Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • ایمنسٹی اسکیم منظور نہ کی جائے، اکثریتی ارکان کی وزیر اعظم سے درخواست

    ایمنسٹی اسکیم منظور نہ کی جائے، اکثریتی ارکان کی وزیر اعظم سے درخواست

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اکثریتی ارکان نے وزیرِ اعظم سے درخواست کر دی ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم منظور نہ کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، گزشتہ روز کی طرح متعدد کابینہ ارکان نے ایک بار پھر ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت کر دی۔

    وزرا کی اکثریت کا مؤقف تھا کہ ایسی کوئی اسکیم نہ لائی جائے جس کے بعد انھیں وضاحتیں دینی پڑیں، وزرا نے رائے دی کہ ابھی بھی وقت ہے، سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا جائے۔

    وزرا کا کہنا تھا کہ موجودہ شکل میں اسکیم کی منظوری حکومت کی بد نامی کا باعث بنے گی، حتمی منظوری سے قبل اسکیم پر مزید غور کیا جائے، اسکیم کی کئی شقیں ایسی ہیں جن کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔

    قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کابینہ کو ٹیکس اسکیم پر بریفنگ دی، تاہم ان کی بریفنگ پر وزرا نے حسب معمول اپنے تحفظات کا اظہار کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ اسکیم سے متعلق کل جو تحفظات تھے وہ آج بھی دور نہیں ہو سکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم کی حمایت کر دی

    دریں اثنا، وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، وزیرِ اعظم نے وفاقی وزرا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کی ضرورت ہے، تاہم اس سلسلے میں کوئی جلد بازی نہیں کریں گے، متفق ہونے تک مشاورت جاری رہے گی۔

    ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر بحث کے بعد وفاقی حکومت نے اثاثہ جات ڈیکلریشن (ایمنسٹی) اسکیم کی منظوری کابینہ کے آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دی، فیصلہ کیا گیا کہ اگلے اجلاس سے پہلے مجوزہ شقوں میں بہتری کی تجاویز تیار کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر وفا قی کابینہ کے اجلاس میں گرما گرمی ہوئی تھی، اجلاس میں اسکیم پر 2 گھنٹے بحث ہوئی، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اس پر مزید غور کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم کی حمایت کر دی

    وزیر اعظم عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم کی حمایت کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی حمایت کر دی ہے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم پرمزید بریفنگ کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر مزید بریفنگ کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعظم نے اسکیم کی حمایت کی۔

    دریں اثنا، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر وفا قی کابینہ کے اجلاس میں گرما گرمی ہوئی، کابینہ کے اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم پر 2 گھنٹے بحث ہوئی۔

    ذرایع نے بتایا کہ ایمنسٹی اسکیم پر مزید غور کا فیصلہ کابینہ کے ارکان کے مطالبے پر کیا گیا، اجلاس میں اس بات پر بحث کی گئی کہ عوام کو یہ بتانا ہے کہ ماضی اور ہماری اسکیموں میں کیا فرق ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  تحریک انصاف کی پہلی ایمنسٹی اسکیم کی تیار، بےنامی اثاثے رکھنے والوں کیلئےآ خری موقع

    کابینہ کے ارکان نے کہا کہ قوم کو یہ بتانا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کن حالات میں متعارف کرائی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جب تک کابینہ مطمئن نہیں ہوتی ا سکیم منظور نہیں ہوگی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وزیر خزانہ اسد عمر کو ٹاسک دیا گیا کہ وہ ذیلی کمیٹی کو بریف کریں گے، جب کہ ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔

    یاد رہے کہ 8 اپریل کو وزرات خزانہ کے ذرایع نے بتایا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنی پہلی ایمنسٹی اسکیم تیار کر لی ہے، جسے ٹیکس چوروں اور بے نامی اثاثے رکھنے والوں کے لیے آخری موقع قرار دیا گیا، امید کی گئی تھی کہ آج کے اجلاس میں اسے منظور کر لیا جائے گا۔

  • کرپشن کے حق میں قانون بنانے والوں پر تنقید، وزیر اعظم نے لبرل فرانسیسی ماہر معاشیات کا حوالہ دے دیا

    کرپشن کے حق میں قانون بنانے والوں پر تنقید، وزیر اعظم نے لبرل فرانسیسی ماہر معاشیات کا حوالہ دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کرپشن کے حق میں قانون بنانے والوں پر تنقید کرتے ہوئے لبرل فرانسیسی ماہر معاشیات کا ایک اہم اقتباس شیئر کیا۔

