Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • 100روزہ پلان ، وزیراعظم وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لائیں گے

    100روزہ پلان ، وزیراعظم وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لائیں گے

    اسلام آباد : 100روزہ پلان کے تحت وزیر اعظم عمران خان وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں کو پہلے مرحلے کی کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 100روزہ پلان کے تحت وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کی کارکردگی کا پہلے جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وزارتوں کو 100 روزہ پلان کے پہلے مرحلے کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیراعظم کی ہدایت پر وزرا کی بھاگ دوڑ جاری ہے اور منصوبہ بندی پر عملدرآمد مزید تیز ہوگیا ہے ، ہر وزارت کو تحریری رپورٹس جمع کرانا ہوگی کہ پلان کے اہداف حاصل ہوئے یا نہیں۔

    وزراء کو رپورٹ میں بتانا ہوگا کہ قومی خزانے کو کتنا فائدہ پہنچایا، کفایت شعاری،سادگی پرعمل ہوا؟ عوام کو ریلیف کے لیے کیا اقدامات کیے اور حکومتی منشورپرعملدرآمد ، نئی اسکیموں، کرپشن کے سد باب کے لیے کیا اقدامات کیے۔

    وزیر اعظم وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنےلائیں گے اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل وزراکوحکومتی و عوامی سطح پر کریڈٹ دیں گے۔

    یاد رہے 21 اکتوبر کو ہونے والے ایک اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیے جانے والے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اوررپورٹ پیش کی گئی تھی۔

    وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے بیشتر اہداف حاصل کرلیے گئے اور وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید کارکردگی میں اول نمبر پر رہے، انہوں نے 1 ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا 100 روزہ پلان، کابینہ نے بیشتر اہداف حاصل کرلیے

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے100روزہ پلان کے جائزے کیلئے ویب سائٹ بنائی تھی ، ویب سائٹ میں پلان کے بنیادی بڑے منصوبوں کو شامل کیا گیا، ویب سائٹ کی مدد سے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے عام انتخابات 2018 سے قبل 20 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سو دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 دن کا منشور دے دیا ہے، یہ منشور ہماری سمت کا تعین کررہا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کے پی میں حکومت کا تجربہ ہے، وفاقی حکومت مل جاتی تو ہماری ایسی تیاری نہ ہوتی، ہم نے کے پی میں 5سال حکومت کرکے سیکھا ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف نے مزید کہا تھا کہ سو دن کے پلان کا مقصد حکومت کی تمام پالیسیاں بنانا ہے، سو دن کے پلان میں سوا3کروڑ سرکاری اسکولوں کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہے، مدارس کے25لاکھ بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینی ہے، مدارس کے بچوں کو بھی ڈاکٹر بنانا ہے، ہم نے نچلے طبقے کو اوپر لانا ہے، بیورو کریسی کو غیرسیاسی کیا جائے گا، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کرنے گئے تو مافیا کا سامنا کرنا پڑا۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہوگا، اجلاس میں موجودہ حکومت کے فیصلوں پر عمل در آمد سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

    [bs-quote quote=”پاکستان اور سوڈان میں سیاحت کے شعبے میں تعاون کا معاملہ بھی زیرِ غور آئے گا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اجلاس میں ایجنڈے کے تحت برطانیہ اور آئرلینڈ سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دی جائے گی، لبرٹی ایئر لائن کے لیے کلاس ٹو کے چارٹر لائسنس کی منظوری بھی لی جائے گی۔

    انجینئرنگ ترقیاتی بورڈ کی منسوخی کا فیصلہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے جب کہ ارکانِ پارلیمان اور عوام کے لیے ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

    سری لنکاکے ساتھ میری ٹائم ایجنسی معاہدے کی بھی منظوری دی جائے گی، پاکستان اور سوڈان میں سیاحت کے شعبے میں تعاون کا معاملہ بھی زیرِ بحث آئے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  مضبوط معیشت ترجیح ہے، چھ ماہ میں مزید بہتری آئے گی، عمران خان


    کابینہ اجلاس میں نیشنل بینک اور تاجکستان بینک میں تعاون کا معاملہ بھی زیرِ غور آئے گا، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

  • مضبوط معیشت اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے، چھ ماہ میں مزید بہتری آئے گی، عمران خان

    مضبوط معیشت اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے، چھ ماہ میں مزید بہتری آئے گی، عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، آئندہ چھ ماہ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کے پی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،پرویز خٹک، علی محمد خان اورمعاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

