Tag: وزیر اعظم

  • وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ‌ کی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد

    وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ‌ کی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ‌ نے قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بڑا لمحہ ہے، آپ سب کو بہت بہت مبارک ہو، پاکستان اور نیدرلینڈز نے بہترین کھیلا۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس بہترین رہی، کشمیریوں کو قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی بے حد خوشی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کو شکست دینے پر مبارک باد دی، اور کہا کہ ان شااللہ اب پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، اور امید ہے قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ پاکستان کے نام کرے گی۔

    پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو شاباشی دی، لکھا قوم کی دعائیں ساتھ ہیں پاکستان ورلڈ کپ جیتے گا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے، ڈو اور ڈائی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹ سے شکست دے دی، ایڈیلیڈ میں بنگلادیشی ٹیم پہلے کھیل کر 8 وکٹ پر 127 رنز بنا سکی تھی، پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں محمد حارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، 4 وکٹیں لینے والے شاہین شاہ آفریدی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    پاکستان نے سب سے زیادہ چھٹی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ کی چاروں سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ بھی ہو گیا ہے، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔

  • وزیر اعظم 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی کلائمٹ چینج کانفرنس کوپ 27 میں شرکت کے لیے 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو 2 روزہ دورے پر مصر روانہ ہوں گے، وزیر اعظم 7 نومبر کو شرم الشیخ میں کلائمٹ چینج کی کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کوپ 27 کانفرنس میں 197 رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں، پاکستان کوپ 27 کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ موسمیاتی انصاف (کلائمٹ جسٹس) کی ضرورت کو اجاگر کیا جائے گا، وزیر اعظم اپنے خطاب میں اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملیں گے، وزیر اعظم ناروے کے ہم منصب کے ہمراہ گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم 7 نومبر کو مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، کانفرنس کی میزبانی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔

    وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، پاکستان کانفرنس میں گروپ آف 77 چائنہ کی سربراہی بھی کرے گا۔

  • عمران سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں، آرمی چیف تعیناتی پر مشاورت نہیں کروں گا: وزیر اعظم کی یوٹیوبرز سے گفتگو

    عمران سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں، آرمی چیف تعیناتی پر مشاورت نہیں کروں گا: وزیر اعظم کی یوٹیوبرز سے گفتگو

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ عمران نیازی سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک کے معروف یوٹیوبرز سے گفتگو کی، جس میں انھوں نے بتایا کہ ان تک ایک ماہ قبل عمران خان کا پیغام پہنچانے والے شخص ان (شہباز شریف) کے ایک جاننے والے بزنس مین ہیں، جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا بقول بزنس مین عمران خان دھمکیاں بھی دے رہے تھے اور ڈائیلاگ کی بات بھی کر رہے تھے، میں نے اس شخص سے پوچھا کن ایشوز پر بات کرنے آئے ہیں، اس نے کہا عمران نیازی ایک آرمی چیف کی تقرری اور دوسرا الیکشن کی تاریخ پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا میرا سوال ہے کہ جب عمران نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی تھیں تو کیا مجھ سے مشورہ کیا تھا؟ آرمی چیف کی تقرری کا اختیار آئین نے وزیر اعظم کو دیا ہے، میں نے کہا عمران نیازی کو پیغام دے دیں میں ڈائیلاگ کے لیے تیار ہوں، مگر جہاں تک آرمی چیف کی تقرری کی بات ہے اس پر مشاورت نہیں کروں گا، اللہ کرے پاکستان کے بہترین مفاد میں آرمی چیف تعینات کر سکوں۔

    وزیر اعظم نے کہا عمران نیازی اس ادارے کے خلاف زہر اگلتا ہے جس نے اسے پالا پوسا، اس ادارے نے تمام بیریئر ایک طرف کر دیے اور مکمل سپورٹ کی، اس ادارے نے اس شخص کو کہاں کہاں سے پیسے لا کر نہیں دیے، بیرون ملک سے بھی پیسے لے کر دیے، اگر اتنی یا اس کی 20 فی صد بھی سپورٹ ہمیں ملی ہوتی تو ملک راکٹ کی طرح اوپر جا رہا ہوتا۔

