Tag: وزیر اعظم

  • ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کردی

    ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کردی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اہم ترین اجلاس کے لیے جہاں حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان وزیر اعظم عمران کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے وہاں اس وقت ایک اہم موڑ آیا جب ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس 12 بجے شروع ہوا جس کے لیے حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان وقت سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے تھے۔

    قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے لیے جو 6 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا تھا اس کے تحت تلاوت اور نعت کے بعد وقفہ سوالات ہونا تھا، ایجنڈے میں تیسرے نمبر پر توجہ دلاؤ نوٹس تھا جبکہ عدم اعتماد کی تحریک کے لیے ووٹنگ چوتھے نمبر پر تھی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کی۔

    اجلاس شروع ہونے کے بعد تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ ہوئی، جس کے بعد وقفہ سوالات شروع ہونے پر ڈپٹی اسپیکر نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کو بات کرنے کی اجازت دی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد آرٹیکل 95 کے تحت پیش کی جاتی ہے، آرٹیکل 5 کے مطابق ریاست سے وفاداری ہر شہری کا فرض ہے۔ 7 مارچ کو بتایا جاتا ہے کہ پاکستان میں عدم اعتماد پیش کی جارہی ہے۔ 7 مارچ کو ہمارے سفیر کو ایک آفیشل میٹنگ میں بلایا جاتا ہے، اس ملاقات میں دوسرے ملک کے آفیشلز بھی بیٹھتے ہیں، میٹنگ میں سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پیش کی جا رہی ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سب کے ساتھ ہی ہمارے اتحادیوں اور اپنے 22 ارکان کا بھی ضمیر جاگ جاتا ہے، بتایا جائے کہ کیا بیرونی مدد سے پاکستان میں حکومت تبدیل کی جاسکتی ہے؟ کیا یہ آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی نہیں؟

    انہوں نے کہا کہ ہم غیرت مند قوم ہیں تو یہ تماشا نہیں چل سکتا۔

    فواد چوہدری کی تقریر ختم ہونے پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا ہے کہ یہ قرارداد آئین کے منافی ہے، اس لیے وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسپیکر کی رولنگ کے مطابق اسے مسترد کرتے ہیں۔

    ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ تحریک اعتماد عالمی سازش کے تحت لائی جا رہی ہے اسے مسترد کرتے ہیں، وفاقی وزیر کی جانب سے اٹھائے گئے نکات بالکل درست ہیں۔

    رولنگ دینے کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع

    متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جس کے بعد اسد قیصر قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نہیں کر سکے۔

    تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر اسپیکر اسد قیصر کی جگہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت کی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر 100 سے زائد ارکان قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

    سخت سیکیورٹی انتظامات

    قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، کسی بھی جماعت کے کارکنوں کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اسلام آباد میں آج اور کل کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے ووٹنگ والے دن کسی کو بھی ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ کسی کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

    پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون میں داخلے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ استعمال کیا جا سکے گا جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز نصب کیے جائیں گے۔

    حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کو راولپنڈی سے سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کو بھی اسلام آباد نہیں جانے دیا جائے گا اور اس دن 2 مختلف شفٹس میں مجموعی طور پر 8 ہزار اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

    سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار اہلکار پنجاب پولیس اور 1 ہزار ایف سی اہلکار پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

  • روس کا دورہ کرنے سے ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا: وزیر اعظم

