Tag: وزیر اعظم

  • زرعی مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    زرعی مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے پیکج کو جلد حتمی شکل دینے اور متعلقہ فیصلوں کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے پیکج کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سبسڈی پیکج پر صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جائے، اضافی پیداوار کے لیے خوردنی تیل کے بیج پر بھی سبسڈی دی جائے۔

    انہوں نے کسان پیکج سے متعلق فیصلوں کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی تھی کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرے اور کسانوں کو کم لاگت پر بروقت معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی یقینی بنائے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کسانوں کو جدید مشینری اور قرضوں میں سہولت کی فراہمی یقینی بنائے گی اور گندم اور زرعی اجناس کو ذخیرہ کرنے کے لیے سائیلوز کی تعمیر پر کام کرے گی۔

  • وزیر اعظم ہاؤس کی آڈیو لیکس، 12 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا

    وزیر اعظم ہاؤس کی آڈیو لیکس، 12 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم ہاؤس کی آڈیو لیکس کے سلسلے میں تشکیل شدہ 12 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کی آڈیو لیکس پر پہلا اجلاس آج ہوگا، سائبر سیکیورٹی کی تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی وزیر داخلہ کریں گے۔

    آئی ایس آئی اور آئی بی کے افسران بھی کمیٹی میں شامل ہیں، کمیٹی تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات وزیر اعظم کو دے گی، ٹی او آرز اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    اسٹریٹجک اداروں، وزیر اعظم ہاؤس اور دفتر کے سیکیورٹی پروٹوکول پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔

    سائبر سیکیورٹی بریچ کی تحقیقات میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا، سائبر حملوں کو روکنے کے اقدامات، ٹیبلٹس، اسمارٹ فونز، اور وائی فائی سمیت الیکٹرانک آلات بھی چیک کیے جائیں گے۔

  • وزیر اعظم نے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعظم نے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کو عوامی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ معیشت کو مضبوط کیا جائے، مہنگائی میں کمی لائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 5.4 کلو میٹر طویل منصوبہ 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

    منصوبے میں 12 سو 50 میٹر طویل اوور ہیڈ برج بنایا جائے گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج عظیم عوامی منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب پر اکٹھے ہوئے ہیں، یہ عظیم عوامی منصوبہ 4 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ این ایل سی سے گزارش ہے کہ اس منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کے لیے این ایل سی کی یہ بہت بڑی خدمت ہوگی، اس روڈ پر بعض اوقات گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے باسیوں کے لیے بے شمار منصوبے بنائے گئے، اورنج لائن، گرین لائن، میٹرو بس اور فلائی اوور جیسے منصوبے دیے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کو عوامی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا، عوام کا دکھ درد ہوتا تو مسائل کا پہاڑ نہ ہوتا بلکہ مسائل حل ہوتے۔ گزشتہ حکومت نے دن رات جھوٹ بولا، ایک رواج قائم کیا کہ لوگوں کو دھوکہ دیتے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے، میں نے زندگی میں اتنا غیر ذمہ دار اور جھوٹا آدمی کبھی نہیں دیکھا۔ آپ نے اسپتال بھی بنایا جو اچھی بات ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ معیشت کو مضبوط کیا جائے، مہنگائی میں کمی لائی جائے۔

  • مفتاح اسماعیل قابل آدمی ہیں انہوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا: وزیر اعظم

    مفتاح اسماعیل قابل آدمی ہیں انہوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل قابل آدمی ہیں انہوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ کابینہ کے بھرپور تعاون سے مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف ڈیل کو دوبارہ شروع کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار منجھے ہوئے سیاستدان اور تجربہ کار سینیٹر ہیں، ہماری دعا ہے کہ اللہ انہیں کامیاب فرمائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے اسحاق ڈار کی شرکت سے مخلوط حکومت کو مدد ملے گی، مفتاح اسماعیل قابل آدمی ہیں انہوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ کابینہ کے بھرپور تعاون سے مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف ڈیل کو دوبارہ شروع کروایا۔

    انہوں نے کہا کہ ثمرقند کا دورہ بہت کامیاب تھا، ایس سی او کے اجلاسوں میں تعمیری گفتگو ہوئی، تمام ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ ایس سی او میں چین اور ترکی کے صدور سے ملاقاتیں ہوئیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے بھی تفصیلی میٹنگ ہوئیں، بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں انہوں نے زبردست ہوم ورک کیا تھا۔

