Tag: وزیر اعظم ہاؤس

  • وزیر اعظم کو بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف، شہباز شریف نے نئی روایت قائم کر دی

    وزیر اعظم کو بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف، شہباز شریف نے نئی روایت قائم کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سرکاری خزانے میں جمع کروا دیے اور ان کی ہدایت پر تحائف کو مستقل طور پر وزیر اعظم ہاؤس میں رکھا جائے گا جنہیں عوام بھی دیکھ سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں نئی روایت قائم کر دی، وزیر اعظم کو ملنے والے غیر ملکی تحائف وزیر اعظم ہاؤس میں مستقل طور پر رکھے جائیں گے۔

    بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف عوام بھی دیکھ سکیں گے، وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعظم ہاؤس میں جگہ بھی مختص کر دی گئی۔

    بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف وزیر اعظم نے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیے ہیں، توشہ خانے میں جمع کروائے گئے تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے۔ قیمتی تحائف وزیر اعظم کو خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے۔

    تحائف میں ہیرے جڑی 2 قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں، ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، اس کے علاوہ قیمتی قلم، انگوٹھی، کف لنکس اور خوشبویات کے تحائف بھی توشہ خانےمیں جمع کروائے گئے ہیں۔

    شہباز شریف اس سے قبل بطور وزیر اعلیٰ بھی 10 سال تک ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرواتے رہے ہیں۔

  • یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    اسلام آباد: پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس میں پودا لگایا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے شجر کاری کرنی ہے، عوام شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اور جنگلات کو محفوظ کریں۔

    سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران صرف اس موسم میں 30 کروڑ سے زائد پودے لگیں گے۔

    شیری رحمان کے مطابق موسم بہار کی مہم کے نتیجے میں 40 کروڑ کے قریب پودے لگائے جائیں گے، انھوں نے پیغام دیا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر مل کر پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کا عہد کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

  • وزیر اعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش کیلئے اضافی فنڈز کی منظوری کا امکان

    وزیر اعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش کیلئے اضافی فنڈز کی منظوری کا امکان

    اسلام آباد : وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش کیلئے اضافی فنڈز کی منظوری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس آج ہوگا، اجلاس میں 9نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے 30 لاکھ ٹن گندم درآمد پر غورہوگا جبکہ وزیر اعظم ہاؤس کی منٹیننس کیلئےاضافی فنڈز کی منظوری دی جائے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ کابینہ ڈویژن کے6 طیاروں کوبہتربنانےکیلئے40ارب کی گرانٹ دی جائےگی اور ایٹمی توانائی کے 2 منصوبے کے ٹو اور کے تھری کی مدت تکمیل کو چند ماہ بڑھایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ اور ججز کی رہائشگاہوں کی مرمت کیلئے اضافی فنڈز دینے اور یوٹیلٹی اسٹورز پر کم قیمت پر آٹے کی دستیابی کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کوتیل کی قیمت میں فرق کی ادائیگی کی منظوری دی جائے گی۔

  • وزیر اعظم ہاؤس کو پرائیویٹ تقریبات کے لیے کھولنے کا معاملہ مؤخر

    وزیر اعظم ہاؤس کو پرائیویٹ تقریبات کے لیے کھولنے کا معاملہ مؤخر

    اسلام آباد: وزیر اعظم ہاؤس کو پرائیویٹ تقریبات کے لیے کھولنے کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا، پی ایم ہاؤس کے عقب میں زمین پر یونیورسٹی بنائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس تقریبات کے لیے کھولنے کا فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے، وزیر اعظم عوامی پیسوں سے بنی عمارتوں کا صحیح استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

    اپوزیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا شہباز شریف کا بات کرنے سے متعلق بیان خوش آئند ہے، لیکن نواز شریف، فضل الرحمان اور مریم نواز ایوان کاحصہ نہیں، یہ تینوں لوگ نظام بگاڑنا چاہتے ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے متعلق پارلیمان کے اندر جو لیڈر شپ ہے اس سے بات کریں گے، جمہوریت کے لیے نظام وضع کرنا ہوگا۔

    انھوں نے لاک ڈاؤن کے معاملے پر سندھ حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کراچی اور حیدر آباد ویکسینیشن میں سب سے پیچھے ہیں، حکومت سندھ اپنے معاملات پر نظر ڈالے اور گورننس بہتر کرے، کرونا وبا کی لہر سے متعلق سندھ کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے، وفاقی حکومت صوبوں کوگورننس کی جانب توجہ دلا سکتی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا 23 قیدی سعودی عرب سے پاکستان پہنچے ہیں، دنیا بھر سے سیکڑوں قیدیوں کو پاکستان لایا گیا ہے، وزیر اعظم بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے درد رکھتے ہیں، جب کہ سعودی عرب میں سفارتی عملے کو لیبر کا خیال نہ کرنے پر واپس بلایا گیا، بیرون ملک ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے تجاوزات ہٹانے پر کابینہ کو بریفنگ دی، وزیر اعظم نےگرین ایریا کے تحفظ کے احکامات دیے ہیں، اور نیول، فضائیہ اور پولیس کوگرین ایریا خالی کرنے کا کہا گیا ہے، احکامات طاقت ور ترین لوگوں کی جانب سے ہیں۔

