Tag: وزیر اعظم کے غیر ملکی دورے

  • وزیر اعظم بحرین روانہ، روانگی سے قبل امریکی سینیٹر سے ملاقات

    وزیر اعظم بحرین روانہ، روانگی سے قبل امریکی سینیٹر سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان بحرین روانہ ہو گئے، زلفی بخاری بھی ان کے ہم راہ ہیں، بحرین کے فرماں روا احمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم بحرین روانہ ہو گئے، بحرین روانگی سے قبل وزیر اعظم سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ملاقات کی، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود رہے، ملاقات میں دونوں ممالک کے وفد بھی شامل تھے۔

    امریکی سینیٹر لنزے گراہم آج ہی دس رکنی اعلیٰ سطح وفد کے ہم راہ پاکستان پہنچے ہیں، وفد کی سربراہی سینیٹر گراہم کر رہے ہیں، ذرایع کے مطابق یہ وفد قطر کے شہر دوحہ سے خصوصی طیارے پر اسلام آباد پہنچا ہے۔

    دوسری طرف امریکی وفد سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان بحرین کے قومی دن کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کے لیے بحرین روانہ ہو گئے، منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم کا یہ پہلا دورہ بحرین ہے، اس دوران وزیر اعظم اور بحرین کے فرماں روا کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم کا دورہ بحرین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے: فردوس عاشق اعوان

    دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں پاک بحرین دو طرفہ تعلقات پر تفصیل سے گفتگو ہوگی، جب کہ وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کے سب سے بڑے سِول اعزاز سے نوازا جائے گا۔

    ادھر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ بحرین باہمی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے، یہ دورہ دونوں ملکوں میں باہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔

    معاون خصوصی نے ٹویٹ میں لکھا کہ بحرین سے مشترکہ ثقافت، مذہب اور باہمی اعتماد پر مبنی رشتے قائم ہیں، دونوں ملک عوام کے مفاد میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُر عزم ہیں۔

  • خطے میں رنجشیں اور غربت کے خاتمے کا مشن، وزیر اعظم آج بحرین جائیں گے

    خطے میں رنجشیں اور غربت کے خاتمے کا مشن، وزیر اعظم آج بحرین جائیں گے

    اسلام آباد: خطے میں رنجشیں اور غربت کے خاتمے کا مشن لیے وزیر اعظم عمران خان مسلسل عرب ریاستوں کے اہم دورے کر رہے ہیں، سعودی عرب سے واپسی کے بعد آج بحرین کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج بحرینی ہم منصب حماد بن الخلیفہ کی دعوت پر بحرین جائیں گے، وزیر اعظم بحرین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کریں گے، اور امیر بحرین حماد بن الخلیفہ سے ون آن ون ملاقات ہوگی۔

    امیر بحرین کے ساتھ ملاقات میں خطے کی صورت حال پر بات کی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کا سب سے بڑا سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی قومی قیادت خطے میں پائیدار امن اور استحکام اور مسلم امہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے کوشاں ہے، گزشتہ روز وزیر اعظم نے سعودی عرب کا چوتھا دورہ کیا، جس میں انھوں نے ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی متحدہ عرب امارات کا کامیاب دورہ کیا۔

    وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے، اور باہمی اسٹریٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کاعزم کیا، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کے تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرایع سے حل کرنے پر زور دیا گیا، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    ملاقات میں سعودی ولیٔ عہد کو لائن آف کنٹرول پر جاری بھارتی جارحیت پر بھی اعتماد میں لیا گیا، وزیر اعظم نے جی ٹوئنٹی کی صدارت ملنے پر سعودی ولی عہد کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ سعودی قیادت کا عالمی کمیونٹی میں کردار کا عکاس ہے، دورہ مکمل ہونے پر شہزادہ محمد بن سلمان نے ہوائی اڈے پر آ کر وزیر اعظم کو رخصت کیا۔

    ادھر پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی گزشتہ روز یو اے ای کا کام یاب دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف اور یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کی اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی سیکورٹی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

