Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی تقریب آج اسلام آباد کنونشن سینٹرمیں ہوگی

    پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی تقریب آج اسلام آباد کنونشن سینٹرمیں ہوگی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی تقریب آج اسلام آبادکنونشن سینٹرمیں ہوگی، تقریب میں  وزیر اعظم عمران خان خطاب کریں گے جبکہ  پی ٹی آئی کی تئیس سالہ جدوجہد پرتیار دستاویزی فلم دکھائی گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 23ویں یوم تاسیس کی تقریب اسلام آباد کنونشن سینٹرمیں منعقد ہوگی، یوم تاسیس کی تقریب میں وزیراعظم بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

    مہمانان گرامی خصوصاًوزیر اعظم کی آمدورفت پرلائحہ عمل طے کرلیا گیا ہے اور وزیراعظم کی بطور مہمان خصوصی شرکت کے باعث خصوصی سیکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔

    تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی پاسز کا اجرا کیا گیا ہے جبکہ میڈیا کے نمائندوں کیلئے خصوصی پویلین مختص کردیا گیا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی 23سالہ جدوجہد پر آغاز سے آج تک تحریک کے ہر موڑ ہرپہلو کی کہانی پر دستاویزی فلم تیار کی گئی ہے ، دستاویزی فلم فیصل جاوید اور ان کی ٹیم نے تیار کی ہے جبکہ فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : آزادی کے بعد ہماری جدوجہدکسی بھی پارٹی سے بڑی تھی، وزیراعظم عمران خان

    دستاویزی فلم یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں خصوصی طور پر چلائی جائے گی جبکہ وزیراعظم عمران خان یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی آئین کا بھی اعلان کریں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا  تھا آج پی ٹی آئی کا23واں یوم تاسیس ہے، آزادی کےبعدہماری جدوجہد کسی بھی پارٹی سے بڑی تھی ، ہماری جدوجہد3مرحلوں پرمشتمل رہی، پہلا مرحلہ عوام کومتحرک کرنااورتبدیلی کے لیے پیغام  دینا تھا، کرپٹ اسٹیٹس کوکیخلاف جنگ اورعوام کوآگہی دینا تھا، آگہی کہ قوم اپنے انسانی وسائل کوترقی دے کرترقی کرسکتی ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا میرے پیغام کوعوام تک پہنچنے میں 15سال لگے ، الیکشن لڑنے کے قابل پارٹی بنانے میں مزید7 سال لگے، اب ہم اپنے آخری مرحلے  میں داخل ہوچکے ہیں، پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پربنانا ہے، وہ معاشرہ بناناہےجو انصاف، انسانی وقاراورہمدردی پرمبنی ہو۔

  • وزیر اعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 2مئی کو مہمندڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب میں شرکت کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ڈیم کا سنگ بنیاد 2مئی کو رکھا جائے گا، جس کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان اس تاریخ ساز منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزرا ، چیئرمین واپڈا ، چیف منسٹر کے پی شریک ہوں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا تھا مہمندڈیم کاٹھیکہ ایوارڈ ہوگیا، جلدسنگ بنیادرکھا جائے گا، جسٹس(ر)ثاقب نثارکومہمندڈیم سنگ بنیادپربلائیں گے ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکاڈیم کےلیےبہت اچھاکرداررہا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم جلد مہمندڈیم کی تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کریں گے،فیصل واوڈا

    واضح رہے کہ مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے،700 فٹ بلنڈ ڈیم میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا،مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو گی۔

    خیال رہے 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    جس کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب کی ملاقات

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب ابی احمد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی سائیڈ لائن پر وزیر اعظم عمران خان سے ایتھوپین ہم منصب ابی احمد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر غور آئے۔ وزیر اعظم عمران خان نے افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آپس میں سیاسی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کی تجویز دی جبکہ دونوں ممالک کا متواتر اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق ہوا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے رہا ہے، کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عوامی رابطوں کا تبادلہ ضروری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افریقہ میں امن و استحکام کے لیے کردار جاری رکھے گا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین جدید دور میں کامیابی کی عظیم مثال ہے، چین نے ترقی کو فروغ دے کر معاشرے کو تبدیل کردیا۔ یہ تبدیلی چینی قیادت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تھا کہ چینی صدر نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا نظریہ پیش کیا ہے، منصوبہ معاشی استحکام اور عوامی رابطے کی رکاوٹیں توڑ سکے گا، معیشت کی مضبوطی اور عوامی خوشحالی کے لیے منصوبہ شاندار ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ چین کا ابتدائی شراکت دار بننا پاکستان کے لیے قابل فخر ہے، دونوں ممالک میں خصوصی اقتصادی زون قائم کیے جا رہے ہیں۔ موٹر وے، ہائی ویز اور ریلوے کا نظام بہتر کیا جا رہا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