    روس کا دورہ کرنے سے ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ روس کا دورہ کرنے سے ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا، بھارت جو ان کا اتحادی ہے وہ روس کی پوری مدد کر رہا ہے۔ آج ایک بیان میں پڑھا، کہا گیا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی آزاد ہے اسے کچھ نہیں کہہ سکتے، اگر بھارت خود مختار ملک ہے تو ہمیں بتائیں ہمارے ملک کی پالیسی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سیکیورٹی ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشیر قومی سلامتی معید یوسف کو مبارکباد دیتا ہوں، سیکیورٹی ڈائیلاگ ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی پالیسی مخلوط نہ ہو تب تک شہری خود کومحفوظ نہیں سمجھتا، ریاست مدینہ کا ماڈل سمجھ جائیں تو وہی ملک کی سیکیورٹی ہے۔ میں جب مدینہ کی ریاست کی بات کرتا ہوں لوگوں کو سمجھ نہیں آتا، لوگ سمجھتے ہیں میں ریاست مدینہ کی بات ووٹ کے لیے کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے سے ایلیٹ طبقے نے ملک پر قبضہ کرلیا، ایلیٹ نے تعلیم کے سسٹم پر قبضہ کیا اس سے بڑا ظلم کیا ہوگا۔ ملک میں سارا مسئلہ اچھی تعلیم اور صحت کا نہ ہونا ہے۔ مدینہ میں سب سے اہم چیز فلاحی ریاست اور قانون کی حکمرانی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر سال غریب ملکوں سے 1.6 ٹریلین ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے ترقی یافتہ ملکوں میں چلا جاتا ہے، ملک میں انصاف، تعلیم اور صحت کے فرق کو ختم کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ خود داری اور آزاد خارجہ پالیسی ملک کے لیے سب سے اہم ہے، ہمارے ملک کی آزاد خارجہ پالیسی رہی ہی نہیں، جب ملک بنا تو بے شمار مسائل تھے۔ ہمارے ملک کو خود انحصاری نہ ہونے کی وجہ سے نقصان ہوا، خود مختار خارجہ پالیسی سے ہی قومیں بنتی ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد جنگ میں شرکت سے ہمارا کیا نقصان ہوا کسی نے توجہ نہیں دی، کسی نے نائن الیون کی جنگ سے ہونے والے فائدے اور نقصان کا موازنہ نہیں کیا، ہم نے کسی اور ملک کے مفادات کے لیے اپنے ملک کو قربان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں پوری کوشش کی کہ خارجہ پالیسی آزاد ہو، ساڑھے 3 سال پاکستان کی خارجہ پالیسی کو جو عزت ملی وہ پہلے کبھی نہیں ملی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک طاقتور ملک ناراض ہو گیا کہ روس کا دورہ کیوں کیا، بھارت جو ان کا اتحادی ہے وہ روس کی پوری مدد کر رہا ہے۔ آج ایک بیان میں پڑھا، کہا گیا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی آزاد ہے اسے کچھ نہیں کہہ سکتے، اگر بھارت خود مختار ملک ہے تو ہمیں بتائیں ہمارے ملک کی پالیسی کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیشہ خوددار اور غیرت مند انسان کی عزت ہوتی ہے، کوئی ملک کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا یہ ہماری غلطی ہے۔

  • جب تک ہم اپنی بچیوں کو نہیں پڑھائیں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا: وزیر اعظم

    جب تک ہم اپنی بچیوں کو نہیں پڑھائیں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب تک ہم اپنی بچیوں کو نہیں پڑھائیں گے یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، افسوس ہے پاکستان میں خواتین کو وراثتی حقوق نہیں ملتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے عالمی یوم خواتین سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو سب سے زیادہ بااختیار بنانے پر ہماری حکومت تاریخ کا حصہ ہوگی۔ ویمن رائٹس کی بات کرنا تمام طبقے کے حقوق کی بات ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی نے سب سے پہلے خواتین کو وراثتی حقوق دیے تھے، افسوس ہے پاکستان میں خواتین کو وراثتی حقوق نہیں ملتے، یہ روایت ہمارے پاس ہندوستان سے آئی، ہم نے قانون تو بنا دیا اب معاشرے میں اس پر عمل درآمد کروانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سوچتا تھا کہ اللہ نے موقع دیا تو سب سے پہلےخواتین کو امپاور کروں گا، خواتین کے حقوق کے ساتھ تعلیم پر بھی زور دینے کی ضرورت ہے۔ اپنی کامیابی کے لیے میں اپنی والدہ کو کریڈٹ دیتا ہوں۔ جب تک ہم اپنی بچیوں کو نہیں پڑھائیں گے یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں جب تک زندہ ہوں ان کو این آر او نہیں دوں گا، غریب ملکوں میں طاقتور دندناتا پھرتا ہے، جو جرم اور کرپشن کرتے ہیں ہم ان کو برا نہیں سمجھتے یہ معاشرے کی تباہی ہے۔