    انھوں نے کہا پی ٹی آئی والوں نے سوشل میڈیا پر فوج کی تضحیک کی، دشمن بھی اس طرح کی باتیں نہیں کرتا، کل بھارت نے پاکستان کا مذاق اڑایا کہ عمران نے تو ڈی جی آئی ایس آئی کا مذاق بنا دیا، آج ہندوستان عمران نیازی کے بیان پر بغلیں بجا رہا ہے، ڈی جی آئی ایس آئی نے مجھ سے اجازت لے کر پریس کانفرنس کی، وہ ان واقعات کا شاہد نہیں جو میں ہوں۔

    شہباز شریف نے کہا میں چین جا رہا ہوں تو یہ دوبارہ بدقسمتی سے دھرنوں اور لانگ مارچ پر اتر آئے ہیں، اس سے پہلے چین کے صدر نے پاکستان آنا تھا تو بھی اس نے دھرنا دیا تھا، چین کے سفیر نے درخواست کی تھی آپ 3 دن کے لیے اٹھ جائیں، لیکن انھوں نے کہا ہم نہیں اٹھیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا اب میں بھی سوشل میڈیا استعمال کرنے لگا ہوں، ہم سوشل میڈیا میں پیچھے ہیں، لیکن اس میں اب ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا ملک میں 6 ماہ سے چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں، سولر انرجی کے ذریعے ملک میں بجلی کا بحران ختم کریں گے، کسان کے لیے زرعی پیکج تیار ہے، ایک دو دن میں اعلان کریں گے، نوجوانوں کے لیے بھی پروگرام لا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا پڑوسی ملک بھارت سے بات کرنے کے لیے تیار ہوں اگر وہ کشمیریوں پر مظالم بند کرے، بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، یہ لڑائی جنگ کا زمانہ نہیں، بھارت سے کہتا ہوں آئیں میز پر بیٹھیں، سعودی عرب کو بھی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔

  • وزیر اعظم کا پولیو سے چھٹکارا پانے کے عزم کا اعادہ

    وزیر اعظم کا پولیو سے چھٹکارا پانے کے عزم کا اعادہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پولیو ایک مہلک وائرس ہے جو بچوں کو معذور کرتا ہے، ان کے مستقبل کو ختم اور قومی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پولیو ایک مہلک وائرس ہے جو بچوں کو معذور کرتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیو بچوں کے مستقبل کو ختم اور قومی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پولیو اب بھی موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج پولیو کے عالمی دن پر اس سے چھٹکارا پانے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔

  • اقتدار کے بھوکے سیاستدان نوجوانوں کو متعصبانہ ایجنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں: شہباز شریف

    اقتدار کے بھوکے سیاستدان نوجوانوں کو متعصبانہ ایجنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں: شہباز شریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نکا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی میں سرمایہ کاری ضروری ہے، اقتدار کے بھوکے چند سیاستدان نوجوانوں کو متعصبانہ ایجنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں جن سے طاقت حاصل کی جاتی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی ترقی میں سرمایہ کاری ضروری ہے، اقتدار کے بھوکے چند سیاستدان نوجوانوں کو متعصبانہ ایجنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے کئی اقدامات اٹھائے، گزشتہ روز بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کئی اقدامات کا اجرا کیا گیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مزید کئی اقدامات کا اجرا آئندہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں ہوگا۔

  • وزیر اعظم کی کلائمٹ چینج سے نمٹنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی کلائمٹ چینج سے نمٹنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کلائمٹ چینج کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت کردی، انہوں نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے اور بروقت تیاری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی،موسمی خطرات سے بچاؤ اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت کردی۔

    موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کے حامل گھر اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر نیشنل پلان کا حصہ ہیں۔