  • ایران سعودی ثالثی: وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر ایران جائیں گے

    ایران سعودی ثالثی: وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر ایران جائیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں شروع کر دیں، اس سلسلے میں وہ آج ایک روزہ مختصر دورے پر ایران جائیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ مختصر دورے پر ایران جا رہے ہیں، جہاں وہ ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے، وزیر اعظم کی ایران کے سپریم لیڈر آیت سید علی خامنائی سے بھی ملاقات ہوگی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہوں گے، ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں ایران سعودی تناؤ پر بات کریں گے۔ ملاقات میں خلیج میں امن، سیکیورٹی اور باہمی دل چسپی کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا اس سال ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے، وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھی ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران کا وزیر اعظم عمران خان کی ثالثی کی کوشش کا خیرمقدم

    دریں اثنا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ ایران اور ثالثی مشن آسان نہیں، ماضی میں بھی ثالثی کی کئی کوششیں ہو چکی ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیر اعظم پاکستان امن کے لیے ایک کوشش کرنے جا رہے ہیں، تیل پیدا کرنے والی قوتوں میں لڑائی کا نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی کم کرنے کے مشن پر جا رہے ہیں، ایران کے دورے کے بعد وزیر اعظم منگل 15 اکتوبر کو سعودی عرب بھی جائیں گے۔

  • پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر اعظم نے پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، انھوں نے کہا پاک چین شراکت داری بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے، یہ شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوش حالی کا سبب ہے۔

    چینی وزیر اعظم لی کے چیانگ نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، اور معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال

    دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شان دار استقبال کیا گیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کو سی پیک منصوبوں اور گوادر کے ترقیاتی کاموں میں میں تیزی سے متعلق آگاہ کیا۔

    ملاقات میں معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوطی کے لیے مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے، دونوں رہنماؤں نے ریلویز، اسٹیل، آئل اینڈ گیس اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، دو طرفہ حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔

    دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کو تقویت دینے کےعزم کا بھی اظہار کیا گیا، دریں اثنا، چینی وزیر اعظم نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے، دو طرفہ مذاکرات کے بعد چینی وزیر اعظم نے گریٹ ہال میں ظہرانہ دیا۔ جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کے 70 ویں قومی دن پر مبارک باد پیش کی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے سلسلے میں 18 دو طرفہ ملاقاتوں کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان امریکی دورے کے موقع پر متعدد اہم ملاقاتیں کریں گے، اس سلسلے میں تفصیلی شیڈول تیار کر لیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کل سعودی عرب سے امریکا روانہ ہوں گے، ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم 10 سے زاید ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شیڈول کے مطابق وزیر اعظم کی امریکا میں ورلڈ بینک کے صدر سے اہم ملاقات ہوگی، وہ مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس سے بھی ملاقات کریں گے۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ذرایع نے شیڈول سے متعلق بتایا تھا کہ وزیر اعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 2 ملاقاتیں طے ہیں، امریکی صدر سے پہلی ملاقات ظہرانے کے بعد جب کہ دوسری ملاقات ہائی ٹی کے موقع پر ہوگی۔

    خیال رہے کہ دورہ امریکا کی تیاریوں کے سلسلے میں اس بات پر بھی مشاورت کی گئی تھی کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

    اس کے علاوہ نریندر مودی کے خلاف جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران شدید احتجاج کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں ہیں، دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

  • پاک امریکا تعلقات خوش حالی کی ضمانت ہے: عمران خان، پومپیو ملاقات کا اعلامیہ

    پاک امریکا تعلقات خوش حالی کی ضمانت ہے: عمران خان، پومپیو ملاقات کا اعلامیہ

    واشنگٹن: وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی پاکستان ہاؤس، واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے سیاسی حل کی امید سے خطے میں امن کی راہ ہم وار ہو رہی ہے، پُر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے لیے ناگزیر ہے.

