Tag: وزیر اعظم کا دورہ امریکا

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا۔ وزیر اعظم کامیاب دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں سے بھی کابینہ کو آگاہ کریں گے۔

    اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، اجلاس میں کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لے گی۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ عوامی مفاد کے نئے منصوبوں پر غور کرے گی، وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی۔ ہلال اتھارٹی سے متعلق ای سی سی فیصلوں پر عمل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    اجلاس میں کونسل آف ریسرچ واٹر ریسورسز کو وزارت آبی وسائل کے زیر انتظام کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے لیے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    کابینہ اجلاس میں ای کامرس پالیسی فریم ورک اور یونائیٹڈ نیشنز ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی چینی بطور آفیشل زبان کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 کی منظوری بھی دے جائے گی۔

    وفاقی کابینہ نادرا کے آڈٹ کی بھی منظوری دے گی، پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے لیے 2 ناموں کی منظوری اور غیر قانونی تمباکو اشیا روکنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

  • امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد، وزیر اعظم عمران خان بہادر اور ایمان دار قرار

    امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد، وزیر اعظم عمران خان بہادر اور ایمان دار قرار

    واشنگٹن: وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا پر امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد پیش کی گئی، جس میں عمران خان کو بہادر اور ایمان دار قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمایندگان کے رکن جیکسن لی نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کا خیر مقدم کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں کرپشن اور غربت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

    قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، قرارداد میں افغان امن عمل میں وزیر اعظم عمران خان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانی و مالی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا: وزیر خارجہ

    متن میں کہا گیا کہ عمران خان نے قبائلی علاقوں میں پہلی بار حکومتی عمل داری قایم کی، پاکستان میں صورت حال میں بہتری سے بیرونی سرمایہ کاری واپس آ رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں پاکستان کو بہادر اور ایمان دار قیادت میسر آئی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں پاکستان کو جس اعتماد اور دانش مندی سے پیش کیا، اس نے ملک بھر میں پی ٹی آئی قیادت کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ امریکا سے متعلق کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے پاکستان کہاں تھا یہ جاننا ہوگا، 5 سال سے پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا، 6 سال سے امریکا میں لابنگ کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے قبل کا پاکستان تنہائی کا شکار ملک تھا، افغانستان میں پاکستان مخالف جذبات پروان چڑھ رہے تھے، پاکستان کی آئسولیشن کو ہم نے وائٹ ہاؤس کے دعوت نامےمیں تبدیل کر دیا، پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا۔

  • وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ امریکا افغانستان میں امن کے قیام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا سے دونوں ملکوں میں تعلقات بہتر ہوں گے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا، روس اور چین نے افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغانستان میں امن کے لیے طاقت نہیں مذاکرات کرنا ہوں گے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کردی

    ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کا حالیہ دورۂ برطانیہ نہایت کام یاب رہا تھا۔

    وزیر خارجہ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے 4 سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کر کے ملک دشمنی کی، ملک میں معاشی بحران کی ذمہ دار بھی سابقہ حکومت ہے، سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے، ماضی میں لٹیروں کو این آر آو دیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کا بجٹ مختص ہوا ہے، اور یہ پی ٹی آئی حکومت میں مختص ہوا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا آیندہ ماہ امریکا کے دورے کا امکان

    وزیر اعظم عمران خان کا آیندہ ماہ امریکا کے دورے کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطہ ہوا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا آیندہ ماہ امریکا کے دورے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ ایک اعلیٰ سطح پاک امریکا رابطے کے بعد امکان ہے کہ آیندہ ماہ وزیر اعظم امریکا کے دورے پر جائیں۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 20 جولائی کو امریکا کا دورہ کر سکتے ہیں، اس دورے کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہوں گے۔

    حکومتی ذرایع کے مطابق وزیر اعظم خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ملاقات ہوگی، تاہم متوقع طور پر دورے کے حتمی تاریخ کا فیصلہ آیندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیرا عظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی کی ون آن ون ملاقات

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر بیک ڈور رابطے جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ ان دنوں افغان صدر اشرف غنی پاکستان دورے پر آئے ہوئے ہیں، آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی سیکورٹی اور قیام امن سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان امریکا افغان امن مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، امریکی نمایندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کر چکے ہیں۔