Tag: وزیر اعظم

  • وزیر اعظم کا اسلامو فوبیا کے خلاف کینیڈین ہم منصب کے اقدام کا خیر مقدم

    وزیر اعظم کا اسلامو فوبیا کے خلاف کینیڈین ہم منصب کے اقدام کا خیر مقدم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے، کینیڈین ہم منصب کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جسٹن ٹروڈو کے اسلامو فوبیا کی مذمت پر مبنی بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جسٹن ٹروڈو کا اسلامو فوبیا کے خلاف خصوصی نمائندہ مقرر کرنا خوش آئند ہے، جسٹن ٹروڈو کا اقدام میرے مطالبے کی حمایت ہے جو میں مسلسل دہراتا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا کے وزیر اعظم کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    اپنے ٹویٹ میں ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا ناقابل قبول ہے، ہمیں اس نفرت کو روکنا ہوگا اور کینیڈین مسلمانوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا ہوگا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی بہترین پالیسوں سے ملکی معیشت میں بہتری

    وزیر اعظم عمران خان کی بہترین پالیسوں سے ملکی معیشت میں بہتری

    اسلام آباد: پارلیمانی سیکریٹری برائے صنعت و تجارت عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی بہترین پالیسوں سے ملکی معیشت میں بہتری آئی، وزیر اعظم نے پہلے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری برائے صنعت و تجارت عالیہ حمزہ نے رواں مالی سال کے 6 ماہ کے معاشی اعشاریوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

    عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے باوجود ڈیٹ ٹو جی ڈی پی کم ہو رہا ہے، گزشتہ سال کی نسبت رواں سال ایکسپورٹ گڈز میں 29 فیصد اضافہ ہوا اور پہلے 6 ماہ میں ایکسپورٹ گڈز 15.24 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایکسپورٹ گڈز 11.82 ارب ڈالر رہی تھیں۔ ملبوسات برآمدات میں پاکستان نے بھارت اور بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا۔ امریکا کو ملبوسات برآمدات میں پاکستان 69 فیصد پر رہا جبکہ بھارت 33 فیصد اور بنگلہ دیش 28 فیصد پر رہا۔

    پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کو ملبوسات برآمدات میں پاکستان 27 فیصد پر رہا۔

    انہوں نے کہا کہ رواں سال پہلے 6 مہینوں میں ترسیلات زر میں 11 فیصداضافہ ہوا۔ رواں سال ترسیلات زر 15.8 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال یہ 14.2 ارب ڈالر تھیں۔

    عالیہ حمزہ نے بتایا کہ رواں سال ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں 26 فیصد اضافہ ہوا اور 9.38 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئیں۔ رواں سال کے 6 ماہ میں آئی ٹی ایکسپورٹ 1.3 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ برس یہ 959 ملین ڈالر کی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 71 فیصد اضافہ ہوا، بہترین پالیسی کی وجہ سے ٹریکٹرز کی سیلز میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔

    پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ رواں سال ایف بی آر ریونیو میں 32 فیصد، زر مبادلہ کے ذخائر میں 32 فیصد، ڈومیسٹک سیمنٹ کی سیلز میں 2.8 فیصد، فرٹیلائزر یوریا کی سیلز میں 5 فیصد اور پیٹرولیم سیلز میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کاٹن کی کاشت میں 37 فیصد، بجلی کی کھپت کے باعث رواں سال بجلی کی پیداوار میں 9.3 فیصد، پرائیوٹ سیکٹر کی کریڈٹ ادائیگی میں 344 فیصد، زرعی سیکٹر کی کریڈٹ ادائیگی میں 4 فیصد اور فارن ڈائریکٹ انویسمنٹ میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔

    عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی بہترین پالیسوں سے ملکی معیشت میں بہتری آئی، وزیر اعظم عمران خان نے پہلے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ ان کی بہترین پلاننگ سے کووڈ بحران سے بخوبی نمٹا گیا۔

  • وزیر اعظم کا احساس پروگرام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا احساس پروگرام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں اجلاس طلب کرلیا گیا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں وزیر اعظم کی معاون خصوی برائے انسداد غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر احساس کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دیں گی۔

    اجلاس میں احساس راشن اور اسکالر شپ پروگرام سمیت دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، اسد عمر، خسرو بختیار، معاون خصوصی شہباز گل اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس کچھ دیر بعد وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    اجلاس میں غریبوں کو ریلیف کی فراہمی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی حکمت عملی طے ہوگی جبکہ متوسط طبقے کی مدد کے پروگرامز اور عام شہریوں کے ریلیف کی منصوبہ بندی ہوگی۔

  • وزیر اعظم کی پریانتھاکمارا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں 1 لاکھ ڈالرز منتقل کرنے پر سیالکوٹ کی تاجر برادری کی تعریف

