Tag: وزیر اعظم

  • سیہون دھماکہ: وزیر اعظم اور آرمی چیف کی زخمیوں کی عیادت

    سیہون دھماکہ: وزیر اعظم اور آرمی چیف کی زخمیوں کی عیادت

    نواب شاہ: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواب شاہ پہنچ گئے۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے سیہون دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ بعد ازاں وزیر اعظم سیہون پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر ہونے والے خودکش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے پیپلز میڈیکل اسپتال پہنچے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن ہمارے ارادے پسپا نہیں‌ کرسکتا ہے۔ ہم جناح کے پاکستان کی رونقیں بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ترقی کی جانب تیزی سے بڑھتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا ہے۔ نا عاقبت اندیش دہشت گرد جلد ہی نشانہ عبرت بنیں گے۔

    آرمی چیف نے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دشمن کے گرد گھیرا تنگ ہے، جلد ہی گرفت میں آئے گا۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

    گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی زخمیوں کی عیادت کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دھمال کے دوران خودکش حملہ ہوا تھا جس میں شہدا کی تعداد 80 ہوچکی ہے۔

    دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے 3 روزہ سوگ کے اعلان کے بعد سندھ کی تمام اہم عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

    اسلام آباد: ملک میں پے در پے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے سر جوڑ لیے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس شروع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس شروع ہوگیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اور مشیر قومی سلامتی شریک ہیں۔

    اجلاس میں لاہور، کوئٹہ، پشاور اور مہمند ایجنسی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔

    وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے شرکا نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ ریاست کسی بھی قیمت پر دہشت گردوں کو سر نہیں اٹھانے دے گی۔

    اجلاس میں شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل اہداف کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ اداروں اور شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کا بھرپور مقابلہ کیا جائےگا، دہشت گردی کے خاتمے کےلیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے،اعلیٰ سطح کے اجلاس میں جانوں کا نذرانہ دینے والے قومی ہیروز کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دو روز میں دہشت گردی کی نئی لہر نے ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ دو روز قبل لاہور کے مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی سمیت 14 افراد شہید اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

    اسی روز کوئٹہ میں سریاب روڈ پر بم ناکارہ بنانے کے دوران پھٹ گیا جس کے باعث بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

    آج صبح مہمند ایجنسی میں لیویز ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ پر خود کش حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے جبکہ کچھ دیر قبل پشاور میں حیات آباد کے علاقے میں زوردار دھماکے میں‌ ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔

  • گرین ڈے: وزیراعظم نے ساڑھے تین کروڑ پودے لگانے کی مہم کا آغازکردیا

    گرین ڈے: وزیراعظم نے ساڑھے تین کروڑ پودے لگانے کی مہم کا آغازکردیا

    اسلام آباد: آج ملک بھر میں ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے اور آلودگی کے خاتمے کے لیے قومی سرسبز دن (گرین ڈے) منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے پودا لگا کر ’سر سبز پاکستان‘ مہم کا آغاز کیا۔

    ملک بھر میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کے لیے سر سبز پاکستان مہم کا آغاز وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت و نگرانی میں کیا جارہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں 10 کروڑ مقامی پودے لگائے جائیں گے۔

    tree-2

    منصوبے کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں سے 50 کروڑ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خرچ کیے جائیں گے جبکہ بقیہ رقم صوبوں کو دی جائے گی۔

    حکومتی ترجمان کے مطابق قومی سر سبز دن کے موقع پر چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بیک وقت مہم کا آغاز کیا۔

    ملک کے پہلے گرین ڈے کے موقع پر ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاق اور صوبوں میں بیک وقت شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا جبکہ آج ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ درخت بھی لگائے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے اسلام آباد میں خصوصی بچوں کے ہمراہ پودا لگا کر اس مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سرسبز بنانا بہت ضروری ہے۔ خوشی ہے کہ گرین پاکستان مہم میں ہر صوبہ حصہ لے رہا ہے۔

    tree-1

    وزیر اعظم نے واضح کیا کہ اس مہم میں پاکستان میں پائے جانے والے درختوں کی مقامی اقسام لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی و غیر ملکی اقسام نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔

    یاد رہے کہ صوبہ سندھ کا شہر کراچی غیر ملکی پودوں کی قسم کونو کارپس کی بڑے پیمانے پر شجر کاری کر کے اس کے بدترین نقصانات اٹھا رہا ہے۔ کونو کارپس کراچی میں پولن الرجی کا باعث بن رہے ہیں۔

    یہ دوسرے درختوں کی افزائش پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں جبکہ پرندے بھی ان درختوں کو اپنی رہائش اور افزائش نسل کے لیے استعمال نہیں کرتے۔ بعض ماہرین کے مطابق کونو کارپس بادلوں اور بارش کے سسٹم پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں جس کے باعث کراچی میں مون سون کے موسم پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔

    وزیر اعظم نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی ہو رہی ہے۔

    tree-3

    انہوں نے کلائمٹ چینج یعنی موسمیاتی تغیر کے سنگین عوامل کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ درختوں اور جنگلات کی کٹائی کلائمٹ چینج کی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام کلائمٹ چینج کے نقصانات سے نمٹنے، ملک کو سرسبز بنانے اور آلودگی ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی و ہدایت کے تحت شروع کیا جانے والا گرین پاکستان پروگرام چین کے گریٹ گرین ڈے کے پروگرام کی طرز پر تشکیل دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا آغاز گزشتہ برس کیا گیا۔

    اس سے قبل بھی وزیر اعظم گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات اور جنگلی حیات کے فروغ کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری دی گئی تھی۔

  • سنہ 2025 تک پاکستان کو 20 بڑی معیشتوں میں شامل کریں گے: وزیر اعظم

    سنہ 2025 تک پاکستان کو 20 بڑی معیشتوں میں شامل کریں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے ہمہ جہت اقدامات کر رہے ہیں۔ رواں سال ترقی کی شرح 5.5 فیصد تک لے کے گئے ہیں۔ انہوں نے سنہ 2025 تک پاکستان کو دنیا کی 20ویں بڑی معیشت بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف نے مختلف عالمی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات اور گفت و شنید کی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ملک میں اقتصادی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ ’جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان شدید قسم کے توانائی اور معاشی بحران کا شکار تھا‘۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے تمام چیلنجز کو قبول کرتے ہوئے تمام مسائل کو حل کرنے کا عزم کیا اور اس کے لیے کام کیا۔ رواں سال ترقی کی شرح کو 5.5 فیصد تک لے کر گئے ہیں۔ ملک میں ترقی کے لیے کثیر الجہت اصلاحات کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی خسارہ 8.2 کم ہو کر 4.3 فیصد پر آگیا ہے، ملک میں صارفین کی قوت خرید میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی و استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اقدامات کی بدولت ملک میں افراط زر میں کمی آئی جبکہ صنعتی شعبہ کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں سنہ 2025 تک پاکستان کو دنیا کی پہلی 20 بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    انہوں نے عالمی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان سرمایہ کاری، تجارت کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور مراعات دے رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے خصوصی صنعتی زونز بھی قائم کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے پر کشش مقام ہے اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا شمار خطے کی بڑی منڈیوں میں ہوتا ہے۔

    سی پیک کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کے تحت 55 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ سی پیک سے گوادر اور چین آپس میں منسلک ہوں گے جبکہ یہ راستہ وسط ایشیائی ممالک کو بھی منسلک کرے گا۔

  • ملک کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دو: وزیر اعظم کی ناقدین کو تنبیہہ

    ملک کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دو: وزیر اعظم کی ناقدین کو تنبیہہ

    شیخوپورہ: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے قوم سے سچ بولا، قوم نے ووٹ دے کر ہم پر اعتماد کیا۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے بھکی پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کا پاکستان کی ترقی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں نے قوم سے سچ بولا اور قوم نے ووٹ دے کر ہم پر اعتماد کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھکی پاور پلانٹ ملک میں توانائی بحران کے خاتمے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر اپنی حکومت کے توانائی بحران کو ختم کرنے کا عزم دہرایا۔

