اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیورو کریسی کو غیر سیاسی اور پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنانا ہمارا منشور ہے، سرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کی مشکلات میں اضافے کی روش قبول نہیں۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم عمران خان سے سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کرنے والے ارکان میں ملک عمر اسلم خان، ملک محمد احسان اللہ، امجد علی خان، ثنا اللہ مستی خیل، ڈاکٹر افضل خان، چوہدری عامر سلطان چیمہ اور جویریہ ظفر آہیر شامل تھے۔
ملاقات کے موقع پر نعیم الحق، ارشد داد اور ترجمان ندیم افضل گوندل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے رکن قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان کو رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی نے سرگودھا کے عوام کو درپیش مسائل، انتظامیہ اور پولیس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی کو غیر سیاسی اور پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنانا ہمارا منشور ہے، سرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کی مشکلات میں اضافے کی روش قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور رشوت خوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے، منتخب نمائندے مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل یقینی بنائیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری میٹنگز کی آڑ میں عوام کو انتظار کروانے کی روش بھی برداشت نہیں، سرکاری افسران عوام کے لیے اوپن ڈور پالیسی پر عمل یقینی بنائیں۔ مستحق افراد کی مدد و معاونت کے لیے مفصل پروگرام کا اعلان جلد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور زراعت کی ترقی ترجیحات میں شامل ہیں۔
ملاقات میں ارکان اسمبلی نے مظفر گڑھ میانوالی شاہراہ کا انتظام این ایچ اے کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ملاقات میں سرگودھا ڈویژن میں پارٹی کے تنظیمی معاملات بھی زیر غور آئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک میٹنگ کے دوران عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے کہا تھا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے کر کے ان کے مسائل حل کریں۔
وزیر اعظم عمران خان نے عوامی مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ہدایات جاری کیں تھی کہ ارکان قومی اسمبلی عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کر کے انہیں ترجیحی بنیاد پر جلد حل کیا جائے۔