Tag: وزیر اعلیٰ سندھ

  • برسات کے پانی کو نکلنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، بحالی پروگرام بنا لیا: وزیر اعلیٰ سندھ

    برسات کے پانی کو نکلنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، بحالی پروگرام بنا لیا: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنا لیا ہے، متاثرہ علاقوں سے برسات کے پانی کو نکلنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج اتوار کو کراچی میں قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔

    وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب سے سندھ میں سوا کروڑ کے قریب لوگ متاثرہیں، اس خطے کے لوگوں کا قصور نہیں ہے، یہ سب قدرت سے لڑنے کی وجہ سے ہوا ہے، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کا اثر سامنے آیا ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ اتنی بڑی تباہی کہیں نہیں دیکھی۔

    انھوں نے کہا برسات کے پانی کو نکلنے میں 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنا لیا ہے، یو این سیکریٹری جنرل سے کہا کہ ہمیں پیسے نہیں بلکہ ضروری سامان اور دوائیں چاہئیں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں 18 ہزار کے قریب سیلاب متاثرین آئے ہیں، جن کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بارش اور سیلاب سے 1500 کے قریب لوگوں کی اموات ہو چکی ہیں، 50 ارب روپے کا نقصان لائیو اسٹاک کا ہوا ہے، ہزاروں گھر منہدم ہوئے، کسانوں کو ساڑھے 3 سو ارب روپے کا نقصان ہوا۔

    کراچی میں گرمی کے حوالے سے انھوں نے کہا میں گزشتہ روز لاڑکانہ میں تھا، کراچی سے زیادہ وہاں گرمی ہے، تاہم کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق پاور ڈویژن اور وزیر اعظم تک پیغام پہنچا دیا ہے، ہم پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

  • خواتین پر تشدد، وزیر اعلیٰ سندھ نے 7 افسران کو معطل کر دیا

    خواتین پر تشدد، وزیر اعلیٰ سندھ نے 7 افسران کو معطل کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران خواتین پر تشدد پر وزیر اعلیٰ سندھ نے 7 افسران کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے غازی گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران خواتین پر تشدد کرنے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 7 افسران کو معطل کر دیا ہے۔

    معطل افسران میں ڈی ایس پی، ایس ایچ او سچل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہشام مظہر، اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری ندیم قادر، مختیارکار گلزار ہجری جلیل بروہی، تپہ دار گلزار ہجری عاشق تنیو، انچارج اینٹی انکروچمنٹ ایسٹ محمد احمد شامل ہیں۔

    تشدد میں ملوث افسران کے خلاف ایکشن سچل غازی گوٹھ آپریشن کے بعد ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی رپورٹ پر کیا گیا، شروع میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سچل کو معطل کیا گیا تھا، اب پانچ مزید افسران کو معطل کیا گیا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کی جانب سے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، سندھ حکومت نے کمشنر محمد اقبال میمن کو انکوائری افسر مقرر کر کے 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی۔

    نوٹیفکیشن میں کمشنر کراچی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اینٹی انکروچمنٹ کے آپریشن اور افسران کے کردار پر تفتیش کریں، اور ملوث افسران کا کردار رپورٹ میں واضح کریں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کے بعد ملوث افسران کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کمشنر کراچی کی جانب سے تین روز میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائی جائے گی۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی وفاق سے آفت زدہ علاقوں میں زرعی قرضوں کی وصولی مؤخر کرنے کی اپیل

    وزیر اعلیٰ سندھ کی وفاق سے آفت زدہ علاقوں میں زرعی قرضوں کی وصولی مؤخر کرنے کی اپیل

