Tag: وزیر اعظم

  • وزیر اعظم ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ

    وزیر اعظم ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے، وزیر اعظم متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے، وفاقہ وزرا مریم اورنگزیب، سردار اسرار ترین، عبد الواسع، نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔

    وزیر اعظم خشنوب اور قلعہ سیف اللہ میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم خیمہ بستی کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ بارشوں سے بلوچستان میں تباہی کی داستان رقم ہوچکی ہے، اب تک صوبے میں 137 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں جبکہ متعدد دیگر ڈیم پانی سے بھر گئے ہیں۔

  • وزیر اعظم کا پولیو کیسز میں اضافے پر اظہار تشویش

    وزیر اعظم کا پولیو کیسز میں اضافے پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے صحت کے شعبے میں تعاون پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد پولیو اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی ہنگامی منصوبے پر عمل کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ صحت اور سماجی شعبے میں تعاون پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا شکر گزار ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پختونخواہ میں پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے، انسداد پولیو اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی ہنگامی منصوبے پر عمل کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 3 روز قبل ملک میں ایک اور پولیس کیس سامنے آیا ہے، مذکورہ کیس شمالی وزیرستان سے سامنے آیا ہے جہاں رواں برس پہلے ہی 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 14 ہوچکی ہے جن میں سے 13 صرف شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے، ایک کیس صوبہ خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں سے رپورٹ ہوا۔

    حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کو پولیو فری بنانے کے لیے ملک گیر پولیو مہمات باقاعدگی سے جاری ہیں تاہم اب بھی لاکھوں بچے پولیو ویکسی نیشن سے محروم ہیں۔

    مئی 2022 میں ہونے والی پولیو مہم کے دوران 4 لاکھ 33 ہزار 173 بچے ویکسین سے محروم رہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ پولیو مہم میں 3 لاکھ 77 ہزار 166 بچے ویکسی نیشن کے لیے دستیاب نہیں تھے جبکہ مہم میں 56 ہزار 7 والدین ویکسین پلانے سے انکاری تھے۔

  • ملک بھر میں تیز بارشیں: وزیر اعظم کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    ملک بھر میں تیز بارشیں: وزیر اعظم کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بارشوں کے پیش نظر تمام وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور معاونت کرے، نشیبی علاقوں کے عوام کی جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں وفاق سندھ حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، منتخب نمائندے متعلقہ اداروں کے ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی مؤثر نگرانی کریں۔

  • بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے: وزیر اعظم

    بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نے انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر مسلسل ظلم و ستم کشمیریوں کی آواز دبانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر دھوکہ دہی اور دیگر من گھڑت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نے انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

  • وزیر اعظم کا شہید کرنل لئیق کو خراج عقیدت

    وزیر اعظم کا شہید کرنل لئیق کو خراج عقیدت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں شہید ہونے والے کرنل لئیق بیگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرنل لئیق شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، دہشت گردوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فوج کے افسران اور جوانوں کی مادر وطن کے لیے عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے، پوری قوم اس پر یکسو ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرنل لئیق بیگ شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

    خیال رہے کہ کوئٹہ میں تعینات کرنل لئیق کو زیارت سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا، ان کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں دہشت گردوں نے انہیں گولی مار دی جبکہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

  • کشمیریوں نے جدوجہد آزادی کا چراغ نسل در نسل جلائے رکھا: وزیر اعظم

    کشمیریوں نے جدوجہد آزادی کا چراغ نسل در نسل جلائے رکھا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یوم شہدا کشمیریوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے کا دن ہے، کشمیریوں نے بھارتی تسلط کے باوجود جدوجہد آزادی کا چراغ نسل در نسل جلائے رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے قربانیاں دیتے آرہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یوم شہدا کشمیریوں کی ان قربانیوں کو یاد رکھنے کا دن ہے، کشمیریوں نے بھارتی تسلط کے باوجود جدوجہد آزادی کا چراغ نسل در نسل جلائے رکھا۔

    خیال رہے کہ عید سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت جاری رہی، ضلع گلگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران صرف 24 گھنٹوں کے اندر 4 نوجوان شہید کردیے گئے۔

    بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ سے ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار بھی کیا تھا۔

  • مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    اسلام آباد: صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام صوبائی و وفاقی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات سے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی پر الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں اقدامات کی نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔
    ت
    وزیر اعظم نے صوبائی اداروں کو معاونت فراہم کرنے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو شاباشی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعاون، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت ہے۔

    انہوں نے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو بھی عوام کے تحفظ کے لیے خدمات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عید تعطیلات میں عوامی خدمت کے شاندار جذبے کا مظاہرہ کرنے پر پولیس، میونسپل اور شہری انتظامات کے ذمہ دار ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔

  • افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی، افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفارت خانے موجودہ قومیت کی بنیاد پر ویزا درخواستوں پر کارروائی کی جائے گی۔ افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس سہولت کا مقصد دونوں ممالک کو قریب لانا، افغان عوام کی مدد کرنا اور وسط ایشیا سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو ویزا پالیسی پر مزید کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • وزیر اعظم سے وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

    وزیر اعظم سے وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں چین سے ملنے والے فنڈز اور آئی ایم ایف سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ون ٹو ون اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں اتحادیوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں چین سے ملنے والے فنڈز اور آئی ایم ایف سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر بلاول بھٹو کو مبارکباد بھی دی۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اسلام آباد پہنچنے کے فوری بعد وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے چند روز قبل کراچی کا دورہ کیا تھا جس کے بعد وہ نواب شاہ بھی گئے تھے۔ وزیر اعظم نے آصف زرداری سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت بھی کی تھی۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف گوادر کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم شہباز شریف گوادر کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج گوادر کا دورہ کریں گے جہاں وہ ایران سے آنے والی 100 میگا واٹ بجلی ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچیں گے، وزیر اعظم پورٹ کے احاطے میں سی بی سی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    وزیر اعظم کو گوادر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مکران ڈویژن کے لیے ایران سے آنے والی 100 میگا واٹ بجلی ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے، وزیر اعظم عمائدین اور ماہی گیروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