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان، امریکا کے درمیان گہرے روابط کی ضرورت ہے۔

    ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ مشترکہ مفادات کے لیے پاکستان اور امریکا کے مضبوط تعلقات ضروری ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں نہ تو امداد مانگی، نہ ہی ہم امداد چاہتے ہیں، عمران خان

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا مضبوط تعلقات خطے میں امن، استحکام اور خوش حالی کی ضمانت ہے، نیز ہم امریکا سے تعلقات میں مختلف شعبوں میں توسیع چاہتے ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، دریں اثنا، وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ کو حکومتی کام یابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کی کوششوں کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا، کہا گیا کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات پاکستان کی خواہش ہے، نیز پاکستان نے مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے بھارت سے تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات پر بھی بات کی، کہا گیا کہ پر امن ہمسائیگی سے جنوبی ایشیا میں امن ،ترقی اور خوش حالی ہوگی۔

  • عمران خان ٹرمپ ملاقات، امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کر دی

    عمران خان ٹرمپ ملاقات، امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کر دی

    واشنگٹن: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا، بعد ازاں وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کو انتہائی خوش گوار دیکھ رہا ہوں، امید ہے ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

    [bs-quote quote=”عمران خان اور میں دونوں نئے لیڈرز ہیں، دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی تو ضرور جاؤں گا۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ”][/bs-quote]

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ملاقات میں امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کر دی ہے، صدر ٹرمپ نے کہا کہ عمران خان اور میں دونوں نئے لیڈرز ہیں، مسئلہ کشمیر پر دونوں لیڈرز بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، کشمیر اور افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پورے خطے میں خوش حالی ہوگی۔

    ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان کے معاملات پر پاکستان ہمارے ساتھ زبردست تعاون کر رہا ہے، پاکستان افغانستان میں مستقبل میں لاکھوں جانیں بچانے کا سبب بنے گا، پاکستان کے ساتھ افغانستان سے فوجی انخلا پر بھی کام جاری ہے۔

    صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قوم کی بھی تعریف کی، کہا پاکستان کے لوگ بہت مضبوط ہیں، امریکا اچھے تعلقات چاہتا ہے، دورۂ پاکستان کی دعوت دی جائے گی تو پاکستان ضرور جاؤں گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان بہت جلد ایک عظیم ملک بنے گا، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

    ملاقات کے بعد امریکی صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کا امریکا میں خیرمقدم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے میں کوئی کردار ادا کر سکتا ہوں تو بہت خوشی ہوگی، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا علم ہے، ملاقات میں پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے بھی بات ہوگی، آج عمران خان سے ملاقات بہت اہم اور زبردست رہی، عمران خان پاکستان کے انتہائی مقبول ترین وزیر اعظم ہیں، بھارت سے اچھے تعلقات ہیں اس حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔

    [bs-quote quote=”بھارتی وزیر اعظم مودی نے کشمیر پر ثالثی کے لیے کہا۔” style=”style-8″ align=”right” author_name=”امریکی صدر”][/bs-quote]

    انھوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے کہا کیا آپ ثالث بنیں گے، میں نے پوچھا کس چیز کی ثالثی؟ تو بھارتی وزیر اعظم نے کہا کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کریں، بھارت سے تعلقات ہیں، پاکستان سے بھی شان دار تعلقات رکھتے ہیں، بہت کم وقت میں پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات استوار ہوئے ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارت کے وسیع مواقع ہیں، بہت جلد تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا۔

    امریکی صدر نے مزید کہا کہ افغانستان میں پولیس مین کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتے، افغان مسئلہ 10 دن میں حل کر سکتا ہوں مگر 10 لاکھ لوگوں کا قتل عام نہیں چاہتا، ہم نے افغانستان پر دنیا کی تاریخ کا بڑا غیر نیو کلیئر بم گرایا، افغانستان سے فوجی انخلا کے لیے پاکستان کا تعاون بہت ضروری ہے۔

