Tag: وزیر اعظم

  • وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چینی صدر اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چینی صدر اور وزیر اعظم کا سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب کی اپنی شدت اور پھیلاؤ کے لحاظ سے کوئی اور مثال نہیں، چین مشکل ترین وقت میں ہمارے ساتھ رہا، ہم اس کی حمایت کی بہت قدر کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

    سیلاب سے 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔

    ملک بھر میں اب تک سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • وزیر اعظم کا بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وفاقی کی طرف سے 10 ارب روپے دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ڈویژن نصیر آباد میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی اور چیف سیکریٹری عبد العزیز عقیلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کچھی، جھل مگسی اور صحبت پور کا دورہ کیا ہے، ان علاقوں میں ایسا لگ رہا ہے جیسے سمندر بہہ رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ متاثر علاقے سندھ اور بلوچستان کے ہیں، تمام فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔ ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے صدور سے بات ہوئی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وہ بھرپور تعاون کریں گے، ترکی سے 2 جہاز روانہ ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت نے ڈیڑھ ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا ہے، مشکل گھڑی میں دوست ممالک سے ملنے والی امداد پر شکر گزار ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کل رات ایک شخص نے مجھے 6 کروڑ روپے دیے اور کہا میرا نام نہیں بتانا، ایک اور گروپ نے 45 کروڑ روپے دیے جو آج وزیر اعظم آفس کے اکاؤنٹ میں آجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہر متاثرہ خاندان کو وفاقی حکومت 25 ہزار روپے دے رہی ہے، کل ملا کر 38 ارب روپے پاکستان میں تقسیم کیے جا رہے ہیں اور یہ اگلے ہفتے تک تقسیم ہوجائیں گے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں وفاق کی طرف سے بزنجو صاحب کی خدمت میں 10 ارب روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

  • وزیر اعظم نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر آل پارٹیز کانفرنس بلا لی

    وزیر اعظم نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر آل پارٹیز کانفرنس بلا لی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر آل پارٹیز کانفرنس بلا لی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اے پی سی بلا لی ہے، جس کا انعقاد پیر کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق اے پی سی میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی، حکومتی اتحادیوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

    گزشتہ روز سندھ کے دورے کے موقع پر شہباز شریف نے سندھ حکومت کو سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے 15 ارب روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعظم کا سندھ کے سیلاب متاثرین کیلیے 15 ارب روپے دینے کا اعلان

    وزیر اعظم آج بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں حاجی اللہ دینو کا دورہ کریں گے، چیف سیکریٹری بلوچستان، ڈی جی پی ڈی ایم اے تباہ شدہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دیں گے۔ وزیر اعظم حفیظ آباد، گابی خان، قادرپور اور شکارپور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی فضائی دورہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب اور بارشوں سے نقصانات کی تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب گزشتہ روز ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا ہے، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 1033 ہو گئی۔

  • وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کردی

    وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کردی، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کے لیے 80 ارب روپے سے زائد کی رقم درکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کردی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے تباہی ہوئی ہے، بلوچستان اور سندھ میں تباہی و بربادی سے قیامت صغریٰ کا منظر ہے، سینکڑوں پاکستانی اپنے پیچھے جدائی کا غم چھوڑ گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں، مال مویشی، فصلوں، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے، صوبائی حکومتیں، مسلح افواج کے تعاون سے مل کر دن رات کام کر رہی ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لیے مہیا کیے جا رہے ہیں، فی الفور 5 ارب روپے کی رقم این ڈی ایم اے کو جاری کروائی گئی ہے۔ ہر جاں بحق شخص کے خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ادائیگی جاری ہے، دیگر متاثرین کو 25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امداد کے لیے 80 ارب روپے سے زائد درکار ہیں، نقصانات کو پورا کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لیے کھربوں روپے کی ضرورت ہے۔ سڑکیں اور پل بہہ جانے سے زمینی رابطہ کٹنے پر ہیلی کاپٹروں سے مدد لی جارہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں عوام ایسے ہی عظیم جذبے سے مثال بن گئے تھے، پوری قوم آگے بڑھ کر ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے کامیاب ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں آپ سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں، سیلاب زدگان کی مدد کے لیے قائم فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کروائیں، آئیں، مصیبت زدہ بھائیوں کی انصار مدینہ کی طرح مدد کریں۔

  • نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    کراچی: معروف گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معروف گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے لکھا کہ نامور گلوکارہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، وہ اپنی آواز میں ترنم اور سوز کی وجہ سے خاص پہچان رکھتی تھیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ غزل ہو یا گیت جو بھی انہوں نے گایا کمال گایا، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت میں جگہ دے۔

    خیال رہے کہ نیرہ نور آج صبح 72 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

  • منشیات کے استعمال کا الزام، فن لینڈ کی وزیر اعظم نے ناقدین کا مطالبہ پورا کردیا

