Tag: وزیر اعظم

  • وزیر اعظم  آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے

    وزیر اعظم آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم نوازشریف آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر کے پانامہ پیپرز سے متعلق الزامات کا تفصیلی جواب دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم قومی اسمبلی میں شرکت سے پہلے اپنے قریبی رفقا سے مشاورت کریں گے،جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں شرکت کے موقع پر اپنے اراکین اسمبلی اور اتحادیوں کو لازمی طور پر شریک ہونے کی ہدایت کی گئی ہے.

    اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلالیا ہے جس میں وزیر اعظم کی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے حکمت عملی پر غورہوگا.

    اپوزیشن کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف کے گفتگو کے نکات پر بھی مشاورت ہوگی.

    سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس دو دن کا وقفے کے بعد آج ہوگا. سینیٹ کا اجلاس 4 بجے جبکہ اپوزیشن کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا.

    وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں پانامہ کاغذات کے معاملے پر ایک پالیسی بیان دینے کی توقع ہے.

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج وزیراعظم پاناماپیپرز کی تحقیقات کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات کا اعلان کر سکتے ہیں.

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے وزیراعظم اپنے قریبی رفقا مشاورت کریں گے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں مشترکہ حکمت عملی طے کی جائیگی.

  • عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو کرپشن کا بادشاہ قرار دے دیا

    عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو کرپشن کا بادشاہ قرار دے دیا

    بنوں: عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو کرپشن کا بادشاہ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ادھر اُدھر کے چکر نہ لگائیں احتساب کیلئے تیار ہوجائیں،دو ہزار سولہ تبدیلی کا سال ہے۔

    بنوں اسپورٹس کمپلیکس میں جاری جلسے سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے آٹھ سال میں اٹھائیس فیکٹریاں بنائیں ثبوت ہونے کے باوجود نیب کارروائی نہیں کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر نیب نے میاں صاحب کا احتساب کردیا تو پاکستان بدل سکتا ہے کیوں کہ اس کے بعد کوئی بھی وزیر کرپشن کرنے سے خوفزدہ ہوگا لیکن ایسا نہیں ہوسکا تو کرپشن عام ہوجائے گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب جتنا چاہے دوسرے ملکوں کے چکر لگالیں احتساب سے بچ نہیں سکتے،قوم کوسچ بتائیں، قوم کو بتائیں کہ اثاثے کہاں ہیں اورکتنےہیں۔

    عمران خان نے خطاب میں مولانا فضل الرحمان اور اکرم درانی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مولانا اپنی پارٹی کانام بدل کر کرپشن بچاو پارٹی رکھ لیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں امیر لوگوں سے ٹیکس اکھٹا کرکے دکھاوں گا اور وہ پیسہ تعلیم، اسپتالوں اور روزگار کے ذریعے غریب عوام پر خرچ کروں گا اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ کروگا، کرپشن صرف چند لوگوں کو پکڑنے سے ختم نہیں ہوگی اس کے لیے اوپر بیٹھے لوگوں کا احتساب کرنا ہوگا،بیرون ملک سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کے غیرقانونی طریقے سے بھیجے گئے پیسے واپس لے کر آئیں گے۔

    انہوں نے تبدیلی کا نیا سال بھی بتایا کہ دو ہزار سولہ تبدیلی کا سال ہے اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگوائے۔

    چیئرمین تحریک انصاف خطاب کر کےروانہ ہوئے توجلسہ گاہ میں بھگڈر مچ گئی، جلسے کے بعد اسپورٹس کمپلیکس میں بھگدڑ سے مرکزی دروازہ ٹوٹ گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

  • وزیر اعظم کا پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کااعلان

    وزیر اعظم کا پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کااعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے پنامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے عدالتی کمیشن بنانے کااعلان کردیا۔

    وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں پہلی بار اپنے متعلق اور ذاتی حوالے سے کچھ کہنے کے لیے آیا ہوں۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر کچھ لوگ اپنے سیاسی مقاصد کیلئے مجھے اورمیرے خاندان کو نشانہ بنارہے ہیں، الزامات کےحوالےسےکچھ حقائق پیش کرناچاہتا ہوں، میرے والد نے اتفاق فاؤنڈری کی بنیادی رکھی، قیام پاکستان تک اتفاق فاؤنڈریز مستحکم ادارہ بن چکا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد ایک شاخ ڈھاکا میں بھی قائم ہوچکی تھی، میرےوالد نے بھٹو دورمیں36نئی صنعتیں قائم کیں، جنوری 1972 کو بھٹو کی حکومت نے اتفاق فاؤنڈریز پر قبضہ کرلیا،ظلم و زیادتی کے باوجود والد کے حوصلے اور عزم میں کمی نہ آئی، والد نے تباہ حال  ڈھانچے کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں میرے والد قومی خزانے میں کروڑوں روپے جمع کراتے رہے، سن 1981 میں فیکٹری کامال لانیوالے بحری جہازکو مال اتارنے کی اجازت نہ دی گئی،خام مال اتارنے سے روکنے پر 50کروڑ کا نقصان ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاست میں آنے کے بعد بھی ذاتی انتقام کا نشانہ بنتے رہے، مجھے14ماہ تک جیل میں رکھا گیا، ہماراماڈل ٹاؤن کا گھربھی چھین لیاگیا،ہمارے کاروبار کو روک دیا گیا،تالے لگا دیے گئے، سب کےسامنے ہے کہ ہمیں ملک بدرکردیا گیا تھا، ہمیں7 سال بیرون ملک رہناپڑا، سالہا سال تک یک طرفہ احتساب کے پل صراط پر چلتےرہے لیکن قانون و انصاف کے ہر معتبر فورم سے سرخرو ہو کر نکلے۔

    وزیر اعظم نے اپنے دونوں صحابزادوں کے حوالے سے بتایا کہ حسن نواز1994سےلندن میں مقیم ہیں جبکہ حسین نواز 2000 سے سعودی عرب میں مقیم ہیں ۔

    میاں نواز شریف نے کہا کہ کبھی اقتدارکوکاروبار سے نہیں جوڑا ہے صرف اتنا کہوں گا کہ کرپشن سے کمانے والے  اپنے نام کمپنی نہیں رکھتے ہیں، ہم نےپونے6ارب روپےکےقرضےواپس کئے انہوں نے کہا کہ ہم نے وہ قرض بھی اتارےجوہم پرواجب نہیں تھے، سعودی بینکوں سے قرض لے کر مکہ میں کارخانہ لگایا۔

    اپنے خطاب کے آخر میں وزیر اعظم نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کااعلان کردیا انہوں نے کہا کہ کبھی سیاست کواقتدار سے منسلک نہیں کیا،یہ کمیشن سپریم کورٹ کےایک سابق جج کی سربراہی میں بنے گا، الزامات لگانے والے کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر تمام ایئرپورٹس کو جدید بنانے کیلئے اقدامات شروع

    وزیر اعظم کی ہدایت پر تمام ایئرپورٹس کو جدید بنانے کیلئے اقدامات شروع

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس کو دنیا کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی طرز پر معیاری اور جدید بنانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں ۔

    ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق کراچی،اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر جائیکا کے تعاون سے مسافروں کے سامان کی اسکیننگ کیلئے جدید مشینیں نصب کردی گئی ہیں ۔

    سابق ہوا بازی کے مشیر شجاعت عظیم نے دو ہزارچودہ میں جاپان کے تعاون سے جدید مشینوں کیلئے رابطہ کیا تھا جس پر جائیکا نے اسلام آباد لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کیلئے تحفے کے طور پرجدید مشینیں نصب کی گئی ہیں ۔

    ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق جائیکا کے تعاون سے جدید مشینیں پشاور،کوئٹہ،ملتان ایئرپورٹ پر بھی نصب کی جائیں گی ان جدید مشینوں سے کم وقت میں مسافروں کا سامان کی سرچنگ کے ساتھ ساتھ اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔

  • سانحہ لاہور کے باعث، وزیر اعظم نے دورہ امریکہ منسوخ کردیا

    سانحہ لاہور کے باعث، وزیر اعظم نے دورہ امریکہ منسوخ کردیا

    اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے لاہور خود کش حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں امریکا کا دورہ منسوخ کردیا۔

    وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے لاہور خودکش حملے کے بعد پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورت حال کو دیکھتے ہوئے امریکا کا دورہ منسوخ کردیا ہے، وزیراعظم نواز شریف کو امریکہ میں ہونے والی نیوکلئرکانفرنس میں شرکت کے لیے امریکہ جانا تھا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے قریبی رفقا سے مشاورت کے بعد دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جگہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نیوکلیئر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    وزیر اعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا۔

    اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ایوان وزیر اعظم میں ہو گا، اجلاس میں چاروں صوبوں سے وزرائے اعلی،وزیراعظم آزادکشمیراور کونسل ارکان شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں فلڈ پروٹکشن پالیسی کی منظوری دی جائے گی۔مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان مختلف مسائل اور ایشوز بھی زیر غور آئیں گے۔

    مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل در آمد کے حوالے سے جائزہ بھی لیا جائے گا ۔

  • نیدرلینڈ کی ملکہ کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات

    نیدرلینڈ کی ملکہ کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات

    اسلام آباد: نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ امورپر تبادلہ خیال کیا ۔

    نیدر لینڈ کی ملکہ وزیر اعظم ہاوس پہنچیں تو وزیر اعظم نواز شریف بیگم کلثوم نواز ، مریم نواز اور وفاقی وزرا نے ان کا استقبال کیا وزیر اعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امورپر تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان تجارت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • وزیر اعظم نواز شریف کی امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات

    وزیر اعظم نواز شریف کی امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات

    واشنگٹن: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں افغانستان کی صورت حال،مسئلہ کشمیر سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    واشنگٹن میں وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات ہوئی، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا اس موقع پر کہنا تھا امریکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان افغانستان کے مصالحتی عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

    جان کیری کا کہنا تھا افغانستان اور پاکستان سے دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کی ضرورت ہے ،امریکہ پاک افغان خطے میں امن دیکھنا چاہتا ہے۔

    وزیر اعظم نواز شریف اور جان کیری کے درمیان پاک بھارت تعلقات پربھی تفصیلی بات ہوئی،وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے مگربھارت مذاکرات سے پیچھے ہٹ رہا ہے، بھارت پاکستان میں تخریبی کاروائیوں میں بھی ملوث ہے۔

    وزیر اعظم نواز شریف کا جان کیری سے گفتگومیں کہنا تھا پاک بھارت امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل انتہائی ضروری ہے۔

  • سانحہ کراچی میں ’را‘ کے ملوث ہونے کا انکشاف

    سانحہ کراچی میں ’را‘ کے ملوث ہونے کا انکشاف

    کراچی: عسکری ذرائع نے انشاف کیا ہے کہ سانحہ کراچی میں بھارتی خوفیا ایجنسی را کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

    پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں را ملوث ہے، سانحہ کراچی میں بھی اشارے بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب جانے لگے، عسکری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں ہونیوالی بر بریت میں را کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں اس سلسلے مں پندرہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے، دہشت گردوں کے مالیاتی نیٹ ورک سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

    عسکری ذرائع کا کہنا ہے حالیہ پیش آنے والے اکثر واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہد ہیں، سی ٹی ڈی کے انچارج راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے نے جائے وقوعہ اور متاثرہ بس سے بھی کچھ شواہد ملے ہیں سانحے کی فرانزک رپورٹ جاری کی گئی جس میں انکشاف ہوا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے خول فتح محمد سانگری کے محافظ سے چھینی گئی ایس ایم جی کی گولیوں سےممالثت رکھتے ہیں۔

    سانحہ کراچی میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنے والے کیلئیے انعام کا اعلان بھی کردیا گیا،ملزمان کا پتہ بتانے والے کو وفاق اور صوبائی حکلومت کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔

  • سانحہ صفورہ کے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، وزیر اعظم

    سانحہ صفورہ کے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، وزیر اعظم

    کراچی : گورنر ہاؤس کراچی میں سانحہ کراچی کے حوالے سے کورکمانڈراورڈی جی رینجرزکی جانب سے آرمی چیف اوروزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کراچی پر وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں دہشت گردی کے واقعے میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے سمیت اہم پہلوئوں پر غور کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سانحہ صفورا گوٹھ پر انتہائی برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ آج کا واقعہ قومی سانحہ ہے،دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے محکمہ پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ناکامی کی وجہ سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا، آج کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ انٹیلی جنس شیئرنگ کےنظام کو مؤثر بنایاجائے،ہم نے ہرصورت دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا ہے، انہوں نے کہا کہ 15 سے بیس دن کے اندر واقعے کی رپورٹ پیش کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے، اور شرپسند عناصر کیخلاف فیصلہ کن کاروائی کا آغاز کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کی ہلاکت نہایت اہم واقعہ ہے۔ آج کے واقعہ پر جتنا بھی دکھ کا اظہار کیا جائے کم ہے۔

    دہشتگردوں نے کراچی میں پُرامن افراد کو نشانہ بنایا۔ کراچی پاکستان کا تجارتی مرکز ہے، اس کی روشنیاں مدھم نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نے محکمہ داخلہ سندھ کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اہم اقدامات نہیں کئے گئے۔

    نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں محکمہ داخلہ کا اہم کردار ہے۔ وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، کور کمانڈر کراچی اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی شریک تھے۔