  • مہنگائی کو روکنے کے لیے بہت بڑی سبسڈی دی ہے: وزیر اعظم

    مہنگائی کو روکنے کے لیے بہت بڑی سبسڈی دی ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے مہنگائی کو روکنے کے لیے بہت بڑی سبسڈی دی ہے، سندھ کے علاوہ پاکستان کے ہر خاندان کوا س ماہ کے آخر تک ہیلتھ کارڈ مل جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق احساس رعایت راشن اسکیم کے اجرا کی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسانیت کا درد رکھنے والا ہی فلاحی کام کر سکتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کو احساس پروگرام کا پورا کریڈٹ جاتا ہے، اب ہم ریاست مدینہ کے راستے پر چل رہے ہیں، معاشرے میں انسانیت کا نظام لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، محروم طبقوں کی فلاح و بہبود ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قانون کی بالا دستی مافیاز کے خلاف بڑی جنگ ہے، کرونا وائرس کے دوران احساس پروگرام کے ذریعے مجبور لوگوں کو پیسے پہنچائے، کرونا کے دوران کاروبار بند ہونے سے پوری دنیا کے غریبوں کو تکلیف ہوئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام پر ورلڈ بینک نے کہا یہ دنیا کے 4 ٹاپ پروگرامز میں سے ہے، معیشت اور لوگوں کو کرونا سے بچانے میں پاکستان دنیا کے پہلے 3 ممالک میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب تک خواتین اور بچیوں کو نہیں پڑھائیں گے تو حقوق پورے نہیں ہوتے، عورت کو تعلیم دیتے ہیں تو وہ پورے خاندان کو اوپر لے کر آتی ہے، اپنی والدہ کی محنت کی بدولت میں آج یہاں ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ خواتین معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیکس دینے والوں میں اضافہ نہ ہوتا تو پیٹرول اور بجلی کی قیمت کم نہیں کر پاتا، اللہ کا شکر ہے کہ آج ٹیکس کلیکشن ریکارڈ سطح پر ہیں، ٹیکس اہداف بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہم لوگوں پر پیسہ خرچ کرتے رہیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اب بھی دنیا میں سستا ترین ملک ہے، پورے برصغیر میں ڈیزل اور پیٹرول پاکستان میں سب سے سستا ہے، ہم نے مہنگائی کو روکنے کے لیے بہت بڑی سبسڈی دی ہے۔ آٹا، دالیں اور گھی پر لوگوں کو 30 فیصد رعایت ملے گی، سندھ کے علاوہ پاکستان کے ہر خاندان کوا س ماہ کے آخر تک ہیلتھ کارڈ مل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہیلتھ کارڈ پر ڈاکٹرز اسپتال میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیا گیا، ہیلتھ کارڈ ہمارا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ امیر ترین ملکوں میں بھی ہیلتھ انشورنس کے لیے پیسے دینا پڑتے ہیں۔

  • وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد متوقع، اہم ملاقات

    وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد متوقع، اہم ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی جس میں وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد کے پروگرام کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی، ملاقات دوپہر 2 بجے اسلام آباد میں ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک بھر کی موجودہ صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد کے پروگرام کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ایم کیو ایم قیادت کی ملاقات میں بہادر آباد جانے کا معاملہ طے پایا، ملاقات میں وفاقی وزرا فروغ نسیم اور امین الحق شامل تھے۔ وفاقی وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ بہادر آباد کی دعوت دی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم کو کراچی کے مسائل اور دیرینہ مطالبات پیش کیے جائیں گے، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں اور ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات پر بھی بات ہوگی۔