    [bs-quote quote=”ہم نے افغانستان پر دنیا کی تاریخ کا بڑا غیر نیو کلیئر بم گرایا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ طالبان سے بھی مذاکرات جاری ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کسی حل کی طرف جائیں گے، پاکستان نے امریکا سے کبھی جھوٹ نہیں بولا، ایران سے ڈیل کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے، پاکستان امریکا کا احترام کرتا ہے، پاکستان ماضی میں بہت بہتر کردار ادا کر سکتا تھا، لیکن ماضی کے امریکی صدر پاکستان کو سمجھ نہیں پائے تھے، افغان مسئلے کےحل کے لیے پاکستان کے تعاون سے بہت فرق پڑے گا، پاکستان کی جانب سے اہم پیش رفت سامنے آنے والی ہے۔

    امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ دورۂ پاکستان کی دعوت دی جائے گی تو پاکستان ضرور جاؤں گا۔

    وزیر اعظم عمران خان

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا کہ مجھے امریکا کے دورے کی دعوت صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دی تھی، پاکستان کے لیے امریکا انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم نے مشترکہ جنگ لڑی، نائن 11 کے بعد امریکا اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف پارٹنر رہے، افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں، مسئلے کے حل کے تاریخی طور پر قریب ترین ہیں، افغان حکومت سے بات چیت کے لیے طالبان پر زور دیں گے، اب سب کو سمجھ آ گیا ہے کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے۔

    [bs-quote quote=”پاکستانی میڈیا بالکل آزاد ہے، پاکستان کی فوجی قیادت میرے ساتھ ہے، یقین دلاتا ہوں ہم جو وعدہ کریں گے اسے پورا کریں گے۔” style=”style-8″ align=”right” author_name=”وزیر اعظم عمران خان”][/bs-quote]

    عمران خان نے کہا کہ پاکستانی میڈیا بالکل آزاد ہے، اس پر پابندی کی بات بالکل مذاق ہے، ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں نکل سکتا، مسئلے کے بات چیت سے حل کے لیے عسکری قیادت بھی ساتھ ہے، صدر ٹرمپ نے سیاسی حل نکالنے کے لیے اہم اقدامات کیے، افغانستان میں امن کی پاکستانی خواہش پر کسی شک کی گنجایش نہیں، افغان امن کا زیادہ فائدہ افغانستان کے بعد پاکستان کو ملے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کی فوجی قیادت میرے ساتھ ہے، یقین دلاتا ہوں ہم جو وعدہ کریں گے اسے پورا کریں گے، ٹرمپ پاکستان، بھارت دونوں کو ساتھ لائیں تو یہ بڑی کام یابی ہوگی، دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، افغانستان کی جنگ امریکا کی تاریخ کی طویل ترین جنگ ہے، اس جنگ کے خاتمے کی خواہش پر ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    وائٹ ہاؤس آمد

    وزیر اعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ میں وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم کو خصوصی سیکورٹی میں وائٹ ہاوس لے جایا گیا جہاں امریکی صدر سے ملاقات کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئیں، وزیر اعظم وائٹ ہاؤس میں مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کریں گے اور امریکی صدر سے پاکستانی وفد کا تعارف کرائیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔

    وزیر اعظم پاکستان کے وائٹ ہاؤس دورے سے متعلق وائٹ ہاؤس نے ٹویٹ بھی کیا ہے جس میں عمران خان کے لیے استقبالیہ کلمات لکھے گئے۔

    ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاوس سے پاکستان ہاوس روانہ ہوں گے ، پاکستان ہاؤس میں مختصر قیام کے بعد وزیر اعظم پاکستان سفارتخانے جائیں گے، جہاں پاکستانی سفارتخانے میں مختلف امریکی چینلز کو انٹرویو دیں گے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپٹل ون ارینا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں میرٹ سسٹم لے کر آئیں گے، مجھے این آر او کے لیے باہر سے سفارشیں کروائی گئیں، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