    وزیر اعظم کی پریانتھاکمارا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں 1 لاکھ ڈالرز منتقل کرنے پر سیالکوٹ کی تاجر برادری کی تعریف

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں رقم عطیہ کرنے پر سیالکوٹ کی تاجر برادری اور راجکو انڈسٹریز کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا سیالکوٹ کی تاجربرادری اور راجکوانڈسٹریز کی تعریف کرنا چاہتاہوں، سیالکوٹ کے تاجروں نے پریانتھاکماراکی بیوہ کےاکاؤنٹ میں1لاکھ ڈالرمنتقل کئے، اسی طرح راجکوانڈسٹریز نے ماہانہ2000 ڈالر تنخواہ منتقل کی ہے، ماہانہ تنخواہ کی مد میں 2 ہزار ڈالرز بھجوانے کا سلسلہ 10 برس تک جاری رہے گا۔

    گذشتہ روز سری لنکن شہری پریانتھاکماراکی فیملی کے لئے وزیراعظم کے اعلان پر عملدرآمد کا آغاز کیا گیا تھا۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایک لاکھ ڈالر کے فنڈ اور 1667 ڈالر کی پہلی تنخواہ پریانتھا کی بیوہ کو منتقل کردی گئی، فنڈ اور تنخواہ راجکو انڈسٹریز نے بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی ، 10سال تک تنخواہ بیوہ کےاکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی رہےگی، فنڈ اور 10سال تک تنخواہ کا وعدہ کمپنی نے کیا اور اعلان وزیراعظم نے کیا تھا۔

  • وزیر اعظم کی عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کی ہدایت

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان کے ایک روزہ دورہ پشاور کے دوران انہیں عوامی فلاح و ترقیاتی منصوبوں بالخصوص ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان اور جنگلات کے تحفظ کے منصوبے کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کا ایک روزہ دورہ کیا، وزیر اعظم سے گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں صوبے میں سیاسی صورتحال، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

    ملاقات میں عوامی فلاح و ترقیاتی منصوبوں بالخصوص ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان، جنگلات کے تحفظ کے منصوبے اور صحت کارڈ کی عوامی پذیرائی پر بھی گفتگو ہوئی۔

    وزیر اعظم کو مہنگائی کی روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن پر پیش رفت سے متعلق آگاہی دی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

  • حکومت کے 3 سال معاشی کامیابی کی کہانی ہیں: وزیر اعظم

    حکومت کے 3 سال معاشی کامیابی کی کہانی ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے 3 سال معاشی کامیابی کی کہانی ہیں، حکومتی پالیسیوں کی عالمی سطح پر مبصرین نے بھی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میکرو اکنامک ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں حکومتی اقدامات اور 3 سال میں معاشی سطح پر حکومتی کامیابیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسیوں نے معیشت کو مستحکم رفتار سے بڑھایا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی عالمی سطح پر مبصرین نے بھی تعریف کی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کے 3 سال معاشی کامیابی کی کہانی ہیں، ہمیں بہت بڑا گردشی قرضہ اور برآمد مخالف پالیسیاں ورثے میں ملی تھیں، غیر مستحکم مالی حالات اور کم مسابقتی کاروباری ماحول سے بھی نمٹنا تھا۔

  • وزیر اعظم کی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی، وزیر اعظم کو صوبے میں جاری مختلف منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی و حکومتی امور سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اور ضمنی انتخاب کے بارے میں مشاورت کی گئی، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں مضبوط امیدوار سامنے لانے کی حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    گورنر پنجاب نے جامعات میں اصلاحات کے بار میں بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1500 منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سول انتظامیہ اور امن و امان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں سے پوچھیں فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے: وزیر اعظم

    بیرون ملک پاکستانیوں سے پوچھیں فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عظیم راستے پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہیں، مغربی ممالک میں فلاحی ریاست نظر آتی ہے، بیرون ملک پاکستانیوں سے پوچھیں فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی تقسیم کی تقریب ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس ملے گی، 10 لاکھ روپے تک کسی بھی اسپتال میں جا کر علاج کروا سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افسوس ہے فلاحی ریاست کا ماحول مسلمان دنیا میں نظر نہیں آتا، مغربی ممالک میں فلاحی ریاست نظر آتی ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں سے پوچھیں فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ خاندانوں کے لیے 400 ارب روپے خرچ ہوں گے، صحت کارڈ ملک کو کہاں لے کر جائے گا یہ آپ کو وقت بتائے گا، کبھی پاکستان کی تاریخ میں کسی صوبے نے اسپتال بنانے کے لیے اتنے پیسے خرچ نہیں کیے، اب ہمارا پرائیوٹ سیکٹر اسپتال بنانے کے لیے پیسہ خرچ کرے گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار بینکوں سے کم آمدن والوں کے لیے قرض کا بندوبست کیا، قانون کی تبدیلی کے لیے ہمیں بینکوں کی مدد کرنی پڑی۔ اب تک 34 ارب کم آمدن کے گھر بنانے کے لیے قرض دیا جا چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احساس راشن سے 54 فیصد گھرانوں کو 30 فیصد کم پر راشن دے رہے ہیں، کامیاب پاکستان پروگرام میں 5 لاکھ تک سود کے بغیر قرضے دے رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی تعمیر و ترقی نچلی سطح سے شروع ہوتی ہے، مارچ 2022 تک پورے پنجاب کے گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا۔ پاکستان کو عظیم راستے پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