    وزیر اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کونسل کو مکمل فعال ادارہ بنانے کی ہدایات کردی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق تعمیرات کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں، ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے اور بروقت تیاری کے لیے اقدامات کیے جائیں، وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کا اشتراک عمل تیار کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مستقبل میں موسمیاتی خطرات کی نشاندہی اور قومی سطح پر جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے جامع پلان کی تیاری کے لیے بہترین ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا بھی حکم دیا، انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں تباہ کن رہی ہیں، سندھ اور بلوچستان میں تباہی تازہ مثال ہے، اس تباہی کو ہمیں بھول نہیں جانا، متاثرین کی بحالی کے ساتھ مستقبل کی تیاری کرنی ہے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق کونسل مرکزی کردار ادا کرے، خطرات کی نشاندہی، وسائل کی فراہمی اور نقصان کا اندازہ لگانے کی صلاحیت بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خطرات سے کیسے بچا جائے، انتظامیہ کی کیا تربیت ہونی چاہیئے، اس پر ٹھوس کام کریں، پاکستان کو شدید خشک سالی کے خطرے سے بچانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے صوبہ سندھ کا ڈیلٹا کا علاقہ خشک ہوگیا ہے، ماہرین کی رائے کی روشنی میں اقدامات تجویز کریں، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کی تدابیر اور 3 گنا زیادہ گلیشیئر پگھلنے اور مون سون بارشوں کی شدت سے بچاؤ کے لیے بھی تجاویز تیار کریں۔

  • وزیر اعظم  نے نور عالم خان کو وفاقی وزیر کا عہدہ دے دیا

    وزیر اعظم نے نور عالم خان کو وفاقی وزیر کا عہدہ دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نور عالم خان کو وفاقی وزیر کا عہدہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نور عالم خان کو بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی وفاقی وزیر کا درجہ دیا گیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    فیصلے کا اطلاق 14 اکتوبر 2022 سے ہوگا، خیال رہے کہ نور عالم خان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے متحرک ترین رکن ہیں، اور وہ پیپلز پارٹی دور میں بھی پی اے سی کے رکن رہ چکے ہیں۔

  • سیلاب سے فصلیں تباہ، عالمی سطح پر بھی غذائی قلت کا خدشہ ہے: وزیر اعظم

    سیلاب سے فصلیں تباہ، عالمی سطح پر بھی غذائی قلت کا خدشہ ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے خوراک کی قلت واقع ہوئی ہے، پاکستان میں بھی حالیہ سیلاب کے بعد خوراک کی صورتحال تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب نے لاکھوں ایکڑ پر تیار فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، پاکستان جیسے زرعی ملک کو بھی اس نقصان کے ازالے کے لیے اشیائے خور و نوش درآمد کرنا پڑیں گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج خوراک کا عالمی دن دنیا کے مختلف ممالک کے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی عالمی اقدامات کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے قدرتی آفات اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے خوراک کی پہلے ہی کمی ہوئی، اب غذائیت سے بھرپور خوراک کی عالمی سطح پر مزید قلت کا خدشہ ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں پر کئی طریقے سے منفی اثرات مرتب کر رہی ہے جس میں عالمی سطح پر غربت اور بھوک میں اضافہ سر فہرست ہے۔

  • صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں: وزیر اعظم

    صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن آئینی و قانونی عمل ہے اور صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ میں عوام بھرپور حصہ لیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ آئینی و قانونی عمل ہے اور صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کیونکہ آپ اور آپ کے ملک کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار اسی پر ہے۔

  • وزیر اعظم کا ترکیہ میں حادثے پر اظہار افسوس

    وزیر اعظم کا ترکیہ میں حادثے پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شمالی صوبے بارٹن میں کوئلے کی کان میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے ترکیہ کے صوبے بارٹن میں کوئلے کی کان میں ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے، ہماری دعائیں ان سوگوار خاندانوں اور ترک عوام کے ساتھ ہیں۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ جو لوگ اب بھی کان میں پھنسے ہوئے ہیں ان کو جلد از جلد بچایا جائے۔

    واضح رہے کہ ترکیہ کے شمالی صوبے بارٹن میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم اٹھائیس افراد ہلاک اور درجنوں زیر زمین پھنسے ہوئے ہیں۔

    ترکیہ کی وزارتِ داخلہ کے مطابق دھماکا ساحلی صوبے بارٹن کے قصبے اماسرا کی کان میں ہوا، وزیر صحت نے بتایا کہ دھماکے کے بعد تاحال 50 سے زائد افراد زیرِ مین ہائی رسک زون میں دبے ہوئے ہیں، جب کہ 11 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