Tag: وزیر اعلیٰ

  • کے پی حکومت گرائی تو سیاست چھوڑ دوں گا، وزیر اعلیٰ کا مخالفین کو چیلنج

    کے پی حکومت گرائی تو سیاست چھوڑ دوں گا، وزیر اعلیٰ کا مخالفین کو چیلنج

    وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو آئینی طریقہ سے نہیں گرایا جا سکتا صوبے میں گورنر راج لگانا ہے تو لگا کر دیکھ لیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کے بعد پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے عام انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور پھر 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعہ عدلیہ پر حملہ کیا گیا۔ آئینی طریقے سے کے پی حکومت کو نہیں گرایا جا سکتا۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں اگر ہماری حکومت کو گرایا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ اگر صوبے میں گورنر راج لگانا ہے تو یہ شوق بھی پورا کر کے دیکھ لیں۔ کسی کو تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق ہے تو وہ بھی آزما کر دیکھ لے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت ہمارے پاس بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔ اس کی ہر صورت حفاظت کریں گے۔ ہم کسی کو نہیں روکیں گے اور نہ کسی کو کہیں گے کہ ہمارے خلاف نہ جائے۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں پوری پارٹی متحد ہے۔ بانی نے قوم کو ایک نظریہ اور سوچ دی۔ مخالفین سمجھتے ہیں کہ وہ دراڑ پیدا کریں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔

    وزیراعلیٰ کے پی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جس کو جو بھی عہدہ دیا ہے، پوری پارٹی اس پر متحد ہے۔ کوئی شخص ان کے دیے گئے عہدےکیخلاف جاتا ہے تو وہ عمران خان کے ساتھ غلط کر رہا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے این ایف سی ایوارڈ کیلیے سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دے دی

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے این ایف سی ایوارڈ کیلیے سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دے دی

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دے دی ہے۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین ہمیں این ایف سی کے مطابق حق دیتا ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں خیبر پختونخوا کوجو حق ہے، وفاقی وہ فوریطور پر ہمارے حوالے کرے بصورت دیگر اس معاملکے پر سڑکوں پر بھی نکلیں گے۔

    علی امین گنڈاپورنے واضح کیا کہ این ایف سی کے مطابق جو فنڈ کے پی کا حق ہے وہ لے کر رہوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعلیٰ میرا اختیار ہے کہ میں کسی بھی جیل میں قیدی سےملاقات کر سکتا ہوں لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے لیے مجھے دو ماہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے دوٹوک کہا کہ عمران خان ایک مقصد اور نظریے کے لیے غیر قانونی طور پر جیل میں ہیں اور وہ کبھی بھی ڈیل کر کے باہر نہیں آئیں گے۔

    علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں دہشتگردی سمیت سرحد کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی کو ختم کرنےکے لیے پورا زور لگایا گیا، عمران خان کی جس طرح حکومت ہٹائی گئی،اس پر تحفظات ہیں۔ میں بانی پی ٹی آئی کی جنگ لڑ رہا ہوںح اور جو مجھ سے ہو سکے گا وہ کروں گا۔ دعاگو ہوں صدر آصف زرداری جلد صحتیاب ہوں۔

  • گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے: محسن نقوی

    گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے: محسن نقوی

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات کو افسوسناک اطلاع آئی کہ عبدالحمید شہید ہوگئے ہیں۔

    محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، شہید کانسٹیبل کے واقعے میں جو بھی ملوث ہے ان میں سے کوئی نہیں بچے گا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کے دو بیٹے ہیں، ایک سی ڈی اے میں ملازم ہے، شہید عبدالحمید کیلئے شہید پیکج ایک دو روز میں دیا جائیگا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نہ ہماری اور نہ کسی اور ادارے کی حراست میں ہیں، علی امین گنڈاپور کل رات بھاگ گئے تھے، علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں بھی موجود نہیں ہیں۔

     وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد کی حدود میں ہونگے تو پولیس گرفتار کرے گی، علی امین گنڈا پور خود بھاگے ہیں، ہم نے 2،3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں، کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔

  • سندھ میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا: مراد علی شاہ

    سندھ میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا: مراد علی شاہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کرنا ہوگی، صوبے میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کے تحفظ کے عزم کا یقین دلاتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کی افتتاحی کانفرنس سے خطاب کیا۔

    کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عالمی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی سائنس کا ادارہ تعارف کا محتاج نہیں، مسلم ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غربت، غذائی عدم تحفظ اور کلائمٹ چینج کے مسائل کا حل سائنس سے ممکن ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی سے ہم ان مسائل سے نمٹ سکتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کرنا ہوگی، صوبے میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کے تحفظ کے عزم کا یقین دلاتا ہوں۔

  • پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں مزید 4 مشیروں کا اضافہ

    پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں مزید 4 مشیروں کا اضافہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں وزیر اعلیٰ کے لیے مزید 4 مشیروں کا تقرر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں وزیر اعلیٰ کے لیے 4 نئے مشیروں کے تقرر کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق سید جرار حسین بخاری کو مشیر برائے سماجی بہبود اور ظفر محمود کو مشیر برائے ثقافت و سیاحت اور آثار قدیمہ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔

    رحمت سلام خٹک ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری تعلیم کے جبکہ ڈاکٹر عابد جمیل محکمہ صحت کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر ہوں گے۔

  • پنجاب کے لیے ایک اور تاریخی منصوبہ، وزیر اعلیٰ نے منظوری دے دی

    پنجاب کے لیے ایک اور تاریخی منصوبہ، وزیر اعلیٰ نے منظوری دے دی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب کے مختلف شہروں کو موٹر وے سے منسلک کرنے کے ستلج انڈس اکنامک نیٹ ورک پروجیکٹ کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدات اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب کی تعمیر و ترقی کے لیے تاریخی منصوبے کا اعلان کردیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے مختلف شہروں کو موٹر وے سے منسلک کرنے کی منظوری دے دی، منصوبے سے لاکھوں کاشت کاروں، تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ترقی اور خوشحالی کے بئے باب کھلیں گے۔

    اجلاس میں 7 اضلاع کے لیے ستلج انڈس اکنامک نیٹ ورک پروجیکٹ کی منظوری دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 160 ارب روپے کی لاگت سے مذکورہ منصوبہ مکمل کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں قصور بائی پاس تا لاہور رنگ روڈ جی ون سین کوریڈور مکمل ہوگا، کوریڈور پر 15 ارب روپے لاگت آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 7 اضلاع ایم ٹو، ایم تھری، ایم فور، ایم فائیو اور ایم الیون موٹر وے سے منسلک ہوں گے، اجناس پیدا کرنے والی منڈیوں کی موٹر وے سے رسائی بہتر ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بہاولپور این فائیو تک چھانگڑہ شرقی انٹر چینج منسلک ہوں گے، چشتیاں تا بورے والا اور ساہیوال تا سمندری رابطہ سڑک بنے گی۔ بہاولنگر تا ساہیوال کو براستہ عارف والا ایم تھری موٹر وے سے منسلک کیا جائے گا، منچن آباد سے براستہ پاکپتن ساہیوال تک سین کوریڈور بنے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کو ایگرو انڈسٹریل پارک میں تبدیل کیا جائے گا، پاکپتن میں ملٹی ماڈل فریٹ ٹرمنل قائم کیا جائے گا، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں ایگرو انڈسٹریل پارکس قائم کیے جائیں گے۔

