Tag: وزیر اعلیٰ سندھ

  • سندھ میں بھی کرونا کا زور ٹوٹ گیا، چوبیس گھنٹوں میں ایک مریض کا انتقال

    سندھ میں بھی کرونا کا زور ٹوٹ گیا، چوبیس گھنٹوں میں ایک مریض کا انتقال

    کراچی: صوبہ سندھ میں بھی کرونا وائرس کا زور ٹوٹ گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک مریض کا انتقال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں کرونا وائرس کی صورت حال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں کرونا کا ایک مریض انتقال کر گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 9 ہزار 311 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 274 کیسز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق صوبے میں کرونا سے اموات کی تعداد 2 ہزار 358 ہو چکی ہے، صوبے میں کرونا کے ایک لاکھ 21 ہزار 144 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 4 ہزار 463 مریض زیر علاج ہیں۔

    پنجاب میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا، مسلسل چوتھے روز کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی

    4 ہزار 142 کرونا انفیکشن کے مریض گھروں میں، جب کہ 7 آئسولیشن مراکز میں زیر علاج ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کا زور ٹوٹنے لگا ہے، پنجاب میں مسلسل چوتھے روز کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف 99 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد اب تک صوبے میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 96,057 ہو گئی ہے۔

    پنجاب میں اموات کی تعداد 2188 ہو چکی ہے، جب کہ کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 91,134 ہے، صوبے میں اب تک 857,216 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کراچی کے مسائل پر اسلام آباد میں ایک اور بڑی بیٹھک

    کراچی کے مسائل پر اسلام آباد میں ایک اور بڑی بیٹھک

    کراچی: شہر قائد کے مسائل پر اسلام آباد میں ایک اور بڑی بیٹھک ہوئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اہم ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مسائل کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر اسد عمر سے خصوصی ملاقات کی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم رہنما امین الحق، وفاقی وزیر علی زیدی، چئیرمین این ڈی ایم اے جنرل محمد افضل، سعید غنی اور ناصر حسین شاہ بھی شامل تھے۔

    اس اجلاس میں کراچی کے معاملات پر کوآرڈینیشن کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا، یہ کمیٹی وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پل کا کردار ادا کرے گی۔

    بڑی خبر، ایک دوسرے کی شدید مخالف جماعتیں کراچی کے لیے ایک ہو گئیں

    ذرایع کے مطابق کوآرڈینیشن کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور پی ایس پی ایک پیج پر آ گئے ہیں، کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اتوار کو ہونے والی ایک اہم بیٹھک میں مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کیا تھا۔

  • سندھ حکومت اور اسمبلی کی ایگزیکٹو پاور کسی کے ساتھ شیئر نہیں کریں گے: مراد علی شاہ

    سندھ حکومت اور اسمبلی کی ایگزیکٹو پاور کسی کے ساتھ شیئر نہیں کریں گے: مراد علی شاہ

