Tag: وزیر اعظم

  • موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے: وزیر اعظم

    موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کےموقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو عالمی دن کے موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، اس دن کا مقصد معاشرے میں خواتین کے کلیدی کردار کو پہچاننے کا اعتراف کرنا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، خواتین کا ہر روپ انسان کو معاشرے کا کارآمد رکن بنانے میں مصروف نظر آتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے 14 سو سال قبل خواتین کے حقوق کے بارے میں تنبیہ کی، موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروف ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے، خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے، وراثت، تعلیم اور لیپ ٹاپس کی فراہمی میں خواتین کے لیے اقدامات کیے۔

  • وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترکیہ کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔

    حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے 47 کروڑ روپے ترک زلزلہ متاثرین کے لیے دیے گئے ہیں جبکہ 1 کروڑ روپے تنویر الیاس نے اپنی طرف سے عطیہ کیے۔

    تر ک سفیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ترک سفارت خانے میں شہدائے زلزلہ کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، مشکل کی گھڑی میں کشمیری عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے میں ترکیہ نے فراخدلی سے کشمیری عوام کی مدد کی تھی، حالات بہت مشکل ہیں لیکن ترک قوم کا عزم مضبوط ہے۔

  • سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا

    سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی کے خلاف کیس میں عدالت نے بڑا فیصلہ کر لیا، سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ججز تعیناتی کیس میں عدالت نے مقدمے کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کر دیا، وفاقی حکومت نے جواب دینے کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔

    ججز تعیناتی کے خلاف وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ انھیں ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

    وزیر اعلیٰ جی بی کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے وقت مانگنے کی مخالفت کی گئی، انھوں نے کہا کہ ایک سال سے مقدمہ زیر التوا ہے، یہ کیس عدالت میں ہے لیکن پھر بھی ججز تعیناتیاں کی جا رہی ہیں۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس ججز تعیناتی میں ضروری ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس نکتے پر وہ تفصیلی دلائل دیں گے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا کہ ایک دو ہفتے تعیناتیاں نہ بھی ہوں تو کچھ نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جی بی سپریم اپیلیٹ کورٹ میں تعینات ججز کو بذریعہ رجسٹرار نوٹس جاری کر دیا ہے، جسٹس اعجاز الحسن نے اس پر کہا کہ ججز چارج سنبھال چکے ہیں، انھیں نوٹس دینے کی قانونی حیثیت آئندہ سماعت پر طے کریں گے۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیے کہ ججز کو نوٹس کرنا مناسب نہیں ہوگا، جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ جی بی میں ججز تعینات کون کرتا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ججز تعیناتی وزیر اعظم پاکستان کرتے ہیں۔

    عدالت نے مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی، اس کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کر رہا ہے۔

  • وزیر اعظم نے اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا، ان کا کہنا تھا کہ موبائل اسکولز کے ذریعے دیہات میں بھی بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا، وزیر اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بچوں کو تعلیم سے لیس کریں گے تو انشا اللہ یہ ملک کے معمار بنیں گے، یہ منصوبہ دیہات تک بھی پھیلائیں گے جو قومی خدمت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، موبائل اسکولز کے ذریعے دیہات میں بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ امید ہے موبائل اسکولز کا پروگرام دیہات میں انقلاب لے کر آئے گا۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کو گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک لے کر جائیں گے۔

  • تعمیراتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    تعمیراتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹے کام یقینی بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے جائزہ کمیٹی قائم کردی۔

    وزیر اعظم نے بارہ کہو بائی پاس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مربوط نظام کے حوالے سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، دیہی علاقوں کی ترقی پر حکومت 10 ارب روپے خرچ کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر 24 گھنٹے کام یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعظم نے اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں پر کام کو تیز کرنے اور پارکنگ کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے جاری منصوبوں کو بین الاقوامی معیار پر تعمیر کیا جائے اور منصوبوں کو شفاف اور ان کا طریقہ کار آن لائن بنایا جائے۔

  • تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں: وزیر اعظم

    تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو ترکیہ میں اکیسویں صدی کے بدترین زلزلے کے بعد مدد کو پہنچا، تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس تباہ کن جانی و مالی نقصان پر افسردہ ہیں، کاش ہم کسی خوشی کے موقع پر آئے ہوتے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو ترکیہ میں اکیسویں صدی کے بدترین زلزلے کے بعد مدد کو پہنچا، 30 ہزار سے زائد ترک سانحے میں جاں بحق ہوئے، زلزلے کے بعد ترک صدر کو فون کر کے تعزیت کی اور مدد کی پیشکش کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے 14 افراد کو ملبے سے زندہ نکالا، اب تک 500 ٹن سے زائد امدادی سامان ترکیہ بھیج چکے ہیں۔ او آئی سی اجلاس بلائے، تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا ترکیہ نے مدد کی، ہم ایک خاندان کی طرح ہیں،ہمارا جینا مرنا مشترکہ ہے۔ یہ ہمارا باہمی تعلق ہے اس کی صدیوں پرانی تاریخ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مذہب، بھائی چارے اور اجتماعیت کی بدولت ہمارے تعلقات کی تاریخ صدیوں پرانی ہے، یہ وہ جذبہ ہے جو ہمیں متحرک کرتا ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں یہ تذکرہ ضرور کروں گا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی مسئلہ درپیش ہوا، چاہے وہ 2005 کا زلزلہ تھا یا 2010 کا سیلاب یا گزشتہ سال پاکستان میں آنے والا سیلاب، طیب اردوان اور ان کی حکومت پاکستانیوں کی مدد کے لیے بساط سے بڑھ کر آگے آئے۔

  • آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی: وزیر اعظم

    آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو شہدا پیکج دینے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹہ طویل آپریشن میں فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔

    وزیر اعظم نے آپریشن میں زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

  • وزیر اعظم بنتے ہی اڈانی کمپنی کے خلاف تحقیقات کیوں بند ہو گئیں، کانگریس رہنما کا مودی سے سوال

    وزیر اعظم بنتے ہی اڈانی کمپنی کے خلاف تحقیقات کیوں بند ہو گئیں، کانگریس رہنما کا مودی سے سوال

    کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے ایشو اٹھایا کہ آخر مودی جی کے پی ایم بننے کے بعد اڈانی سے جڑی کمپنیوں کی تحقیقات کیوں بند کی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ محترم پی ایم مودی جی، ہم سبھی نے معاشی جرائم کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے‘ اور ’بدعنوانیوں کے کاموں کو چھپانے والے پیچیدہ بین الاقوامی ریگولیٹری اور بینکنگ رازداری کے مایہ جال کو توڑنے‘ کی آپ کی اپیل کو سنا ہے۔

    انہوں نے کہا  پھر بھی غیر ملکی ٹیکس ہیون میں شیل کمپنیوں نے آپ کے دوست گوتم اڈانی کے کاروبار آپریشن میں بغیر کسی سنگین نتائج کے مرکزی کردار نبھایا ہے۔

    کانگریس لیڈر نے کہا ان کے بھائی ونود اڈانی پر الزام ہے کہ انھوں نے ماریشس میں کم از کم 38 شیل یونٹس قائم کیں، جن میں سے کئی نے بغیر کسی معلوم آمدنی کے    ذرائع اور کاروباری سرگرمی کے اڈانی گروپ کے ساتھ بڑا کاروبار کیا ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ ونود اڈانی کے ذریعہ مبینہ طور سے کنٹرولڈ شیل کمپنیوں نے بھی اڈانی گروپ کی کمپنیوں میں زبردست رقم کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ریکارڈ بتاتے ہیں کہ یو اے ای واقع ایمرجنگ مارکیٹ انویسٹمنٹ ڈی ایم سی سی نے 22-2021 میں اڈانی پاور کی معاون کمپنی مہاجن انرجین کو 7919 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا۔

