Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • پاکستان یک سر تبدیل ہو چکا، وزیر اعظم کی 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین سے گفتگو

    پاکستان یک سر تبدیل ہو چکا، وزیر اعظم کی 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین سے گفتگو

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین نے ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے مندوبین سے کہا کہ آج کا پاکستان یک سر تبدیل ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، مندوبین اسلام آباد سمٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

    ملاقات میں مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، معاون خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی بھی شامل تھے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے مندوبین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کاپاکستان یک سر تبدیل ہو چکا ہے، نیا پاکستان پُر امن اور ابھرتے ہوئے سماجی و معاشی مواقع سے بھرپور ہے۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم بزنس کمیونٹی کو منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان میں معروف بین الاقوامی سرمایہ کار سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کل برطانوی شہریوں کے لئے ای ویزا سروس کاافتتاح کریں گے

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان برطانوی شہریوں کے لیے کل دن 12 بجے ویڈیو کال پر ای ویزا سروس کا افتتاح کریں گے، جس کے بعد برطانوی شہری گھر بیٹھے پاکستانی ویزا حاصل کر سکیں گے۔

    برطانوی شہریوں کے لیے ای ویزا کی سہولت کے آغاز سے ای ویزے سے قونصلر سروسز میں کام کا بوجھ کم ہو جائے گا اور عوام گھر بیٹھے پاکستانی ویزا حاصل کر پائیں گے۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان سے ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات

    وزیرِ اعظم عمران خان سے ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریڈوو نے وزیرِ اعظم آفس میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں ترکمانستان کابینہ کا وفد بھی شامل تھا۔

    ترکمانستان کے وزیر توانائی اور پاکستان میں تعینات سفیر نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریڈوو کو خوش آمدید کہا، ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    دونوں ممالک نے گیس اور بجلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تعلقات پر اطمینان کا بھی اظہار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک جرمنی تعلقات جمہوری اقدار میں جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

    راشد میریڈوو نے ترکمانستان کی قیادت کا پیغام وزیر اعظم عمران خان کو پہنچایا، ترکمانستان کی قیادت نے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی خوش حالی اور ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی ترکمانستان کے صدر گربن گلے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان سے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بھی ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر اور مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • کراچی: درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ، خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت

    کراچی: درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ، خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت

    کراچی: شہرِ قائد میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف شہریوں نے بڑی تعداد میں مظاہرہ کیا، جس میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں سی ویو کے قریب بڑی تعداد میں شہریوں نے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

    مظاہرے میں کلفٹن اور ڈیفنس کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی ایم این اے آفتاب صدیقی کر رہے تھے۔

    مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’درختوں کی غیر قانونی کٹائی بند کرو‘ کے نعرے درج تھے۔

    مظاہرے کے دوران شرکا کی جانب سے نعرے بھی لگائے گئے، مظاہرین نے ’درخت کاٹنا بند کرو‘ کے نعرے لگائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر درختوں کی کٹائی جاری رہے گی تو ہماری آنے والی نسلوں کو زمین پر سانس لینا بھی مشکل ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے درخت اگاؤ مہم جاری ہے، اس کے با وجود کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔

    درختوں کی کٹائی میں مختلف ادارے بھی ملوث ہیں، گزشتہ دنوں میٹروول سائٹ ایریا میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے پول لگانے کے لیے سڑک کے کنارے درختوں کو کاٹا گیا۔

  • بلین ٹری سونامی مہم کام یاب ہو چکی ہے: وزیرِ اعظم عمران خان کا ٹویٹ

    بلین ٹری سونامی مہم کام یاب ہو چکی ہے: وزیرِ اعظم عمران خان کا ٹویٹ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی مہم کام یابی سے ہم کِنار ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ انھوں نے ایک ارب درخت اُگانے کی جو مہم شروع کی تھی، وہ کام یاب ہو گئی ہے۔

    وزیرِ اعظم نے لکھا کہ سونامی مہم نرسریوں سے مکمل جنگلات میں بدل گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ درخت اگانے کی مہم میں نجی اور عوامی اشتراک بے مثال رہا، جس کی وجہ سے مہم نے بے مثال کام یابی حاصل کی۔

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس مہم کی کام یابی سے ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے لڑنے کا حوصلہ ملا ہے، اب ہمیں ہمت ملی ہے کہ اس مہم کو 10 ارب درختوں کے ہدف تک لے کر جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی مہم کے بعد خیبر پختون خوا میں جنگلات کا رقبہ 4 فی صد تک بڑھ گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کے پی میں بلین ٹری منصوبے نے دنیا بھر میں پاکستان کے لیے عزت کمائی، عالمی اقتصادی فورم، عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این اور ورلڈ وائلڈ لائف سمیت کئی عالمی اداروں نے منصوبے کی تعریف کی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا نواز شریف کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

