Tag: وزیر اعظم

  • غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے غیر معمولی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

    وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں انتظامات یقینی بنائے جائیں، حفاظتی انتظامات اور امدادی ساز و سامان کی دستیابی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیا جائے۔

    انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب، نالوں اور آبی گزر گاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

  • وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر کوئٹہ اور گوادر پہنچیں گے

    وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر کوئٹہ اور گوادر پہنچیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ اور گوادر پہنچیں گے، وزیر اعظم مقامی عمائدین اور ماہی گیروں سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ اور گوادر پہنچیں گے، وزیر اعظم کوئٹہ میں اسٹاف کالج کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم گوادر پورٹ کا فضائی دورہ کریں گے اور ایسٹ بے ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف مقامی عمائدین اور ماہی گیروں سے خطاب کریں گے جبکہ چینی کمپنیوں کے وفد سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔

  • عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر، وزیر اعظم ایڈوائس پر نظرثانی کریں، صدر مملکت

    عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر، وزیر اعظم ایڈوائس پر نظرثانی کریں، صدر مملکت

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر ہیں، وزیر اعظم ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو جوابی خط لکھ دیا، جس میں کہا ہے کہ وزیراعظم گورنر پنجاب کی تقرری کی اپنی ایڈوائس پر نظر ثانی کریں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آرٹیکل ایک سو ایک دو کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا۔

    جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ گورنر کے خط اور رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں اراکین کی وفاداریاں بدلی گئیں، پنجاب میں غیر قانونی اکثریت حاصل کر کے آرٹیکل تریسٹھ اے کی خلاف ورزی کی گئی۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے اور صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے سترہ مئی کے فیصلے سے گورنر کے اصولی موقف کی توثیق ہوئی۔

  • وزیر اعظم نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کردیا

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کیا، جدید مشینری پر مشتمل اسپتال مریضوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف لاہور کے سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کی افتتاحی تقریب میں پہنچے جہاں انہوں نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

    وزیر اعظم کو ٹرسٹ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

    سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال مریضوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کرے گا، اسپتال میں سٹی اسکین اور او پی ڈی کی سہولتیں بھی موجود ہیں، اسپتال 350 بستروں پر مشتمل ہے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کرے گا، اسپتال میں عالمی معیار کی مشینری موجود ہے۔ دل کے امراض کے لیے بھی مشینری یہاں پر موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جن کے پاس وسائل نہیں ان لوگوں کا اسپتال میں مفت علاج ہوگا، اسپتال کی تعمیر میں معاونت کرنے والوں نے دنیا اور آخرت میں بھلائی کمائی۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گندی سیاست نے اس اسپتال کو 2 سال سرد خانےمیں ڈالے رکھا، اس سے بڑا ظلم غریب قوم کے ساتھ کیا ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2008 میں ہماری حکومت آئی تھی تو ریسکیو 1122 پرویز الٰہی کا منصوبہ تھا، میں نے منصوبے کو آگے بڑھایا کیونکہ یہ پرویز الٰہی نہیں پورے پاکستان کے لیے تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ذاتی پسند نا پسند سے اوپر سوچنا ہوگا، آپ نے کسی حکومت سے پیسہ نہیں لیا خود اسپتال بنایا۔

  • پاکستان کی جانب سے افغان سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

    پاکستان کی جانب سے افغان سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خیموں اور راشن پر مشتمل امدادی سامان روانہ کردیا گیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکومت کی جانب سے افغان سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج روانہ کردیا گیا، خصوصی سی 130 طیارہ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے خیموں اور راشن پر مشتمل امدادی سامان لے کر مزار شریف پہنچ گیا۔

    یہ پہلا طیارہ ہے جس نے نور خان ایئر بیس سے اڑان بھری، طیارے کی روانگی کے وقت افغانستان میں پاکستان کے سفیر، نور خان ایئر بیس پر موجود تھے۔

    دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ افغانستان پہنچ گئی، اس کے بعد مزید امدادی اقدامات کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، عالمی برادری کو اس گھڑی میں افغان عوام کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔

  • غریب کو عالمی معیار کی طبی سہولتیں مفت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    غریب کو عالمی معیار کی طبی سہولتیں مفت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے مریضوں کے لیے موجودہ سہولتیں غیر تسلی بخش قرار دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم کو انسٹی ٹیوٹ کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال 290 کڈنی ٹرانسپلانٹ اور 190 لیور ٹرانسپلانٹ کیے گئے، ان مریضوں میں سے صرف 17 فیصد کو مفت علاج کی سہولت دی گئی۔

