Tag: وزیر اعظم

  • مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیری اہم فریق ہیں: وزیر اعظم

    مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیری اہم فریق ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دو ٹوک انداز میں واضح کر دیا کہ پاکستان کشمیر کی حق خودارادیت کی ہمیشہ اخلاقی، عملی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کشمیر پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا۔

    وزیر اعظم نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام پڑوسی ممالک سے پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔

    مزید پڑھیں: ایران نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کردی

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کے نوجوان آزادی کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ برہان وانی کی شہادت نے کشمیریوں کی جدوجہد کو نئی زندگی بخشی، جبکہ برہان وانی کی شہادت سے نوجوانوں میں نیا جوش و ولولہ پیدا ہوا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے 70 سال قبل کشمیریوں کو آزادی دینے کا وعدہ کیا تھا۔ استصواب رائے سے ہی کشمیریوں کو حقوق دیے جا سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم، پارلیمنٹ اور حکومت اخلاقی اور سفارتی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مقبوضہ کشمیر کے لوگ اہم فریق ہیں۔

    کانفرنس سے وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے ینگ پارلیمنٹرینز کی جانب سے فورم کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: طلبا مسئلہ کشمیر کو سوشل میڈیا پر اجاگر کریں، صدر آزاد کشمیر

    انہوں نے بھی واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان اور بھارت کے تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام فوری طور پر بند کرے۔

    واضح رہے کہ کشمیر میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق بھارت نے سال 2016 میں کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے رکھے۔ بھارتی فوج نے 303 کشمیریوں کو شہید، 19 ہزار افراد کو زخمی جبکہ 12 ہزار 6 سو 4 افراد کو قید کیا۔

  • پرامن بقائے باہمی اور معاشی رابطوں پر مبنی خطہ پاکستان کی خواہش ہے: وزیر اعظم

    پرامن بقائے باہمی اور معاشی رابطوں پر مبنی خطہ پاکستان کی خواہش ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پر امن بقائے باہمی، معاشی رابطوں پر مبنی خطہ پاکستان کی خواہش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسحٰق ڈار، چوہدری نثار، سرتاج عزیز، ڈی جی آئی ایس آئی اور آرمی چیف شریک ہیں۔

    اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب سے متعلق امور زیر غور آئے۔ اجلاس میں پاکستان کی اندرونی و بیرونی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق اجلاس میں خارجہ پالیسی، ہمسایہ ممالک اور اسٹریٹجک پارٹنرز سے شراکت داری پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ ہمسائیہ ممالک سے دو طرفہ اور کثیر الجہتی تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانی اور مالی قربانیوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور پاکستان کی قربانیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔ اجلاس میں علاقائی استحکام کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔

    اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پر امن بقائے باہمی احترام اور معاشی طور پر مربوط خطہ ہمارا مقصد ہے جس کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔ امن، خوشحالی اور ترقی کے عزم پر قائم رہتے ہوئے ہی ایسا مکمن بنایا جاسکتا ہے۔

  • کوئی میثاق جمہوریت کو تسلیم نہ کرے تو کیا کر سکتے ہیں: وزیر اعظم

    کوئی میثاق جمہوریت کو تسلیم نہ کرے تو کیا کر سکتے ہیں: وزیر اعظم

    مظفر آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کوئی میثاق جمہوریت تسلیم نہ کرے تو کیا کر سکتے ہیں۔ ہم تو معاہدے پر کاربند ہیں۔ جمہوریت کا مطلب ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج مظفر آباد پہنچے جہاں ان کا استقبال صدر آزاد کشمیر محمد مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کیا۔

    اس موقع پر وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر، وزیر تجارت خرم دستگیر اور سینیٹر پرویز رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق وزیر اعظم، آزاد کشمیر کونسل کے 53 ویں بجٹ اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے پہنچے تھے۔ وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کونسل سے خطاب بھی کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے نام لیے بغیر مخالفین پر طنز و تنقید کی روایت برقرار رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا مطلب ہی ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہے۔ کوئی میثاق جمہوریت کو تسلیم نہ کرنا چاہے تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو مثالی مینڈیٹ ملا۔ ایسا مینڈیٹ قسمت سے ہی کسی جماعت کو ملتا ہے۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سٹرکوں کا جتنا بڑا جال بچھ رہا ہے اس کی ملک میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