    انہوں نے واضح کیا کہ یہ میگا پروجیکٹس نہ صرف قومی ترقی کو آگے بڑھا رہے ہیں، بلکہ ان کی تعمیر کے دوران کفایت شعاری کے ذریعہ ایک بڑی رقم بھی بچائی جارہی ہے۔

    نواز شریف نے کہا کہ ملک آگے بڑھ رہا ہے تو عوام آئیں اور ہمارا ہاتھ بٹائیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔ کراچی کو پرامن شہر بنانے کے لیے کوششیں کی ہیں۔ وزیر اعظم نے مخالفین کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دو۔

    اپنے خطاب سے قبل وزیر اعظم نے بھکی پاور پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔

  • لاہور: وزیر اعظم کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

    لاہور: وزیر اعظم کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

    لاہور: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس لاہور میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

    وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں گورنر پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر خزانہ، وزیر داخلہ اور دیگر وزرا شریک تھے۔ اجلاس میں پرائم منسٹر گلوبل سسٹین ایبل ڈولپمنٹ پروگرام میں پیش رفت پر غور کیا گیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے مشن کی جانب کامیابی سے بڑھ رہی ہے۔ گلوبل سسٹین ایبل ڈولپمنٹ (پائیدار ترقی) پروگرام سےعوام کا معیار بلند ہوگا۔

    مزید پڑھیں: دنیا کے مستقبل کے لیے پائیدار ترقیاتی اہداف

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ بجلی کے انفرااسٹرکچر، گیس اور قدرتی ذخائر، نئے اسکولوں کے قیام اور پرانے اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیر اعظم نے بنیادی اور ریجنل طبی مراکز کے قیام، موجود طبی مراکز کی اپ گریڈیشن اور زرعی فارمز سے مارکیٹوں تک سڑکوں کی تعمیر کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کوششوں کو بھی سراہا۔

  • تعلیمی میدان کو فراموش کرنے پر تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی: وزیر اعظم

    تعلیمی میدان کو فراموش کرنے پر تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج ہم جہالت کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ تعلیمی میدان کو فراموش کرنے پر تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ہمارے مستقبل کا دارو مدار سائنس اور ریاضی میں مہارت پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان الائنس فار میتھ اینڈ سائنس کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں چیلنجز کے باوجود اختلافات سے بالاتر ہو کر تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔ تاریخ میں بہت بڑے بڑے مسلمان سائنسدان اور موجد پیدا ہوئے۔ بوعلی سینا اور البیرونی جیسے عظیم مسلمان سائنسدانوں نے سائنسی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ میں سیاسی اور سماجی بیداری کی مہم میں سرسید احمد خان نے انتھک محنت کی۔ ہمارے دقیانوسی اور غیر سائنسی طریقہ کار سے معیشت اور صنعت آگے نہیں بڑھ سکتی۔

    انہوں نے زور دیا کہ آج بھی ضروری ہے کہ بچوں کے مستقبل کے لیے مل کر لائحہ عمل مرتب کیا جائے ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج کی تقریب کا موضوع بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج کی تقریب میں ذاتی دلچسپی کے ساتھ شریک ہوئے ہیں۔

  • مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    چکوال: وزیر اعظم نواز شریف نے ہندوؤں کے تاریخی مقام کٹاس راج کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر تمام مذاہب کے ماننے والوں کی خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔ انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کٹاس راج کے دورے کے موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقام نہ صرف ہندوؤں کے لیے امتیازی حیثیت رکھتا ہے بلکہ سکھ، بدھ مت کے ماننے والوں، اور مسلمانوں کی ثقافت کا سنگم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں صرف مسلمانوں کا نہیں، تمام پاکستانیوں کا وزیر اعظم ہوں۔ ’یہاں پر 5 مذاہب کے ماننے والے پاکستانیوں کا اجتماع میری خوشی کا باعث ہے‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس اجتماع سے پوری دنیا کو واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں ہندو، سکھ، پارسی اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابر کا شہری مانا جاتا ہے۔ ’تمام مذاہب کے ماننے والے انسانیت کے رشتے میں بندھے ہیں اور پاکستان کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کام کر رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام انبیا اور تمام کتابوں پر ایمان لانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ یہی نہیں ہمیں اقلیتوں کے ساتھ بہترین سلوک اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک وقت آئے گا کہ پاکستان کو اقلیت دوست ملک کے طور پر جانا جائے گا۔