    فواد چوہدری نے اجلاس سے متعلق دیگر بریفنگز میں کہا کہ ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کا اختیار وزارت داخلہ کو دیا گیا ہے، فراڈ کے مقدمے میں مطلوب مجاہد پرویز کو امریکا کے حوالے کرنے کی منظوری دی گئی ہے، امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہے، برطانیہ کے ساتھ نہیں۔

  • کیا جاپانی وزیر اعظم کے گھر میں بھوت ہیں؟

    کیا جاپانی وزیر اعظم کے گھر میں بھوت ہیں؟

    ٹوکیو: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ جاپان کا وزیر اعظم ہاؤس ایک دہائی سے خالی پڑا ہے، اور وزرائے اعظم نجی رہائش گاہ کو ترجیح دیتے ہیں۔

    کیا اس کی وجہ سے بھوت ہیں، یا معاملہ کچھ اور ہے؟ یہ جان کر آپ کو مزید حیرت ہوگی کہ جاپان میں وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ سال 2012 سے خالی پڑی ہے، پھر بھی ہر سال اس کی دیکھ بھال پر بھاری رقم خرچ کی جا رہی ہے۔

    وزیر اعظم ہاؤس کے بارے میں مختلف قسم کی باتیں گردش کر رہی ہیں، 2012 سے قبل رہائش پذیر کسی جاپانی وزیر اعظم کو یہاں بھوتوں کی آوازیں سنائی دی تھیں، تو کسی کو فوجی بوٹوں کی آوازیں آتی تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوجی بغاوت کے خوف سے راتوں کو یہاں رہائش پذیر وزیر اعظم کی آنکھ کھل جاتی، اور نیند اُچاٹ ہو جاتی تھی۔

    تاہم آپ کو معاملہ سمجھنے کے لیے تاریخ میں جانا پڑے گا، 1932 میں یہاں ایک فوجی بغاوت کے دوران اُس وقت کے وزیر اعظم کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

    یہ ایوان ایک بار پھر محض چار سال بعد خون میں نہلایا گیا جب ایک اور فوجی بغاوت ہوئی اور اس کے در و دیوار گولیوں کی تڑ تڑاہٹ سے گونج اٹھے۔

    اس خونی عمارت میں اب بھی اس خونیں تاریخ کی یادوں کے نشانات ثبت ہیں، دیواریں گولیوں سے داغ دار ہیں، تو آگ سے ہونے والے نقصان کے ثبوت بھی محفوظ رکھے گئے ہیں۔

    دوسری طرف اس عمارت کی دیکھ بھال پر ہر سال 16 کروڑ ین یعنی 22 کروڑ روپے سے زیادہ رقم خرچ ہوتی ہے۔

  • عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

    گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت عوامی حقوق کا تحفظ کرنا مقننہ کا اہم ترین کردار ہے، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے، عوامی مفاد کے لیے ہم پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں شفافیت کے لیے پر عزم ہیں، شفاف انتخابات کے لیے پارلیمنٹ بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے، پارلیمانی رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلایا ہے، انتخابی اصلاحات پر الیکشن کمیشن سے بھی بریفنگ لی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس 28 ستمبر کو طلب کیا ہے، ن لیگ نے اس اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ اسپیکر پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کرنے کا اختیارنہیں رکھتے، اے پی سی کے فیصلوں کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • ایم کیو ایم کا وزیر اعظم کے عشائیے میں شرکت کا فیصلہ

    ایم کیو ایم کا وزیر اعظم کے عشائیے میں شرکت کا فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں اراکین قومی اسمبلی کا وفد وزیر اعظم ہاؤس میں عشائیے میں شریک ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ عشائیے میں اتحادیوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور اتحادیوں کی شکایات و مطالبات پر بھی گفتگو ہوگی، ایم کیو ایم وزیر اعظم سے ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا معاملہ بھی سامنے رکھے گی، جب کہ بجٹ کو منظور کرانے کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئیں گے۔

    دریں اثنا، آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی کے وزیر تعلیم سعید غنی نے ایم کیو ایم کے حوالے سے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ایم کیو ایم نے صرف ایک بیان دیا، اگر ایم کیو ایم کو اعتراض ہے تو اسے وفاقی حکومت سے علیحدہ ہو جانا چاہیے، ایم کیو ایم وفاق کا حصہ ہے وہ ان کے فیصلوں سے خود کو لاتعلق نہیں کر سکتی۔

    وزیر اعظم نے حکومتی، اتحادی اراکین کو عشائیے پر مدعو کر لیا

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج بجٹ منظوری سمیت ملکی معاملات پر مشاورت کے لیے حکومتی اور اتحادی اراکین کو عشائیے پر بھی بلایا ہے، عشائیے کا اہتمام وزیر اعظم ہاؤس میں کیا گیا ہے، وزیر اعظم ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات بھی سنیں گے۔

