Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون پر وزیر اعظم کا ٹویٹ

    امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون پر وزیر اعظم کا ٹویٹ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون پر ٹویٹ کرتے ہوئے حضور ﷺ کا فرمان شیئر کر دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ حضورﷺ کا فرمان ہے کہ نا انصافیوں کی وجہ سے کئی قومیں تباہ ہوئیں۔

    اپنے ٹویٹر پیغام پر عمران خان نے لکھا ’آپ ﷺ نے فرمایا تباہی کی وجہ طاقت ور اور کم زور کے لیے الگ الگ قانون تھا۔‘

    خیال رہے کہ آج آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں احتساب عدالت کے حکم پر نیب ٹیم حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے پہنچی تھی لیکن انھیں گرفتار کرنے میں نا کام رہی، لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو پیر تک حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا اور کہا حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عمران خان، آپ مجھے گرفتارنہیں کرسکتے: حمزہ شہباز

    لاہور ہائی کورٹ کے حکم اور نیب ٹیم کی واپسی کے بعد حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’عمران خان! کھلے الفاظ میں آپ کو بتا دینا چاہتا ہوں، آپ مجھے گرفتار نہیں کر سکتے۔‘

    ہائی کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2 رکنی بینچ 8 اپریل کو حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت کی سماعت کرے گا، 8 اپریل کے بعد حفاظتی ضمانت غیر مؤثر تصور کی جائے گی، جب کہ حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت کا حکم کیس پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 9اپریل کو طلب کرلیا

    وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 9اپریل کو طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 9اپریل کو طلب کرلیا، اجلاس کا 19 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے ،کابینہ اہم تعیناتیوں کی منظوری دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 9اپریل کو ہوگا ،اجلاس میں 19نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ اور جینکو ون، ٹو، تھری کے سربراہان کی تعیناتی ایجنڈے کا حصہ ہوگی جبکہ سی ای او سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی تعیناتی کی منظوری اور انفارمیشن کمیشن کے ارکان کی تنخواہ کا تعین بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہلک بیماریوں کے علاج کے پروگرام کی بحالی، پیپرا رولز2004میں ترامیم اور فیصل آباد میں آبی وسائل کیلئے فرانس سے 94ملین یورو قرض معاہدے کی منظوری کے امور پر زیرغور آئیں گے۔

    اجلاس میں عابد حسین، افروز عالم لہری نامی افراد کو یو اے ای، سعودی عرب کے حوالے کرنے کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ فارمیسی کی تعلیم کے اداروں کے الحاق اور سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق عدالتی فیصلے پر بھی جائزہ لیا جائےگا۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان میڈیا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ اجلاس : پاکستان میں آئی پی ایل پر پابندی لگا دی گئی

    یاد رہے 2 اپریل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی تھی، بعد ازاں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا پہلی بار غربت کے خاتمے کے لئے پورا ڈویژن بنایا گیا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا، سماجی تحفظ اور انسداد غربت پروگرام لے کر آ رہے ہیں، احساس کے نام سے پروگرام لانچ کررہے ہیں، جس کی تفصیل آئندہ ہفتے دیں گے۔

    اجلاس میں ایئر مارشل(ر) ارشدملک کو پی آئی اے کا سی ای او نامزد کیا گیا ہے، آئی پی او بورڈ سے حسن شاہ کو ہٹادیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں آئی پی ایل پر پابندی لگادی گئی تھی۔

  • وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال

    وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق جمعرات کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان ملکی سیکورٹی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل 220 ویں کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ ملک میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے تحت ہتھیار کے استعمال کا حق صرف ریاست کے پاس ہوگا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے ثمرات اب سامنے آنے لگے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے اطلاق کے لیے حکومت سے تعاون کیا جائے گا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مثبت اقدام کی حمایت کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات، بھارتی جارحیت کے جواب میں مسلح افواج کے کردار کی تعریف