    بیجنگ: وزیرِ اعظم عمران خان چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں، جہاں پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے ان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان بیجنگ پہنچ گئے، وہ چار روزہ سرکاری دورے پر چین گئے ہیں، چائنیز پیپلز پالیٹکل کنسلٹیٹو کانفرنس کی بیجنگ میونسپل کمیٹی کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مس لی لائی فینگ، پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ اور چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے ان کا استقبال کیا۔

    شیخ رشید، فیصل واوڈا، عبد الحفیظ شیخ، رزاق داؤد اور چیئرمین ٹاسک فورس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹرعطا الرحمان بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ چین میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، چینی صدر سے ون آن ون ملاقات 28 اپریل کو ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان چار روزہ دورے پر چین روانہ

    وزیر اعظم کا دورہ چین 25 سے 29 اپریل تک ہے، آفیشل ملاقاتوں کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا، عمران خان کی ورلڈ بینک سی ای او کرسٹالینا جارجیوا اور آئی ایم ایف ایم ڈی کرسٹینا لوگارڈ سے بھی اہم ملاقات طے ہے، آئی ایم ایف ایم ڈی سے ملاقات 26 اپریل کو شام 5 بجے شیڈول ہے۔

    وزیر اعظم کی ہواوے کمپنی کے سی ای او سے ملاقات بھی شیڈول ہے، جب کہ پاک چین ٹریڈ انویسٹمنٹ فورم وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دے گا، عمران خان کار بنانے والی نجی کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔

  • کوئٹہ: وزیر اعظم کی ہزارہ برادری سے ملاقات اور تعزیت

    کوئٹہ: وزیر اعظم کی ہزارہ برادری سے ملاقات اور تعزیت

    کوئٹہ: وزیرِ اعظم عمران خان نے آج ایران کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل کوئٹہ میں ہزار گنجی سانحے کے متاثرین سے ملاقات اور تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کی، اس دوران انھوں نے وفد کے تمام ارکان سے الگ الگ مصافحہ کیا، اور دھماکے کے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ہزارہ برادری سے ملاقات کے دوران دشمن عناصر کے خلاف ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیرِ اعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں شہدا کے خاندانوں کے لیے 5 فی صد کوٹے کا بھی اعلان کیا، خیال رہے کہ انھوں نے آج کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا لوگ کہتے ہیں پچاس لاکھ گھر نہیں بنا سکتے، پانچ سال میں گھروں کی تعداد پچاس لاکھ سے بھی زیادہ ہوگی، اسکیم کے ذریعے کوئٹہ اور گوادر کے ایک لاکھ بیس ہزار خاندانوں کو چھت میسر آئے گی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے، دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

  • وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے، دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج دو روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، یہ وزیرِ اعظم کا ایران کا پہلا دورہ ہے، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان ایرانی صدر اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے، ایرانی قیادت سے اورماڑہ دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ یہ عمران خان کا ایران کا پہلا دورہ ہے، وہ یہ دورہ ایران کے صدر حسن روحانی کی دعوت پر کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم ایران میں تاجر برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں دہشت گردی کے واقعے پر گزشتہ روز پاکستان نے ایرانی سفارت خانے کو ایک احتجاجی مراسلہ بھجوایا تھا، اس سانحے میں 10 پاک بحریہ، 3 پاک فضائیہ اور ایک کوسٹ گارڈ اہل کار شہید ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اورماڑہ دہشت گردی‘ پاکستان نے احتجاجی مراسلہ ایرانی سفارت خانے کو بھجوا دیا

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اورماڑہ میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان نے احتجاج کیا ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا پہلے بھی ایران سے کئی بار مطالبہ کر چکے ہیں۔

  • خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں سابق وزیرِ خزانہ اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اچھے آدمی ہیں، ہماری خواہش ہے وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آنا چاہیں تو ہم خوش آمدید کہیں گے۔

    وزیر اعظم نے کابینہ میں رد و بدل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اسد عمر کو اچھے الفاظ میں یاد کیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ’اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں آنے کے لیے کہیں گے، اسد عمر واپس آئیں تو کابینہ کو فائدہ ہوگا۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا: بلاول بھٹو

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں کوئی مستقل طور پر نہیں آیا، عوام اور ملک کی خدمت کرنے والا رہے گا، باقی گھر جائیں گے، وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر ہے، روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی مانیٹر ہو رہی ہے۔

    ذرایع کے مطابق عمران خان نے رہنماؤں سے کہا کہ وہ عوام کے لیے دل میں رحم پیدا کریں، حکومت میں آنے کا مقصد عوامی فلاح کے منشور پر عمل درآمد ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، ایک بار معیشت مستحکم ہوئی تو آسانی سے ٹیک آف کر جائیں گے۔