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق سے آفت زدہ علاقوں میں زرعی قرضوں کی وصولی مؤخر کرنے کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بارشوں کے نقصانات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں بارشوں سے ضائع ہونے والی جانوں کے لیے وفاق معاوضہ دینے میں مدد کرے، بلوچستان کے ساتھ بچاؤ بندوں کو مضبوط کرنے کی بھی ضرورت ہے، ان کی مضبوطی سندھ میں پانی آنے سے روکے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے اپیل کی کہ کراچی میں بڑے برساتی نالوں کی اپ گریڈیشن کے لیے وفاقی حکومت مدد کرے، اور صوبے میں آفت زدہ علاقوں میں زرعی قرضوں کی وصولی ایک سال کے لیے مؤخر کریں، سندھ حکومت بھی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے جا رہی ہے۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین کی گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، اور رائیٹ بینک آؤٹ فال ڈرین کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔

    انھوں نے کہا گڈو بیراج میں اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے، اور وہاں سے 283.4 کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، اگلے 24 گھنٹوں میں گڈو بیراج پر 290 سے 340 کیوسک پانی گزرنے کی توقع ہے، جب گڈو بیراج میں پانی 400 کیوسک سے بڑھتا ہے تو کچے سے لوگوں کو منتقل کیا جاتا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق بلوچستان میں مزید بارشیں ہوں گی جس سے حب ڈیم پر دباؤ بڑھے گا، اس سے کراچی کے غربی علاقوں میں نقصان کا خدشہ ہے، کھیرتھر رینج میں مزید بارشوں سے قمبر، شہداد کوٹ، دادو، جامشورو میں پانی کا بہاؤ بڑھ جائے گا۔

    انھوں نے اپیل کی کہ وفاق آفت زدہ علاقوں میں سندھ کی مدد کرے اور بچاؤ بندوں کو مضبوط بنائے، تاکہ صوبے میں سیلابی پانی کو روکا جا سکے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے کے خلاف کارروائی کی جائے، شہر میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سڑکیں بند کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے، تمام فریقین اس قسم کی حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

  • اگلی بار پورے پاکستان میں ہماری حکومت آئے گی، وزیر اعلیٰ سندھ کا دعویٰ

    اگلی بار پورے پاکستان میں ہماری حکومت آئے گی، وزیر اعلیٰ سندھ کا دعویٰ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلی بار پورے پاکستان میں ہماری حکومت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بینظیر کی حکومت ختم کی،یوسف گیلانی کو سزا دے کا ہٹایا گیا، نوازشریف کواقامے پر نکالا گیا تھا لیکن تاریخ میں پہلی بار آئینی طریقے کار سے ان کی حکومت ختم کی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سارے ڈائریکٹ ٹیکسز وفاق کے پاس ہیں، آئین نے حق دیا ہے، ہمیں جو حصہ ملتا ہے وہ ہماراحق ہےکوئی احسان نہیں کررہا۔

    سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہمارے دور میں ترسیلات زربڑھیں ، ترسیلات زر بڑھیں کیونکہ فیٹف کی وجہ سےحوالہ ہنڈی بندہوئی، پیسہ لیگل چینل سےآنےلگا ،عمران خان کاکوئی کمال نہیں تھا، پچھلے 2 ماہ ریکارڈ ترسیلات زر آئیں، حکومت تبدیلی سے فرق نہیں پڑا۔

    مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلی بار پورے پاکستان میں ہماری حکومت آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ سارے غیر قانونی پیسے فیٹف نے دیکھنا شروع کردیے، موجودہ حکومت نے لگژری آئٹم پر پابندی عائد کی ہے ، ہم 3سال میں گندم کے ایکسپورٹر سے امپورٹر بن گئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کچھ نہیں ، بے نظیرسپورٹ پروگرام تھا، یہ لوگوں کو لنگر خانوں میں ڈال کر بہت خوش ہوتے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ گزشتہ دور میں ہمیں وزارت خارجہ سے خط آیا تھا، سابق وزیر خارجہ نے لکھا امریکی قونصل خانے کے قریب عمارتیں گرادو، یکم دسمبر2021کو وزارت بحری امور نےخط لکھا کہ امریکی قونصل خانے کے اطراف عمارتیں گرا دو۔

  • جے یو آئی رہنما کا وزیر اعلیٰ سندھ پر پولنگ اسٹیشنز کی جگہ تبدیل کروانے کا الزام