    11 مارچ کو بھی وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی تھی،جس میں پاک بھارت کشیدگی اور ملک کی داخلی و خارجی سیکورٹی کی صورت حال سمیت پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں مسلح افواج کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، تاہم اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے رہیں گے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے  بر طانوی ر کن پار لیمنٹ سعیدہ وارثی  کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے بر طانوی ر کن پار لیمنٹ سعیدہ وارثی کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے بر طانوی ر کن پار لیمنٹ سعیدہ وارثی سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور امن وامان کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی نژاد برطانوی پارلیمنٹرین اور کنزرویٹوپارٹی کی رہنما سعیدہ وارثی نے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی امن وامان کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذو الفقار بخاری بھی موجود تھے ۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات کے دور ان خطے کی موجودہ صورتحال اور پاک برطانیہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں بھی وزیراعظم عمران خان سے سعیدہ وارثی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی تھی، وفد میں ناز شاہ، لوڈ روگن، رکن پارلیمنٹ فیصل رشید اور جان ڈیوس شامل تھے۔

    وزیراعظم نے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور بھارتی حکومت کی طرف سے پیدا کردہ جنگی جنون کو اجاگر کیا تھا جبکہ سعیدہ وارثی نے وزیراعظم کے وژن اور قیادت کو سراہا۔

    وفد نے اقتصادی چیلنجز، بہتر اسلوب حکمرانی اور بدعنوانی کے خاتمہ سمیت مختلف چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بھی تعریف کی تھی۔

  • وزیر اعظم سے علمائے کرام کی ملاقات، اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت

    وزیر اعظم سے علمائے کرام کی ملاقات، اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے علماے کرام کے وفد نے ملاقات کر کے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے اور سماجی، اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق علما نے’پیغام پاکستان کانفرنس‘ کی سفارشات کو امن کے لیے معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلمانوں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد مذموم مقاصد کے لیے اسلام کا نام خراب کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں۔

    ملاقات میں تعلیمی اصلاحات اور مدارس کی رجسٹریشن کے امور پر بھی گفتگو ہوئی، علماے کرام نے وزیر اعظم کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علما نے وزیر اعظم کے بے سہارا اور محروم طبقات کے لیے اقدامات کو بھی سراہا۔

    علماے کرام کے وفد کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ واقعے کو کسی مذہب سے جوڑنے کی کوشش نہیں کی گئی، دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، نیوزی لینڈ وزیر اعظم کا مسلمان کمیونٹی سے رویہ لائق تحسین ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آٹزم کا شکارافراد کو صلاحیتوں کے اظہارکے مواقع دیے جائیں گے، وزیراعظم

    اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں قیام امن اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس وقت ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، کوشش ہے ملک کی معیشت کو مضبوط بنائیں کیوں کہ مضبوط معیشت ملکی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت امن اور عوامی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے پُر عزم ہے، شر پسند عناصر کےعزائم نا کام بنانے کے لیے علما کردار ادا کر سکتے ہیں، ملک میں مختلف نظام تعلیم معاشرے میں تفریق کا باعث ہیں، سب کے لیے یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ بھی جج، ڈاکٹر، انجینئر اور سائنس دان بن سکتے ہیں، دینی مدارس کے طلبہ بھی ریاستی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر سکتے ہیں، تعلیمی اصلاحات میں حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

  • سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ 70550 روپے کا ہو گیا

    سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ 70550 روپے کا ہو گیا

    کراچی: سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، سونے کی فی تولہ قیمت میں 50 روپے اضافے کے بعد سونا 70550 روپے فی تولہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت میں پچاس روپے کا پھر اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد فی تولہ 70 ہزار پانچ سو پچاس روپے کا ہو گیا۔

    10 گرام سونے کی قیمت میں 43 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 60485 روپے تک پہنچ گئی۔

    دوسری طرف انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا 04 ڈالر کمی کے بعد 1288 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے۔