    انھوں نے پارٹی ترجمانوں کو حکومتی مؤقف جارحانہ انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ٹاک شوز میں مکمل معلومات اور تیاری کے ساتھ جائیں اور اپوزیشن کے پراپیگنڈے کے بر عکس عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں۔

  • لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم

    لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئی پہنچے جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ عام اورکزئی کے علاقے کلایہ کے اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا جہاں 10 ہزار کرسیاں لگائی گئیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 27 سال پہلے میں اس علاقے میں آیا تھا، قبائلی علاقوں میں گھوما اور ایک کتاب بھی لکھی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ چلی تو ان علاقوں کو جانتا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اس لیے کہا کیونکہ قبائلی علاقوں کے لوگ ہماری فوج ہیں، بدقسمتی سے اس وقت جو وزیر اعظم تھا اسے قبائلی علاقوں کا نہیں پتہ تھا۔ لوگوں کو نہیں پتہ چلا ہمارے قبائلی علاقوں میں کیسی تباہی پھیلی۔

    انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ کوئی وزیر اعظم قبائلی علاقوں میں اتنا نہیں گھوما جتنا میں جا رہا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں جو مشکلات رہیں ان قربانیوں کو نہیں بھولیں گے، پی ٹی ایم لوگوں کی مشکلات کی صحیح بات کرتی ہے لیکن ان کا لہجہ ہمارے ملک کے لیے ٹھیک نہیں، جو لوگ تکلیف سے گزرے ان کو اکسانا ٹھیک نہیں، لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں، لوگوں کو بھڑکایا جاتا ہے لیکن کوئی حل نہیں دیا جاتا، پی ٹی ایم بھڑکانے کے بجائے ان لوگوں کی مدد کرے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کو کہا ہے ان لوگوں کی مدد کریں، ہماری کوشش ہے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیں۔ سیاحت سے کاروبار چلتا ہے، لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ ملیشیا 22 ارب ڈالر اور ترکی 40 ارب ڈالر سیاحت سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ پاکستان میں وہ خوبصورتی ہے جو شاید ہی کسی ملک میں ہو۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قبائلی علاقوں کے بچوں کو تعلیم دینی ہے۔ ہماری حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ہے نوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں۔ نوجوانوں کو سود کے بغیر قرضے دیں گے تاکہ روزگار چلا سکیں۔ ہماری طاقت ہے 60 فیصد پاکستانیوں کی عمر 30 سال سے کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر دیں تو یہ ملک کو کہاں سے کہاں لے جائیں، قبائلی علاقوں کو اپنے مستقبل کی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ کوئی یہاں سرمایہ کاری کے لیے نہیں آتا تھا ہم سرمایہ کاری لائیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کر رہے ہیں، ماضی میں کسی حکومت نے مدرسے کے بچوں کی فکر نہیں کی، مدرسوں کے بچے میرے بچے ہیں مجھے ان کی فکر ہے۔ مدرسوں میں 26 لاکھ بچے پڑھتے ہیں۔ چاہتے ہیں مدرسوں کے بچے دنیاوی اور سائنسی تعلیم بھی پڑھیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2008 میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب تھا، گزشتہ 10 سال میں حکمران قرضہ 30 ہزار ارب پر لے گئے۔ 3 گھرانوں نے چوری کرنا شروع کی۔ مشرف نے این آر او کیا، نواز شریف کو سعودی عرب جانے دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیٹے لندن میں بیٹھے بیٹھے ارب پتی بن گئے، 3 مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے کے بچے کہتےہیں ہم تو پاکستانی ہی نہیں۔ شہباز شریف کہتے ہیں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو نام بدل دینا، آج شہباز شریف اور بچوں کی منی لانڈرنگ بھی سامنے آگئی۔ معلوم نہیں کہاں کہاں سے اور کون کون پیسے بھیج رہے تھے، تینوں خاندانوں کے کھیل اب ختم ہوگئے ہیں۔ ان کو ڈر ہے عمران خان 2 سال بھی رہا تو یہ جیلوں میں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج اورکزئی میں آ کر بڑے بڑے اعلانات کر سکتا تھا، بدقسمتی سے ہمارے خزانے میں اتنے پیسے نہیں ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے نچلے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔ جنوبی پنجاب اور قبائلی علاقے پیچھے رہ گئے انہیں اوپر لانا ہے۔ ہمارے پاس پیسے ہوتے تو ان علاقوں پر خرچ کرتے۔

    کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک اچھا کپتان مسلسل اپنی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہے، کئی مرتبہ کپتان پرانے کھلاڑی کی جگہ نیا کھلاڑی لاتا ہے، کپتان کا صرف ایک مقصد ہوتا ہے اپنی ٹیم کو جتوائے۔ میں نے اپنی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر بدلا ہے آئندہ بھی بدلوں گا۔ سارے وزیروں کو کہتا ہوں انہیں سامنے لاؤں گا جو فائدہ مند ہوں، وزیر اعلیٰ محمود خان کو کہتا ہوں اپنی ٹیم پر خصوصی نظر رکھیں۔