  • وزیر اعظم نے چشمہ میں سی 3 پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے چشمہ میں سی 3 پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم نے چشمہ میں سی 3 پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا۔ وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر میانوالی سرگودھا روڈ کو ہر قسم کی ٹر یفک کے لیے بند کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے چشمہ نیو کلیئر پاور پراجیکٹ 3 کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف اور وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے امور خارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔

    nawaz-post

    یہ پلانٹ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور چائنہ نیشنل نیو کلیئر کارپوریشن کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور چائنہ نیشنل نیو کلیئر کارپوریشن کے تعاون سے بنائے گئے اس نیو کلیئر پاور پلانٹ سے 340 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جو چشمہ 1 اور چشمہ 2 کے بعد یہ تیسرا پراجیکٹ ہے۔ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 4 کا افتتاح سنہ 2017 میں کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی نیو کلیئر پاور پراجیکٹ کے 2 اور کے 3 کا قیام سنہ 2030 تک عمل میں لایا جائے گا جس سے 8800 میگا واٹ بجلی 2030 تک نیشنل گرڈ کو فراہم کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ یہ تمام نیو کلیئر پاور پراجیکٹس پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی فار سیف گارڈ سے پاس کروائے گئے ہیں۔

    :وزیر اعظم کا خطاب

    بعد ازاں وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاور پلانٹ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پاک چین مشترکہ تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس اشتراک سے خطے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے چشمہ یونٹ 4 اپنی مقررہ مدت سے قبل یعنی سنہ 2017 کے وسط تک بجلی کی فراہمی شروع کردے گا۔

    انہوں نے کہا کہ چشمہ میں چلنے والے نیو کلیئر پاور پلانٹس ملک کے تمام بجلی گھروں سے بہترین کارکردگی کے حامل ہیں اور یہ 600 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ چینی ساختہ پہلے جوہری بجلی گھر چشمہ یونٹ سی ون کی تعمیر کا معاہدہ ہمارے پہلے دور حکومت میں ہوا تھا۔ اس معاہدے نے توانائی کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی نئی مثال قائم کی۔

    وزیر اعظم نے مظفر آباد میں بھی 3 بجلی گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر وہ مخالفین پر وار کرنا بھی نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دھرنوں اور احتجاج کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ دھرنے پاکستان کے لیے نقصان دہ ہیں۔ سیاست کی خاطر ملکی مفاد قربان نہ کیا جائے۔ پاکستان ہم سب کا ہے، اس کی ترقی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے چین کے اداروں کی جانب سے معاونت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • بوسنیا: وزیر اعظم نواز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب

    بوسنیا: وزیر اعظم نواز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب

    وزیر اعظم نواز شریف بوسنیا کے دورے کے دوران وزیر اعظم کے آفس پہنچ گئے۔ اس موقع پرمسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح وزیر اعظم بوسنیا پہنچے تھے۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر بوسنیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر ڈینیس نے وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔

    بوسنیا کے وزیر اعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان سے وزیر اعظم نواز شریف کا تعارف کروایا جبکہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کروایا گیا۔

    وزیر اعظم کے دورے کے موقعے پر ان کی اہلیہ کلثوم نواز اور ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔

    وزیر اعظم نوازشریف بوسنیا ہرزگوینیا کے ہم منصب کی دعوت پر گئے ہیں۔ وہ 3 روزہ سرکاری دورے میں وہاں کی پارلیمانی اسمبلی کے ارکان اور دیگر سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    اس دوران وزیر اعظم بزنس فورم سے خطاب کے علاوہ چیمبر اور سرمایہ کاروں کی مختلف تنظیموں کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دورہ بوسنیا کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • گریٹر اقبال پارک دھرنے کی جگہ نہیں، وزیراعظم، افتتاح پر خطاب