  • پاکستان کو قرض سے ریلیف کی ضرورت ہے، دنیا کو ساتھ کھڑا ہونا ہوگا: وزیر اعظم

    پاکستان کو قرض سے ریلیف کی ضرورت ہے، دنیا کو ساتھ کھڑا ہونا ہوگا: وزیر اعظم

    نیویارک: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو قرض سے خاطر خواہ ریلیف کی ضرورت ہے، دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ آج ہم موسمیاتی تبدیلی کا نشانہ بنے کل کوئی اور ملک بھی بن سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی ٹی وی بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس وقت سیلاب متاثرین کے ساتھ ہونا چاہیئے تھا، میں یہاں اس لیے ہوں کہ دنیا کو بتا سکوں ہمارے ملک میں کیا ہوا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سےکلاؤڈ برسٹ ہوا، موسمیاتی تبدیلی میں ہمارا حصہ نہیں ہے۔ پاکستان کا کاربن گیسز کا اخراج ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 400 بچوں سمیت 1500 افراد جاں بحق ہوئے، سیلاب کے باعث 4 ملین ایکڑ رقبے پر فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ 10 لاکھ گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ اور تباہی کا مشاہدہ کیا، انہوں نے سیلاب سے تباہی کو ناقابل یقین قرار دیا۔ امریکی صدر نے بھی پاکستان میں سیلاب سے متعلق بات کی ان کا شکر گزار ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وقت کم ہے، 3 لاکھ بچے وبائی امراض اور بھوک کا شکار ہیں، پاکستان کو قرض سے خاطر خواہ ریلیف کی ضرورت ہے۔ یو این سیکریٹری جنرل اور یورپی ممالک کے سربراہان سے کہا کہ ریلیف کے لیے مدد کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ابتدائی طور پر نقصان کا تخمینہ 30 بلین ڈالر لگایا گیا ہے، دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے بات کی کہ متاثرہ افراد کے لیے پروگرام بنایا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر ماہ پیٹرول اور بجلی کی قیمت بڑھانا پڑتی ہے، میری روسی صدر سے ملاقات ہوئی۔ روسی صدر سے پیٹرول خریدنے اور اناج کی برآمد کی بات کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام دوستوں کی طرف ہاتھ بڑھاتا ہوں، سیاست چھوڑ کر ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ آج ہم موسمیاتی تبدیلی کا نشانہ بنے کل کوئی اور ملک بھی بن سکتا ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ہمارا پڑوسی ہے اور ہمیں ہمیشہ ساتھ رہنا ہے، یہ ہمیں طے کرنا ہے کہ پرامن پڑوسی بن کررہنا ہے یا کشیدگی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، بھارت کے ساتھ صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ کشمیر کا ہے، بھارت کشمیر پر بات کرنے کو تیار ہے تو ہم بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

  • بغیر قلمدان کے 22 معاونین کے بعد وزیر اعظم کے مزید 2 معاون خصوصی تعینات

    بغیر قلمدان کے 22 معاونین کے بعد وزیر اعظم کے مزید 2 معاون خصوصی تعینات

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے مزید 2 معاونین خصوصی تعینات کردیے گئے جس کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 72 اور معاونین خصوصی کی تعداد 27 ہوگئی، 22 معاونین کے پاس کوئی قلمدان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے مزید 2 معاونین خصوصی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، سردار شاہ جہاں یوسف اور نعمان لنگڑیال کو معاونین خصوصی تعینات کیا گیا ہے۔

    نئے معاونین کی تعیناتی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں ارکان کی تعداد 72 ہوگئی جبکہ وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد بڑھ کر 27 ہوگئی۔

    وفاقی کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد 34، وزرائے مملکت کی تعداد 7 اور مشیروں کی تعداد 4 ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں نئے معاونین خصوصی کو کوئی قلمدان نہیں دیا گیا جبکہ وفاقی وزیر یا وزیر مملکت کے برابر عہدہ بھی نہیں دیا گیا۔

    فی الوقت وزیر اعظم کے 27 میں سے 22 معاونین خصوصی کے پاس کوئی قلمدان نہیں، وفاقی وزرا میں سے ایک جاوید لطیف بھی کئی مہینوں سے بغیر کسی قلمدان کے وفاقی وزیر کے عہدے پر موجود ہیں۔

  • شہباز شریف کی نومنتخب برطانوی ہم منصب کو مبارکباد

    شہباز شریف کی نومنتخب برطانوی ہم منصب کو مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نومنتخب برطانوی ہم منصب لز ٹرس کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ مں لکھا کہ لز ٹرس کو برطانیہ کی وزیر اعظم بننے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ ہمارے سب سے بڑے تجارتی اور ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، تاریخی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیےساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

    خیال رہے کہ پارٹی گیٹ اسکینڈل سامنے آنے پر سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے 7 جولائی کو وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

    ان کے بعد لز ٹرس کو برطانیہ کی نئی وزیر اعظم منتخب کیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کا بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان میں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد سے جلد بحال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ روڈ، ریلوے انفرااسٹرکچر کی بحالی اور سیلاب سے بہہ جانے والے پنجرا پل کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔

    انہوں نے بی بی نانی میں ریلوے پل کا بھی فضائی جائزہ لیا۔

    وزیر اعظم کو امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم یہاں موجود تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آپ لوگ بہت مشکل وقت میں کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوگئے، لوگوں کے مویشی سیلاب میں بہہ گئے، فصلیں تباہ ہوگئیں، انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہاں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہوں، متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔

  • سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی، سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی خرم آغا، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجرجنرل کمال اظفر اور ان کی ٹیمز لائقِ تحسین ہیں کہ قلیل مدت میں تمام بڑی شاہراہیں بشمول قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر بھی ٹیم کو مبارکباد دی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا، سیکریٹری پاور ڈویژن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔

  • وزیر اعظم کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر ٹیم کو مبارکباد

    وزیر اعظم کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر ٹیم کو مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا، متعلقہ ٹیم نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