Tag: وزیر اعظم عمران خان

  • عمران خان کی کراچی میں مصروفیات کا شیڈول لیک ہونے کا انکشاف

    عمران خان کی کراچی میں مصروفیات کا شیڈول لیک ہونے کا انکشاف

    کراچی: وزیرِ اعظم کی سیکورٹی میں بڑی خامی سامنے آ گئی، عمران خان کی شہرِ قائد میں آمد سے متعلق مصروفیات کا شیڈول لیک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی سیکورٹی میں بڑے نقص کا پتا چلا ہے، عمران خان کب کراچی کے لیے روانہ ہوں گے، کب لینڈ کریں گے، سب شیڈول پہلے ہی لیک ہو گیا۔

    شیڈول کے مطابق کراچی کے دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان کب کس سے اور کہاں ملاقات کریں گے، یہ معلومات بھی لیک کر دی گئیں۔

    وزیرِ اعظم کے اجلاسوں سے متعلق معلومات بھی باہر آ گئیں، شیڈول لیک کرنے میں کون ملوث ہے اور اس کا مقصد کیا ہے، یہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی


    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کراچی کے ایک روزہ دورے پر ہیں، انھوں نے دورے کا آغاز مزارِ قائد پر حاضری سے کیا، وزیرِ اعظم پاکستان نے لیاقت علی خان اور فاطمہ جناح کے مزار پر بھی حاضری دی۔

    وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد عمران خان کا یہ کراچی کا پہلا دورہ ہے، انھوں نے وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان سے متعلق الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کی۔

    شیڈول کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے بھی وزیرِ اعظم سے اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس میں ملاقات کی، وفد نے دیگر مطالبات کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنے لاپتا کارکنوں کی فہرست بھی دی۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر اظہارِ تشویش

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر اظہارِ تشویش

    کراچی: وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کراچی کے امن و امان پر اہم اجلاس میں عمران خان کو کراچی سمیت سندھ کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی، وزیرِ اعظم نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی میں امن و امان کے دیرینہ مسئلے پر ایک اہم ترین اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں انھیں متعلقہ حکام کی جانب سے صوبے بالخصوص شہرِ قائد کی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیرِ اعظم نے اجلاس میں آئی جی سندھ کو امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کے خلاف آزادانہ کارروائیوں کے لیے پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد کیا جائے۔

    وزیرِ اعظم نے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس میں افسران میرٹ پر لائے جائیں۔ انھوں نے فورسز کی قربانیوں کی بھی تعریف  کی۔


    پہلی میٹنگ کا احوال بھی جانیں: کراچی میں صفائی کا بہترنظام اورپانی کا منصوبہ اولین ترجیح ہے‘ عمران خان


    عمران خان نے ماضی کی ٹارگٹڈ آپریشن کی حکمت عملی کو جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن اور ٹارگٹڈ ترقی حکومت کا وژن ہے۔

    دریں اثنا وزیرِ اعظم سے صدر عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرِ اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔

  • ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی

    ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کا وفد وزیرِ اعظم سے اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس میں ملاقات کر رہا ہے، وفد نے دیگر مطالبات کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنے لاپتا کارکنوں کی فہرست بھی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد جس میں خالد مقبول، کنور نوید، نسرین جلیل، عامر خان، فروغ نسیم اور دیگر اراکین شامل ہیں، اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں وزیرِ اعظم کے ساتھ ملاقات کر رہا ہے۔

    ملاقات میں ایم کیو ایم تحریکِ انصاف ورکنگ ریلیشن شپ پر بات چیت کی گئی، کراچی میں ضمنی انتخابات سمیت کراچی، حیدر آباد ترقیاتی پیکیج پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ ایم کیو ایم وفد نے وزیرِ اعظم کے سامنے سیاسی دفاتر کھولنے کا بھی مطالبہ رکھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کے تعاون سے حیدر آباد یونی ورسٹی کے قیام سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی اور اتحادیوں میں تحریری معاہدے پر عمل در آمد سے متعلق بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔


    وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کی مزارِ قائد پر پہلی حاضری


    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، انھوں نے دورے کا آغاز مزارِ قائد پر حاضری سے کیا، کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ مزار قائد گئے۔

  • وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس گورنر ہاؤس سندھ کی بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوں گے

    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس گورنر ہاؤس سندھ کی بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان نے جو کہا وہ کر دکھایا، ان کی زیرِ صدارت اجلاس گورنر ہاؤس کی بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ گورنر ہاؤس سندھ کو اجلاسوں کے لیے استعمال نہ کیا جائے، کراچی آمد پر ان کی زیرِ صدارت اجلاس اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوگا۔

    ماضی میں تمام اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوا کرتے تھے، تمام اجلاسوں کی صدارت وزیرِ اعظم گورنر ہاؤس میں کرتے تھے، تاہم وزیرِ اعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں صرف ڈیم فنڈز مہم کےعشائیے میں شرکت کریں گے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم عمران خان کل کراچی کے دورے پر آئیں گے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم عمران خان سب سے پہلے مزارِ قائد پر حاضر ی دیں گے، اس کے بعد محترمہ فاطمہ جناح اور ملک کے پہلے وزیرِ اعظم لیاقت علی خان کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کریں گے۔

    کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں انھیں گرین لائن منصوبے، کے فور اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی جائے گی، وزیرِ اعظم کے دورۂ کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس بھی ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے


    امن و امان سے متعلق اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیرِ اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ شرکت کریں گے۔

    اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں تاجروں اور نمایاں شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں کے بعد وہ اتوار کی رات ہی اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کل کراچی آئیں گے، انھیں کراچی آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی، ایم کیو ایم کا وفد بھی ملاقات کرے گا، ضمنی انتخابات سمیت دیگر امور زیرِ غور آئیں گے۔

  • فاٹا انضمام کے سلسلے میں قبائلی رسم و رواج کو پیشِ نظر رکھا جائے، وزیرِ اعظم عمران خان

    فاٹا انضمام کے سلسلے میں قبائلی رسم و رواج کو پیشِ نظر رکھا جائے، وزیرِ اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت فاٹا انضمام سے متعلق اجلاس میں وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انضمام کے سلسلے میں قبائلی رسوم و رواج کو پیشِ نظر رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق قبائلی علاقہ جات کے انضمام میں پیش رفت اور انتظامی و قانونی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فاٹا انضمام اور قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ’قبائلی رسم و رواج کے پیشِ نظر نئے نظام کا نفاذ قابلِ عمل بنایا جائے، نئے نظام کے اطلاق میں قبائلی عوام کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے۔‘

    وزیرِ اعظم نے اجلاس میں متعلقہ انتظامیہ کو فاٹا انضمام کے عمل کے دوران قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے مزید مواقع کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی، انھوں نے تاکید کی کہ اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ انتظامی اقدامات کے نتیجے میں کوئی فرد بے روزگار نہ ہو۔

    اجلاس میں عمران خان نے تعلیم کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں، انھوں نے کہا ’بچیوں کے اسکول بہتر بنانے کے لیے جاری کوششیں تیز کی جائیں، خیال رکھا جائے کہ قبائلی علاقوں کے لیے اسکولز، کالجز اور یونی ورسٹیز میں مختص کوٹا متاثر نہ ہو۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ اعظم نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے فاٹا بچوں کی تصاویر شیئر کر دیں


    وزیرِ اعظم نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بھی ہدایت جاری کی کہ سابقہ قبائلی علاقوں میں بلدیاتی نظام رائج کرنے کی کوشش بھی تیز کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں جلد از جلد لوکل گورنمنٹ سسٹم کا نفاذ ضروری ہے۔

    انھوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ جو قبائلی علاقے ضم ہورہے ہیں ان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے طریقۂ کار جلد وضع کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔

  • دیا میربھاشا اورمہمند ڈیمزکی تعمیر کی نگرانی خود کروں گا، وزیر اعظم عمران خان

    دیا میربھاشا اورمہمند ڈیمزکی تعمیر کی نگرانی خود کروں گا، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا سے دیا میربھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر بنانے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی ہے، ڈیمز کی تعمیر کی بذات خود نگرانی کروں گا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی، تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر بنانے پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے عمران خان کو واپڈا کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    ملاقات میں وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کو ڈیمز کی جلد تکمیل پرزور دیا، اس حوالے سے ٹوئٹر پر اپنے ایک تازہ پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر پانی کے صرف 185ذخائرہیں جن میں دو ڈیم شامل ہیں۔

    اس کے مقابلے میں بھارت کے پاس 5000 آبی ذخائر ہیں جبکہ چین میں چار ہزار بڑے ڈیمز سمیت مجموعی84ہزار آبی ذخائر موجود ہیں، پاکستان کے حصے میں سالانہ 45 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کا 80 فیصد 3 ماہ جبکہ بقیہ 20 فیصد باقی 9 ماہ میں آتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو بڑھتے ہوئے آبی بحران سے محفوظ ملک بنانا ہے، ڈیمز کی تعمیر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افادیت کے پیش نظر منصوبے کی نگرانی میں اپنے ذمہ لے سکتا ہوں۔

  • وزیرِ اعظم نے کھیلوں کی صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی

    وزیرِ اعظم نے کھیلوں کی صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں کھیلوں کی موجودہ صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی، کھیلوں کے اداروں اور مختلف ایونٹس میں پاکستانی دستوں کی کارکردگی پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کل وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبوں میں کھیلوں کی صورتِ حال کے حوالے سے بریف کریں گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ خصوصی میٹنگ میں ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کی خراب کارکردگی پر بھی وزیرِ اعظم کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔

    کھیلوں سے متعلق اجلاس میں اسپورٹس فیڈریشن کی حالت زار کو بھی زیرِ غور لایا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن سے متعلق ایک رپورٹ بھی عمران خان کو پیش کی جائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی، ذرائع کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے ملنے والی بریفنگ سے بھی انھیں آگاہ کیا جائے گا۔