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں کہا تھا سندھ ہماری ماں ہے، ماں کے ٹکڑے کرنے کی کوئی بات کرے گا تو سامنے کھڑے ہوں گے۔ سندھ حکومت اور اسمبلی کی ایگزیکٹو پاور کسی کے ساتھ شیئر نہیں کریں گے جس کے دماغ میں یہ فتور ہے وہ نکال دے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے کیسز کم ہوئے ہیں مگر ختم نہیں ہوئے، پاکستان ان ممالک میں ہے جہاں کرونا وائرس کے کیسز کم ہوئے۔ جو کامیابی کرونا وائرس سے نجات حاصل کرنے میں ہوئی اللہ کی مہربانی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئین میں چاروں صوبوں کے اختیارات واضح ہیں، کچھ دوستوں نے آئین کو پامال کرنے کی باتیں کیں۔ ایک سال پہلے اسمبلی میں بھی کہا تھا سندھ ہماری ماں ہے، ماں کے ٹکڑے کرنے کی کوئی بات کرے گا تو سامنے کھڑے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور اسمبلی کی ایگزیکٹو پاور کسی کے ساتھ شیئر نہیں کریں گے، جس کے دماغ میں فتور یا بھوسہ ہے وہ نکال دے۔ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے یہ ہم سب کو پتہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے گزشتہ 10 سال میں کراچی میں کام کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی کے لیے ہم نے ایک سسٹم بنایا، سندھ حکومت نے 38 نالے اپنے حصے لیے اور کام شروع کردیا، مدد لینے سے کبھی منع نہیں کیا ہم چاہتے ہیں وفاق سندھ پر توجہ دے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا مؤقف ایک ہے، آئین کے تحت کام کریں گے، ایگزیکٹو کاموں میں سیاسی جماعتوں کی کمیٹیاں نہیں بنتیں۔ کہتے ہیں کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی نے 12 سالوں میں کچھ نہیں کیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 12 سال میں جو کام کیا اس سے کافی فرق پڑا ہے، کراچی میں بارش کے مسائل پر 2010 میں ریسرچ رپورٹ بھی بنی تھی، رپورٹ میں کچھ چیزوں کی نشاندہی کی تھی۔ سنہ 2009 میں 24 گھنٹے کی 125 ملی میٹر بارش میں شارع فیصل 4 دن بند تھا، اس بار میں یقین سے کہہ سکتا ہوں شارع فیصل 4 گھنٹے بھی بند نہیں رہا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے 38 منصوبے مکمل کیے، 27 ارب سے زائد کی انویسٹمنٹ کی ہے، کراچی کے یہ 38 منصوبے میگا پروجیکٹ کے تحت کیے گئے ہیں، ہماری اس شہر اور صوبے پر پوری نظر ہے۔ بارشوں کے دوران پوری کابینہ سندھ میں سڑکوں پر لوگوں کے ساتھ موجود تھی۔

  • دادو میں سیلاب کی تباہی، وزیر اعلیٰ ضلعی انتظامیہ پر برہم ہو گئے

    دادو میں سیلاب کی تباہی، وزیر اعلیٰ ضلعی انتظامیہ پر برہم ہو گئے

    دادو: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے علاقے جوہی میں سیلاب کی تباہی پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ محکمہ آب پاشی اور ضلعی انتظامیہ پر سخت برہم ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دادو کے علاقے جوہی میں کل سے پیدا صورت حال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ آب پاشی اور ضلعی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے ساتھ ہے۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جوہی میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے دادو کے دورے پر گئے، انھوں نے سیلاب زدہ علاقے کاچھو کا فضائی دورہ کیا۔

    اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو کام جاری ہے، جوہی کے سیلاب متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا، کل سے سہیل انور سیال اور ضلعی انتظامیہ یہاں موجود ہے، بلاول بھٹو نے بار بار رابطہ اور لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کا کہا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کل سے پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں، لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں کو تنقید کرنا ہی آتا ہے وہ تنقید کرتے رہیں، ان پر دھیان نہیں دیتا، بارشیں سندھ ہی نہیں پورے پاکستان میں ہوئی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے وزیر آب پاشی سندھ سہیل انور سیال کو فون کر کے فوری طور پر دادو کے علاقے جوہی پہنچنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ سیلابی ریلے میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔

    ادھر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ بھی ضلع دادو کے علاقے جوہی پہنچ چکے ہیں، انھوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والا پانی نئین گاج سے منچھر جھیل جاتا ہے، سیلاب کے باعث 200 سے زائد گاؤں زیر آب آ چکے ہیں، وزیر اعلیٰ کا حلقہ ہے لیکن کوئی پُرسان حال نہیں، علاقہ مکین درختوں پر چڑھ کر مدد مانگ رہے تھے۔

