Tag: وزیر اعظم

  • وزیر اعظم نے بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک مانگی: شیریں مزاری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک مانگتے ہوئے کہتے ہیں پاکستان نے سبق سیکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرا پنے ٹویٹ میں کہا کہ شہباز شریف کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت نہیں، محض پاکستان کو کمزور کر رہے ہیں۔

    سابق وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک مانگتے ہوئے کہتے ہیں پاکستان نے سبق سیکھا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سربراہ کا مضحکہ خیز بیان حکومت کی تبدیلی کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

  • وزیر اعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران انہوں نے حالیہ سیلاب کے بعد امارات کی فراخدلانہ مدد پر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے 12 اور 13 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، وزیر اعظم کا دورہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر کیا گیا۔

    شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عرب امارات کا یہ تیسرا دورہ ہے، وزیر اعظم نے شیخ محمد بن زید النہیان سے دو طرفہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی سیاسی اور سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے حالیہ سیلاب کے بعد امارات کی فراخدلانہ مدد پر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا، دونوں فریقین نے اسٹریٹجک شراکت داری اور تعاون مضبوط بنانے کے لیے تعاون تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ انفارمیشن، کمیونی کیشن ٹیکنالوجی شعبے اور ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا، دونوں اطراف نے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر خیالات کے یکسانیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید النہیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔

  • سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے: وزیر اعظم جنیوا روانہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان ریزیلینٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہوگئے، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں سیلاب زدگان کے نقصانات، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک سامنے رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے جنیوا کے لیے روانہ ہوگئے، وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی شامل ہیں۔

    وزیر اعظم 9 جنوری کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس کی میزبانی پاکستان اور اقوام متحدہ کر رہے ہیں۔

    کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت مختلف ممالک کے سربراہان، وزرا، اعلیٰ نمائندے، عالمی مالیاتی ادارے، فاؤنڈیشنز، بین الاقوامی ترقیاتی تنظیمیں اور نجی شعبوں، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

    ڈونرز کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو ہے، کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ پاکستان تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا۔

    کانفرنس میں بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔

    کانفرنس میں افتتاحی اجلاس کے بعد تعمیر نو اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں شراکت کی دستاویز کا آغاز ہوگا، پارٹنر سپورٹ کے اعلانات بھی کیے جائیں گے۔

    روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس کے لیے جنیوا روانہ ہو رہا ہوں، سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالوں گا جو تعمیر نو اور بحالی کے لیے کیے گئے، سیلاب زدگان کے نقصانات، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک سامنے رکھیں گے۔ فریم ورک کا مقصد سیلاب متاثرین سمیت معیشت کی بحالی کے لیے امداد حاصل کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں انسانیت ایک نہج پر ہے، ہمارے آج کے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کی تشکیل کریں گے، بے مثال تباہی سے متاثر ہونے والے لاکھوں پاکستانی ہمدردی اور امداد کے منتظر ہیں۔