    جے یو آئی رہنما کا وزیر اعلیٰ سندھ پر پولنگ اسٹیشنز کی جگہ تبدیل کروانے کا الزام

    کراچی: جے یو آئی رہنما نے وزیر اعلیٰ سندھ پر پولنگ اسٹیشنز کی جگہ تبدیل کروانے کا الزام لگا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل سیکریٹری جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمود سومرو نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر پولنگ اسٹیشنز کی جگہ تبدیل کروانے کا الزام لگا دیا۔

    مولانا راشد سومرو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن جیتنے کے لیے پولنگ اسٹشینز کی جگہ تبدیل کر دی ہے، یہ اقدام بلدیاتی الیکشن جیتنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    مولا راشد کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کو براہ راست احکامات دیے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ 3 دن میں پولنگ اسٹیشنز کو پرانی پوزیشن پر بحال کیا جائے۔

    جے یو آئی رہنما نے کہا کہ تین دن میں پولنگ اسٹیشنز پرانی پوزیشن پر بحال نہ ہوئے تو احتجاج کریں گے، اور سندھ کی تمام شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں، آج انتخابی مہم کا ساتواں دن ہے

  • دہشت گردی کا تیسرا واقعہ، وزیر اعلیٰ سندھ کی سیکیورٹی اداروں کو انٹیلیجنس کا کام تیز کرنے کی ہدایت

    دہشت گردی کا تیسرا واقعہ، وزیر اعلیٰ سندھ کی سیکیورٹی اداروں کو انٹیلیجنس کا کام تیز کرنے کی ہدایت

    کراچی: شہر قائد میں دہشت گردی کا مسلسل تیسرا واقعہ رونما ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکیورٹی اداروں کو انٹیلیجنس کا کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات دہشت گردی کا مسلسل تیسرا واقعہ پیش آیا، اس بار ایک موٹر سائیکل بم دھماکے کے ذریعے کراچی کے باسیوں کو ہدف بنایا گیا، اس صورت حال پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد پھر سے متحرک ہو رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیس اور ادارے اپنا انٹیلیجنس کا کام تیز کریں، ہمیں ہر صورت میں اس دہشت گرد گروہ کے کارندے سلاخوں کے پیچھے چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہر کراچی کے امن کی ہم سب نے قیمت ادا کی ہے، اب ایک بار پھر شہر اور شہریوں کو کسی صورت یرغمال بننے نہیں دوں گا۔

    کراچی میں‌ مسلسل دھماکے اور انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا طرز عمل

    گزشتہ روز بم دھماکے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی، جس میں وزیر اعلیٰ کی طلبی پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بھی شرکت کی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ بولٹن مارکیٹ دھماکا کرنے والے جلد پکڑے جائیں گے، پولیس کو تھوڑا وقت دیں، ہم بہت اچھا کام کر رہے ہیں، صدر اور یونیورسٹی واقعے سے متعلق اہم شواہد مل چکے ہیں، ابھی میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کیے جا سکتے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی میمن مسجد کے قریب دھماکا ہوا، جس میں خاتون جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں اے ایس آئی سمیت 3 اہل کار شامل ہیں، یہ دھماکا اقبال کلاتھ مارکیٹ میں ہوا، پولیس موبائل، رکشہ اور کئی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔

    بم دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی، رپورٹ کے مطابق آئی ای ڈی ڈیوائس بم موٹر سائیکل سیٹ کے نیچے فریم میں نصب تھا، بم کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے آپریٹ کیا گیا۔

