Tag: وزیر اعلیٰ سندھ

  • این ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان کی تردید کر دی

    این ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان کی تردید کر دی

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیان کی تردید کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ٹڈی دل آپریشن کے لیے گاڑیوں کی خریداری کے حوالے سے بیان متنازع ہو گیا، این ڈی ایم اے کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ حکومت سندھ کو گاڑیوں کی خریداری کے لیے کوئی لسٹ نہیں دی گئی۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا صوبائی اسمبلی میں دیا گیا بیان حقیت کے برعکس ہے، سندھ سمیت تمام صوبوں کو این ایل سی سی (نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر) کے تعاون سے گاڑیاں دی گئی ہیں، صوبوں کو دیگر وسائل بھی این ایل سی سی کی وساطت سے مہیا کیے گئے۔

    ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے پہلے بھی اس حوالے سے اپنا مؤقف دے چکا ہے، لوکسٹ کے خلاف نیشنل ایکشن پلان وزارتِ خوراک کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

    انسدادٹڈی دل آپریشن، تازہ ترین صورتحال سامنے آگئی

    واضح رہے کہ پورے ملک میں ٹڈی دل کے حملوں سے فصلوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، بڑے پیمانے پر اس خطرے سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کیے گئے، چین سے بھی اس سلسلے میں درکار سامان منگوایا جا چکا ہے۔

    دو دن قبل بھی اندرون سندھ دادو میں شہر اور گرد و نواح میں ٹڈی دل نے حملہ کر کے گھاس اور کپاس کی فصلوں کو نقصان پہنچایا تھا، ٹڈی دل کے حملوں سے کاشت کار اور کسان سخت پریشان ہو چکے ہیں۔

    جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹڈی دل کے مسئلے پر حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی، ہر کسی کو نظر آ رہا ہے کہ حکومت کے پاس جہاز نہیں، وہ ٹڈی دل کو ختم نہیں کر سکتی۔

    یکم جون کو وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ وفاق ٹڈی دل روکنے کے لیے طیارے، 110 ڈبل کیبن گاڑیاں اور سپرے فراہم کرے۔

  • بجٹ میں 15 ارب روپے نئی اسکیموں کے لیے رکھے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    بجٹ میں 15 ارب روپے نئی اسکیموں کے لیے رکھے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں گزشتہ سال ساڑھے 6 سو کے قریب نئی اسکیموں سے کوئی بھی اسکیم نہیں نکالی گئی، 15 ارب روپے نئی اسکیموں کے لیے رکھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے ایک بیلنس بجٹ دیا تھا، کرونا وائرس کی وجہ سے اگر نقصان ہوا ہے تو 4 یا 5 ارب کا ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ وفاق کی جانب سے 6 سو ارب سے زائد ملیں گے، ایف بی آر سے 761 ارب ملنے تھے اس کی جگہ کہا گیا 535 ارب ملیں گے۔ ایف بی آر کی جانب سے ہر چیز کرونا وائرس پر ڈالنا ٹھیک نہیں۔ اگر 606 کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے تو 53 ارب انہوں نے مزید دینے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو گروتھ 6.2 پر تھی، اب حکومت منفی 4 فیصد گروتھ پر چلی گئی۔ ورلڈ بینک نے کہا کہ اس سال گروتھ منفی 2.6 فیصد ہوگی، اگلے سال کے لیے حکومت نے 2.1 فیصد گروتھ رکھی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار ایف بی آر نے گزشتہ سال سے کم کمایا، 232.9 ارب کا اگلے سال کے لیے ڈویلپمنٹ بجٹ رکھا گیا ہے، اگلے سال کے لیے 8.3 ارب کی فیڈرل گرانٹ ہے۔ اس سال 284 ارب کا ڈویلپمنٹ بجٹ تھا اگلے سال کے لیے کم کرنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ساڑھے 6 سو کے قریب نئی اسکیمیں تھیں، ان میں سے کوئی بھی اسکیم نہیں نکالی گئی، ہماری بجٹ سے زیادہ کورونا آزمائش پر توجہ ہے۔ ہم نے 15 ارب روپے نئی اسکیموں کے لیے رکھے ہیں، 3 ماہ بعد ریویو کر کے کیبنٹ سے منظور کروا کر پھر شروع کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 1 سے لے کر 16 گریڈ ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کیا ہے، 17 سے لے کر 22 گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 5 فیصد اضافہ کیا۔

  • سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران 42 کرونا مریض جاں بحق

    سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران 42 کرونا مریض جاں بحق

    کراچی: صوبہ سندھ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے2487 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوگئے، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 43 ہزار 790ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 487 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔صرف کراچی میں 24 گھنٹے میں 1755 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 9100 ریکارڈ ٹیسٹ کیے گئے، صوبے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 55 ہزار 617 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 43 ہزار 790 ہوگئی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 42 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 738 ہوگئی۔

    مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں اس وقت 22052 مریض زیر علاج ہیں،جن میں سے 20478 مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں،48 مریض آئسولیشن سینٹرز میں زیر علاج ہیں،1526 مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج 1 ہزار 111 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے، سندھ میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 21007 ہوگئی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم خطرناک صورت حال کی طرف جا رہے ہیں، ایس او پیز پر عمل نہیں ہوگا تو نتائج 27 فیصد سے بھی تجاوز کر جائیں گے۔

  • سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے 14 سو سے زائد کیسز کی تصدیق

    سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے 14 سو سے زائد کیسز کی تصدیق

    کراچی: وزیر اعلیٰ سند مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے 14 سو 47 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 39 ہزار 555 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 14 سو 47 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صرف کراچی میں 24 گھنٹے میں 963 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 8 ہزار 513 ریکارڈ ٹیسٹ کیے گئے، صوبے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 39 ہزار 522 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 39 ہزار 555 ہوگئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 29 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 679 ہوگئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج 468 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے، سندھ میں صحتیاب مریضوں کی تعداد 19 ہزار 137 ہوگئی۔

    انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اس وقت 19 ہزار 739 مریض زیر علاج ہیں، 18 ہزار 263 ہوم آئسولیشن میں، 60 آئسولیشن سینٹرز میں زیر علاج ہیں۔ 14 سو 16 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، 435 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 83 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

  • عوام بازاروں میں غیر ضروری رش نہ کریں: وزیر اعلیٰ سندھ کی اپیل

    عوام بازاروں میں غیر ضروری رش نہ کریں: وزیر اعلیٰ سندھ کی اپیل

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے آج 762 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، عوام بازاروں میں غیر ضروری رش نہ کریں، احتیاطی تدابیر اپنانا ہی اس وبا سے نجات پانے کا راستہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے آج 762 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، صوبے میں کرونا سے 24 گھنٹے میں 14 مریض انتقال کر گئے۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق 24 گھنٹے میں 4 ہزار 336 ٹیسٹ کیے جس میں 762 مثبت آئے۔ اب تک 1 لاکھ 53 ہزار 902 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں سے 21 ہزار 645 مثبت آئے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 354 ہوگئی ہے۔ اس وقت 14 ہزار 78 مریض زیر علاج ہیں، گھروں میں 12 ہزار 424 مریض زیر علاج ہیں۔ آئیسولیشن سینٹرز میں 794 اور اسپتالوں میں 860 مریض زیر علاج ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 155 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 34 وینٹی لیٹرز پر ہیں، آج مزید 198 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 7 ہزار 213 ہوگئی ہے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں غیر ضروری رش نہ کریں، احتیاطی تدابیر اپنانا ہی اس وبا سے نجات پانے کا راستہ ہے۔