    وزیر اعظم کو اسپتال کے ساتھ نرسنگ یونیورسٹی کے منصوبے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے منصوبے کی تکمیل میں کوتاہی برتنے پر افسوس کا اظہار کیا اور مریضوں کو موجودہ سہولتیں غیر تسلی بخش قرار دے دیں۔

    انہوں نے اسپتال میں سہولتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے اور 50 فیصد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی کا مقصد ہی غریب کو مفت سہولت فراہم کرنا تھا، انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ مکمل حکمت عملی مرتب کر کے 3 دن میں رپورٹ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مالی وجوہات کی وجہ سے بھی مریض کو علاج سے محروم نہ رکھا جائے، صحت کی معیاری سہولتوں کے حصول میں غریب افراد کو مسائل ہیں۔ غریب کو عالمی معیار کی سہولتیں مفت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

    وزیر اعظم نے نادار و مفلس طبقے کو عدم توجہ دینے کی سوچ کو بدلنے پر زور دیا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کو ٹرسٹ بنایا جائے، نرسنگ یونیورسٹی کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے اور ادارے کی صفائی کو عالمی معیار کے مطابق کرنے کے لیے آؤٹ سورس کیا جائے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ

    وزیر اعظم شہباز شریف کا دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کے دورے کے موقع پر کہا کہ منصوبہ پاکستان کو توانائی فراہم کرنے کے لیے بہت اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم نواز شریف کے دور میں شروع کیا گیا، ڈیم بنانے سے ملکی معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل سے آبپاشی اور زراعت کو فروغ ملے گا، چاہتے ہیں غیر ملکی سرمایہ کار آگے آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں توانائی کے بڑے منصوبوں کے بارے میں فوری سوچنا ہوگا، تمام عالمی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشکلات اور آفات کے باوجود منصوبے کی جگہ پر زندگی نظر آتی ہے، اب ہم منصوبے کو بھرپور طریقے سے آگے لے کر چل سکیں گے۔ منصوبہ پاکستان کو توانائی فراہم کرنے کے لیے بہت اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی سے سبق حاصل کرنے کے ساتھ ہمیں پانی کو ممکنہ حد تک ضائع ہونے سے بچانا ہے، ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں۔ ہمیں قوم سے جھوٹ نہیں بولنا، اچھی باتیں بھی حقائق میں آئیں گی اور ناخوشگوار باتیں بھی۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ آبادی اور افرادی قوت کے اعتبار سے یہاں اسپتال ضروری ہے، ایک ایسا اسپتال ہو جسے ماہرین چلائیں، ایسا اسپتال بنائیں گے جہاں علاج سب کے لیے مفت ہوگا۔

  • وزیر اعظم کا راول چوک فلائی اوور منصوبے میں تاخیر کی تحقیقات کا حکم

    وزیر اعظم کا راول چوک فلائی اوور منصوبے میں تاخیر کی تحقیقات کا حکم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے راول چوک فلائی اوور کی تعمیر میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے، غیر ذمہ داری کی انتہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے راول چوک فلائی اوور کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کو تعمیراتی کام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے منصوبے پر کام مکمل نہیں ہوسکا، کمپنی کو نااہلی کے باعث بلیک لسٹ کیوں نہیں کیا گیا، ماضی میں اس طرح کے منصوبے 6 مہینے میں مکمل کیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ عوامی دلچسپی کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جانا چاہیئے، ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منصوبے کا آغاز اکتوبر 2020 میں ہوا تھا مگر اب تک مکمل نہ ہوسکا، 2 سال میں تو میگا پراجیکٹس بن جاتے ہیں، عوام کا پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے، غیر ذمہ داری کی انتہا کی جا رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے راول چوک فلائی اوور منصوبے میں تاخیر کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت توانائی صورتحال پر ہنگامی اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور وزارت پیٹرولیم و خزانہ کے حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

    خیال رہے کہ نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے 11 اپریل 2022 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

    عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے رمضان بازاروں میں معیاری اور کم دام پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا جبکہ کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ گئے جہاں مختلف اہم شخصیات ان سے ملاقاتیں کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

    وزیر اعظم تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے، وزیر اعظم سے ارکان پنجاب اسمبلی کے مختلف گروپس کی ملاقات بھی کروائی جائے گی۔

    وزیر اعظم سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور چوہدری پرویز الٰہی بھی ملاقاتیں کریں گے، پرویز الٰہی وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں ارکان سے رابطوں پر رپورٹ پیش کریں گے۔

    وزیر اعظم تحریک انصاف لاہور کے کارکنوں سے تقریب افطار میں خطاب بھی کریں گے۔