    “سندھ کے شہزادے” کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح: شاہد آفریدی اور سلمان اقبال کو ناصر حسین شاہ کا خراجِ تحسین


    واضح رہے کہ احسان مانی پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں، احسان مانی اس سے قبل انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں، عمران خان نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے کے لیے احسان مانی کو نامزد کیا تھا۔

  • ن لیگ اور پی پی کے سابقہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے، وزیرِ اعظم کی ہدایت

    ن لیگ اور پی پی کے سابقہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے، وزیرِ اعظم کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سابق حکمرانوں کی عیاشیوں پر خصوصی طور پر بحث کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیاں قوم کے سامنے لائی جائیں، اور پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کیا جائے۔

    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت منعقدہ پارٹی قیادت کے اہم اجلاس میں نعیم الحق، علی زیدی، اسد عمر، علیم خان، عثمان ڈار، شبلی فراز، شفقت محمود، افتخار درانی، خسرو بختیار، علی امین گنڈا پور، فیصل جاوید اور شہزاد وسیم شریک ہوئے۔

    اجلاس میں حکومتی حکمتِ عملی اور ترجیحات پر مشاورت کی گئی، ضمنی انتخابات میں ٹکٹس کی تقسیم اور حکومت کا 100 روزہ پلان بھی زیرِ بحث آیا، وزیرِ اعظم کی جانب سے پارٹی رہنماؤں سے بریفنگ کے بعد اہم فیصلے کیے گئے۔

    وزیرِ اعظم نے مختلف معاملات میں ہدایات جاری کیں، انھوں نے ہدایت کی کہ سابق وزیرِ اعظم کے زیرِ استعمال گاڑیوں تک میڈیا کو رسائی دی جائے۔


    وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، عالمی معاملات پر تبادلہ خیال


    ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی منشور اور اس پر عمل در آمد کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما ڈیم فنڈ کے لیے مؤثر تشہیری مہم چلائیں۔

    ذرائع نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے یہ ہدایت بھی دی گئی کہ ڈیم فنڈ تشہیری مہم بیرون ملک، سوشل میڈیا اور مقامی طور پر چلائی جائے۔

  • پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں، وزیرِ اعظم

    پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں، وزیرِ اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے دارالحکومت میں پارٹی وزرا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پارٹی وزرا پر مشتمل ایک اہم اجلاس وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں وزارتِ کیڈ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    خیال رہے کہ دو ہفتے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (کیڈ) کی وزارت ختم کرنے اور اس کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کر کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیریں مزاری کے علاوہ نعیم الحق، عامر محمود کیانی اور ڈاکٹر بابر اعوان بھی شریک ہوئے، اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی شرکت کی۔


    یہ بھی پڑھیں:  گورنر ہاؤس سندھ کی تاریخی عمارت کو عوام کیلئے کھول دیا گیا


    وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیرِ اعظم کو چینی وزیرِ خارجہ سے ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی، خیال رہے کہ چینی وزیرِ خارجہ نے نومبر میں وزیرِ اعظم کو دورے کی دعوت دی ہے۔

    دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے آج سارا دن بنی گالہ میں اپنے بچوں قاسم اور سلیمان کے ساتھ گزارا، جو پاکستان میں چار دن قیام کریں گے، عمران خان کل بھی بنی گالہ میں ہوں گے۔

  • وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان 16 ستمبر کو پہلی بار کراچی کا دورہ کریں گے

    وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان 16 ستمبر کو پہلی بار کراچی کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی دارالحکومت میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کرتے ہوئے دورۂ کراچی کی دعوت دے دی جسے انھوں نے قبول کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے اسلام آباد میں وزیرِ اعظم سے ملاقات کی، عمران خان نے ملاقات میں گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولے جانے کے فیصلے کو سراہا۔

    عمران اسماعیل نے وزیرِ اعظم کو دعوت دی کہ وہ کراچی کا دورہ کریں، عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے 16 ستمبر کو کراچی آنے کا فیصلہ کر لیا۔

    ترجمان وزیرِ اعظم ہاؤس کے مطابق وزیرِ اعظم کراچی کے دورے کے موقع پر سیکورٹی سے متعلق اعلٰی سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    وزیرِ اعظم نے ملاقات میں گورنر سندھ کو عوامی مسائل پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل پر سے صرفِ نظر نہ کیا جائے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم کو شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  گورنر ہاؤس سندھ کی تاریخی عمارت کو عوام کیلئے کھول دیا گیا


    ترجمان نے بتایا کہ بھاشا ڈیم سے متعلق فنڈ ریزنگ پروگرام گورنر ہاؤس کے لان میں منعقد ہوگا، فنڈ ریزنگ پروگرام کی ذمہ داری بھی گورنر سندھ کو دی گئی۔

    ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم کے دورۂ کراچی کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ خیال رہے کہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان پہلی بار کراچی کے دورے پر آئیں گے۔