  • نیا مالی سال ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    نیا مالی سال ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے مالی سال میں پہلے سے جاری ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ نیا مالی سال زیادہ تر جاری اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال 23-2022 کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    اجلاس میں صوبائی وزیر ضیا عباس شاہ، چیف سیکریٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) حسن نقوی، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری ورکس عمران عطا سومرو، اسپیشل سیکریٹری رحیم سومرو اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں نئے مالی سال میں پہلے سے جاری اسکیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جو کام چل رہے ہیں ان کو مکمل کرنے کے لیے بجٹ بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال آبپاشی کی 13.6 بلین روپے کی 152 اسکیمیں جاری ہیں، وزیر اعلیٰ نے آبپاشی کی نئی اسکیمیں شروع کرنے کی ہدایت کی جن میں بند کی مرمت، کینال لائننگ و دیگر کام شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ورکس اینڈ سروسز کی 530 اسکیمیں 27.9 بلین روپے کی لاگت سے جاری ہیں، 225 بلین روپے کی لاگت سے لوکل گورنمنٹ کی 425 اسکیمیں، 11.23 بلین روپے کی لاگت سے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی 198 اسکیمیں اور 920 ملین روپے کی لاگت سے رورل ڈویلپمنٹ کی 42 اسکیمیں جاری ہیں۔

    اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) کو جاری اسکیموں کے معیار اور کام کی رفتار چیک کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نیا مالی سال زیادہ تر جاری اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا۔

  • ‘ہمارے کہے بغیر تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دیا’

    ‘ہمارے کہے بغیر تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دیا’

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے کہے بغیر آج تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دے دیا ہے۔

    کراچی میں وزیر اعظم کے خطاب پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں کچھ دنوں پہلے آیا تھا، اگر میں بچ گیا تو کیا کچھ کر دوں گا، میں کہتا ہوں کھلی اجازت ہے، دو سے چار دن ہیں جو کرنا ہے کر لو بعد میں موقع نہیں ملے گا۔

    سینیٹ نشست کی ووٹنگ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا میرا کسی ایم پی اے سے رابطہ نہیں تھا، حلف لینے کو تیار ہوں کہ کسی سے فون پر رابطہ نہیں ہوا، واٹس ایپ پر بھی کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔

    انھوں نے کہا وزیر اعظم کی مایوسی آج جھلک رہی تھی، عجیب و غریب زبان استعمال کر رہے تھے، میں یہی کہہ سکتا ہوں مایوس نہ ہوں عوام سے معافی مانگیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم نے آج تقریر میں کہا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کے حوالے سے کہا کہ میں نے عوام کے لیے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آپ نے آصف زرداری، فریال تالپور، سراج درانی، اور خورشید شاہ کو جیل میں ڈلوایا، آپ نے جو کچھ کرنا تھا وہ کر چکے، اب ہمارا عوام کی خدمت کا وقت آیا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا ہمارے کہے بغیر آج پی ٹی آئی کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست پر ووٹ دیا ہے، ہم تو آپ کو چھوڑ دیں گے لیکن اب جو کرنا ہے عوام آپ کے ساتھ کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آئین نے فلور کراس کی اجازت دی ہے، الیکشن کمیشن کا ووٹ ہوتا تو وہ بھی عدم اعتماد میں ساتھ دیتے، کچھ دنوں سے یہ کارروائی چل رہی تھی، ہم سے زیادہ ان کے اپنے لوگ فلور کراس کر رہے ہیں، انھیں پتا ہے کہ ڈس کوالیفائی ہو جائییں گے پھر بھی رسک لیا۔

  • وزیر اعلیٰ کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا سے 25 بچے جاں بحق

    وزیر اعلیٰ کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا سے 25 بچے جاں بحق

    کراچی: سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل اور آس پاس کے علاقوں میں خسرہ کی وبا پھیل چکی ہے، وزیر اعلیٰ کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا سے ایک ہفتے میں 25 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے آبائی علاقے سیہون میں خسرہ کی وبا سے ایک ہفتے میں 25 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل اور آس پاس کے علاقوں میں خسرہ کی وبا پھیل چکی ہے، محکمہ صحت کے ناقص انتظامات کے باعث بچے مر رہے ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت بتائے انہوں نے کیا اقدامات کیے ہیں، بچے وزیر اعلیٰ سندھ کی نااہلی اور نالائقی کے باعث مرے ہیں، مراد علی شاہ سندھ کی تباہی کا کرپٹ منشی ثابت ہوچکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے حلقے میں جا کر متاثرین سے ملاقات کروں گا۔