    منشیات کے استعمال کا الزام، فن لینڈ کی وزیر اعظم نے ناقدین کا مطالبہ پورا کردیا

    فن لینڈ کی وزیر اعظم پر پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کے الزام اور تنقید کے بعد انہوں نے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروا لیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فن لینڈ کی وزیر اعظم سنا مرین نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروا لیا ہے۔

    جمعے کو ایک نیوز کانفرنس میں سنا مرین نے کہا کہ آج میں نے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروا لیا ہے اور اس کے نتائج ایک ہفتے کے دوران آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی منشیات کا استعمال نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ فن لینڈ کی وزیر اعظم کو حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو لیک ہونے کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ویڈیو میں ان کو اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی رات کو اپنی ذمہ داریوں کو انجام دینے کی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں آیا تھا اور اگر انہیں کام پر جانا ہوتا تو وہ پارٹی چھوڑ دیتیں۔

    فن لینڈ کی وزیر اعظم کے ساتھ پارٹی میں ملک کی مشہور شخصیات اور فنکار موجود تھے، یہ ویڈیو رواں ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور جلد ہی اندرون اور بیرون ملک کئی میڈیا ہاؤسز نے اسے جاری کر دیا۔

    ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سنا مرین سے ان کے حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن نے ڈرگ ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    اس الزام پر وزیر اعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھ پر پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کا الزام غلط ہے اور میں اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروانے کے لیے بھی تیار ہوں۔

  • دن رات کام کر کے قوم کی تقدیر بدلیں گے: وزیر اعظم

    دن رات کام کر کے قوم کی تقدیر بدلیں گے: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم کمر بستہ ہو کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور اسے اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، ہم سب مل کر قوم کی تقدیر بدلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے قائد اعظم کی عظیم تحریک میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ خطہ حاصل کیا، ہم نے یہ ملک بے پناہ قربانیوں سے حاصل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کمر بستہ ہو کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور اسے اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، ہم سب مل کر قوم کی تقدیر بدلیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منتخب میئر سمیت سب کو منصوبے کی تکمیل پر مبارک باد دیتا ہوں، انٹر سٹی بس منصوبہ دو کے بجائے ایک مہینے میں مکمل کریں، میرا تجربہ کہتا ہے کہ منصوبہ 4 ماہ میں مکمل ہوسکتا ہے۔

  • وزیر خارجہ کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ بلاول زرداری کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات ہوئی۔

    بلاول نے 29 ویں اے آر ایف وزارتی اجلاس میں وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے کمبوڈین وزیر اعظم کو آسیان اور اے آر ایف کی کمبوڈیا کی قیادت پر مبارکباد دی، انہوں نے آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

    بلاول زرداری نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو سراہا اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کمبوڈین وزیر اعظم نے بھی تکنیکی معاونت کے پروگرام سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور مثبت جذبات اور مضبوط دو طرفہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

  • بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے: وزیر اعظم

    بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب سے مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے کئی محاذوں پر کام کر رہے ہیں، ریسکیو آپریشن میں بھرپور کردار ادا کرنے پر صوبائی انتظامیہ اور افواج پاکستان کا مشکور ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بلوچستان میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کے تمام اداروں نے ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ریسکیو اور ریلیف کا کام اور تیز کر دیا ہے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک متاثرین کی آباد کاری مکمل نہیں ہو جاتی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے پیدا شدہ مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے کئی محاذوں پر کام کر رہے ہیں، چیلنج یقیناً بہت بڑا ہے لیکن اس چیلنج سے نمٹنے کا ہمارا عزم اس سے بھی مضبوط تر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھے اور تکلیف میں مبتلا ہمارے بھائی بہنوں کی مدد کرے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھرپور کردار ادا کرنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی انتظامیہ، این ڈی ایم اے اور افواج پاکستان کا خاص طور پر مشکور ہوں۔

  • وزیر اعظم کا بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کو آج ہی معاوضہ ادا کرنے کا حکم

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کو آج ہی معاوضہ ادا کرنے کا حکم

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے تباہ شدہ مکانوں کا معاوضہ 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ متاثرین کو 24 گھنٹے میں معاوضہ ادا کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچے جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا اور اراکین صوبائی اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم کو ایئرپورٹ پر چیف سیکریٹری نے صوبے میں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی جس کے بعد وزیر اعظم سیلاب متاثرین سے ملنے کے لیے قلعہ سیف اللہ اور چمن کے دورے پر روانہ ہوئے۔

    وزیر اعظم نے جزوی یا مکمل طور پر تباہ مکانوں کا معاوضہ 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ متاثرین کو 24 گھنٹے میں معاوضہ ادا کیا جائے۔

    قلعہ سیف اللہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کیمپ میں موجود متاثرین نے بتایا کہ پانی اور کھانا نہیں ملا، امدادی سرگرمیوں میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ غیر معمولی بارشوں سے وسیع پیمانے پر نقصان ہوا، قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کے ساتھ انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوا، جب تک آخری گھر آباد نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