  • بلوچستان مالی مشکلات کا شکار، زیادہ بجٹ امن و امان پر خرچ ہوتا ہے: وزیر اعلیٰ

    بلوچستان مالی مشکلات کا شکار، زیادہ بجٹ امن و امان پر خرچ ہوتا ہے: وزیر اعلیٰ

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بلوچستان کا زیادہ تر بجٹ امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے پر خرچ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ڈیم ٹوٹنے سے بہت نقصانات ہوئے، ذمہ داروں کا تعین کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لیے پیسے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا ہر مشکل گھڑی میں تعاون حاصل رہا، نیا این ایف سی ایوارڈ وقت اور حالات کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کا زیادہ تر بجٹ امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے پر خرچ ہوتا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ صوبہ مالی مشکلات سے دو چار ہے، جلد پارلیمانی لیڈروں کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ مالی بحران ہو یا ریکوڈک منصوبہ پوری اسمبلی کو اعتماد میں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے وفد کو ٹائم نہ دینے کی خبریں غلط ہیں، یورپی یونین وفد سے ملاقات مس کوآرڈینیشن کے باعث نہ ہوسکی، امریکی سفیر سمیت دیگر غیر ملکی وفود کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

  • سندھ میں 31 لاکھ ایکڑ زمین پر موجود فصلیں تباہ ہوگئیں: وزیر اعلیٰ

    سندھ میں 31 لاکھ ایکڑ زمین پر موجود فصلیں تباہ ہوگئیں: وزیر اعلیٰ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 31 لاکھ 72 ہزار 726 ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، صرف گھروں کی تعمیر کے لیے 450 ارب روپے درکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی انٹرنیشنل ڈونرز سے ایئرپورٹ پر ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ ور چیف سیکریٹری سہیل راجپوت نے ڈونرز کو سندھ کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جولائی میں عام بارشوں کے مقابلے میں 308 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں، اگست میں 784 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے 24 اضلاع، 102 تعلقہ اور 5 ہزار 727 دیہات شدید متاثر ہوئے ہوئے، 405 اموات اور 1 ہزار 74 لوگ زخمی ہوئے۔ 15 لاکھ گھر گر گئے ہیں جس کو تعمیر کے لیے 450 ارب روپے درکار ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 31 لاکھ 72 ہزار 726 ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں، بارشوں میں 2281.5 کلو میٹر کے 570 روڈ تباہ ہوگئے۔ ایک کلومیٹر کی تعمیر پر 10 ملین روپے کی لاگت ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ 860 بلین روپے بنتا ہے، سندھ حکومت کو اموات اور زخمیوں کا معاوضہ دینا ہے۔ گرے ہوئے گھر اور مرنے والے مویشیوں کا بھی معاوضہ دینا ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ زرعی قرضہ معاف یا ایک سال کے لیے مؤخر اور اقساط میں کرنا ہوگا، زرعی مشینری، کھاد، کیڑے مار ادویات اور بیج پر سبسڈی دینا ہوگی۔

  • سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وزیر اعلیٰ کی نئی ہدایات جاری

    سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وزیر اعلیٰ کی نئی ہدایات جاری

    لاہور: پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کو نئی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کردی، انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کو نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں، ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو تیز کیا جائے، ضروری آلات و مشینری فی الفور متاثرہ علاقوں میں منتقل کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور دیگر اقدامات کیے جائیں، نشیبی علاقوں میں عوام کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کو خیمے اور خشک راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے، میڈیکل اور ویٹرنری فکسڈ کیمپ کے ساتھ موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت پنجاب سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • حمزہ شہباز نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    حمزہ شہباز نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے وزیر اعلیٰ سے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ارکان اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

    گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لیا جس کے بعد وہ صوے کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی، ووٹنگ کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے چوہدری شجاعت کے خط کو جواز بنا کر مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

    دوست محمد مزاری نے کہا کہ چوہدری شجاعت کے خط کے مطابق ق لیگ کے تمام ارکان حمزہ شہباز کو ووٹ دیں گے جبکہ انہوں نے خط میں ارکان کے نام لے کر حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کی ہدایت کی تھی۔

    ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پرویز الٰہی کو ملنے والے 10 ووٹ مسترد کرتا ہوں اور ووٹوں کی اکثریت کی بنیاد پر حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے