

    اس کے بعد 20 اکتوبر سے 4 روزہ کرکٹ کا آغاز ہوگا اور یہ بھی 2 راؤنڈز پر مشتمل ہوگا جس کا پہلا مرحلہ 20 اکتوبر سے 20 دسمبر جبکہ دوسرا مرحلہ 23 دسمبر سے 23 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

  • وزیر اعظم اور افغان صدر ملاقات کا اعلامیہ، دوستی کے نئے باب کے آغاز پر اتفاق

    وزیر اعظم اور افغان صدر ملاقات کا اعلامیہ، دوستی کے نئے باب کے آغاز پر اتفاق

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دوستی کے نئے باب کے آغاز پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم اور افغان صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام اور خوش حالی کے لے مثبت اقدامات کیے جائیں گے، نیز دونوں ممالک میں عوام کی بہتری کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے توانائی سے جڑے منصوبوں کی جلد تکمیل اور دو طرفہ تجارت کے لیے مشترکہ اقتصادی کمیشن کی خدمات لینے پر اتفاق کیا، یہ بھی کہا گیا کہ کاسا 1000، تاپی گیس منصوبے سے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، کمرشل رابطے بڑھائیں جائیں گے۔

    دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورت حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا، وزیر اعظم نے جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوش حالی کا وژن پیش کیا، اور کہا پاکستان پُر امن ہم سائیگی کے وژن پر یقین رکھتا ہے اور افغانستان کے ساتھ معیاری تعلقات کا خواہاں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغان صدراشرف غنی پاکستان پہنچ گئے

    وزیر اعظم نے افغان امن عمل میں بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ افغانستان میں دہائیوں کے تنازعے کا حل پُر امن مذاکرات میں ہے، افغان امن کے لیے پاکستان نے مذاکراتی عمل کا ساتھ دیا، پاکستان افغانستان کی خود مختاری اور سالمیت کا احترام کرتا ہے اور مشکل وقت میں افغان عوام کے ساتھ کھرا ہوگا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے افغانستان میں سیاسی، تجارتی اور معاشی مضبوطی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان افغانستان میں امن اور جمہوریت چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کا فروغ ضروری ہے، افغانستان میں پائیدار امن اقتصادی طور پر فائدہ مند ہے۔

    دریں اثنا دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تجارت، ٹرانزٹ ٹریڈ رابطے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا عزم دہرایا۔

  • بھرپور کم بیک پر وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

    بھرپور کم بیک پر وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف شان دار کام یابی حاصل کر کے بھرپور کم بیک کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں زبردست واپسی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی۔

    وزیر اعظم نے میچ میں بابر اعظم، حارث سہیل اور شاہین آفریدی کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے پر انھیں خصوصی مبارک باد دی، کہا مبارک باد خصوصی طور پر ان تین کھلاڑیوں کو جاتی ہے جنھوں نے شان دار کارکردگی دکھائی۔

    خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 33 ویں میچ میں شاہینوں نے نا قابل شکست کیویز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، بابر اعظم کو شان دار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    میچ میں حارث سہیل نے بھی 68 رنز بنائے جس نے پاکستان کی فتح میں نمایاں حصہ ڈالا، جب کہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 3 کیوی کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

    پاکستان کی ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی تین میں ناکامی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے، گرین شرٹس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

    قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ 29 جون بروز ہفتے کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

  • خدشہ تھا لیکن طیب اردگان نے ملاقات میں نواز شریف پر کوئی بات نہیں کی: وزیر اعظم

    خدشہ تھا لیکن طیب اردگان نے ملاقات میں نواز شریف پر کوئی بات نہیں کی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے دوران این آر او کا تذکرہ ایک بار پھر سامنے آیا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ انھیں طیب اردگان کی جانب سے نواز شریف کی حمایت کا خدشہ تھا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات میں نواز شریف کی حمایت کے خدشے کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ خدشے کے برعکس طیب اردگان نے ملاقات میں نواز شریف پر کوئی بات ہی نہیں کی۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں بتایا کہ انھیں اطلاع ملی ہے کہ شریف خاندان میں سے کسی نے عرب ملک کے سربراہ سے رابطہ کیا تھا لیکن عرب ملک کے سربراہ نے کہا یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

    [bs-quote quote=”شہریار آفریدی رابطے میں رہتے تھے لیکن موجودہ وزیر داخلہ رابطہ نہیں رکھتے، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نہ رابطہ کرتے ہیں نہ ملاقات کا وقت دیتے ہیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ارکان کی شکایت”][/bs-quote]

    اجلاس میں وزیر اعظم نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ این آر او کسی صورت نہیں ہوگا چاہے جتنے رابطے کیے جائیں۔

    دریں اثنا، اجلاس میں ارکان نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے رویے کی بھی شکایت کی۔

    ارکان نے کہا کہ شہریار آفریدی رابطے میں رہتے تھے لیکن موجودہ وزیر داخلہ رابطہ نہیں رکھتے، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نہ رابطہ کرتے ہیں نہ ملاقات کا وقت دیتے ہیں۔

    شکایت پر وزیر اعظم نے ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ عثمان بزدار بجٹ کے بعد ان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ارکان کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی بہ طور وزیر داخلہ اچھا کام کر رہے تھے، انھوں نے مطالبہ بھی کیا کہ شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے داخلہ لگایا جائے، تاہم وزیر اعظم نے شہریار آفریدی سے متعلق مطالبے پر جواب دینے سے گریز کیا۔