    چئیرمین پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 1320 ڈالر پر 70500 روپے فی تولہ سونا تھا تاہم پاکستانی کرنسی کی قدر گرنے کے باعث آج 1288 ڈالر پر سونا 70550 روپے فی تولہ ہو گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر، فی تولہ 70400 روپے کا ہو گیا

    خیال رہے کہ 25 مارچ کو پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، فی تولہ سونے کی قیمت میں 150 روپے کے اضافے سے قیمت 70400 روپے ہو گئی تھی۔

    سونے کی قیمتوں میں تاریخ ساز اضافے کے بعد اب بھی اضافے کا یہ رجحان جاری ہے۔

  • حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

    اسلام آباد: حکومت نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش مان لی، پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 6،6 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

    مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3،3 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل اوگرا کی جانب سے ماہ اپریل کے لیے حکومت سے سفارش کی گئی تھی کہ پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 91 پیسے اضافہ کیا جائے تاہم حکومت کی جانب سے چھ روپے بڑھائے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 2.50 روپے فی لیٹر مہنگا

    اوگرا کی سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 17 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 49 پیسے بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پٹرول کی قیمت میں 11روپے91 پیسے اضافے کی سفارش

    واضح رہے کہ 28 فروری کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے ہو گئی تھی۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.75 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 111.43 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    خان گڑھ: وزیر اعظم عمران خان نے آج جی ڈی اے کے رہنما علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادیوں کے مطالبے پر کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ دورے کے موقع پر خان گڑھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم سے اتحادی جماعتوں کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی حکومت کا پروگرام ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ یہ صوبائی حکومت کا پروگرام ہے، اگر اس کا نام تبدیل کیا جائے تو اچھا ہوگا۔

    اتحادیوں کے مطالبے پر وزیرِ اعظم عمران خان نے فوری یقین دہانی کرا دی، انھوں نے مطالبے پر فوراً کہا ’تبدیل ہو گیا نام۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم سے علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین کی ملاقات

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تبدیلی کا اعلان سندھ میں اتحادیوں کے مطالبے پر کیا ہے، یہ دورہ سندھ پر ایک اور بڑا اعلان ہے۔

    قبل ازیں ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا، ہم نے مل کر اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی غربت کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بے لگام کرپشن ہے، بے لگام کرپشن نے صوبے کے عوام کو غربت کی دَل دَل میں دھکیلا ہے۔

  • وزیر اعظم سے علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین کی ملاقات

    وزیر اعظم سے علی گوہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین کی ملاقات

    کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان سے علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین نے ملاقات کی، جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاق کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے جی ڈی اے رہنما علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر وزیرِ اعظم سے ملاقات کی۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا، ہم نے مل کر اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی غربت کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بے لگام کرپشن ہے، بے لگام کرپشن نے صوبے کے عوام کو غربت کی دَل دَل میں دھکیلا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کی ترقی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، وزیراعظم عمران خان

    انھوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا اور اپنی تجوریاں بھری گئیں، پی ٹی آئی منشور پر اتحادی جماعتوں نے لبیک کہا تھا، ہمیں اس منشور کو اب عملی جامہ پہنانا ہے۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوامی نمائندگان عوام کے مسائل کی نشان دہی اور ان کے حل میں متحرک کردار ادا کریں، وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل کے حل میں ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے: ذرائع

    وزیر اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے: ذرائع

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے جہاں وہ گوادر ایکسپو میں شریک ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کا گوادر پورٹ کا دورہ پورے دن پر مبنی ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے، جہاں انھیں پاک چین اقتصادی راہ داری کے تحت جاری مختلف تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو سی پیک کے تحت جاری جدید ترین آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر بریف کیا جائے گا۔

    بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان شام کو کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، کمیٹی وزیر اعظم کو منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک سعودی عرب مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی پروقار تقریب

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 30 مارچ کو گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کریں گے، اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب گوادر پورٹ پر گیارہ بلین ڈالرز پر مبنی آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیس کی تعمیر پر جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کر چکے ہیں۔