Tag: وزیر اعظم

  • گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے: وزیر اعظم

    گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان کونسل اجلاس کی صدارت کی جس میں گلگت بلتستان کے لیے 2.4 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان کونسل اجلاس کی صدارت کی۔

    دوران اجلاس انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے۔ گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس تسلسل سے ہونے چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے علاقے کی ترقی کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا، ’مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو کام پایہ تکمیل تک بھی پہنچاتی ہے۔ ہماری حکومت نے پہلی بار دیامر بھاشا ڈیم پر کام شروع کروایا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پاک چین اقتصادی راہداری سے بے پناہ استفادہ کرسکتا ہے، ’سی پیک ایسا منصوبہ ہے جس کے فوائد صدیوں تک ملیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کےلوگ پاکستان سے مثالی محبت کرتے ہیں۔

    گلگت بلتستان کونسل اجلاس میں گورنر میر غضنفر علی خان اور وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے بھی شرکت کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جو کام کرے گا سسٹم میں رہے گا، جو نہیں کرے گا گھر جائے گا: وزیر اعظم

    جو کام کرے گا سسٹم میں رہے گا، جو نہیں کرے گا گھر جائے گا: وزیر اعظم

    کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کے پہلے کول ٹرمینل کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے انٹرنیشنل بلک ٹرمینل پورٹ قاسم کا افتتاح کیا۔

    ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں کول اور سیمنٹ ٹرمینل بہترین معیار کا ہے۔ کول ٹرمینل 4 سال کے عرصے میں مکمل ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومتوں کےمنصوبے بھی مکمل کیے اور اپنےمنصوبے بھی بہترین انداز میں مکمل کیے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ جب میں دسویں جماعت میں تھا تب لواری ٹنل کے منصوبے کے بارے میں سنتا تھا۔ لواری ٹنل کا افتتاح ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا، پھر ہماری حکومت نے لواری ٹنل کو مکمل کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سنہ 2013 میں حکومت آئی تو بہت سے بحران تھے۔ 4 سال میں حکومت نے 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ پاور پلانٹ کے منصوبےبروقت شروع کیے گئے۔ بجلی کےمسائل صرف آج ہی نہیں کل کے لیے بھی حل کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی تو گیس نہیں تھی، فیکٹریاں بند ہو رہی تھیں۔ آج ملک بھر میں ہر فیکٹری اور گھر کو گیس مل رہی ہے۔ آئندہ سال اگست کے بعد نئے کنکشنز اور ہر جگہ گیس ملےگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ واحد حکومت ہے جس نے اپنے دور میں کام شروع کیے اور مکمل بھی کیے۔ ملک بھر میں ہائی ویز اور موٹر ویز کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ ’یہ وہ کام ہیں جس سے ووٹ نہیں ملتے، ہاں ملک ترقی ضرور کرتا ہے‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ محمد زبیر نےاماحولیاتی مسائل کا ذکر کیا ہے۔ یہ صوبائی مسئلہ ہے لیکن وفاق ان کی بھرپور مدد کرے گا۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرتا اس کو سمجھ لیں، جمہوری عمل چلے گا تو خرابیاں دور ہوں گی۔ ’جو کام کرے گا سسٹم میں رہے گا، جو کام نہیں کرے گا گھر بھیج دیا جائے گا‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے: وزیر اعظم

    پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے۔ دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عرب نیوز کے نمائندوں کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر پابندی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں کمی کے مترادف ہوگی۔ پاکستان نے پہلی بار روسی ٹینک اور ہیلی کاپٹرز فوج میں شامل کیے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف افغانستان کے ساتھ ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑ رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ افغان سرحدی علاقے پر طالبان کا کنٹرول ہے، دہشت گرد سرحد پار سے آ کر پاکستان میں حملے کرتے ہیں۔

    انتخابات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مدت 4 جون 2018 کو ختم ہو رہی ہے، ٹرم ختم ہونے کے بعد 2 مہینے میں انتخابات ہوں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ جو کچھ بھی ہو الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔

    وزیر اعظم نے ملکی معیشت میں خسارے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت میں معمولی سا خسارہ دیکھنے میں آیا ہے جو معاشی عمل کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات جلد حل ہوجائیں گے، تاہم پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کا محتاج نہیں ہے۔

    انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری سے پاکستان چین کے زیر اثر آسکتا ہے۔ ’یہ دو طرفہ تعلق ہے۔ چین کی جانب سے جو بھی سرمایہ کاری کی گئی ہے وہ زیادہ تر قرضوں کی صورت میں، اور کچھ مخصوص شعبوں میں کی گئی ہے۔ ہم اسے کسی قسم کا خطرہ نہیں سمجھتے‘۔

