Tag: وزیر اعظم

  • وزیر اعظم کا عید پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کا حکم

    وزیر اعظم کا عید پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کا حکم

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں زیر تعمیر لاہور برج کا پر 24 گھنٹے کام کر کے 2 ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے عید کی چھٹیوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں زیر تعمیر لاہور برج کا دورہ کیا، اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکریٹری سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موقع پر موجود رہے۔

    وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ایل ڈی اے کا منصوبہ ہے، اوور ہیڈ برج کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 11.1 میٹر ہے۔

    وزیر اعظم نے منصوبے پر 24 گھنٹے کام کر کے 2 ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے عید کی چھٹیوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم نے سی بی ڈی منصوبے پر تھرڈ پارٹی تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی جلد تکمیل سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی۔

  • ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا: وزیر اعظم

    ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو مشکل حالات سے بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا، اتحادی حکومت کو ایک سال ہوگیا ہے، مشکلات اور چیلنجز ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر منعقد ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین آج بھی زندہ سلامت ہے، دستور کا تحفہ دینے والے قائدین، جماعتوں اور ارکان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئین یاد دلاتا ہے کہ 1955 میں نظریہ ضرورت کو ایجاد کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو مشکل حالات سے بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا، اتحادی حکومت کو ایک سال ہوگیا ہے، مشکلات اور چیلنجز ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایک چیف جسٹس نے بغیر پوچھے ایک ڈکٹیٹر کو 3 سال کی رعایت دی، تمام جماعتوں نے اپنے منشور کے مطابق الیکشن میں جانا ہے، جب طے کرلیں کہ مل کر چلنا ہے تو بڑے بڑے معاملات حل ہو جاتے ہیں۔

  • ایم کیو ایم نے مردم شماری سے متعلق اپنے تحفظات وزیر اعظم کے سامنے رکھ دئیے

    ایم کیو ایم نے مردم شماری سے متعلق اپنے تحفظات وزیر اعظم کے سامنے رکھ دئیے

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفد وزیراعظم سے ملاقات کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اورجاری مردم شماری پربات چیت کی گئی۔

    ایم کیو ایم کے وفد میں فاروق ستار، امین الحق اور دیگر رہنما شامل ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں ایم کیو ایم وفد نے مردم شماری سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، ایم کیو ایم نے وزیر اعظم سے مردم شماری میں خامیوں کی درستگی کی یقین دہانی پر عملدرآمد نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے مردم شماری کے عمل میں خامیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کو بتایا کہ مردم شماری میں پھر کراچی سے نا انصافی ہونے جارہی ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کئی جگہوں پر عملہ نہیں تو کہیں بلڈنگ کے مکینوں کو ایک شمار کیا جارہا ہے، مردم شماری صحیح نہ ہوئی تو کراچی کو حق، وسائل کیسے ملیں گے۔

  • بجلی، گیس مہنگی اور شرح سود میں اضافہ، انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا: وزیر اعظم کو خط

    بجلی، گیس مہنگی اور شرح سود میں اضافہ، انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا: وزیر اعظم کو خط

    اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مہنگی بجلی، گیساور 20 فیصد شرح سود کے ساتھ انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے  پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط تحریر کیا ہے۔

    خط میں گوہر اعجاز نے لکھا ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس انتہائی مہنگی ہوچکی ہے اور شرح سود 20 فیصد ہونے سے انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا ہے، ایل سیز نہ کھلنے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خام مال بھی دستیاب نہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شدید معاشی مشکلات کے باعث 50 فیصد ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہوچکی ہے۔

    گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اس سال ٹیکسٹائل برآمدات 3 ارب ڈالر کم ہونے کا خدشہ ہے، پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے سے دیگر ممالک کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

    خط میں گوہر اعجاز نے لکھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف صورتحال کا نوٹس لیں اور انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچائیں۔

  • قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہم ہے: وزیر اعظم

    قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہم ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، حکومت ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے کام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کی خواتین پارلیمنٹیرینز کے وفد کی ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں خواتین پارلیمنٹیرینز کے فعال کردار کو سراہا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا 51 فیصد ہیں، قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، حکومت ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے کام کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئین تمام اداروں کے درمیان توازن کا ضامن ہے، پارلیمنٹ کو انتظامی امور میں بہتری کے لیے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔

  • وزیر اعظم کی قبائلی اضلاع کے ترقیاتی فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی قبائلی اضلاع کے ترقیاتی فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے انضمام شدہ فاٹا اضلاع کے لیے فوری طور پر ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر کے معاشی طور پر کمزور علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے انضمام شدہ فاٹا اضلاع کے ارکان، قومی اسمبلی کے پانچ رکنی وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں محسن داوڑ اور علی وزیر بھی شامل تھے۔

    وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف کو متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا، وزیر اعظم نے انضمام شدہ فاٹا اضلاع کے لیے فوری طور پر ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متعلقہ اسکیموں کے لیے فنڈز کی منظوری ای سی سی و دیگر فورمز سے جلد کروائی جائے، حکومت انضمام شدہ فاٹا اضلاع کی ترجیحی بنیادوں پر ترقی کے لیے پر عزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک بھر کے معاشی طور پر کمزور علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال اور 2 صوبوں میں عام انتخابات سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا، وفاقی کابینہ کا اجلاس شام 5 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں 2 صوبوں میں عام انتخابات سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب اپوزیشن میں تھے تب بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ماضی کی سیاسی انتقامی کارروائیوں پر کسی نے نوٹس نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ لاڈلے کی حکومت نے جو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا اس کی خلاف ورزی کی، عمران خان نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کو ڈیفالٹ کی نہج پر پہنچایا۔

  • وزیر اعظم توہین عدالت کے شکنجے میں آسکتے ہیں، شیخ رشید

    وزیر اعظم توہین عدالت کے شکنجے میں آسکتے ہیں، شیخ رشید

    راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم توہین عدالت کے شکنجے میں آسکتے ہیں۔

    پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ90 دن میں نگران حکومت خود بخود ختم ہو جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف اداروں سے سروے کرائے ہیں، عمران خان کی سیاسی مقبولیت الیکشن کے التوا کا باعث بن گئے ہیں، جو 30 اپریل کو الیکشن نہیں کرا رہے وہ 8 اکتوبر کو بھی انہیں کرائینگے۔

     سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ گرینڈ مذاکرات کا جھانسہ دیا جا رہا ہے،کارکنوں کوگھروں سے اٹھایا جارہا ہے، مینارپاکستان جانے والے راستے بند کیے جا رہے ہیں، میں بھی آج مینار پاکستان جلسے میں شرکت کروں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ کل تک ن لیگ کے وزرا کہتے تھے صوبائی اسمبلیاں توڑیں الیکشن کرادیں گے، اب کہتے ہیں اکتوبر کی بھی ضمانت نہیں کیونکہ شکست ان کا مقدر ہے۔

    سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ مہنگائی نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، تقریباً 50 فیصد پر پہنچ گئی ہے، 13 پارٹیوں کا سیاسی جنازہ دھوم دھام سے نکلےگا، دنیا کو پاکستان کی فکر ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم 10 کلو آٹے کے فوٹو کمپنی کی مشہوری کے لیے لگے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کی کوئی یقین دہانی نہیں، ملک معاشی تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے اس دوران سارا بوجھ عدلیہ کے کندھوں پر پڑگیا ہے۔

  • وزیر اعظم آج تھرپارکر کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    وزیر اعظم آج تھرپارکر کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج تھرپارکر کے مختصر دورے پر اسلام کوٹ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ سی پیک منصوبے کے تحت بجلی پیدا کرنے والے پاور پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف تھرپارکر میں تاریخی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، جس میں 1320 میگاواٹ شنگھائی الیکٹرک تھر اور 330 میگاواٹ تھل نواتھرکا پروجیکٹ شامل ہے۔

    وزیراعظم ہاؤس کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعظم آج صبح ساڑھے 10 بجے اسلام کوٹ ایئرپورٹ پہنچیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق تھرکےکوئلے سے چلنے والے منصوبوں سے سالانہ 11.24 ارب کم لاگت بجلی کے یونٹ پیدا ہونگے، منصوبوں سے تھر کے کوئلے سے بجلی کی موجودہ پیداوار بڑھ کر 3300 میگاواٹ ہو جائے گی۔

    گزشتہ چار سال میں ان منصوبوں کو تعطل کا شکار رکھا گیا، وزیر اعظم کی ہدایت پر ان منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح بنایا گیا، افتتاحی موقع پر وزیر اعظم خطاب بھی کریں گے۔

  • وزیر اعظم کا علیم ڈار کو شاندار خدمات پر خراج تحسین

    وزیر اعظم کا علیم ڈار کو شاندار خدمات پر خراج تحسین

    وزیر اعظم شہبازشریف نے ایلیٹ پینل سے دستبردار ہونے والے علیم ڈار کو شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    پاکستانی امپائر علیم ڈارانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل سے دستبردار ہوگئے ان کی جگہ پاکستان امپائر احسن رضا کو پینل میں شامل کیا گیا ہے۔

    علیم ڈار نے 435 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جو کہ ورلڈ ریکارڈ ہے۔ انہوں نے ریکارڈ 144 ٹیسٹ اور 222 ون ڈے جبکہ 69 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز سپروائز کیے ہیں۔

    علیم ڈار آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی امپائر تھے۔ وہ 2004 میں ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہوئے تھے، انہوں نے 2009 سے 2011 تک مسلسل تین بار بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

    تاہم اب وزیر اعظم شہباز شریف نے علیم ڈار کو شاندار  خدمات پر خراج  تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علیم ڈار نے عالمی کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں عمدہ امپائرنگ کی۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو علیم ڈار کی عمدہ کارکردگی پر فخر ہے۔