  • سندھ میں363 نئے کرونا کیسز رپورٹ، ہلاکتوں کی تعداد 130ہوگئی

    سندھ میں363 نئے کرونا کیسز رپورٹ، ہلاکتوں کی تعداد 130ہوگئی

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج سندھ میں 3032 ٹیسٹ میں سے363 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مزید آٹھ مریضوں کے انتقال کے بعد سندھ میں ہلاکتوں کی تعداد 130ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورت حال پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے کل 3032 ٹیسٹ کیے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آج کرونا کے 363 کیسز سامنے آنا تشویش ناک ہے،آج 8 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 7465 اور ہلاکتیں 130 ہوگئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج 214 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں، مجموعی طور پر صحت یاب مریضوں کی تعداد 1555ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت تک 5780 کرونا کےمریض زیرعلاج ہیں،76مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے،15 وینٹی لیٹر پر ہیں۔

    مراد علی شاہ نے عوام کو ایک بار پھر محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام تعاون کریں گے اور اس مرض سے نجات کے لیے ہماری مدد کریں گے۔

    سندھ حکومت کا پی اے ایف میوزیم میں آئسولیشن سینٹر کے قیام کا فیصلہ

    دوسری جانب سندھ حکومت نے ایکسپو سینٹر کے بعد پی اے ایف میوزیم میں آئیسولیشن سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

  • سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ میں آج کو وِڈ نائنٹین کے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ صوبے میں 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا صورت حال سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج 298 نئے کیسز آئے ہیں، جس سے صوبے میں مریضوں کی تعداد 3671 ہو گئی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا کے باعث آج مزید 4 مریض انتقال کر گئے، جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی جو ٹوٹل مریضوں کا 1.98 فی صد ہے، جب کہ سندھ میں کل 2934 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 1871 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، 640 مریض آئیسولیشن مراکز اور 423 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ کے 298 کیسز، کراچی میں 202 اور 96 دیگر اضلاع میں ہیں۔ ضلع وسطی کراچی میں 29 نئے کیسز آئے، شرقی میں 25، ملیر میں 79، جنوبی کراچی میں 63 اور غربی میں 6 نئے کیسز آئے، سکھر 20، شہید بے نظیر آباد 8، لاڑکانہ 11، دادو 2، گھوٹکی اور سجاول میں ایک ایک کیسز سامنے آیا۔

    ان کا کہنا تھا تبلیغی جماعت کے 5102 لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا ہے، جن میں سے 764 مثبت آئے ہیں، 17 کا نتیجہ آنا باقی ہے، مجموعی کیسز میں تبلیغی جماعت کے 10 نئے کیسز شامل ہوئے ہیں۔

  • سندھ حکومت کا 10 ہزار بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا 10 ہزار بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ میں کرونا وائرس کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر صوبائی حکومت کے اقدامات میں تیزی آ گئی، حکومت سندھ نے 10 ہزار بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہمیں تیاری مکمل کرنی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے حیدر آباد میں 300 بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مزید آئسولیشن سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، حیدر آباد میں تین سو بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹر کے علاوہ ٹنڈو محمد خان میں نئے تعمیر شدہ اسکول میں بھی 50 بیڈ کا آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سندھ میں کرونا وائرس کو شکست دینے سے متعلق اچھی خبریں سامنے آنے لگی

    ٹنڈوالہٰ یار اسپتال کی عمارت میں بھی آئسولیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان آئسولیشن سینٹرز میں صرف کرونا وائرس کے مریض ہوں گے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے ماہرین کے مشورے پر تمام اجلاسوں میں ماسک پہننے کی ہدایت بھی کر دی ہے، انھوں نے اجلاس میں خود بھی ماسک پہنا اور دیگر شرکا کو بھی پہنایا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ میں مزید 209 کرونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد 2217 ہو گئی، مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس سے صوبے میں کرونا سے اموات کی تعداد 47 ہو گئی، سندھ میں اموات کی شرح 2.1 فی صد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 2372 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 209 مثبت آئے، سندھ میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 581 ہو گئی ہے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کا دورہ سکھر، گاڑی خود ڈرائیو کی، پروٹوکول واپس بھجوا دیا