    یہ عشائیہ وزیر اعظم اور اتحادیوں کے درمیان خوش گوار ماحول میں ملاقات کا اہم موقع ہوگا، اور وزیراعظم کے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ عشائیے کے لیے روایتی طریقہ کار نہیں اپنایا جائے گا، ماضی میں کیے گئے روایتی عشائیوں جیسا پُر تکلف اہتمام نہیں ہوگا، وَن ڈِش پالیسی پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری مہم پر بھی مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل نے مطالبات کی عدم منظوری اور حکومت سے علیحدگی کے باعث عشائیے میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ حکومت کے اہم اتحادی اور کرونا وائرس انفیکشن سے حال ہی میں صحت یاب ہونے والے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد آرام کی غرض سے عشائیے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

  • لیڈی ڈیانا نے انسانی ہمدردی اور خیراتی کاموں سے عزت پائی: وزیر اعظم

    لیڈی ڈیانا نے انسانی ہمدردی اور خیراتی کاموں سے عزت پائی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی شاہی جوڑے نے آج وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن سے گفتگو میں کہا کہ لیڈی ڈیانا نے انسانی ہمدردی اور خیراتی کاموں سے عزت پائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا، ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہی جوڑے نے پرتپاک خیر مقدم کرنے اور شان دار مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، شاہی جوڑے کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے لیے بہت اہم ملک ہے۔

    وزیر اعظم نے شاہی جوڑے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا شہزادی ڈیانا کے لیے پاکستانی عوام کے دلوں میں پیار اور خلوص ہے، انھیں انسانی ہم دردی اور خیراتی کاموں سے عزت ملی۔

    تفصیلات یہاں پڑھیں:  صدر مملکت اور وزیر اعظم سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات

    سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم سے شاہی جوڑے کی ملاقات پُر جوش اور خوش گوار ماحول میں ہوئی، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات کے دوران شہزادی ڈیانا کے دورۂ پاکستان کا بھی ذکر کیا گیا، شاہی جوڑے نے موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم کے مسائل پر آگاہی پھیلانے پر وزیر اعظم کی تعریف کی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو خطے کی صورت حال اور پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا، بالخصوص 5 اگست کے بعد بھارت کے ساتھ تعلقات اور افغانستان میں امن کے لیے تعاون سے متعلق آگاہ کیا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم ہاؤس میں شاہی مہمانوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، شاہی جوڑے نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی، جہاں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ نے شاہی جوڑے کو خوش آمدید کہا۔

  • صدر مملکت اور وزیر اعظم سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات

    صدر مملکت اور وزیر اعظم سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کا وزیر اعظم ہاؤس آمد پر استقبال کیا اور ان سے ملاقات کی، شاہی جوڑے کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن وزیر اعظم ہاؤس پہنچا جہاں وزیر اعظم عمران خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شاہی جوڑے کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ظہرانے میں معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان، ثانیہ نشتر، وفاقی وزیر شیریں مزاری اور شفقت محمود بھی موجود تھے۔

    اس سے قبل شاہی جوڑا ایوان صدر پہنچا جہاں ان کی ملاقات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول سے ہوئی۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اس موقع پر ڈوپٹے کے ساتھ سبز لباس زیب تن کیا۔

    ملاقات کے دوران صدر مملکت نے شاہی جوڑے کی صحت، موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کی کاوشوں کو سراہا۔ شہزادہ ولیم نے پر تپاک مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

    شاہی جوڑے نے حکومت پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

    خیال رہے کہ شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر گزشتہ رات پاکستان پہنچا تھا۔ نور خان ایئر بیس پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا تھا۔

    آج صبح شاہی جوڑے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا تھا۔ اسکول کے دورے کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن بچوں میں گھل مل گئے اور اسکول میں ریاضی کی کلاس کا معائنہ کیا۔

    برطانوی شاہی جوڑے نے اسکول کے مختلف حصے دیکھے۔ اس دوران انہیں پاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا۔

    بعد ازاں جوڑے نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کو لاحق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور اس سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    یاد رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، یہ دورہ برطانوی شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے 13 سال بعد کیا جارہا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ اور اسٹیٹ کونسلر وانگ ئی نے وفد کے ہم راہ ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ئی نے نائب وزیر خارجہ لو زاہوئی، پاکستان میں چینی سفیر یاو جِنگ اور دیگر سینئر چینی حکام کے ہم راہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر پلاننگ خسرو بختیاراور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے، ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کی مضبوطی سمیت علاقائی امور زیر بحث آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان، افغانستان اور چین کا انسداد دہشت گردی کے لئے مشترکہ اقدامات کا اعلان

    واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان اور چین نے مل کر انسداد دہشت گردی کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سہ ملکی مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔

    مذاکرات کے تیسرے دور کو حکومت نے مفید قرار دیا، جس میں باہمی تعلقات اور افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اور آیندہ سہ فریقی مذاکرات بیجنگ میں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات میں سیکورٹی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی، کہا چین ہمارا دوست اور بہترین ہم سایہ ہے، خطے میں استحکام کے لیے افغان امن عمل ناگزیر ہے، افغان امن عمل کی کام یابی کے لیے دعا گو ہیں۔