    اراکین اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

    وزیر اعظم نے اراکین کو حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    پی ٹی آئی نے مشکل مالی حالات میں حکومتی باگ دوڑ سنبھالی۔ اس وقت ملک مشکل صورت حال سے گزررہا ہے لیکن آئندہ چھ ماہ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ دوست ملکوں کی مدد سے ملکی معیشت کو سہارا دینا ہماری ترجیح تھی، عوام کو مشکلات سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں، حکومت ایکسپورٹ انڈسٹری کو سہولتیں دینے کیلئے کام کررہی ہے، شہریوں کیلئے صحت، تعلیم اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی کوششیں جاری ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ50لاکھ گھروں کے منصوبوں سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی، معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، بے سہارا لوگوں کو شیلٹر اور دو وقت کھانا دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے اور عوام سے کیے وعدے پورے کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومتی وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت اس ملک میں نہیں ہے، حکومتی وزراء اپنی کارکردگی کے حوالے سے جواب دہ ہیں، حکومتی وزراء کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، احتساب سے خائف عناصر شور کر رہےہیں۔

  • حکومت کا 2 روزہ ختمِ نبوّت عالمی کانفرنس کرانے کا فیصلہ

    حکومت کا 2 روزہ ختمِ نبوّت عالمی کانفرنس کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے علما اور مشائخ کے ساتھ خود رابطے میں رہنے کا فیصلہ کر لیا، انھوں نے کہا کہ جلد دو روزہ ختم نبوت عالمی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیرِ مذہبی امور نور الحق نے ملاقات کی، نور الحق نے وزیرِ اعظم کو ملک کی موجودہ صورتِ حال پر بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مدینے کے طرز پر ریاست کے قیام کے لیے علمائے کرام کی مشاورت ضروری ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم کا 12 ربیع الاوّل شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ مذہبی امور کے ساتھ ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پُر امن اسلام کے تصور کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔

    دریں اثنا وزیرِ اعظم نے 12 ربیع الاوّل شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاوّل کے سلسلے میں صوبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    اس موقع پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور نے کہا کہ اسلام آباد میں 2 روزہ ختمِ نبوّت عالمی کانفرنس میں علمائے اکرام حضورﷺ کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  لوگوں سے عہد کیا ہے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بناؤں گا ،عمران خان


    نور الحق قادری نے کہا کہ امامِ کعبہ، جامعہ الازہر کے وائس چانسلر اور مختلف ممالک کے علما کانفرنس میں شریک ہوں گے، عراق اور تیونس کے علمائے کرام بھی آئیں گے۔

    وزیرِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اتحادِ امّت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مہم کو تیز کیا جائے گا، تحقیقی اور تصنیفی کام کو حکومتی سرپرستی میں فروغ دیا جائے گا۔

  • دورہ چین مفید رہا، دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے میں مدد ملی، شاہ محمود قریشی

    دورہ چین مفید رہا، دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے میں مدد ملی، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی، دورے کے چار اہم مقاصد تھے15 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے دیرینہ گہرے اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات ہیں، اس دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی ہے، اسٹرٹیجک تعلقات کو معاشی تعلقات میں بدلنے کیلئے دورہ مفید رہا۔

    منی لانڈرنگ سے متعلق بتاتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ سمیت اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے جن میں چار بہت اہم ہیں، منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم اپنے ملکوں میں سزا پوری کرسکیں گے، اس کے علاوہ چین کے ساتھ غربت کے خاتمے اور دونوں ممالک میں زرعی شعبے کی ترقی کیلئے بھی معاہدہ ہوا،۔

    غربت کے خاتمے کے لئے کیا گیا معاہدہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چین کے پاس غربت کے خاتمے کے لئے وسیع تجربہ ہے۔ اسٹریٹجک ڈائیلاگ وزرائےخارجہ کی سطح پر لےجانے پر بھی اتفاق ہوا، معاہدہ کے تحت سزا یافتہ قیدی اپنے اپنے ملک میں سزا مکمل کریں گے۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ برآمدات کو دو گنا بڑھانے میں کامیابی کی پوری امید ہے، پاکستان اور چین میں مقامی کرنسی کو ترجیح دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے، چوتھا ایم او یو زرعی شعبے کی بہتری کے لئے کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین سے دوستی سے متعلق غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی، پاک چین تعلقات ناصرف اچھے بلکہ مزید بہتری پرگامزن ہیں، ہم نے چینی قیادت میں پہلے سے زیادہ گرم جوشی دیکھی ہے، ہم نےچین سے معاشی استحکام لانے کیلئے کافی کچھ سیکھنا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پاکستان اور چین میں مقامی کرنسی کو فروغ دینے کی تجویز دی گئی ہے، پاکستان سی پیک کی اہمیت کو سمجھتا ہے، سی پیک لانگ ٹرم منصوبہ ہے جس پر یکسوئی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

    ایف ٹی اے کےسیکنڈ فیز کو جلدازجلد تکمیل تک پہنچائیں گے، اپریل تک ایف ٹی اے کا سیکنڈ فیز مکمل ہوجائےگا، خواہش ہے کہ ہمارا آپس میں اس پر ایگریمنٹ سائن ہوجائے، جی سی سی کی اگلی میٹنگ دسمبر میں منعقد ہوگی، گوادر کی اہمیت سےہم انکارنہیں کرتے۔

