Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں ملک عدنان کی بہادری کی تعریف

    وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں ملک عدنان کی بہادری کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال پر جائزے کے لیے آج پیر کو اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اعلیٰ عسکری و سول افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانے کی جدوجہد کرنے والے ملک عدنان نے تفصیلات بتائیں، اجلاس میں سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے منیجر کے قتل کے ظالمانہ فعل پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیالکوٹ سانحے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس کے شرکا نے مؤقف اپنایا کہ افراد اور ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

    افسوسناک حادثے پر حکومت اور عوام کے رد عمل سے مطمئن ہیں: سری لنکن ہائی کمشنر

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا، تمام مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

    اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرأت کی بھی تعریف کی گئی، اعلامیے کے مطابق ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔

    اجلاس میں سری لنکن شہری کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

  • ٹیکس کلیکشن ملک کی سیکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے: وزیر اعظم

    ٹیکس کلیکشن ملک کی سیکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس کلیکشن ملک کی سیکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم 2021 میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے، میں ایف بی آر اور مشیر خزانہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس نظام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا اب تک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جانے کی کوشش ہو رہی تھی، لگتا تھا یہ ہمارے دور میں نہیں ہو سکے گا، لیکن اب ملک میں ٹریک اینڈ ٹریس کا آغاز ہو چکا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے سیمنٹ اور فرٹیلائزر پر بڑا مثبت اثر ہوگا، اس ملک میں ٹیکس کلچر کی بنیاد رکھنی ہوگی، ہماری حکومت میں ریکارڈٹ یکس کلیکشن ہوا، جو 6 ہزار ارب تک جائے گا، جس میں سے 3 ہزار ارب تو قرضوں میں جائے گا، اور ہم نے لوگوں کے لیے اسپتال اور اسکول بھی بنانے ہوں گے، جس کے لیے پیسے کی ضرورت پڑے گی۔

    انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیکس کلیکشن 8 ہزار ارب تک پہنچ جائے گی، اس میں ایف بی آر کا بڑا بنیادی کردار ہے، ٹیکس کلیکشن ملک کی سیکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے، بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس اتنا پیسہ نہیں کہ ملک چلائیں، دنیا بھر میں لوگ ملک چلانے کے لیے ٹیکس دیتے ہیں لیکن ہمارے ہاں ٹیکس کلچر بنا ہی نہیں تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا لوگ سمجھتے تھے کہ ہم کیوں ٹیکس دیں، ہمارا پیسہ باہر جاتا ہے، باہر وزرا کو یاد دلایا جاتا ہے کہ آپ عوام کے ٹیکس کے پیسےخرچ کرتے ہیں، امریکی صدر بیرون ملک جاتا ہے تو سفارت خانے میں ٹھہرتا ہے، لیکن ہمارے ملک کے وزیر اعظم باہر جاتے تھے تو بڑے ہوٹلز میں رکتے تھے۔

    تقریب سے خطاب میں شوکت ترین نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے سے ٹیکس کلیکشن میں شفافیت آئے گی، تقریباً 20 لاکھ لوگ ہیں جو ٹیکس دیتے ہیں، جب کہ ہم نے ڈیڑھ کروڑ لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے، ان کو ٹیکنالوجی کے ذریعے بتائیں گے کہ آپ کا کتنا ٹیکس بنتا ہے، ٹیکس نہیں دیں گے تو ہو سکتا ہے کوئی ایکشن ہو۔

    انھوں نے کہا ریٹیل سیکشن میں 18 ٹریلین کی سالانہ سیل ہے، چھوٹے تاجروں کو تنگ نہیں کیا جائے گا، فکس ٹیکس رکھا جائے گا، اس سسٹم سے شفافیت آئے گی اور ٹیکس چوری کا سدباب ہوگا۔

  • قبضہ مافیا کیلئے خطرے کی گھنٹی، وزیراعظم کا بڑا حکم

    قبضہ مافیا کیلئے خطرے کی گھنٹی، وزیراعظم کا بڑا حکم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے قبضے ختم کرانے کیلئے سخت ایکشن کی منصوبہ بندی شروع کردی اور قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واپس لینے کیلئے ٹھوس پلان تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اراضی اور سرکاری جنگلات پر قبضہ مافیا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ، وزیر اعظم نے قبضے ختم کرانے کیلئے سخت ایکشن کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

    وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں لاکھوں ایکٹراراضی پرقبضے کے خاتمے کیلئے مشاورت کی گئی ، اجلاس میں وفاقی ،صوبائی حکام کی شرکت، وزرااور اعلیٰ افسران نے اپنی رائے دی۔

    وزیراعظم نے قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واپس لینے کیلئے ٹھوس پلان تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا پلان ایک ہفتے میں تیار کیا جائے،خلاف ورزی پررعایت نہ برتی جائے۔