    وزیرِ اعظم نے اپنی ٹویٹر پوسٹ میں لکھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے ساتھ قانون کی سطح پر جو برتاؤ کیا جاتا ہے، اس کی حقیقت فریڈرک باسٹائٹ کے اس قول سے واضح ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کرنے والے افراد سے اگر سوال پوچھا جائے تو ان کا رد عمل یہ ہوتا ہے کہ وہ غصے میں لال پیلے ہو جاتے ہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے فرانسیسی ماہر معاشیات فریڈرک باسٹائٹ کا اقتباس شیئر کیا، جس میں باسٹائٹ کہتا ہے کہ جب کسی سماج میں ایک طبقے کے لیے لوٹ مار معمول کا کام بن جاتا ہے تو وقت کے ساتھ ساتھ وہ اپنی لوٹ مار کے لیے قانون کا سہارا بھی لے لیتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شریف خاندان اور زرداری نے کس طرح کرپشن کی؟ فواد چوہدری نے ہوشربا تفصیلات بتا دیں

    باسٹائٹ نے معاشرے میں کرپشن کے پھیلاؤ کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوٹ مار کرنے والے اپنی کرپشن کے لیے بھی قانون بنا لیتے ہیں، ایک ایسا لیگل سسٹم جو ان کو لوٹ مار کی اجازت دیتا ہے، اور لوٹ مار کو قابل تعریف کام بنا دیتا ہے۔

    خیال رہے کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف خاندان اور آصف زرداری نے پاکستان میں اپنی کرپشن کے لیے قانون کا سہارا لیا، اپنی کرپشن کو محفوظ بنانے کے لیے 92 میں اکنامی ریفارم ایکٹ لایا گیا، اس ایکٹ میں تھا کہ پیسا باہر سے آ رہا ہے تو ادارے نہیں پوچھ سکتے۔

  • وزیر اعظم عمران خان 27اپریل کو 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    وزیر اعظم عمران خان 27اپریل کو 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان 27اپریل کو تین روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے، دورے میں چین کے صدر ، وزیر اعظم سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں جبکہ دوسرے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت بھی کریں گے اور عالمی رہنماﺅں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 27اپریل بروز ہفتہ کو تین روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے ، جہاں وہ چین کے صدر ، وزیر اعظم سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے،ملاقاتوں میں چین پاکستان اقتصاری راہداری منصوبے پر بات چیت ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر سمیت کابینہ کے ارکان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیر اعظم دوسرے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کریں گے ، فورم میں 100سے زیادہ ممالک کے سربراہان اور مندوبین شریک ہوں گے جبکہ عمران خان فورم کی سائیڈ لائن پر عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کو دورے کی دعوت چینی صدر شی جن پنگ نے دی تھی۔

    مزید پڑھیں : چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر موصول

    یاد رہے نومبر 2018 میں بھی وزیراعظم عمران خان نے 5 روزہ دورے پر چین گئے تھے ، دورے کے دوران عمران خان نے چینی صدر اور وزیراعظم کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جبکہ 15 دونوں ممالک کے درمیان 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں ملک اچھے ہمسائے، قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ باہمی دوستی وتعاون کا خطے اور خطے سے باہرامن واستحکام میں اہم کردار ہے، دونوں ملک باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدت تناظرمیں دیکھتے ہیں۔

  • وزیر اعظم کا ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کیخلاف فوری  کارروائی کاحکم

    وزیر اعظم کا ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کیخلاف فوری کارروائی کاحکم

    لاہور : وزیر اعظم عمران خان نے ادویات کی قیمتیں بڑھانےوالوں کیخلاف کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا 72گھنٹےمیں ادویات کی قیمتوں کوپرانی سطح پرلایاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ادویات کی قیمتیں بڑھانےوالوں کیخلاف کارروائی کاحکم دے دیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کوکارروائی کی ہدایت کی کہ 72 گھنٹے میں ادویات کی قیمتوں کوپرانی سطح پرلایاجائے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا عوامی خدمت کےمنصوبوں میں مکمل سہولت دی جائے، نئی ترقیاتی اسکیمزبھی ایک ماہ میں لےلی جائیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال دس جنوری کو تمام ادویات پر پندرہ فیصد اضافہ کیا گیا تھا، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو تین ماہ بعد ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے کی یاد آئی۔

