Tag: وزیر اعظم چین

  • وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم کا خط

    وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم کا خط

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم نے خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی ہم منصب لی کَچیانگ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    چینی وزیر اعظم نے خط میں لکھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کرونا کے خلاف جنگ ضرور جیتے گا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ ہیں، انھوں نے چند دن قبل چین سے منگوائی گئی کرونا ویکسین بھی لگوائی ہے۔

    مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    کرونا پازیٹیو ہونے کے بعد دنیا بھر کے رہنماؤں اور سفرا نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

    پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے عمران خان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، مودی نے ٹوئٹ کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا، برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر، جرمن سفیر برنہارڈ شلاگیک، سری لنکن وزیر نمل راجا پکسکا، پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لِس روزن ہوم، اور پاکستان میں امریکی اور فرانسیسی سفارت خانوں نے ٹوئٹس کر کے وزیر اعظم پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر اعظم نے پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، انھوں نے کہا پاک چین شراکت داری بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے، یہ شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوش حالی کا سبب ہے۔

    چینی وزیر اعظم لی کے چیانگ نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، اور معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال

    دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شان دار استقبال کیا گیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کو سی پیک منصوبوں اور گوادر کے ترقیاتی کاموں میں میں تیزی سے متعلق آگاہ کیا۔

    ملاقات میں معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوطی کے لیے مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے، دونوں رہنماؤں نے ریلویز، اسٹیل، آئل اینڈ گیس اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، دو طرفہ حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔

    دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کو تقویت دینے کےعزم کا بھی اظہار کیا گیا، دریں اثنا، چینی وزیر اعظم نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے، دو طرفہ مذاکرات کے بعد چینی وزیر اعظم نے گریٹ ہال میں ظہرانہ دیا۔ جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کے 70 ویں قومی دن پر مبارک باد پیش کی۔