  • چین پاکستان کے لیے مثالی ماڈل ہے، وزیرِ اعظم عمران خان

    چین پاکستان کے لیے مثالی ماڈل ہے، وزیرِ اعظم عمران خان

    شنگھائی: وزیرِ اعظم عمران خان نے چین کو پاکستان کے لیے ایک مثالی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے صدر شی چن پنگ کی قیادت میں بھرپور ترقی کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے چینی شہر شنگھائی میں ’پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین نے جو کچھ 70 سال میں حاصل کیا کوئی اور ملک حاصل نہیں کر سکا، چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔

    [bs-quote quote=”پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے بڑا پیکج لا رہے ہیں” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیرِ اعظم عمران خان” author_job=”شنگھائی میں سرمایہ کاری سیمینار سے خطاب”][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں غربت کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے بڑا پیکج لا رہے ہیں، انسانی وسائل کی ترقی اور استعداد کار میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، کیوں کہ ہمیں ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے کہا کہ 80 سے 90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک ملازمت کر رہے ہیں، ہم ہنر مند افرادی قوت کو پاکستان واپس لانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ پاکستانی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرے، چین کے ماڈل پرعمل کر کے پاکستان سے غربت ختم کریں گے، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اور انھیں دوبارہ نہ دہرا کر بہتری لائی جا سکتی ہے۔

    عمران خان نے کہا ’40 سال پہلے کے چین کے مقابلے میں آج کا چین بہت ترقی یافتہ ہے، چین کی کمیونسٹ پارٹی نے مسلسل محنت سے ملک کو ترقی کی راہ پر گام زن کیا، ہمیں ملک کے مستقبل کے وژن کا تعین کرنا ہوگا، سینٹرل پارٹی اسکول کی طرز پر پاکستان میں بھی تھنک ٹینک بنانا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  چینی صدر کا انٹرنیشنل ایکسپو میں پاکستانی اسٹال کا دورہ، عمران خان نے استقبال کیا


    وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھلاڑی دو طرح کے ہوتے ہیں، ایک ہار سے ڈرنے والے اور دوسری طرح کے وہ کھلاڑی جو چانس لیتے ہیں، جیتنے کے لیے کھیلنے والے بلا خوف کام کرتے ہیں۔ پاکستان میں ایسی قیادت رہی جو صرف ایک الیکشن سے دوسرے الیکشن کی منصوبہ بندی کرتی رہی۔

    انھوں نے کہا کہ حقیقی قیادت وہ ہوتی ہے جو لمبے عرصے کی منصوبہ بندی کرے، قلیل المدتی منصوبہ بندی سے کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا، ایسا معاشرہ دیرپا نہیں ہوتا جہاں چند امیر اور غریبوں کا سمندر ہو۔

  • وزیرِ اعظم کا دھرنے میں شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم

    وزیرِ اعظم کا دھرنے میں شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے دھرنے میں سرکاری و نجی املاک کے نقصان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے دھرنے کے دوران سرکاری و نجی املاک کے نقصان پر اظہار برہمی کرتے ہوئے شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم کو ملکی صورتِ حال سے متعلق مسلسل آگاہ رکھا گیا: ذرائع” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، املاک کا نقصان کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کو ملکی صورتِ حال سے متعلق مسلسل آگاہ رکھا گیا ہے۔ عمران خان وزیرِ اطلاعات سمیت متعدد وزرا سے رابطے میں ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان اور چین کے درمیان 15معاہدوں ‌‌‌ اور یادداشتوں پر دستخط


    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم چین کے 5 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیرِ اعظم کے ہم راہ ہیں۔

    پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے آج کے مذاکرات میں دوطرفہ تعاون کے پندرہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، چینی وفد کی قیادت چین کے وزیرِ اعظم لی کی چیانگ جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ اعظم عمران خان نے کی۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج چینی صدر سے اہم ملاقات کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج چینی صدر سے اہم ملاقات کریں گے

    بیجنگ : وزیر اعظم عمران خان آج چینی صدر شی جین پنگ سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاک چین تعلقات،علاقائی امن و استحکام،معاشی تعاون پر گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی دورہ چین میں اہم ترین ملاقاتیں آج ہوگی، وزیراعظم عمران خان آج چینی صدر شی جین پنگ سے ملاقات کریں گے، ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہوگی، جس میں پاک چین تعلقات،علاقائی امن و استحکام اور معاشی تعاون پر گفتگو ہوگی۔

    دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوگی، جس میں اسٹریٹیجک تعلقات کی بہتری کیلئے باہمی شراکت داری کے فروغ کے آمور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    وزیراعظم ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاکستان میں اقتصادی تعاون اور معاشی ترقی پر بات چیت ہو گی جبکہ کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل وزیر سے بھی آج ہی ملاقات ہوگی۔

    گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے بیجنگ پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا، پاکستان میں چینی سفیراورچینی وزیرٹرانسپورٹ نے ان کا استقبال کیا۔

    وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

    دورہ چین میں وزیراعظم 3 نومبرکو بیجنگ میں پیپلزہیرومونومنٹ کا دورہ کریں گے اور چیئرمین این پی سے ملاقات کریں گے جبکہ سرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہوگی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

    اسی روز مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔

    دورے کے دوران 4 نومبرکوعمران خان چین میں اسکول کی تقریب میں شرکت کریں گے اور بیجنگ میں مختلف تقاریب سےخطاب کرنے کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے۔

    وزیراعظم 5نومبرکو پاک چین انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کریں گے اور میٹروپولیٹن شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

    چین کے دورے میں وزیراعظم عمران خان چینی کمپنی کے وفد سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ دورے کے دوران ملاقاتوں میں سی پیک سمیت چینی قیادت سے دوطرفہ امورپر مذاکرات ہوں گے اور مذاکرات میں علاقائی امن اورترقی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔+

    خیال رہے وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان کا پہلا دورہ چین ہے۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

    وزیرِ اعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

    بیجنگ: وزیراعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، پاکستان میں چینی سفیر اور چینی وزیر ٹرانسپورٹ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے بیجنگ پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا،  وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیرِ اعظم کے ہم راہ ہیں۔

    [bs-quote quote=”عمران خان چین سے معاہدے اور یادداشتوں پر دستخط کریں گے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان 2 نومبر کو چینی صدر سے ملاقات کریں گے، عمران خان اے آئی آئی بی کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

    عمران خان سرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے اور چین سے معاہدے اور یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔

    3 نومبر کو عمران خان بیجنگ میں پیپلز ہیرو مونومنٹ کا دورہ کریں گے جب کہ اسی دن چیئرمین این پی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    پروگرام کے مطابق 4 نومبر کو وزیرِ اعظم چین میں ایک اسکول میں خطاب کریں گے اور بیجنگ سے شنگھائی روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  چینی قیادت نے اپنے ستر کروڑ عوام کو غربت سے نکالا، ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا: وزیراعظم


    5 نومبرکو وزیرِ اعظم پاک چین انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کریں گے اور میٹرو پولیٹن شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات کریں گے، ایک بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے جب کہ چائنا رین بو انٹرنیشنل کمپنی سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اطلاعات کا دورۂ سعودی عرب بھی منسوخ ہونے کا امکان” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    دریں اثنا ملکی صورتِ حال کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نے گورنر سندھ اور 3 وزرا کو دورۂ چین سے روک دیا ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل، فواد چوہدری، فیصل واوڈا اور علیم خان چین کے دورے پر نہ جا سکے۔

    وزیرِ اعظم نے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کو امن و امان کمیٹی میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع نے کہا ہے کہ وزیرِ اطلاعات کا دورۂ سعودی عرب بھی منسوخ ہونے کا امکان ہے، فواد چوہدری کا 3 نومبر کو سعودی عرب کا دورہ طے ہے۔

  • وزیرِ اعظم کی صوبائی حکومتوں کو امن و امان  برقرار رکھنے کی ہدایت

    وزیرِ اعظم کی صوبائی حکومتوں کو امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی، انھوں نے کہا صوبائی حکومتیں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق  سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے تمام صوبائی حکومتوں کو امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی۔

    [bs-quote quote=”ملک کو ہیجانی صورتِ حال سے فوری نکالا جائے: عمران خان” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم عمران خان نے صوبائی حکومتوں سے کہا کہ انتظامیہ کو ہر طرح سے الرٹ رہنے کی ہدایت کی جائے اور ملک کو ہیجانی صورتِ حال سے فوری نکالا جائے۔

    وزیرِ اعظم کی جانب سے ہدایت موصول ہونے کے بعد صوبائی حکومتوں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حکمتِ عملی پر غور شروع کر دیا۔

    ملک کے مختلف شہروں کی انتظامیہ نے خصوصی اجلاس بلا لیے، اجلاسوں میں شہروں میں دھرنے ختم کرانے کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  آسیہ کیس کا فیصلہ آئین کے مطابق ہوا، پاکستان کا دستور قرآن و سنت کے تابع ہے، عمران خان


    خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کیس میں رہائی کا فیصلہ آنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز کا فیصلہ آئین کے مطابق ہے اور آئینِ پاکستان قرآن و سنت کے تابع ہے۔

    وزیرِ اعظم نے خطاب میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ملک بھر میں ہونے والے ردِ عمل کو ایک محدود طبقے کی طرف سے سامنے آنے والا ردِ عمل قرار دیا۔