    اسی سال اڈانی انفراسٹرکچر کو ماریشس واقع گارڈینیا ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سے 5145 کروڑ روپے ملے،  دونوں اداروں کے ونود اڈانی سے جڑا بتایا جاتا ہے۔ دونوں نے اڈانی گروپ کو بغیر کسی واضح معلوم کاروباری سرگرمیوں کے بڑی مقدار میں رقم قرض دیا۔ کیا یہ سبھی سرگرمیاں آپ کی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ تحقیقات کے لائق نہیں ہے؟

  • کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا ہے؟ قوم جواب چاہتی ہے: وزیر اعظم

    کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا ہے؟ قوم جواب چاہتی ہے: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا پاکستان کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں ہے، کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا یہ ایک سوال ہے جس کا جواب قوم چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سول و عسکری قیادت شریک ہوئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر، وفاقی وزرا، صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں 85 نمازی شہید ہوئے، مسجد میں نمازیوں کو بہیمانہ طریقے سے شہید کیا گیا، شہیدوں کے خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی اس اجلاس کا مقصد ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سول لائنز میں دہشت گرد چیک پوسٹ سے گزرتا ہوا مسجد میں جا پہنچا، قوم سوال کرتی ہے دہشت گردی کے خاتمے کے بعد یہ واقعہ کیسے رونما ہوا، گزشتہ چند ہفتے اور مہینوں میں صوبے میں دوسرے مزید دہشت گرد حملے ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دوسرے ذرائع سے الزام تراشی اور ناجائز تنقید کا سلسلہ جاری رہا، پشاور واقعے کے بعد تنقید کا سلسلہ بھی قابل مذمت ہے۔ دہشت گرد واقعے کی بھرپور تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کہاں کمزوری تھی، یہ کہنا کہ ڈرون حملہ تھا یا کچھ اور، بے جا الزامات لگائے گئے جو نامناسب تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے کیا اقدامات بروئے کار لائیں تاکہ پھر دہشت گردی نہ ہو، تاریخ گواہ ہے کہ قومیں بنتی بھی ہیں اور ٹوٹتی بھی ہیں، اس بڑے صدمے کے باوجود ہم سب مل کر دہشت گردی پر قابو پائیں گے، یہ وقت کی ضرورت ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اس کی اونر شپ لیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، ماضی میں ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی دم توڑ گئی تھی، دنیا اور مخالفین بھی اتفاق کرتے ہیں کہ پاکستان نے جیسے دہشت گردی کا خاتمہ کیا کوئی آسان کام نہ تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ تھا اسے کچلنے کے لیے بغیر وقت ضائع کیے آگے بڑھنا ہوگا، ہر بار طعنہ ملتا تھا کہ وفاق ساتھ نہیں دے رہا وسائل کی کمی ہے، سنہ 2010 سے آج تک خیبر پختونخواہ کو 417 ارب روپے دیا جا چکا ہے، وہ سب کہاں گیا؟ اس کا آدھا بھی خرچ ہوتا تو آج پختونخواہ کے لوگ سکون کی نیند سوتے۔

    انہوں نے کہا کہ آئینی ادارے مل کر قوم کو اکٹھا نہیں کریں گے تو بات نہیں بنے گی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اے پی سی کی دعوت دی ہے، منگل کے روز اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی، یہی وقت کا تقاضہ اور ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا پاکستان کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں ہے، کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا یہ ایک سوال ہے جس کا جواب قوم چاہتی ہے، ابھی دیر نہیں ہوئی دہشت گردوں کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

    انہوں نے پشاور دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے اور زخمی ہونے والوں کے لیے 5 لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔

  • وزیر اعظم کی کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کے نو منتخب وزیر اعظم کرس ہپکنز کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کی مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کا وزیر اعظم بننے پر مبارک ہو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، دونوں دوست ممالک میں تعلقات مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

    خیال رہے کہ نیوز لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہوجانے کے بعد کرس ہپکنز کو نیا وزیر اعظم نامزد کیا گیا تھا۔

    کرس ہپکنز نے آج وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