Tag: وزیر اعظم

  • ہم سب کی پہلی ترجیح ہے افغان انسانی بحران کیسے ٹالا جائے: وزیر اعظم

    ہم سب کی پہلی ترجیح ہے افغان انسانی بحران کیسے ٹالا جائے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی آسٹریا کے ہم منصب چانسلر کارل نیہامہ سے فون پر گفتگو ہوئی، گفتگو میں افغان صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی آسٹریا کے ہم منصب چانسلر کارل نیہامہ سے فون پر گفتگو ہوئی، وزیر اعظم آسٹرین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم سب کی پہلی ترجیح ہے افغان انسانی بحران کو کیسے ٹالا جائے۔ دوران گفتگو شمالی علاقہ جات میں سیاحت اور ٹیکنالوجی میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کو انسانی امداد فراہم کر کے ملک مستحکم کرنے پر گفتگو ہوئی، دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے تو بات چیت کے لیے تیار ہیں: وزیر اعظم

    بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے تو بات چیت کے لیے تیار ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلے سے ہی 30 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں، ہم مزید پناہ گزینوں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے لے تو ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے فرانسیسی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فغانستان کے معاملے پر علاقائی ممالک کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، افغان معاملے پر سب کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 4 کروڑ عوام کا مستقبل بچانا ہے تو افغان حکومت کو تسلیم کرنا ہوگا، افغانستان میں اس وقت کوئی بھی تنازعہ نہیں ہے، ہم تمام علاقائی ممالک سے مشاورت کر رہے ہیں۔ پاکستان افغانستان کو تنہا تسلیم نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان حکومت سے عالمی دنیا کے دو مطالبے ہیں، دنیا افغانستان میں جامع حکومت اور انسانی حقوق کی پاسداری چاہتی ہے۔ افغانستان کے عوام بیرونی مداخلت سے نفرت کرتے ہیں۔ مغربی طرز کے خواتین کے حقوق کی پاسداری افغانستان میں ممکن نہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہی افغانستان سے اسامہ بن لادن کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم حوالگی کے مطالبے پر افغانستان نے واضح انکار کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تین گروپ سرگرم تھے، پہلا ٹی ٹی پی، دوسرے بلوچ علیحدگی پسند اور تیسرا داعش۔ طالبان کہتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف ان کی سرزمین استعمال نہیں ہوگی، ہمیں بھروسہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلے سے ہی 30 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں، خدشہ ہے پاکستان میں پناہ گزینوں کا سیلاب امڈ آئے گا، پاکستان مزید پناہ گزینوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر میکرون سے مل کر دو طرفہ تعلقات پر بات کرنا چاہتا ہوں، دو بار ان سے فون پر بات چیت ہوچکی ہے۔ پاکستان کی نصف برآمدات یورپ کو جاتی ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تعلقات خراب کیے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بے چینی پائی جاتی ہے۔ بھارت کی حکومت کا نظریہ ہی نفرت کا ہے۔ ایسی حکومت کا سامنا ہے جو ہندو توا نظریے سے متاثر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت سے پڑوسیوں جیسے تعلقات چاہتے ہیں مگر واحد وجہ مسئلہ کشمیر ہے، ہم نے بھارتی جہاز کو مار گرایا اور ان کے پائلٹ کو بھی واپس بھیجا جس کا مقصد یہ تھا کہ جارحیت نہیں چاہتے تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات 5 اگست کا اقدام واپس لینے سے مشروط ہے، بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے لے ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ بھارت کو کشمیر کی حیثیت بحال کرنا ہوگی، جو اس نے کیا وہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سنکیانگ بھی چین کا حصہ ہے یہ کوئی متنازع علاقہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، امریکا کے ساتھ کچھ معاملات پر ہمیشہ ردعمل دیتا رہا ہوں، ہمیشہ امریکا سے کہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے۔ امریکا کے افغانستان میں مقاصد واضح نہیں تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیئے تھا، پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات ہیں، امریکا پہلے القاعدہ سے نمٹنے کے لیے افغانستان آیا تھا، افغان بحران بے قابو ہوا تو یہ پوری دنیا کو پھر لپیٹ میں لے لے گا۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا پر الزام نہیں لگاتا، ہمارے عوام کے مفادات کا تحفظ ملکی قیادت کی ذمہ داری تھی۔ میں سمجھتا ہوں 1991 کے بعد امریکا نے پاکستان کو استعمال کیا، پاکستان میں پہلی بار کلاشنکوف کا کلچر آیا۔ جارج بش نے بھی کہا تھا پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے مگر انہوں نے پھر وہی کیا۔