    خطاب میں وزیر اعظم سیاسی گفتگو کرنا نہ بھولے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے کچھ نہیں بنا رہے۔

    انہوں نے ماضی کی حکومتوں کو بھی لتاڑتے ہوئے کہا کہ جو پہلےحکمران رہے، ہم ان کے صوبے میں بھی ہم موٹر وے بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایسے لوگ آگئے ہیں جوروز نیا جھوٹ بولتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے مخالفین کو اللہ سے معافی مانگنے کا بھی مشورہ دیا۔

    تقریب کے بعد وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہندؤوں کے مقدس مقام امرت جل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔ فلٹریشن پلانٹ سے مذہبی رسومات کے لیے آنے والے ہندوؤں کو صاف پانی میسر ہوگا۔

    دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے تاریخی مندر کے مختلف حصے بھی دیکھے۔

    اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق اور دیگر اہم شخصیات بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھیں۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے مذہبی رہنما شیو جی کے مندر کے قریب پودا بھی لگایا اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا مانگی۔

  • وزیر اعظم کا اسلام آباد میں اسکول کے لیے 200 بسوں کا تحفہ

    وزیر اعظم کا اسلام آباد میں اسکول کے لیے 200 بسوں کا تحفہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے شہر اقتدار میں قائم 4 سو 22 سرکاری اسکولوں کو نئی بسوں کا تحفہ دے دیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے قوم کے مستقبل کے معماروں سے خطاب کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مستقبل کے معماروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں تعلیمی اصلاحات کر رہے ہیں، جس کے حوالے سے آج حکومت نے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کو نئی بسوں کا تحفہ دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم مزید 200 بسیں دینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور بہت جلد یہ وعدہ پورا کریں گے۔

    وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں۔ اچھی تعلیم و تربیت سے مزین ہونا ہمارے بچوں کا بنیادی حق ہے، جس کے لیے ہم عمل پیرا ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اور میری بیٹی مریم نواز نے مل کر اسلام آباد کے 4 سو 22 سرکاری اسکولوں کی حالات بہتر بنانے کا عزم کیا ہے تاکہ ہمارے بچے اچھی عمارتوں والی درسگاہ میں زیور علم سے آراستہ ہو۔

    انہوں نے نونہالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھی تعلیم ہی اچھا انسان بناتی ہے اور اچھا انسان ہی پاکستان کا آنے والا کل بہتر بنا سکتا ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم کے لیے اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ضروری ہے۔ انہوں نے بچوں کو دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے اور اچھا پاکستانی بننے کی ہدایت کی۔

  • وزیر اعظم نے اسلام آباد میں پہلی نرسنگ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعظم نے اسلام آباد میں پہلی نرسنگ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اسلام آباد میں بحرین کے تعاون سے قائم کی جانے والی شاہ حماد نرسنگ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صحت کے پروگرام کے ساتھ بیماریوں سے بچاؤ پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بحرین کے تعاون سے پہلی نرسنگ یونیورسٹی کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ صحت پروگرام کے تحت نادار طبقے کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نرسنگ یونیورسٹی کے قیام سے صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے معیار اور تربیت یافتہ افرادی قوت میسر آئے گی اور یہ صحت کے شعبے کی تقویت کا باعث ہوگی۔

    تقریب میں بحرین کے کمانڈر کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کی مثالی دوستی پر فخر ہے۔ جدید نرسنگ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بحرین کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا تحفہ بحرین کی طرف سے پاکستانی عوام کے ساتھ گہری محبت کا اظہار ہے اور یہ یونیورسٹی 2 برادر اسلامی ممالک کے بہترین تعلقات کی عکاس ہے۔

    شاہ حمد نرسنگ یونیورسٹی میں 2 ہزار طلبہ کو تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔ نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز میں سالانہ 5 سو طلبہ داخلہ لے سکیں گے جبکہ ایک ہزار طلبہ کو ہاسٹل کی سہولت میسر ہوگی۔