    وزیر اعلیٰ سندھ کا دورہ سکھر، گاڑی خود ڈرائیو کی، پروٹوکول واپس بھجوا دیا

    سکھر: صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں سب سے پہلے لاک ڈاؤن نافذ کرنے والے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ خود بھی وبا سے متعلق ایس او پی پر سختی سے عمل درآمد کرنے لگے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سکھر شہر کے دورے کے لیے گاڑی خود ڈرائیو کر کے ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے، ایئر پورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی گاڑی روک کر پولیس موبائلز بھی واپس بھجوا دیں۔

    وزیر اعلیٰ نے گاڑی سے اتر کر کہا کہ انھیں کوئی پروٹوکول نہیں چاہیے، مجھے شہر دیکھنے دیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کرونا وبا سے متعلق بنائے گئے ایس او پی کے تحت خود گاڑی ڈرائیو کر رہے ہیں، اور ان کے ساتھ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر صرف وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ بیٹھے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا اگلے 14دن لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں خود کہتا ہوں کہ 2 سے زیا دہ لوگ نہ نکلیں، کسی سیکورٹی اور پروٹوکول کی ضرورت نہیں ہے، جو سندھ میں آنا چاہتے ہیں انھیں یہاں کے قانون کی پیروی کرنی چاہیے، لوگوں سے درخواست ہے کہ اپنی مدد خود کریں، اب سکھر سے لاڑکانہ جا کر وہاں کی صورت حال کا بھی جائزہ لینا ہے، کراچی میں 5 بجے لاک ڈاؤن ہو جاتا ہے میرا جانا بھی مناسب نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اگلے 14 دن لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کسی چیز کو نہیں کھولاجا رہا، سندھ میں لاک ڈاؤن صبح 8 سے 5 بجے تک کی پالیسی برقرار رہے گی۔

    کرونا ایس او پی کے مطابق گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ صرف ایک شخص اور بیٹھ سکتا ہے، دو سے زائد افراد کے جانے پر پابندی ہے۔ ٹیکسیوں میں بھی ایک شہر سے دوسرے شہر دو سے زائد افراد کے جانے پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔

  • سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 93 نئے کیسز

    سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 93 نئے کیسز

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 93 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، مجموعی طور پر سندھ میں اب تک 389 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 93 نئے کیسز سامنے آئے، سندھ میں کرونا سے گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 569 نئے ٹیسٹ کیے گئے، صوبے میں کرونا کے ابھی تک 13 ہزار 309 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اب تک 14 سو 11 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران 18 مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے، مجموعی طور پر سندھ میں اب تک 389 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے صوبے میں اب تک 28 فیصد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس وقت 645 مریض گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، 7 مریض آئسولیشن سینٹر اور 992 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 71 مریضوں کی عمر 1 تا 10 سال، 118 مریضوں کی عمر 11 تا 20 سال ہے، 311 مریضوں کی عمر 21 تا 30 سال ، 260 مریضوں کی عمر 31 تا 40 سال ہے۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق 196 مریضوں کی عمر 41 تا 50 سال، 226 مریضوں کی عمر 51 تا 60 سال، 152 مریضوں کی عمر 61 تا 70 سال، 47 مریضوں کی عمر 71 تا 80 سال اور 5 مریضوں کی عمر 81 تا 90 سال کے درمیان ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ عوام سماجی دوری اور لاک ڈاؤن کا خیال رکھیں۔ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 68.3 فیصد مرد اور 31.7 فیصد خواتین ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مرد اس مرض سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ وہ باہر گھوم رہے ہیں، باہر گھومنے والے مرد کرونا باہر سے لے کر گھر جاتے ہیں اور خواتین کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

    انہوں نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بچوں، خاندان، دوستوں اور شہریوں کی حفاظت آپ لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ احتیاط کریں گے تو سب محفوظ رہیں گے، ورنہ صورتحال بگڑ جائے گی۔