  • غربت کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم کا ایک اور اقدام

    غربت کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم کا ایک اور اقدام

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کے اجرا کا آغاز کریں گے، 2 سالوں میں 407 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مبطاق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کے اجرا کا آغاز کریں گے۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کم وسائل کے افراد کو اخوت سمیت دیگر مائیکرو فنانس اداروں کے ذریعے کاروبار شروع کرنے کے لیے بلا سود لاکھ تک اور گھر بنانے کے لیے لاکھ تک قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کو کم لاگت گھروں کی تعمیر اور کاروبار شروع کرنے کے لیے 2 سالوں میں کل 407 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

    وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اس مدت میں حکومت 56 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔

  • وزیر اعظم لاہور میں اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے

    وزیر اعظم لاہور میں اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے

    اسلام آباد / لاہور: وزیر اعظم عمران خان آج صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے جس کے دوران وہ اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، وزیر اعظم سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں سیاسی و حکومتی امور سمیت دیگر معاملات پر مشاورت ہوگی، گورنر پنجاب یورپی یونین نمائندوں سے ملاقات پر بریف کریں گے۔

    ملاقات میں وزیر اعظم کو یونیورسٹیز میں ریفارمز کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ پاک اتھارٹی کے منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے جبکہ ان سے وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ون آن ون ملاقات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ صوبے کے انتظامی اور سیاسی امور پر بریف کریں گے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بھی ہوگا، وزیر اعظم کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق امور پر مشاورت ہو گی۔

    دورے کے دوران ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

  • مذاکرات کو کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیئے: وزیر اعظم

    مذاکرات کو کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری سے تنازعات کے حل پر یقین ہے، مذاکرات سے حل کو کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور قوم کی سلامتی کے لیے پر عزم اور غیر متزلزل ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور سفارت کاری سے تنازعات کے حل پر یقین ہے، مذاکرات سے حل کو کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کو بتا دیا جب 27 فروری 2019 کو اس نے حملے کا انتخاب کیا، قوم کی حمایت سے افواج ہر سطح پر جارحیت کا جواب دیں گی اور غالب رہیں گی۔

    خیال رہے کہ آج بھارت کے خلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستان نے بھارت کی ناکام جارحیت کا بھرپور جواب دیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرانا بڑی کامیابی تھی، پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ بھی لگایا۔

  • وزیر اعظم نے مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معاشی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال، عالمی مارکیٹ سے موازنے اور معاشی گروتھ کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس آج شام ساڑھے 4 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    اجلاس میں اقتصادی ماہرین، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ اسد عمر و دیگر وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال، عالمی مارکیٹ سے موازنے اور معاشی گروتھ کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ ملکی معاشی اعشاریوں اور صنعتی و زرعی اہداف پر بریفنگ دی جائے گی۔

    وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین ایف بی آر کے ٹیکس ریونیو اہداف اور آئی ایم ایف سے معاملات پر بریفنگ دیں گے، اجلاس میں دورہ روس کے دوران ہونے والے اقتصادی معاہدوں پر بھی مشاورت ہوگی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا دورہ کراچی کا امکان

    وزیر اعظم عمران خان کا دورہ کراچی کا امکان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان جلد کراچی کا دورہ کرسکتے ہیں، وزیر اعظم ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے دورے کا امکان ہے، وزیر اعظم ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ، وزرا اور تحریک انصاف کی مرکزی قیادت وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگی۔

    وزیر اعظم دورہ روس سے واپسی پر کراچی کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ایم کیو ایم قیادت کو دورے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ایم کیو ایم قیادت کی ملاقات میں بہادر آباد جانے کا معاملہ طے پایا، ملاقات میں وفاقی وزرا فروغ نسیم اور امین الحق شامل تھے۔ وفاقی وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ بہادر آباد کی دعوت دی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم کو کراچی کے مسائل اور دیرینہ مطالبات پیش کیے جائیں گے، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں اور ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات پر بھی بات ہوگی۔

    وزیر اعظم کے دورے سے قبل رابطہ کمیٹی مطالبات کی فہرست تیار کرے گی، وزیر اعظم آئندہ دنوں میں تمام اتحادی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