    عرب نیوز کو دیا جانے والا وزیر اعظم کا خصوصی انٹرویو اس لنک پر پڑھا جاسکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عید الاضحیٰ پر صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے پیغامات

    عید الاضحیٰ پر صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے پیغامات

    عید الاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام جاری کیا۔

    صدر مملکت کا پیغام

    ریڈیو پاکستان کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ جان و مال کی اس قربانی سے اپنی انا قربان کرنے کی تربیت حاصل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ عیدین کے موقع پر ان افراد کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    صدر ممنون حسین نے تاکید کی کہ قوم خصوصی طور پر اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے دعا کرے جو بھارت سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔


    وزیر اعظم کا پیغام

    عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عید حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا ہے۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے زور دیا کہ قوم اپنے تمام علاقائی، نسلی اور لسانی اختلافات کو بھلا کر مل کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے۔

    وزیر اعظم نے بھی قوم سے اپنی دعاؤں میں کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے لیے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی تعاون کو اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔


    آرمی چیف کا پیغام

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کو عید کی مبارک باد دی۔

    اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ امن، خوشیوں اور قربانی کا درس دیتی ہے۔


  • کراچی: وزیرِ اعظم اتوار کو ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم اتوار کو ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اتوار کو پورٹ قاسم پر بنائے گئے ملک کے پہلے ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اتوار 27 اگست کو پورٹ قاسم پر ملک کے پہلے اور واحد آپریشنل ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔

    اینگرو ایل این جی ٹرمینل شاہد خاقان عباسی کی بحیثیت وفاقی وزیر پٹرولیم ذاتی دلچسپی اور کوششوں کی بدولت 330 دن کی قلیل مدت میں 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 100فیصد نجی سرمایہ کاری سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    ٹرمینل پر اب تک 6.1 ملین ایل این جی درآمد کی جاچکی ہے جس سے ملک کو مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل کی درآمد اور استعمال کے مقابلے میں تقریباً 1.7ارب ڈالر کی بچت ہوچکی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کو تقریباً ڈھائی سے 3 ارب کیوبک فٹ گیس کی کمی کا سامنا ہے اور ایل این جی ٹرمینل کے ذریعے درآمد کی گئی گیس سے اس کمی میں تقریباً 20سے 25فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے بعد ملک میں ایل این جی پر چلنے والے 1200 میگاواٹ کے تین نئے بجلی گھروں قصور، شیخوپورہ اور جھنگ میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

    تین بجلی گھروں سے ملک کو 3600 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کی جائے گی اور یہ پلانٹ صلاحیت کے لحاظ سے 60 فیصد بہتر ہوں گے جوکہ تھر مل پاور پلانٹس کی مناسبت سے 45 فیصد زیادہ صلاحیت کے ہوں گے۔

    ملک میں ایل این جی کی درآمد سے ٹیکسٹائل، سی این جی، پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور ملک سے بجلی اور گیس کے بحران کو کم کرنے میں خاطرخواہ مدد مل رہی ہے۔

    مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل کے مقابلے میں سستی ایل این جی کی درآمد سے ملک میں معاشی ترقی اور استحکام کا نیا دور شروع ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ پہلے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے بعد شاہد خاقان عباسی کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور قطر درمیان ایل این جی کی درآمدکا طویل المدّتی معاہدہ طے پایا تھا۔

    پاکستان کے علاوہ خطے میں بھارت اور بنگلہ دیش ایل این جی درآمد کررہے ہیں جبکہ جاپان تاحال دنیا کا سب سے بڑا ایل این جی درآمد کنندہ ہے جوکہ اپنی توانائی کی ضروریات سستی اور ماحول دوست ایل این جی کے ذریعے پوری کررہاہے۔

  • اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اسلام آباد: اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایک روادار معاشرے کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے جہاں ہر شخص کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان میں اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایک روادار اور متحمل مزاج معاشرہ بنائیں گے جہاں ہر انسان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی اور ہر پاکستانی مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اس وعدہ کو نبھانے کی کوشش کی جائے گی جس میں انہوں نے اقلیتوں کے لیے یکساں حقوق اور مواقعوں کی یقین دہانی کروائی تھی۔

    انہوں نے تمام شعبہ زندگی خصوصاً صحت کے شعبے میں اقلیتی افراد کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں اور تمام افراد کے مذہب، ذات اور عقائد سے بالاتر ہو کر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں ان کے لیے نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں آبادی کے لحاظ سے نشستوں کا مختص کرنا شامل ہے۔

    اقلیتوں کے قومی دن کی تاریخ

    پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن 11 اگست سنہ 1947 میں کی جانے والی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تقریر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا، ’آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں، مسجدوں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں‘۔

    قائد اعظم نے کہا تھا، ’آپ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی عقیدے پر کاربند ہوں، کار سرکار سے اس کا کوئی تعلق نہیں‘۔

    بانی پاکستان کی اس تقریر کی یاد میں سنہ 2009 میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اس دن کو بطور قومی دن منانے کی تجویز سابق وزیر اقلیتی امور شباز بھٹی نے دی تھی جنہیں سنہ 2011 میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا۔

    عمران خان کا پیغام

    اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے لیے خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح کے بغیر فلاحی ریاست کا خواب ادھورا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی۔ آج بھی اقلیتیں تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح و ترقی روز اول سے ہمارے منشور کا لازمی جزو ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود پر بطور خاص محنت کی ہے۔


  • وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات

    وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آپریشن رد الفساد اور خیبر 4 میں مسلح افواج کا کردار قابل تحسین ہے۔

    انہوں نے مادر وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج قومی اداروں کے ساتھ مل کر آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے کام کرتی رہیں گی۔


  • نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ںے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

    نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ںے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

    اسلام آباد: ایوان صدر میں ہونے والی پُر وقار تقریب میں نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھالیا، صدر مملکت ممنوں حسین نے حلف لیا قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کو پاکستان کا نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا گیا انہوں نے 221 ووٹ حاصل کیے۔

     ایوان صدر میں ہونے والی سادہ مگر پُر وقار تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے حلف لیا، شاہد خاقان عباسی پاکستان کے 28 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔

    ایوان صدرمیں ہونے والی اس تقریب حلف برداری میں مسلح افواج کے سربراہان،  اسپیکر،ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، صوبائی گورنرز اور غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔

    تقریب حلف برداری میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابقہ وفاقی وزراء خواجہ آصف، احسن اقبال، عبد القادربلوچ، زاہد حامد، اسحاق ڈار، سعد رفیق، برجیس طاہر، مریم اورنگزیب اور ریاض پیرزادہ نے بھی شرکت کی۔

    شاہد خاقان عباسی نئے وزیراعظم منتخب 

    خیال رہے سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کے بعد آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدوار شاہد خاقان عباسی نے 221 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کرلی۔

    پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے 47 ووٹ، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کردہ شیخ رشید نے 33 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کیے یوں ووٹنگ کے نتائج کے مطابق شاہد خاقان عباسی پاکستان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔


     پڑھیں : نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پہلا خطاب


    شاہد خاقان عباسی کی زندگی پر ایک نظر

    مسلم لیگ ن کے رہنما اور نو منتخب عبوری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 27 دسمبر 1958 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد لارنس کالج مری میں داخلہ لیا، بعد ازاں گریجویشن کے لیے لانس اینجلس یونیورسٹی آف کیلی فورنیا چلے گئے۔

    شاہد خاقان عباسی اپنے والد کے انتقال کے بعد پہلی بار 1988 میں راولپنڈی کے حلقہ این اے 50 سے پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ بعد ازاں 1990 میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی وہ دوسری بار اسمبلی کا حصہ بنے۔

    پھر 1993 میں وہ تیسری بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہو کر اسمبلی کا حصہ بنے۔

    سنہ 1997 میں نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کا چیئرمین منتخب کیا۔

    سنہ 1999 میں مشرف کی جانب سے نافذ ہونے والے مارشل لا میں شاہد خاقان عباسی گرفتار بھی ہوئے اور نواز شریف کے ہمراہ جیل میں 2 سال تک قید و بند کی صعوبتیں برداشت۔ 2001 میں عدالت نے انہیں بے گناہ قرار دے کر بری کردیا۔

    سنہ 2008 میں ہونے والے انتخابات میں شاہد خاقان عباسی ایک بار پھر اسمبلی رکن بننے میں کامیاب ہوئے اور مسلم لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کی مخلوط حکومت وفاقی وزیر برائے تجارت کا قلمدان سنبھالا تاہم جلد ہی مسلم لیگ (ن) مخلوط حکومت سے علیحدہ ہوگی جس کے بعد شاہد خاقان عباسی بھی مستعفی ہو گئی۔

     بعد ازاں 2013  کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 50 سے چھٹی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور نواز شریف نے انہیں اپنی کابینہ میں وزارت پٹرولیم کی ذمہ داری سونپی اور 28 جولائی 2017 سے قبل وہ اسی عہدے پر کام کرتے رہے۔

     تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے انہیں عبوری وزیر اعظم بنانے کی منظوری دی۔


  • ایم کیو ایم پاکستان کا شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان

    ایم کیو ایم پاکستان کا شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آج قومی اسمبلی میں ہونے والے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی نااہلی کے بعد ایک بار پھر اپنا وزیر اعظم لانے کے لیے مسلم لیگ ن کی مختلف سیاسی جماعتوں سے گفت و شنید جاری ہے۔

    اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے کی گئی ملاقات کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔

    میئر کے اختیارات دلوانے کا مطالبہ

    ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کراچی پیکیج کے فوری اعلان، بند دفاتر واپس دلوانے، اور میئر کو اختیارات دلوانے میں وفاق کے کردار کا مطالبہ کردیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہماری ورکنگ ریلیشن شپ تمام سیاسی جماعتوں سے ہے۔ گلے شکوے بہت زیادہ ہیں لیکن ن لیگ سے تعلقات بھی ہیں۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں بدترین حکمرانی رہی، کرپشن اور لوٹ کا بازار گرم ہے۔ بدعنوانی،کرپشن اور زمینوں کی بندر بانٹ کے نئے ریکارڈ بنائے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں سے 65، 70 فیصد ریوینیو وفاق کو آتا ہے، دیہی کے نام پر ٹیکس لگتا ہے لیکن آخر میں انہیں بھی کچھ نہیں ملتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے صرف ساڑھے 12 ارب روپے کا اعلان کافی نہیں۔ کراچی میں 4 بار آپریشن ہوا لیکن کوئی پیکج نہیں دیا گیا۔ ’صوبائی خود مختاری کا بہانہ پہلے کام آتا تھا لیکن اب ایک طرف رکھ دیا گیا۔ بامعنی بات وہ ہوگی مسائل تب حل ہوں گے جب اختیارات ملیں گے‘۔

    فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں انفرا اسٹرکچر پر پوری توجہ دی جائے۔ 45 دنوں میں اندازہ ہوجائے گا کہ کیا کام ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنیں۔ مسائل حل کرنے کی ذمہ داری وفاق کی ہے۔ صوبہ مسائل حل نہیں کر رہا تو ہدایت کی ذمہ داری بھی وفاق کی ہے۔

    سندھ کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وہ خالد مقبول، فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے مشکور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کراچی پیکج جلد دیا جائے گا اور سندھ کے مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کی 24 نشستیں ہیں۔ 342 ارکان کے ایوان میں وزیر اعظم کو 172 ووٹ درکار ہیں۔


  • پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا وزیر اعظم آزاد کشمیر سے استعفے کا مطالبہ

    پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا وزیر اعظم آزاد کشمیر سے استعفے کا مطالبہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ان سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ دوسری جانب فاروق حیدر نے ایک بار پھر اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر نے پریس کانفرنس کی جس کو جنگ گروپ نے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا۔

    خبر کی اشاعت کے فوراً بعد فاروق حیدر نے وضاحت پیش کی کہ کشمیری پاکستان سے الحاق کے علاوہ سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس کے برعکس چھپنے والا بیان لغو ہے جس کی وہ پرزور مذمت کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ان سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشیدشاہ نے ان کے بیان کو ریاستی پالیسی کے منافی قرار دے دیا۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ فاروق حیدر کا بیان بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔

    تحریک انصاف نے بھی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے نواز شریف کی حمایت میں قومی سلامتی پر شرمناک وار قرار دیا۔

    ترجمان تحریک انصاف کے مطابق راجہ فاروق حیدر نے لاکھوں کشمیری شہدا کے خون سے غداری کی۔ غصے کے بجائے راجہ فاروق کو شرمساری کا مظاہرہ کرنا چاہیئےتھا۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ایک بار پھر وضاحت

    دوسری جانب وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے ایک بار پھر اپنے بیان کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کا رشتہ بہت مضبوط ہے۔ میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کر کے بھارت کو پاکستان اور کشمیر مخالف بات کرنے کا موقع دیا گیا۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف درخواست

    ادھر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مقامی عدالت میں وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست پیپلز پارٹی کے رہنما قادر خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی تقریر سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں قرارداد

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کروا دی گئی ہے۔ قرارداد میاں خرم جہانگیر وٹوکی جانب سے جمع کروائی گئی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ راجہ فاروق حیدر نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو پامال کیا۔ ان کے بیان سے کشمیریوں سمیت پاکستانی عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر معافی مانگیں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