    حال ہی میں ہولسیلرز اور ریٹیل میڈیکل اسٹورز نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جاری کردہ قیمتوں کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں سو فیصدسے زائد اضافہ کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن

    بعد ازاں وفاقی حکومت نے بعض دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں از خود بلا جواز اضافے پر ایکشن لیتے ہوئے ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

    کریک ڈاؤن میں غیرقانونی طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی 31 دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور زائد قیمت وصولی پر 143 ادویات قبضے میں لے لی گئی تھیں۔

    وفاقی وزیر صحت عامرکیانی نے ڈریپ کو قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزکرنےکی ہدایت کرتے ہوئے صورتحال کے ذمہ داران سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دیا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

    اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، جہاں وہ ایوان وزیر اعلی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم لیبر کارڈ اور پنجاب میں ٹوریزم کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اصوبائی درالحکومت لاہور پہنچ گئے ، دورہ کے دوران وہ وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کریں گے جبکہ ایوان وزیر اعلی لاہور میں وزیر اعظم پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

    عمران خان پارلیمانی پارٹی اجلاس میں پارٹی کے اندر موجود دھڑے بندیوں اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کے بل کے حوالے سے بھی پارلیمانی پارٹی کو بھی اعتماد میں لیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو نیا پاکستان ہاوسنگ پروجیکٹ میں ہونے والی پیش رفت ،مزدوروں کے لیے لیبر کارڈ پالیسی اور پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے نئے مقامات کا جائزہ رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں جناح ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کردیا

    یاد رہے 30 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں جناح ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا تھا ، تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا پاکستان میں چین کی مدد سے ٹرینوں کاجال بچھا دیں گے، پاکستان میں تمام کمزورطبقے کو ہیلتھ کارڈ ملنا چاہیے، اصولی طورپرمزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کے حق میں ہوں، جتنی مہنگائی ہے، مزدوروں کی تنخواہ بڑھنی چاہیے، میں جھوٹے وعدے نہیں کروں گا۔

    عمران خان کا کہناتھا انگریزجوپٹری بناکرگیا تھا، وہ آج کم ہوگئی ہے، ٹرین عام آدمی استعمال کرتا ہے، غریب طبقے کے لئے ہیلتھ انشورنس شروع کررہے ہیں، موٹر ویزاورشاہراہیں اشرافیہ کے لئے ہیں، جمہوری وزیراعظم ہوں،سوچ سمجھ کربجٹ کےمطابق مالی فیصلےکرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا تھا وزارت پٹرولیم سےکہوں گا کہ فریٹ کے لئے ریلوےکو استعمال کیا جائے، ریلوے سیاحت میں ہمیں بہت مدد گار ثابت ہوگی، جن کی چھٹیاں لندن میں ہوتی تھیں، انھیں کیا پتا کہ پاکستان میں کتنی سیاحت ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری تنظیم کے وفد کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری تنظیم کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم میڈف کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم میڈف کے وفد نے وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کی۔

    عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں زراعت، سیاحت، صنعت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    وزیر اعظم نے میڈف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    ملاقات میں وفد نے مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے فرانسیسی کاروباری شخصیات کی دل چسپی کا خیر مقدم کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:   وزیراعظم سیکرٹریٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ سامنے آگئی

    عمران خان نے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور ملک میں سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں متعدد شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ میڈف فرانسیسی کاروباری افراد کی سب سے بڑی تنظیم ہے جس کے ارکان کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہے۔

  • پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی امداد کے لیے تیار ہے: وزیر اعظم

    پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی امداد کے لیے تیار ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی مدد کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ پیغام میں ایران میں بد ترین سیلاب پر ہمدردانہ جذبات کے تحت کہا کہ وہ سیلاب سے دوچار ایرانی عوام کے لیے دعا گو ہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کو ضروری امدادی سامان بھجوانے کے لیے تیار ہے۔

    واضح رہے کہ ایران میں بارش کے بعد آنے والے سیلاب نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 70 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، سیلاب سے ایران کے 13 صوبے متاثر ہوئے اور مجموعی طور پر 4 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی

    سیلابی ریلے کے باعث 78 شاہراہیں بہہ گئی ہیں اور 84 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، سب سے زیادہ نقصان صوبہ لرستان کو پہنچا ہے جہاں اکثر دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو چکا اور 14 افراد جاں بحق ہوئے۔

    محکمہ موسمیات نے صوبہ خوزستان میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے سیلاب میں مزید طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ ڈیموں اور دریاؤں کے نزدیک واقع بستیوں کو حفظِ ماتقدم کے تحت خالی کرا لیا گیا ہے۔

    ایران میں مقامی اداروں کے ساتھ عالمی ادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، امدادی کیمپوں میں طبی مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔

  • حدیبیہ کیس فیصلہ میرٹ پر ہوتا تو منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا: وزیرِ اعظم

    حدیبیہ کیس فیصلہ میرٹ پر ہوتا تو منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا: وزیرِ اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو جاتا تو آج منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے انھیں ہدایت کی کہ منی لانڈرنگ کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ تمام تفصیلات میڈیا کے ذریعےعوام تک پہنچائی جائیں، گم راہ کرنے والوں کا اصل چہرہ عوام کو دکھایا جائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف اگر شریف فیملی کو این آر او نہ دیتے تو منی لانڈرنگ ختم ہو جاتی، حدیبیہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہوتا تو منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے: فواد چوہدری

    انھوں نے کہا ’حدیبیہ کیس کو ایسے تمام کیسز میں ماڈل کے طور پر استعمال کیا گیا، منی لاندڑنگ کے کیسز میں حدیبیہ کیس کا ماڈل استعمال کیا گیا ہے، فرنٹ مینوں کے ذریعے پیسا باہر بھیجا گیا اور واپس منگوایا گیا، نواز شریف اور آصف زرداری کے پیسے میں یہی ماڈل سامنے آیا ہے۔‘

    وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات کو ہدایت کی کہ ملکی معیشت پر ان سیاہ کاریوں سے پڑنے والے نقصانات سے عوام کو آگاہ کیا جائے، ماضی کی سیاہ کاریوں سے عوام مہنگائی اور قرض کی دلدل میں پھنسے۔

    انھوں نے کہا ’10 سال میں لیے گئے 60 ارب ڈالر قرضے کا حساب لیا جانا چاہیے، ماضی کے حکمران عوام کو مقروض بنا کر ذاتی تجوریاں بھرتے رہے، آئینی اصلاحات سے منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔‘

  • 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت

    22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر عامر کیانی نے کہا ہے کہ اب تک 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں، رواں سال 90 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کریں گے۔

    وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 25 فی صد سرکاری جب کہ 75 فی صد نجی اسپتال کام کر رہے ہیں، بنیادی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی ذمےداری ہے۔

    انھوں نے کہا ’ساڑھے 3 کروڑ لوگوں کو ہیلتھ انشورنس دینے جا رہے ہیں، حکومت شعبہ صحت کے مسائل حل کرنے جا رہی ہے، شعبہ صحت میں بھرپور اصلاحات جاری ہیں۔‘

    عامر کیانی کا کہنا تھا کہ ڈرگ انڈسٹری انتہائی اہمیت کی حامل ہے لیکن اس کی برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے، حکومت ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، صورت حال سنبھالنے کے لیے خیبر پختون خوا میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا۔

    وزیر صحت نے کہا کہ یومیہ 65 ہزار صحت کارڈز کی پرنٹنگ و تقسیم جاری ہے، ہیلتھ کارڈ سے عام آدمی کو بہترین طبی سہولتیں میسر آ رہی ہیں، ہیلتھ کارڈ ہولڈر کو ٹرانسپورٹ الاؤنس فراہم کیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ادویات کی دستیابی یقینی بنانا ہے، 2001 سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا، ڈالر ریٹ بڑھنے اور خام مال مہنگا ہونے سے فارما انڈسٹری کو مسائل کا سامنا تھا، 900 ادویات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا ’385 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، حکومتی رِٹ چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، 37 کمپنیوں نے 175 ادویات کی قیمتوں میں از خود اضافہ کیا، ان کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

    عامر کیانی نے مزید کہا کہ حکومت صنعتوں کو فعال کرنے اور نوکریاں دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، از خود قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں کی پیداوار روک رہے ہیں، قانون شکن دوا ساز کمپنیوں کے خلاف عدالتوں سے بھی رجوع کریں گے۔