    وزیر اعظم نے معاون خصوصی ملک امین اسلم کو پلان ترتیب دینے کا ہدف دیتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ سرکاری اراضی واگزارکیلئےسفارشات مرتب کی جائیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی،صوبائی محکمے ملکر سرکاری اراضی سے قبضے ختم کرائیں گے، پہلےکیڈیسٹرل میپنگ کی مکمل کی گئی،اب محکمے ذمہ داری پوری کریں گے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ قبضہ شدہ سرکاری اراضی کی مالیت 5 ہزار 595 ارب روپے بنتی ہے جبکہ جنگلات کی ساڑھے 7لاکھ ایکٹر رقبےکی مالیت 1 ہزار 870 ارب روپے ہے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے 2روزقبل ٹویٹ پرقبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کا عندیہ دیا تھا۔

  • وزیر اعظم کا سہولت کارڈز سے متعلق ٹھوس پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا سہولت کارڈز سے متعلق ٹھوس پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سہولت کارڈز سے متعلق ٹھوس پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی صحت کارڈ، کسان کارڈ، اوراحساس راشن کارڈ پر اب ٹھوس پالیسی وضع کی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان نے کارڈز پالیسی کی تیاری کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا۔

    آج منعقد ہونے والے وزیر اعظم کی زیر صدرت اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عامر کیانی، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی شریک ہوئے، اجلاس میں وزیر اعظم کو صحت سہولت کارڈز کی افادیت، راشن کارڈز، اور کسان کارڈ پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ حکومتی سہولت کارڈز کے بارے میں قومی سطح کی آگاہی مہم شروع کی جائے، وزیر اعظم عمران خان آئندہ اجلاس میں کارڈز سے متعلق نئی پالیسی کی ہدایات دیں گے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں صحت کارڈ اجرا یکم جنوری میں ہوگا، مارچ میں مکمل ہو جائے گا۔

    آئندہ اجلاس میں آگاہی مہم پر صوبوں میں قومی، ضلعی اور تحصیل سطح کی کمیٹیاں بنائی جائیں گی، اور وزیر اعظم کی طرف سے پارٹی کے ورکرز کو آگاہی مہم کا ٹاسک دیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم نے کور کمیٹی اجلاس میں ٹیم کے ہارنے کی وجہ بتا دی

    وزیر اعظم نے کور کمیٹی اجلاس میں ٹیم کے ہارنے کی وجہ بتا دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں آج آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کا حوالہ بھی دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا، اور معیشت، مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر گفتگو کی۔

    اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا، انھوں نے گفتگو کے دوران سیمی فائنل میچ میں شکست کا حوالہ دیا، اور ارکان سے کہا کل کے میچ میں آپ نے دیکھا کیا ہوا؟

    وزیر اعظم نے کہا کہ پُر اعتماد ٹیم جیسے ہی خوف کی جانب گئی تو بولنگ غلط ہونے لگی، بظاہر ٹیم آخر میں دباؤ کو بہتر طریقے سے ہینڈل نہیں کر سکی، اگر ٹیم آخر تک پُر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

    آسٹریلیا سے شکست کے بعد وزیراعظم کا بیان آگیا

    وزیر اعظم نے اجلاس میں ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیا، انھوں نے کہا ویلفیئر کے اتنے کام ہو رہے ہیں، ہم انھیں عوام تک کیوں نہیں پہنچا پا رہے؟

    عمران خان نے ہدایت کی کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کے لیے کیا کر رہی ہے، مہنگائی کیوں ہے؟ عام آدمی کو اس کی وجوہ سے آگاہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہونا چاہیے، ہم آنے والے دنوں میں مزید سہولتوں کا اعلان کریں گے۔

  • افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ٹرائیکا پلس کے خصوصی نمائندوں سے ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی سمیت دیگر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

    ٹرائیکا پلس جس میں چین، روس، امریکا اور پاکستان شامل ہیں، کے نمائندوں نے آج وزیر اعظم سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ٹرائیکا پلس اجلاس کامیاب بنانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا افغانستان میں امن و استحکام خطے کی خوش حالی کے لیے ضروری ہے، امید ہے عالمی برادری صورت حال کی سنگینی کو تسلیم کرے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہم افغان مسئلے کے حل کے لیے ہمیشہ سیاسی تصفیے پر زور دیتے رہے ہیں، عالمی برادری افغانستان میں انسانی اور اقتصادی مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری مدد کرے۔

    انھوں نے کہا افغانستان میں امن و استحکام خطے کی خوش حالی کے لیے ضروری ہے، افغانستان کے لیے پاکستان نے ایک جامع سیاسی تصفیے کی حمایت کی تھی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے افغانستان کی اقتصادی مدد کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا امید ہے عالمی برادری صورت حال کی سنگینی کو تسلیم کرے گی۔