  • اقتصادی تحفظ کے ساتھ قومی سلامتی پالیسی پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے گا: معید یوسف

    اقتصادی تحفظ کے ساتھ قومی سلامتی پالیسی پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے گا: معید یوسف

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی، مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ اقتصادی تحفظ کے ساتھ پالیسی پر اب سنجیدگی سے عمل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، یہ منظوری تاریخی کامیابی ہے۔

    معید یوسف کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے پالیسی کی توثیق کی تھی، وزیر اعظم جلد پالیسی کا اجرا کریں گے، اقتصادی تحفظ کے ساتھ پالیسی پر اب سنجیدگی سے عمل کیا جائے گا۔ پالیسی مختلف شعبوں کی پالیسیاں بنانے میں معاون ہوگی۔

    معید یوسف کا کہنا تھا کہ پالیسی کی حمایت پر سول اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، وزیر اعظم کی حوصلہ افزائی کے بغیر پالیسی کا منظور ہونا مشکل تھا، پالیسی کی کامیابی کا انحصار اس کے نفاذ پر ہے جس کی حکمت عملی تیار کرلی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے اپنے زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دی تھی۔

    کمیٹی کو پالیسی کے خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کے مطابق قومی سلامتی پالیسی ایک جامع قومی سیکورٹی فریم ورک کے تحت ملک کے کمزور طبقے کا تحفظ، سیکیورٹی اور وقار یقینی بنائے گی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کے تحفظ کی خاطر پالیسی کا محور معاشی سیکیورٹی ہوگا، معاشی تحفظ ہی شہریوں کے تحفظ کا ضامن بنے گا۔

    پالیسی سازی کے دوران تمام وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں، ماہرین اور پرائیوٹ سیکٹر سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس: قومی سلامتی پالیسی منظور

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس: قومی سلامتی پالیسی منظور

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی، پالیسی کے تحت شہریوں کے تحفظ اور معاشی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 18 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی۔ نیشنل سیکیورٹی پالیسی قومی سلامتی ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی، پالیسی سنہ 2022 تا 2026 کے لیے ہے۔

    قومی سلامتی پالیسی کے تحت شہریوں کے تحفظ اور معاشی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ قومی سلامتی پالیسی کی گزشتہ روز نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں منظوری دی گئی تھی، پالیسی پر عملدر آمد کے لیے پالیسی فریم ورک بھی تیار کیا گیا ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیاسی، معاشی اور کرونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری بھی شامل تھی۔

    علاوہ ازیں ایس ای سی پی کے چیئرمین، ارکان کے استعفے، نئے ارکان کی تعیناتی، مانیٹری اینڈ فسکل پالیسیز کو آرڈینیشن بورڈ میں نامور اکنامسٹ کی نامزدگی اور انٹر بورڈ کو آرڈینیشن کمیشن ایکٹ کی اصولی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ تھی۔

    اجلاس میں ساجد مجید چوہدری کے کیس میں انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری، پیمرا کے فل ایگزیکٹو ممبر کی تعیناتی کی منظوری، انسداد دہشت گردی ایکٹ مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم کی منظوری اور سی ڈی اے کے پراجیکٹ کے پلان کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔

    کابینہ اجلاس میں پاکستان سے 2 ملزمان کی اٹلی حوالگی، 1 ملزم محمد عثمان کی متحدہ عرب امارات حوالگی اور بینکنگ کورٹ 1 ملتان کی ڈیرہ اسماعیل خان منتقلی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

    میری ٹائم افیئرز کے گوادر میں پلانٹ کے عملدر آمد کی منظوری، نیشنل میڈیکل اتھارٹی کے ایگزیکٹو ممبر کی تعیناتی کی منظوری، ادویات کی تیاری میں تبدیلی کی سفارشات کی منظوری، کیوبا کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کی منظوری اور پاکستان پلاننگ اینڈ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ بل بھی منظوری کے لیے کابینہ کو پیش کیا گیا۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں کابینہ کمیٹی ادارہ جاتی اصلاحات کے یکم دسمبر کے فیصلوں کی توثیق اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 16 اور 17 دسمبر کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی شامل تھی۔