    وزیر اعظم عمران خان کا نواز شریف کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے نواز شریف کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو سابق وزیر اعظم کے لیے طبی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کے لیے ہر قسم کی طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انھوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو نواز شریف کی صحت سے متعلق ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار سے کہا نواز شریف کا علاج ان کی مرضی کے مطابق کیا جائے، وفاق نواز شریف کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔

    خیال رہے کہ آج پنجاب حکومت نے نواز شریف کے لیے ایمرجنسی ایمبولینس کوٹ لکھپت جیل بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، مریم نواز نے نواز شریف کے علاج کی خاطر ایمرجنسی سہولیات کے لیے ٹویٹ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب حکومت کا نواز شریف کیلئے ایمرجنسی ایمبولینس جیل بھجوانے کا فیصلہ

    بتایا گیا ہے کہ ایمرجنسی ایمبولینس کسی بھی وقت کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی جائے گی اور ایمبولینس میں ایمرجنسی سے نمٹنے کی تمام سہولیات موجود ہوں گی۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے موبائل یونٹ کوٹ لکھپت جیل بھجوانے کے حوالے سے پی آئی سی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کے لیے موبائل یونٹ کوٹ لکھپت جیل بھیجا جا رہا ہے، 3 کارڈیک ڈاکٹرز اور 3 ٹیکنیشنز وہاں موجود رہیں گے۔

  • وزیر اعظم اور ایرانی صدر کا رابطہ، دہشت گردی کے خاتمے پراتفاق

    وزیر اعظم اور ایرانی صدر کا رابطہ، دہشت گردی کے خاتمے پراتفاق

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، ٹیلی فونک گفتگو میں خطے کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ایرانی صدر کو فون کر کے خطے کی صورتِ حال پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ایران میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور مستقبل میں ایران کے دورے کے امکان پر بھی بات چیت کی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پاک بھارت کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ٹیلی فونک رابطے میں وزیرِ اعظم عمران خان نے ایرانی صدر کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی امن کوششوں سے آگاہ کیا۔

    موجودہ صورتِ حال میں برادر ملک ایران کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی، وزیرِ اعظم عمران خان نے کشمیر کے مسئلے پر حمایت کرنے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران: شیخ رشید کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

    اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی ورثے میں جڑے ہوئے ہیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں اقتصادی ترقی کے لیے امن کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ دریں اثنا، دونوں رہنماؤں کے درمیان عوامی رابطے مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • لاہور میں مزید 5 پناہ گاہوں کے قیام پر کام جاری ہے، وزیرِ اعظم کو بریفنگ

    لاہور میں مزید 5 پناہ گاہوں کے قیام پر کام جاری ہے، وزیرِ اعظم کو بریفنگ

    لاہور: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں مزید پناہ گاہوں کے قیام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کو صوبے میں مزید پناہ گاہوں کے قیام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ لاہور میں 5 پناہ گاہوں کے قیام پر کام جاری ہے۔

    وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 پناہ گاہیں اپریل میں جب کہ 2 مئی کے مہینے میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔

    کمشنر لاہور نے بریفنگ میں کہا کہ ان پناہ گاہوں کی نگرانی مخیر حضرات پر مشتمل گورننگ بورڈ کرے گا۔ بریفنگ کے دوران تجویز دی گئی کہ مخیر حضرات پر مشتمل گورننگ بورڈ کی جانب سے پناہ گاہ میں قیام و طعام میں تعاون بھی کیا جا سکتا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں اضافہ کیا جائے، اور پناہ گاہوں کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب حکومت کا ہر ضلع میں سڑکوں پر سونے والے افراد کیلئے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ ہر ضلع میں سڑکوں پر سونے والوں کے لیے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے عام طبقے کی فلاح اور بھلائی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    گزشتہ سال نومبر میں وزیرِ اعظم عمران خان نے لاہور میں شیلٹر ہوم منصونے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شیلٹر ہوم آسمان تلے رات بسر کرنے والے افراد کے لیے بنایا جا رہا ہے، یہ اقدام فلاحی ریاست کی جانب سے پہلا قدم ہے جو اٹھایا گیا۔

  • بلاول بھٹو کی  تقریر پر عمران خان کی تنقید چھوٹا پن ہے، خورشید شاہ

    بلاول بھٹو کی تقریر پر عمران خان کی تنقید چھوٹا پن ہے، خورشید شاہ

    سکھر : پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا بلاول کی تقریر پر عمران کی تنقید چھوٹا پن ہے، بد قسمتی سے ابھی انہیں قومی سیاست کرنا نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بلاول کی انگریزی میں تقریر پر عمران کی تنقید چھوٹا پن ہے بد قسمتی سے ابھی انہیں قومی سیاست کرنا نہیں آئی ہے، ان کوتقریر اس لیےسمجھ نہیں آئی کیونکہ وہ پارلیمنٹ آتے ہی نہیں۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹوکی تقریرمستقبل کی حکمت عملی پرتھی جوانہیں سمجھ نہیں آئی، کابینہ میں جو فیصلے کرتے ہیں وہ کسے خوش کرنے کیلئے کرتے ہیں ہم نے ہمیشہ سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