    گریٹر اقبال پارک دھرنے کی جگہ نہیں، وزیراعظم، افتتاح پر خطاب

    لاہور: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک دھرنے کی جگہ نہیں، یہاں یہ بات لکھ کر لگادی جائے،دہشت گردی ختم ہورہی ہے، ملک میں اب 3 برس قبل والے حالات نہیں،سڑکوں اور موٹر ویز سے پورا ملک آپس میں مل رہا ہے، یہ ہے تبدیلی اور یہ ہے انقلاب جو دیکھنے والوں کو نظر آرہا ہے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں گریٹر اقبال پارک کے افتتاح پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    1

    انہوں نے کہا کہ آج ہم جہاں کھڑے ہیں یہ صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں ہے، یہ وہی جگہ ہے جہاں ماضی مستقبل کے گلے مل رہا ہے، زمین کا یہ ٹکڑا کئی تاریخی واقعات اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے، گریٹر اقبال پارک لاہور کی خوب صورتی میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے، شہاز شریف اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

        6

    انہوں نے کہا کہ دھرنے والے ایسی جگہوں کی تلاش میں ہیں، گریٹر اقبال پارک کسی دھرنے کی جگہ نہیں ہے یہ بات یہاں لکھ کر لگادینی چاہیے۔

    3

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم ہورہی ہے،ملک میں آج سے تین سال قبل والے حالات نہیں ہیں، بہتری آئی ہے، بجلی آئے گی تو ہمارے شہر اور پاکستان روشن ہوگا، جہاں روشنیاں ختم ہوگئی تھیں وہاں اب روشنیاں بحال ہورہی ہیں، بجلی آئے گی تو انڈسٹریاں چلیں گی، روزگار ملے گا اور زراعت نمو پائے گی، بے روزگاری ختم ہوگی، پاکستان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلے سے بھی زیادہ ترقی کرے گا، کوئی جا کر وہاں دیکھے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھا دیا، شرپسند عناصر کا خاتمہ کردیا، امن کے دشمن لوگ اب سمجھ نہیں پارہے کہ عوام کو کیا جوازپیش کریں، بلوچستان اب بہت تیزی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کررہا ہے اور واقعتاً پاکستان کا اہم جز بن رہا ہے۔

    5

    نواز شریف نے کہا کہ چند روز قبل گوادر سے کوئٹہ جانے والی سڑک کا افتتاح کیا،پہلے کوئٹہ سے گوادر جانے میں دو دن لگتے تھے اب محض 8 گھنٹے لگتے ہیں، لاہور قلعے کی بھی تزئین و آرائش ہونے والی ہے،یہ کتنی بڑی تبدیلی ہے، یہ ہے انقلاب ،لوگ سمجھ رہے ہیں، دیکھنے والوں کو نظر آرہا ہے کہ ہماری حکومت کیا کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور موٹر ویز سے پورا ملک آپس میں مل رہا ہے، لاہور سے ملتان کی موٹر وے 2018ء میں مکمل ہوجائے گی، ملتان سے سکھر کی موٹر وے 2019ء میں مکمل ہوجائے گی، ہم بجٹ کا بہت بڑا حصہ سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کررہے ہیں۔

    4

    نواز شریف نے سابقہ حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ مجرمانہ غفلت کے سبب ماضی میں بجلی نہیں بنائی گئی، چھوٹے قصبوں میں اسپتال تعمیر کیے جائیں گے۔

    سیاح پارک میں پاکستانی کھانوں سے محظوظ ہوں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب

    قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ گریٹر اقبال پارک میں پاکستان کی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے، پارک نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی وطن کی ترجمانی کرے گا، سیاح پارک میں پاکستانی کھانوں سے محظوظ ہوں گے۔

    نثار پر تنقید کرنے والے رحمان ملک کا دور بھول گئے، دانیال عزیز

    لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ چوہدری نثار پر تنقید کرنے والے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا دور بھول گئے، اس دور میں روز ایک دھماکا ہوتا تھا لوگ ذبح کیے جاتے تھے، رحمان ملک کے دور میں پاسپورٹ کا حصول آسان نہ تھا، شناختی کارڈ چھ چھ ماہ بعد بنتا تھا۔