  • ہجوم کے ہاتھوں تشدد کو سختی سے کچلیں گے: وزیر اعظم

    ہجوم کے ہاتھوں تشدد کو سختی سے کچلیں گے: وزیر اعظم

    لاہور: صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص پر بہیمانہ تشدد اور قتل کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً گوارا نہیں کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہجوم کے ہاتھوں تشدد کو نہایت سختی سے کچلیں گے۔

    وزیر اعظم نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سے واقعے کے ذمہ داروں اور فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

    خانیوال میں کیا ہوا ہے؟

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں مشتعل ہجوم نے ایک شخص کو مبینہ توہین مذہب کے بعد بہیمانہ تشدد کر کے ہلاک کر دیا ہے، اطلاعات کے مطابق واقعہ خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں پیش آیا ہے۔

    واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے وائرل ہیں، ویڈیوز میں ہجوم کے ایک شخص کو اینٹوں اور پتھروں کا نشانہ بنانے اور لاش کو درخت سے لٹکانے کے مناظر ہیں۔

    خانیوال کی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے دفتر نے واقعے کی تصدیق کی ہے، واقعے میں مقامی تھانے کے ایس ایچ او سید اقبال شاہ کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت پولیس حالات کوسنبھالنے وہاں پہنچی تو مشتعل ہجوم نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا۔

    وقوعہ پر موجود افراد کا کہنا ہے کہ ہجوم کی بربریت کا نشانہ بننے والا شخص مقامی معلوم نہیں ہوتا، اسے اس سے پہلے علاقے میں نہیں دیکھا گیا البتہ وقوعے والے روز صبح سے کئی افراد نے اسے بھیک مانگتے دیکھا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں موجود ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • لوگوں کی بیماری میں ریاست نے کبھی ان کی ذمہ داری نہیں لی: وزیر اعظم

    لوگوں کی بیماری میں ریاست نے کبھی ان کی ذمہ داری نہیں لی: وزیر اعظم

    فیصل آباد: وزیر اعظم عمران خان نے فیصل آباد میں نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجرا کردیا، انہوں نے کہا کہ بیماری میں لوگوں کی مدد رشتے دار اور پڑوسی کرتے ہیں، ریاست نے کبھی ذمہ داری نہیں لی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان بھی شریک ہوئے۔ وزیر اعظم نے فیصل آباد میں نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجرا کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی صوبے کے لیے آسان نہیں کہ 400 ارب روپے ایک پراجیکٹ پر لگائے، کتنے حکمران آئے کبھی کسی نے سوچا کہ بڑی بیماری پر لوگ کیا کریں گے، ریاست مدینہ کی طرف یہ بہت بڑا قدم ہے۔ بیماری میں لوگوں کی مدد رشتے دار اور پڑوسی کرتے ہیں، ریاست نے کبھی ذمہ داری نہیں لی۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں مسلمانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہندوستان کے مسلمانوں کو معلوم تھا کہ سب اس ریاست میں نہیں آسکتے، آج بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دو جماعتیں 30 سال ملک پر حکومت کرتی رہیں، ملک بنانے کا مقصد یہ نہیں تھا کہ زرداری اور نواز شریف امیر ہوجائیں۔ جن لوگوں نے عوام کی صحت کی ذمہ داری اٹھانی تھی وہ 30 سال باہر علاج کرواتے رہے۔ ان دو جماعتوں نے کبھی عام آدمی کے لیے نہیں سوچا۔

    انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں کامیاب اور خوشحال معاشرے میں دو چیزیں ہوتی ہیں، کامیاب معاشرے میں قانون کی بالا دستی بہت ضروری ہے۔ سب سے پہلے قانون کی بالا دستی دوسرا فلاحی ریاست، اس پر ریاست مدینہ کھڑی تھی۔

    وزیر اعظم نےمزید کہا کہ چین کا بہت اہم دورہ ہوا ہے، اب نئی انڈسٹریز بھی لگیں گی، نیشنل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو مدعو کیا ہے۔

  • وزیر اعظم کا ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

    وزیر اعظم کا ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

    نوشکی: وزیر اعظم عمران خان نے نوشکی میں تعینات فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ناکام بنانے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے ایف سی اور رینجرز جوانوں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نوشکی میں تعینات فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ناکام بنانے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان کی فوج کے جوانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری فوج نے مشکل حالات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، فوج نے لوگوں کو دہشت گردی سے محفوظ کیا۔ قوم کو اعتماد ہے کہ کسی قسم کی دہشت گردی پاکستان میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔

    وزیر اعظم نے ایف سی اور رینجرز جوانوں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا دور ہے اس کا پورا علم ہے، بدقسمتی سے پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب ہے۔ امریکا، برطانیہ میں بھی مہنگائی کی 40 سالہ ریکارڈ لہر آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی آمدن میں اضافہ کریں، جیسے جیسے آمدن بڑھے گی ہم تنخواہ دار طبقے کی آمدن بھی بڑھاتے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان پر خاص توجہ دے رہے ہیں کیوںکہ یہ پیچھے رہ گیا، دہشت گرد حملے کی جب خبر ملی تو میں اس وقت چین میں تھا۔ اسی وقت فیصلہ کیا کہ واپس آکر نوشکی جاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پیچھے سے بھی فنڈنگ ہوتی ہے جو چاہتے ہیں پاکستان کے ٹکڑے ہوں، سی پیک کے اگلے مرحلے میں سب سے زیادہ بلوچستان کو فائدہ ہوگا۔

  • وزیر اعظم اور آرمی چیف آج کا دن بلوچستان میں گزاریں گے

    وزیر اعظم اور آرمی چیف آج کا دن بلوچستان میں گزاریں گے

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف آج کا دن بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج کابینہ کا اجلاس منسوخ کر دیا گیا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف آج کا دن بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ گزاریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جوان جن کے عزم پہاڑوں سے بلند اور جذبوں میں سمندروں سے زیادہ وسعت ہے، وہ ہمارا فخر بھی ہیں اور ہمارا مان بھی، پاکستان کے یہ بیٹے مادر وطن کے لیے سربکف ہیں۔

    یاد رہے کہ 2 فروری کی رات دہشت گردوں نے نوشکی اور پنجگورمیں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کیے تھے۔

    پاک فوج نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے تھے جبکہ ایک افسر سمیت 7 اہلکار شہید ہوئے تھے، دہشت گرد افغانستان اور بھارت میں ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے

    بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشنز کیے جس کے دوران 20 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

  • چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے: وزیر اعظم

    چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے: وزیر اعظم

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے، امید ہے نیا سال چین اور دنیا بھر کے لیے امن اور خوشحالی لائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال عالمی سطح پر اسپورٹس میں حصہ لیا، جب سے وزیر اعظم بنا ہوں اسپورٹس دیکھنے کا موقع نہیں ملا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے۔

    انہوں نے نئے قمری سال کے آغاز پر چینی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کو ٹائیگر سے منسوب کیا گیا ہے جو میرا پسندیدہ جانور ہے، امید ہے نیا سال چین اور دنیا بھر کے لیے امن اور خوشحالی لائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان چین کے دورے پر ہیں، گزشتہ روز انہوں نے بیجنگ میں 24 ویں ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔

  • وزیر اعظم آج چینی صدر کے ظہرانے میں شرکت کریں گے

    وزیر اعظم آج چینی صدر کے ظہرانے میں شرکت کریں گے

    بیجنگ: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج چینی صدر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے جبکہ چینی صدر اور وزیر اعظم سے ان کی ملاقات کل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین چائنا انرجی انجینیئرنگ کارپوریشن کی میٹنگ ہوگی، میٹنگ میں کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے پر عملدر آمد سے متعلق گفتگو ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے بعد وزیر اعظم گریٹ ہال روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی صدر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج شام کو وزیر اعظم ازبکستان کے صدر سے ملاقات کریں گے، چینی وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جس کے بعد اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں دوبارہ سرمایہ کاروں سے میٹنگز ہوں گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مائننگ اور ہاؤسنگ کمپنیوں کی مینجمنٹ پاکستان میں سرمایہ کاری پر گفتگو کرے گی۔ وزیر اعظم کی تھنک ٹینکس سے ملاقات بہت مفید رہی، چینی صدر اور وزیر اعظم سے ان کی ملاقات کل ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چین کے بعد جس ٹیم کو ویلکم کیا گیا وہ پاکستان کی ٹیم ہے، چینی تماشائیوں نے کل پاکستانی ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔

  • وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے: وزیر اعظم

    وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان پورےعزم و اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی کی جبر و تشدد پر مبنی فسطائی پالیسیاں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اہل کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جن میں نسل کشی سمیت انسانیت کے خلاف جرائم اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت جنگی جرائم شامل ہیں اور جو جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں، کا نوٹس لے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ایک غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اقوام عالم پر لازم ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار اور ہندوستانی ریاست کے ظالمانہ عسکری قبضے سے آزادی و نجات کی ان کی ناقابل اعتراض و انکار خواہش کو نظر انداز نہ کریں۔

  • وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم چین کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔

    خیال رہے کہ بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنے گا، چین نے کرونا وائرس کے باوجود سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے محتاط انتظامات کیے ہیں۔

    ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں سی پیک، تجارتی اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

    ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    وزیر اعظم کا دورہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی تقریبات کا اختتام ہوگا، دورہ چین میں متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم بیجنگ میں ممتاز کاروباری رہنماؤں اور چینی تھنک ٹینکس سے خطاب کریں گے جبکہ بیجنگ میں تعلیمی اداروں اور میڈیا نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