  • کل میں شہر کے دورے پر تھا، کسی کو ماسک پہنے ہوئے نہیں دیکھا: وزیر اعلیٰ سندھ

    کل میں شہر کے دورے پر تھا، کسی کو ماسک پہنے ہوئے نہیں دیکھا: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وبا سے لوگوں کی لاپرواہی کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل جب وہ شہر کے دورے پر نکلے تو انھوں نے کسی کو ماسک پہنے ہوئے نہیں دیکھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا سے متعلق ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی، کل میں شہر کے دورے پر تھا، کسی کو ماسک پہنا ہوا نہیں دیکھا، پوچھنے پر بتایا گیا کہ نماز پر گئے تھے اس لیے ماسک نہیں پہنا۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت این سی سی اجلاس میں زیادہ تر سروسز کو کھولنے کی تجویز سامنے آئی تھی، ہم نے کہا صوبائی حکومت صورت حال دیکھ کر اپنی تجاویز دے گی، ہمارے فیصلوں کی دیگر صوبوں نے پیروی کی ہے، این سی سی اجلاس میں 15 ستمبر سے اسکولز اور شادی ہالز کھولنے کی عارضی تاریخ دی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ گزشتہ روز بارش کے دوران شہر کے دورے پر

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اسکولز، ریسٹورنٹس، درگاہیں اور کاروباری سرگرمیاں کھول دیں گے، تاہم ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، صورت حال اچھی ہوگی تو یہ سب سروسز کھولنے کا فیصلہ کریں گے، ہم جو بھی سروسز کھولیں گے وہ ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا میں چاہتا ہوں کہ 14 اگست کو مزار قائد پر اسکولوں کے بچوں کو نہ بلایا جائے، گورنر کو اس سلسلے میں درخواست کروں گا کہ ہم دونوں ہی مزار قائد پر جا کر چادر چڑھائیں، ایس او پیز پر عمل کر کے دکھانا ہوگا تب جا کر عوام عمل کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سروسز دوبارہ کھولیں گے تو اس کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوں گے، ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھولنے کی ہی اجازت ہوگی۔

  • کرونا وائرس: سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک مریض جاں بحق

    کرونا وائرس: سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک مریض جاں بحق

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 177 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس عرصے میں صرف ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 5 ہزار 272 کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوئے، جن میں سے 177 میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 21 ہزار 486 ہوچکی ہے، اب تک 7 لاکھ 67 ہزار 712 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا مزید 1 مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد کرونا سے جاں بحق مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 224 ہو گئی۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 453 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، اب تک 1 لاکھ 11 ہزار 6 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں، اس وقت 8 ہزار 256 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 453 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 369 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ 64 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

    خیال رہے کہ سندھ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی فعال کیسز کی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 146 ہوچکی ہے جبکہ مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 976 ہوگئی۔

    ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 2 لاکھ 48 ہزار 577 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول سے متعلق خصوصی تیاری کرنا ہوگی،وزیراعلیٰ سندھ

    عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول سے متعلق خصوصی تیاری کرنا ہوگی،وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول سے متعلق خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بطور میزبان اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

    اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کا انعقاد این سی او سی کا اچھا فیصلہ ہے،وبا کو کنڑول کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ شروع میں کچھ مشکلات درپیش تھیں،وفاق،صوبوں نے مل کر بھرپور کام کیا،اس وقت اسپتالوں اور دیگرمقامات پر انتظامات بہتر ہیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول سے متعلق خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔

    وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام ضروری ہے،فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے مقاصد اہم ایشوز پر مشاورت اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہنا ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ کرونا کیسز اور اموات میں کمی واقع ہو ئی ہے،ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا، زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ کیسزکی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اچھا کام کیا۔این سی او سی فورم نے سندھ کے ٹیسٹنگ اور ٹریس سسٹم کی تعریف کی۔

    اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔

    اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں اور عیدا لاضحیٰ سےمتعلق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں،محرم کے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے۔

  • کرونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

    کرونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم پھر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر صحت، وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری بلدیات شریک ہوئے۔

    اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں رواں سال 58 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے، سندھ میں 20، خیبر پختونخواہ میں 21، بلوچستان میں 14 اور پنجاب میں 3 کیسز ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب بھی کراچی کے 8 ٹاؤنز میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت ہیں، ان علاقوں میں سہراب گوٹھ، مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ، صدر ٹاؤن، چکورہ نالہ، گلستان ٹاؤن کا راشد منہاس، بلدیہ میں محمد خان کالونی، بن قاسم ٹاؤن کا بختاور گوٹھ، سائٹ میں اورنگی نالہ،کورنگی ٹاؤن میں کورنگی نالہ، لیاقت آباد ٹاؤن میں حاجی مرید گوٹھ اور صدر ٹاؤن میں ہجرت کالونی شامل ہیں۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پولیو مہم مارچ سے رکی ہوئی ہے، ٹرانزٹ پوائنٹس پر جو پولیو ویکسین دی جاتی تھی وہ بھی رک گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر ماہ 7 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جاتی تھی وہ بھی رک گئی ہے، جولائی سے پولیو ویکسین کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں، ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائن کے مطابق پولیو ورکرز کو کٹ پہنائی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 5 موبائل ویکسی نیشن گاڑیاں کراچی کے خطرناک علاقوں میں رکھی گئیں۔

    اجلاس میں کراچی کی 154 یو سیز میں اسپیشل موبائل ٹیموں سے پولیو ویکسین کرنے اور 34 یونین کونسلوں میں کمیونٹی بیسڈ ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو پولیو ٹیموں کو ضروری سیکیورٹی دینے کی ہدایت کی، ضلع جنوبی اور ضلع ملیر میں ایمرجنسی رسپانس یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز نے کرونا وائرس میں بھی بہت سپورٹ کیا، ہمیں مل کر پولیو سے جان چھڑانی ہے، یہ ہماری نیشنل اور انٹرنیشنل کمٹمنٹ ہے۔

  • سندھ روشن کرپشن کیس، وزیر اعلیٰ سندھ  نے نیب میں پیش ہوکر سوالات کے جوابات دے دیئے

    سندھ روشن کرپشن کیس، وزیر اعلیٰ سندھ نے نیب میں پیش ہوکر سوالات کے جوابات دے دیئے

    راولپنڈی : سندھ روشن کرپشن کیس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیب کے سامنے پیش ہوکر سوالات کے جوابات دے دیئے، اس سے قبل وہ دو بار نیب کی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ روشن کرپشن کیس میں نیب اولڈ ہیڈکوارٹر پہنچے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نیب کی کمبائنڈانویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوئے ، جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے کی۔

    نیب کی پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم نے سندھ روشن کرپشن کیس میں مراد علی شاہ سے تقریبا ایک گھنٹہ سے زائد پوچھ گچھ کی، وزیراعلیٰ نے انیس سوالات کے جوابات جمع کروائے جبکہ نیب نے مرادعلی شاہ سے سوالنامے کاتحریری جواب مانگ لیا۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ نے 6 جولائی کو پیشی سے معذرت کرلی تھی ، جس پر انھیں آج طلب کیا گیا تھا، مراد علی شاہ اس سے پہلے دو بار نیب کی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں

    خیال رہے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور صوبائی وزیر خزانہ 9 کروڑ روپے رشوت لیکر 4 ارب روپے کے سٹریٹ لائٹس ٹھیکے مختلف کمپنیوں کو دئیے۔

  • کرونا وائرس: سندھ میں 2 ہزار سے زائد نئے کیسز کی تصدیق

    کرونا وائرس: سندھ میں 2 ہزار سے زائد نئے کیسز کی تصدیق

    کراچی: صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 26 مریض جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 9 ہزار 244 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 2 ہزار 179 مثبت آئے۔ صرف کراچی سے 14 سو 6 کیسز سامنے آئے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اب تک صوبے میں 4 لاکھ 35 ہزار 393 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 80 ہزار 446 ہوچکی ہے، کرونا وائرس سے آج مزید 26 مریض جاں بحق ہو گئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 12 سو 69 ہوگئی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس وقت 34 ہزار 654 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 33 ہزار 110 گھروں میں قرنطینہ اور 88 آئسولیشن سینٹرز میں ہیں۔ مختلف اسپتالوں میں 14 سو 56 مریض زیر علاج ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 655 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 94 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 79 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 44 ہزار 523 ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ سندھ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک بن گیا ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 4 ہزار 72 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار ہوگئی۔

    اس عرصے میں کرونا کے مزید 83 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی 4 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

    گزشتہ چند دنوں میں 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 18 سے بڑھ کر 19 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 919 ہو گئی۔