    وزیراعظم کی آمد، سڑکیں بند، ٹریفک جام، شہری پریشان

    دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے گریٹر اقبال پارک کے افتتاح کے سلسلے میں سیکیورٹی اہلکار صبح سے ہی تعینات کر دیئے گئے تھے اور پارک کے گرد ونواح کو صبح سے ہی سیل کر دیا گیا تھا،سڑکیں بند ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

    وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ 50 گاڑیوں کے قافلے میں اقبال گریٹر پارک سے روانہ ہوئے، دونوں بھائیوں نے واپسی کے لیے دو علیحدہ روٹ اختیار کیے جس سے عوام کو دہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

  • طارق فاطمی ٹرمپ کی ٹیم کے کسی رکن سے ملاقات میں ناکام

    طارق فاطمی ٹرمپ کی ٹیم کے کسی رکن سے ملاقات میں ناکام

    وزیر اعظم کے خصوصی مشیر طارق فاطمی امریکا میں ایک ہفتے قیام کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کے کسی رکن سے ملاقات نہ کر پائے۔ ترجمان پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے دورہ امریکا میں کوششوں کے باوجود ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم سے ملاقاتیں نہ ہو سکیں۔

    ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایک ہفتے سے زائد کے دورے میں طارق فاطمی صرف اوباما انتظامیہ کے ارکان سے ملاقاتیں کر پائے۔ ٹرمپ ٹرانزیشن ٹیم نے مصروفیت کے باعث طارق فاطمی سے ملاقاتوں سے معذرت کی۔

    مزید پڑھیں:

    طارق فاطمی کی امریکی مشیر قومی سلامتی سے ملاقات

    وزیر اعظم کے معاون طارق فاطمی کی اہم امریکی شخصیات سے ملاقاتیں

    پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی کے دورہ امریکا کو ناکام کہنا درست نہیں ہوگا۔ طارق فاطمی کا دورہ امریکا کامیاب رہا۔

    ترجمان پاکستانی سفارت خانے کے مطابق طارق فاطمی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

  • وزیر اعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

    وزیر اعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کے درمیان ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔ ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل فوج میں بڑے پیمانے پر اعلیٰ سطح کی ترقیوں اور تبادلوں کے نتیجے میں کور کمانڈر کراچی لیفٹنینٹ جنرل نوید مختار کو فوج کے انٹر سروسز انٹیلی جنس ادارے (آئی ایس آئی) کا نیا سربراہ تعینات کیا گیا ہے۔

    نوید مختار کی سربراہی میں کراچی آپریشن کو بے حد تقویت ملی اور شہر سے خاصی حد تک جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ ہوا۔

  • آرمی چیف کی صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقات

    آرمی چیف کی صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی سلامتی کے معاملات اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف وزیر اعظم اور صدر مملکت سے یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان قومی سلامتی کے معاملات اور پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں ملک کی صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی پر بھی گفت و شنید کی گئی۔

    ملاقات میں خاص طور پر لائن آف کنٹرول، ویسٹرن بارڈر اور آپریشن ضرب عضب زیر بحث آئے۔ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا جبکہ آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    بعد ازاں آرمی چیف نے صدر مملکت سے بھی ملاقات کی جس میں قومی سلامتی معاملات اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کا فیصلہ

    ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایل او سی کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں وادی نیلم میں مسافر بس پر حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کو بریفنگ دی گئی کہ بھارتی فوج نے مسافر بس کو دانستہ نشانہ بنایا۔ اس کے بعد بھارتی فوج نے زخمیوں کو لانے والی ایمبولینسز کو بھی نشانہ بنایا۔

    بھارتی فوج کی وادی نیلم میں مسافر بس پر فائرنگ، 9 شہری شہید *

    اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ عالمی برادری پر زور دیا جائے گا کہ ایل او سی پر بگڑتی صورتحال کم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ عالمی برادری بھارت کی طرف سے کشیدگی بڑھانے کا نوٹس لے۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے نمٹنے پر بھی غور کیا گیا۔

    اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں مادر وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کی جرات اور بہادری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ، 3 فوجی شہید، 7 بھارتی فوجی ہلاک *

    اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