    بھارت کے حوالے سے پی پی رہنما نے کہا بھارتی شکست کی وجہ وہاں کے سیاست دانوں کاایک نظریے پر نہ ہوناہے بھارت میں 2نظریے ہیں،م ودی جنگ ،دوسرے امن چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا حکومت ایک طرف بلاتی ہےدوسری طرف ان کالیڈرتنقید کرتاہے، عمران خان کے متنازع رویے کے باوجود پارلیمنٹ میں ایک لفظ نہیں کہا، یہ دہرا معیار ہے۔

    مزید پڑھیں : بلاول نے اسمبلی میں جو تقریرکی وہ کسی کو سمجھ ہی نہیں آئی، وزیراعظم

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے چھاچرو میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو کی تقریر سے متعلق کہا تھا کہ ایک شخص زرداری کا نام بدل کر بھٹو رکھ کے خود ساختہ لیڈر بن گیا، بلاول نے اسمبلی میں جو تقریرکی وہ کسی کو سمجھ ہی نہیں آئی، بلاول یوٹرن اچھی چیز ہے مشکل وقت سے بچاتی ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یوٹرن کا مطلب سمجھتے تو اتنی مشکل میں نہیں آتے، پرویز مشرف نے امریکا کے دباؤ میں آکر آپ کے والد کو این آر او دے دیا، اگر اس وقت آپ کرپشن سے یوٹرن لیتے تو آج عدالتوں کے چکر نہ کاٹ رہے ہوتے، آج آپ کو والد نے پھنسا دیا ہے کیونکہ آپ کا بھی نام آگیا ہے۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی ملاقات

    وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ نے پاکستان پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم ہاؤس میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، عمران خان نے وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

    وزیرِ اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

    قبل ازیں، پاکستان پہنچے پر سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود سے ملاقات کی، دونوں شخصیات نے خطے میں سیکورٹی کی صورت حال و دیگر امور پر گفتگو کی۔

    وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سعودی ولی عہد کی مصالحت کی پیش کش کا خیر مقدم کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر پاکستان پہنچ گئے

    واضح رہے کہ سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سعودی ولی عہد کا پیغام لے کر پاکستان پہنچ گئے ہیں، سعودی وزیر خارجہ کا ایجنڈا بھارت کی جانب سے پیدا کردہ کشیدگی ختم کرانا ہے۔

    گزشتہ روز شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کو دوسرا گھر قرار دیا ہے، پاکستان بھی سعودی عرب کے کردار کی قدر کرتا ہے۔

  • ادویہ کی قیمتوں میں 100 فی صد تک اضافہ کر دیا گیا، عوام پریشان

    ادویہ کی قیمتوں میں 100 فی صد تک اضافہ کر دیا گیا، عوام پریشان

    لاہور: حکومت نے دو ماہ کے مختصر عرصے میں ادویات کی قیمت دوسری مرتبہ بڑھا دی، قیمتوں میں 100 فی صد تک اضافے کے سبب ادویات غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ادویہ کی قیمتوں میں 100 فی صد تک اضافہ کر دیا، اضافی قیمتوں کی وجہ سے ادویات غریب عوام کی پہنچ سے دور مزید دور ہو گئیں۔

    2 ماہ قبل بھی فارما انڈسٹری کے دباؤ پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویہ کی قیمتوں میں 20 فی صد اضافہ کیا تھا۔

    معمول میں استعمال ہونے والی 70 فی صد ادویات کی قیمتوں میں سو فی صد تک اضافہ کر دیا گیا ہے، امراضِ قلب میں استعمال ہونے والی دوا کنکور 163 کی بجائے 235 روپے کی ملے گی۔

    ذیابطیس میں استعمال ہونے والے انسولین کی 2 ملی لیٹر کی قیمت 17 روپے کی بجائے 22 روپے کر دی گئی، جب کہ معمول میں استعمال ہونے والی ڈسپرین اور پیراسٹامول کی قیمت میں بھی 7 سے 8 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    امراضِ نسواں کی دوائی گریوی بی نان 183 کی بجائے 308 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، امراضِ نسواں ہی کی دوائی ڈوفاسٹون 540 کی بجائے 828 روپے میں فروخت ہونے لگی جب کہ پرووائران کی قیمت 247 کی بجائے 586 روپے ہو گئی ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت کا کہنا تھا کہ پچھلی بار ادویہ کی قیمتوں میں اضافہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ تاہم سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اس اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