    یاد رہے کہ 9 نومبر کو وزیر اعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میں افغانستان میں اس انسانی المیے کی نشان دہی کرتا آیا ہوں،اب WFP متنبہ کر رہا ہے کہ 2 کروڑ 30 لاکھ انسان بھوک کی نذر ہوا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے لکھا کہ اس صورت حال میں پاکستان تو ہر ممکن مدد کرتا رہے گا، مگر لازم ہے کہ اب عالمی برادری حرکت میں آئے،افغانوں کو نگلتی اس آفت کا تدارک اخلاقی طور پراس کے ذمے ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج اٹک میں اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعظم عمران خان آج اٹک میں اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 300 بستر کے اسپتال پر چھ ارب روپے لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج اٹک کا ایک روزہ دورہ کریں گے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ،صوبائی وزیریاورعباس بخاری بھی عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیراعظم عمران خان اٹک میں مدر اینڈ کیئر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 300 بیڈز پر مشتمل اسپتال کی تعمیر پر 6ارب لاگت آئے گی ، جس کی افتتاحی تقریب کامسیٹ یونیورسٹی میں ہوگی۔

    مدراینڈچائلڈاسپتال اٹک سمیت پنجاب بھر میں 5بڑے اسپتال بن رہےہیں ، اٹک کےاسپتال میں320 ملازمین کیلئے رہائشی مکان اورہاسٹل بھی ہوگا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورے کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،اس ضمن میں سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئےہیں۔

  • عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات کیلئے وزیراعظم عمران خان متحرک

    عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات کیلئے وزیراعظم عمران خان متحرک

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج مسلم ممالک کےسفیروں سے ملاقات کریں گے ، جس میں اسلامو فوبیا کیخلاف یکساں مؤقف اپنانے پر زور دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابنق عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات کیلئے وزیر اعظم متحرک ہیں ، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان آج پاکستان میں تعینات مسلم ممالک کے سفیروں سے ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں وزیراعظم اسلامو فوبیا کیخلاف یکساں مؤقف اپنانے پر زور دیں گے اور رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی کی افادیت پر بات کریں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے تمام مذاہب کےافرادکی دل آزاری روکنے کے لئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، اوآئی سی عالمی سطح پرآگاہی پھیلانے میں کردار ادا کرے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مغربی دنیاکو بتاناچاہتےہیں حضورﷺہمارےدلوں میں رہتےہیں، ان کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کریں گے، مغربی دنیا کو بے حرمتی پر جواب دینا ہوگا۔

  • وزیر اعظم سے معروف غیر ملکی کرکٹرز کی ملاقات

    وزیر اعظم سے معروف غیر ملکی کرکٹرز کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے معروف کرکٹرز سر ویوین ریچرڈز اور ڈیویڈ گوور نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ کھلاڑی ویو رچرڈز اور برطانوی ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ گوور نے وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کی ہے۔

    اس ملاقات میں پاکستان میں کرکٹ کے فروغ بالخصوص کم عمر کھلاڑیوں کے لیے سہولتوں، اور مواقع فراہم کرنے پر گفتگو ہوئی، عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، ہر علاقے میں کھیلوں کے میدان بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس سے بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع ملیں گے۔

    ملاقات کے دوران دونوں کرکٹرز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حالیہ میچز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔

  • فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی ملکی برآمدات ختم ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور علمائے اکرام کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، اجلاس میں وزیر اعظم نے کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے خلاف قائم کیسز ختم کرنے کے لیےگرین سگنل دیا، وزیر اعظم نے کہا معاملات ٹھیک کرنے میں 2 سے 3 ہفتے درکار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ فرانس سے متعلق کالعدم جماعت کا مطالبہ ملکی مفاد میں نہیں، اگر فرانسیسی سفیر کو نکالا تو یورپی ممالک سے ہونے والی 10 ارب ڈالر کی ایکسپورٹس ختم ہو جائیں گی، اس فیصلے سے ملکی کرنسی پر بے پناہ دباؤ آئے گا، اور مہنگائی بڑھے گی۔

    حکومت سعد رضوی کے کیسز ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی، ذرائع

    وزیر اعظم عمران خان نے علمائے کرام سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک میری حکومت میں اب تک 6 مرتبہ سڑکوں پر آ چکی ہے، میں نے 25 سال پہلے پاکستان میں مدینہ کی فلاحی ریاست کا سوچا تھا، میرے ہاتھ پاؤں مضبوط کرنے کی بجائے یہ لوگ میرے ہی خلاف سڑکوں پر آ گئے۔

    انھوں نے کہا حکومت اپنے ہی لوگوں پر طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار نہیں کرناچاہتی، لیکن ریاست کی رٹ پر کسی صورت کمپرومائز نہیں ہونے دوں گا، جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے علما پر امید ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے معاملے پر وزیر اعظم سے ملاقات اچھی رہی، وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ حکومت کی رٹ بھی ہو اور مذاکرات بھی چلیں، اگر دونوں طر یہی امن پسند رویہ اختیار کیا گیا تو مسائل حل ہو جائیں گے۔