    خیال رہے کہ ضلع اورکزئی میں کسی وزیر اعظم کا 25 سال بعد یہ تیسرا دورہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان اس سے قبل شوکت خانم اسپتال حیات آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے اینکالوجی ریڈی ایشن سروسز کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم کے ساتھ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی موجود تھے۔

    وزیر اعظم کو قبائلی علاقوں کے انضمام سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

  • حکومت نے انضمام شدہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے 10 سالہ منصوبہ بندی کر لی

    حکومت نے انضمام شدہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے 10 سالہ منصوبہ بندی کر لی

    اسلام آباد: حکومت نے خیبر پختون خوا میں ضم کیے گئے قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی کے لیے 10 سالہ منصوبہ بندی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق آج بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں انضمام شدہ قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار، گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان، مشیر ارباب شہزاد اور افتخار درانی شریک تھے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو انضمام شدہ علاقہ جات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر بریفنگ دی گئی، اور آئندہ 10 سالوں کے ترقیاتی منصوبوں اور رواں مالی سال کے فنڈز پر گفتگو کی گئی۔

    بتایا گیا کہ دس سالہ ترقیاتی پروگرام میں تعلیم، صحت، مواصلات، بجلی، زراعت اور انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے منصوبے شامل ہیں، انضمام شدہ علاقوں میں معاشی ترقی کا فروغ اور مواصلات کی سہولتوں پر ترجیحاً کام ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم کا نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح، ملک بھر میں ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کرنے کا اعلان

    10 سالہ منصوبہ بندی میں سرمایہ کاری، بہتر حکومتی نظام اور اداروں کی ترقی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کے عوام نے ملک کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، قبائلی عوام نے تکالیف برداشت کی ہیں، اب ان کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نقصانات کے ازالے کے لیے حکومتی اعلان کردہ معاوضے کی فوری ادائیگی کی جائے، انضمام شدہ علاقوں میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم بھی مزید تیز کی جائے، اور ماہ رمضان کے دوران بجلی کی فراہمی بہتر بنائی جائے۔

    عمران خان نے عوامی نمائندوں کو بھی ہدایت کی وہ انضمام شدہ علاقوں کے عوام سے روابط مزید بہتر بنائیں، کیوں کہ تعمیر و ترقی کے سفر میں عوام کی شراکت داری ضروری ہے۔

  • وزیر اعظم کا نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح، ملک بھر میں ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کرنے کا اعلان

    وزیر اعظم کا نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح، ملک بھر میں ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کر دیا، انھوں نے کہا کہ ریاست کی پالیسیاں نچلے طبقے کی غربت کم کرنے کے لیے بنتی ہیں، ہم ملک بھر میں ہاؤسنگ اسکیموں کا افتتاح کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تبدیلی کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ مفاد پرست ٹولہ ہے، اصلاحات کرتے ہیں تو پرانے سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے رکاوٹ بنتے ہیں۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ کون لوگ ہیں جو پہلے دن سے شور مچا رہے ہیں کہ حکومت نا کام ہو گئی، شور مچانے والے یہ وہ لوگ ہیں جو پرانے نظام سے ارب پتی بن گئے۔

    عمران خان نے اسٹیٹس کو پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے راستے میں یہ بڑی رکاوٹ ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ نچلے طبقے کو ترقی دیں، ہماری حکومت کو ابھی صرف 8 سے 9 ماہ ہوئے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ہم ناکام ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لئے اشتہاری مہم شروع کرنے منظوری

    انھوں نے کہا کہ حکومت کا 50 لاکھ گھروں کا ٹارگٹ بہت اہم ہے، ہمیں اپنی آبادی کنٹرول کرنا پڑے گی اس میں کوئی شک نہیں، آج تک کچی آبادیوں کے لیے کسی نے نہیں سوچا، کراچی کے 40 فی صد لوگ کچی آبادی میں رہتے ہیں، بلوچستان میں ایک لاکھ گھر بنا رہے ہیں، آزاد کشمیر میں 6 ہزار گھر بنائیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ بلا سود قرضوں کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے ہیں، قوم سے کہنا چاہتا ہوں کبھی گھبرانا نہیں مشکل وقت سے نہیں ڈرنا، مشکل وقت قوم کو مضبوط کرنے اور اوپر اٹھانے کے لیے آتے ہیں، میری ساری زندگی اونچ نیچ میں گزری ہے، آج اللہ نے موقع دیا ہے نچلے طبقے کے لیے اصول بنائیں گے۔