  • دورۂ امریکا: وزیر اعظم عمران خان نے سادگی کی نئی تاریخ رقم کر دی

    دورۂ امریکا: وزیر اعظم عمران خان نے سادگی کی نئی تاریخ رقم کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سادگی کی نئی تاریخ رقم کر دی، امریکا کے سرکاری دورے کے لیے کمرشل پرواز کا استعمال کرنے والے پہلے وزیر اعظم بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان امریکی دورے کے لیے پاکستان سے روانہ ہو چکے ہیں، انھوں نے سادگی کی نئی مثال قایم کرتے ہوئے کمرشل پرواز استعمال کی۔

    وزیر اعظم دوحہ پہنچ چکے ہیں، کل واشنگٹن پہنچیں گے، دوحہ میں مختصر قیام کے دوران وزیر اعظم سے قطر ایئرویز کے سی ای او نے ملاقات کی۔

    دریں اثنا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے ساتھ آرمی چیف بھی امریکا پہنچیں گے، وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کا استقبال کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر امریکا روانہ ہوگئے

    دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان واشنگٹن ڈی سی کے کیپٹل وَن ایرینا میں کل شام چار بجے کمیونٹی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔

    واضح رہے کہ امریکی دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان امریکی لیڈر شپ کے ساتھ اہم دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر وسیع سطح کی گفت و شنید کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کا سلسلہ بغیر کسی امتیاز جاری رہے گا، کیوں کہ کرپشن ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جب تک چور نہیں پکڑے جائیں گے تب تک ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔

  • دورۂ امریکا، وزیر اعظم کا خصوصی طیارہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    دورۂ امریکا، وزیر اعظم کا خصوصی طیارہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورۂ امریکا کے لیے خصوصی طیارہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم دورہ امریکا کے لیے خصوصی طیارہ استعمال نہیں کریں گے۔

    نعیم الحق کا ٹویٹر پر کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نجی ایئر لائن سے واشنگٹن جائیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کے دورۂ امریکا کے لیے خصوصی طیارہ استعمال کیا جانا تھا، تاہم کفایت شعاری مہم کے تحت خصوصی طیارہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم کا دورہ امریکا: وزیر اعظم اور امریکی صدر کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی

    ادھر آج بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے 5 روزہ دورہ امریکا کا شیڈول طے پا گیا ہے، وزیر اعظم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔

    یہ بھی بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان 20 جولائی کو دن 11 بجے نور خان ایئر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے امریکا روانہ ہوں گے۔

    وزیر اعظم کا مختصر وقت کے لیے برطانیہ کے شہر لوٹن میں اسٹاپ اوور ہوگا۔ 6 گھنٹے قیام کے بعد وزیر اعظم لوٹن سے امریکا روانہ ہوں گے۔ ان کا طیارہ 21 جولائی کو امریکی فوجی اڈے پر لینڈ کرے گا۔ وزیر اعظم کا امریکا میں قیام، پاکستان ہاؤس میں ہوگا۔

  • وزیر اعظم رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 30 مئی کو جدہ پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر 30 مئی کو جدہ پہنچیں گے، جب کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 27 مئی کو جدہ روانہ ہوں گے۔

    وزیر اعظم او آئی سی سربراہ مملکت کے اجلاس میں شرکت کریں گے، او آئی سی سربراہ اجلاس 30 اور 31 مئی کو ہوگا، وزیر اعظم 31 مئی کو او آئی سی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو سربراہ اجلاس میں شرکت کی با قاعدہ دعوت دی گئی ہے، دورے کے دوران وزیر اعظم اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کا پاکستانی قیدی رہا کرنے پر یو اے ای کے ولی عہد کا شکریہ

    ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان عمرہ بھی ادا کریں گے، سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ بن محمد سلمان سے ملاقات کریں گے۔

    ذرایع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی وطن واپسی 31 مئی کی رات ہی کو ہوگی۔

    دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 27 مئی کو جدہ روانہ ہوں گے، اور 28،29 مئی کو او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ او آئی سی سربراہ اجلاس 30،31 مئی کو جدہ میں ہو رہا ہے۔