Tag: وزیر اعلیٰ جام کمال

  • ناراض اراکین نے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

    ناراض اراکین نے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

    کوئٹہ: ناراض اراکین نے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف اسمبلی کے 14 اراکین نے سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔

    ناراض اراکین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تحریک عدم اعتماد پر اسمبلی کے چودہ اراکین نے دستخط کیے ہیں، ناراض اراکین کا کہنا ہے جام کمال کو عزت سے مستعفی ہونے کی پیش کش کی مگر وہ مقابلے پر اتر آئے، ان سے کہا گیا کہ اپنے اقتدار کے لیے بی اے پی کو خراب نہ کریں۔

    جمیعت علمائے اسلام کی وزیراعلیٰ جام کمال کی حمایت سے معذرت

    تحریک عدم اعتماد پر جن اراکین نے دستخط کیے ہیں ان میں میر محمد جمالی، عبدالرحمان کھیتران، عبدالقدوس بزنجو، اسداللہ بلوچ، نصیب اللہ مری، ظہور بلیدی، سکندر عمرانی، لیلیٰ ترین، اکبر آسکانی، محمدخان لہڑی، ماہ جبین شیران، بشر ارند، صالح بھوتانی، اور مستورہ بی بی شامل ہیں۔

    بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات

    الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے کیس کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کی بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے مہلت دینے کی استدعا منظور کر لی۔

    الیکشن کمیشن نے بلوچستان حکومت کو تین ہفتے میں ترامیم یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، حکم نامے کے مطابق بروقت ترمیم کر کے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو مقدمہ دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہوگا۔

    اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا تو آئندہ سماعت پر چیف سیکریٹری بلوچستان ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔

  • وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اختلاف، ناراض ارکان کا بڑا فیصلہ

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اختلاف، ناراض ارکان کا بڑا فیصلہ

    کوئٹہ: بلوچستان میں سیاسی بحران حل ہونے کی بجائے شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے اختلافات پر ناراض ارکان نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کابینہ سے 3 وزرا اور 2 مشیروں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے استعفے ظہور بلیدی کو لکھ کر دے دیے۔

    وزرا اور مشیروں کے علاوہ 4 پارلیمانی سیکریٹریز بھی استعفیٰ جمع کرنے والوں میں شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ جمع کرنے والے وزرا میں وزیر خزانہ ظہور بلیدی، عبدالرحمان کھیتران، اسد بلوچ شامل ہیں، جب کہ مشیروں میں اکبر آسکانی، محمد خان لہڑی شامل ہیں، چار پارلیمانی سیکریٹریز میں بشریٰ رند، رشید بلوچ، سکندر عمرانی اور ماہ جبین شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ ناراض اراکین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو استعفیٰ دینے کے لیے ڈیڈ لائن پیش کی تھی، جو آج ختم ہو گئی، اور جام کمال کا استعفیٰ نہیں آیا۔

    ایک طرف وزیر اعلیٰ جام کمال صوبائی کابینہ کی صدارت میں مصروف ہیں تو دوسری طرف بلوچستان کے ناراض اراکین کا اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے، جس میں محمد خان لہڑی، اکبر آسکانی، لالہ رشید، نصیب اللہ مری، بشریٰ رند، ماہ جبیں شیران، لیلیٰ ترین شریک ہیں۔

    ناراض صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے اجلاس کی تصاویر بھی ٹوئٹ کر دی ہیں۔