  • ملک میں مہنگائی عروج پر ہے: وزیر اعظم کا اعتراف

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب نے ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج پیدا کر دیا، اب بھی کئی سو ارب درکار ہیں، جنیوا میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ڈونرز کانفرنس کی صدارت کروں گا۔ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے شہر صحبت پور میں قبائلی عمائدین سے خطاب کیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں جب پہلے آیا تو پورا ضلع پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سڑک کے ذریعے خوراک اور پانی پہنچانا کوئی آسان کام نہیں تھا، حکومتی مشینری دن رات کام کر رہی تھی، سوچ کر خوف آتا تھا کہ کس طرح یہ لوگ
    بحال ہو کر دوبارہ گھروں کو جائیں گے، حکومت کے پاس بہت محدود وسائل تھے۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اس میں کوئی شک نہیں، سیلاب نے ہمارے لیے اور بھی بڑا چیلنج پیدا کر دیا، بی آئی ایس پی کے ذریعے این ڈی ایم اے نے جو رقوم دیں وہ 100 ارب سے تجاوز کر گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب بھی کئی سو ارب چاہئیں، جنیوا میں کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل تشریف لا رہے ہیں، ان کے ساتھ ڈونرز کانفرنس چیئر کروں گا، برادر ممالک سے بھی درخواست ہے جنیوا کانفرنس میں تشریف لائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم نور ابراہیم سے بات ہوئی، انہوں نے کہا شہباز شریف صاحب پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، انہوں نے اردو میں بات کی مجھے شرم آئی کہ مجھے ملائیشین زبان کا ادراک نہیں، انہوں نے کہا کہ زوم کے ذریعے جنیوا کانفرنس میں شرکت کروں گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صحبت پور میں 12 دانش اسکولوں کا اعلان کر رہا ہوں، چیف سیکریٹری سے درخواست کروں گا اسکولز کے لیے زمین ڈھونڈیں۔ پنجاب میں سنہ 2008 میں دانش اسکول کا پودا لگایا تھا وہاں سے پڑھنے والے سینکڑوں بچے بچیاں اب ڈاکٹرز اور نجینیئرز بن چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کے لیے تمغہ خدمت کا اعلان کر رہا ہوں، 23 مارچ کو چیف سیکریٹری کو تمغہ خدمت دیا جائے گا۔

  • بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین ٹیلنٹ بروئے کار لایا جائے گا: وزیر اعظم

    بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین ٹیلنٹ بروئے کار لایا جائے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین ٹیلنٹ بروئے کار لایا جائے گا، چیمپیئنز آف ریفارمز نیٹ ورک ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہنر مند پاکستانی ملک کا فخر ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر مختلف شعبوں میں اپنا مقام بنایا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میری ہدایت پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چیمپیئنز آف ریفارمز نیٹ ورک کا آغاز کر رہے ہیں، نیٹ ورک ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ذریعے چوٹی کے ماہرین کی خدمات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین ٹیلنٹ بروئے کار لایا جائے گا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اہم اجلاس، آرمی چیف بھی شریک

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی، اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور چیف آف ایئر اسٹاف سمیت عسکری و سول حکام اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔

    ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کا اعلامیہ کچھ دیر میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل 30 دسمبر کو ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا تھا۔

    اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا جبکہ پاک افغان سرحد، سکیورٹی صورت حال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی تھی۔

  • قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام سمیت وزیر خارجہ بلاول بھٹو، خواجہ آصف، اسحٰق ڈار، مریم اورنگزیب اور دیگر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اجلاس میں پاک افغان سرحد، سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں قومی سلامتی امور پر ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدر آمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔

  • ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں: وزیر اعظم کا بھارتی ہم منصب سے اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں ہے۔

    انہوں نے نریندر مودی سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

    خیال رہے کہ نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین مودی آج صبح 99 سال کی عمر میں چل بسیں۔

  • وفاقی کابینہ اجلاس: وزیر اعظم کی متبادل توانائی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    وفاقی کابینہ اجلاس: وزیر اعظم کی متبادل توانائی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توانائی بچت پلان پر بحث کی گئی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عملدر آمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی، وفاقی کبینہ کی جانب سے کہا گیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ توانائی بچت پلان پر بحث کی، توانائی بچت پلان پر اسٹیک ہولڈرز سے اب تک کی گئی مشاورت پر بریفنگ بھی دی گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے، مجوزہ توانائی بچت پلان کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری کی اشد ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عملدر آمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

    وزیر اعظم نے وزیر توانائی کو پاکستان میں ونڈ کی استعداد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے اور سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے سے متعلق کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

  • وزیر اعظم کی ملک میں غذائی پیداوار بڑھانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی ملک میں غذائی پیداوار بڑھانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، کسان پیکج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے دیے گئے کسان پیکج کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کسان پیکج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے، زرعی شعبے کی ترقی پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کی ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ گندم، کپاس، کنولہ اور زیتون کی کاشت اور پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے، کسانوں کو غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہتر بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